Thursday, 2 March 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 02  March  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۲؍ مارچ  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 رِکشوں کے لائسنس کے لیے مراٹھی زبان سے واقفیت کی سختی کے رِیاستی سرکار کے حکمنامے کو ممبئی ہائی کورٹ نے رَدّ کردِیا ہے۔ گذشتہ سال فبروری میں رِیاستی سرکار نے یہ حکمنامہ جاری کیا تھا۔ جس کیخلاف ممبئی‘ تھانہ اَور بھیونڈی کی رِکشہ ڈَرائیورس یونین نے ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کی تھی۔ جس پر کل سماعت کے بعد عدالت نے حکومت کے اِس حکم کو منسوخ کرنے کا حکم دِیا۔ اِسی طرح عدالت نے حکومت کو ہدایت دی  ہے کہ وہ مسافروں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے شکایتی مراکز قائم کرے اَور مسافروں کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت نے کیا اِقدامات کیے ہیں اس کی تفصیل عدالت کو پیش کریں اَور اُسے سرکاری ویب سائٹ پر بھی اَپ لوڈ کریں۔
---------------------------------
 غیر اِمدادی گیس سلنڈر کی قیمت میں 86/ رُوپیوں کا اِضافہ کیا گیا ہے۔ عالمی بازار میں قیمتوں میں اضافے کی وَجہ سے سلنڈر کی قیمت بڑھائی گئی  ہے۔ تاہم اِمدادی گیس سلنڈر کی قیمت میں کسی قسم کا اِضافہ نہیں کیا گیا ہے۔
---------------------------------
 حکومت نے منسوخ شدہ نوٹیں رَکھنے کو قابلِ سزا قانون بنانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردِیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ پرنب مکھرجی نے گذشتہ 27/ فبروری کو ہی اِس بِل پر دَستخط کردِئیے تھے۔ دَس سے زائدمنسوخ شدہ نوٹیں برآمد ہونے پر دَس ہزار رُوپئے یا برآمد کی گئی رَقم کا پانچ گنا جرمانہ اِس قانون کے تحت عائد کیا جاسکتا ہے۔ اِسی طرح 9/ نومبر تا 30/ دِسمبر نوٹ بندی کے اِس دَور میں بیرونِ ملک رَہے شہریوں نے اَپنے کھاتوںمیں جمع کی گئی رقومات سے متعلق غلط معلومات فراہم کی تو انہیں بھی کم اَز کم 50/ ہزار رُوپئوں کا جرمانہ عائد کیا جائیگا۔
---------------------------------
 اَندھی تقلید کے خاتمہ کی کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نریندر دابھولکر کے مشکوک قاتل سارَنگ آکولکر اَور وِنئے پوار سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کو مرکزی تفتیشی ایجنسی CBI اَور ممبئی پولس کے کرائم برانچ کے خصوصی دَستے کی جانب سے فی کس پانچ لاکھ رُوپئوں کا اِنعام دِیا جائیگا۔ اِن ملزمین کی معلومات ملنے پر متعلقہ محکموں کو اِطلاع کرنے والوں کی شناخت مخفی رَکھی جائیگی۔
---------------------------------
 سابق چیف سیکریٹری سُوادھین شتری کو رِیاست کا پہلا چیف سروِس کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کل اَپنے عہدہ کا حلف لیا۔ لوک آیوکت ایم ۔ ایل ٹہلیا نے جناب شتری کو عہدہ کا حلف دِلایا۔
---------------------------------
 مراٹھواڑہ میں مسلسل قحط سالی کی وَجہ سے اِس علاقے کی ترقی بھی متاثر ہوئی ہے۔ ترقی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مراٹھواڑہ ڈیولپمنٹ پلان تیار کیا گیا ہے۔ یہ بات وَزیرِ مالیات سُدھیر منگنٹیوار نے کہی ہے۔ مراٹھواڑہ کی ترقی کی منصوبہ بندی کے لیے کل اَورنگ آباد میں ڈِویژنل کمشنر دَفتر میں ہوئے اِجلاس کے بعد جناب منگنٹیوار صحیفہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مراٹھواڑہ کی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے جس میں معیاری راستوں کی تعمیر‘ سنچائی کے پروجیکٹ اَور شجر کاری وَغیرہ شامل ہیں۔
---------------------------------
 شہر کے جواہر لال نہرو اِنجینئرنگ کالج کی منظوری ختم کیے جانے سے متعلق رِپورٹ آل اِنڈیا کونسل آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے ممبئی ہائیکورٹ کی اَورنگ آباد بینچ میں پیش کی ہے۔ کالج اِنتظامیہ کے ذَریعے ملازِمین کو چھٹے تنخواہ کمیشن کے مطابق تنخواہیں اَدا نہ کرنے کے معاملے میں یہ کاروائی کی گئی ہے۔ 2012 میں ہائی کورٹ نے کالج اِنتظامیہ کو ملازِمین کو چھٹے تنخواہ کمیشن کے مطابق تنخواہیں دینے کا پابند کیا تھا۔ کالج اِنتظامیہ اِس معاملے میں سپریم کورٹ سے بھی رُجوع ہوا تھا۔ سپریم کورٹ نے بھی ہائیکورٹ کے حکم کو قائم رَکھا تھا۔اِس کے باوَجود کالج اِنتظامیہ نے ملازِمین کو چھٹے تنخواہ کمیشن کے مطابق تنخواہیں اَدا نہیں کیں۔ اِس ضمن میں ملازِمین یونین کی جانب سے ایک عرضی داخل کی گئی ہے۔
---------------------------------
 میڈیکل کورسیس میں داخلہ کے لیے ملک بھر میں آئندہ 7/ مئی کو ہونے والے اِمتحان NEET کے لیے ناندیڑ اَور لاتور میں اِمتحانی مرکز قائم کیے جانے کا مطالبہ مراٹھوا ڑہ گریجویٹ اَسمبلی حلقہ کے رُکن کونسل ستیش چوہان نے کیا ہے۔ اُنھوں نے اِس ضمن میں مرکزی وَزیرِ صحت پرکاش جائوڑیکر‘ CBSEکے ذِمّہ داران اَور وَزیر اَعلیٰ دیویندر فرنویس سے کہا ہے کہ مراٹھواڑہ بھر کے طلبہ کے لیے صرف ایک ہی اِمتحانی مرکز اَورنگ آباد ناکافی ہے اَور‘ اَورنگ آباد‘ ناندیڑ اَور لاتور کے قریب کے طلبہ کے لیے کافی دُور بھی ہے۔
---------------------------------
 قوانین کی خلاف وَرزی کرتے ہوئے اَساتذہ کی اَسامیوں کو منظوری دِئیے جانے کے معاملے میں لاتور کے ڈِپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کیلاش گوسوامی کو معطل کردِیا گیا ہے۔ شعبۂ تعلیمات کے پرنسپل سکریٹری نند کمار نے کل ان کی معطلی کا حکم جاری کیا۔
---------------------------------
 رُکنِ اَسمبلی پرشانت پریچراک کے فوجیوں کے اَفرادِ خاندان سے متعلق قابلِ اِعتراض بیان کی مذمت میں کل عثمان آباد میں سابق فوجیوں کی یونین کی جانب سے ایک جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں شامل اَفراد نے پریچراک کے اِستعفیٰ اَور ان کے خلاف کاروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ اِس ضمن میں ضلع کلکٹر کی معرفت وَزیرِ اَعلیٰ کو ایک محضر بھی رَوانہ کیا گیا۔
---------------------------------

No comments:

Post a Comment