Monday, 1 May 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date: 01.05.2017, Time : 8.40 to 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 01  May  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  یکم مئی  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
صارفین کے حقوق کے تحفظ سے متعلق دیرینہ تشہیرِ یافتہ رِئیل اِسٹیٹ ریگولیشن ایکٹ آج سے نافذ العمل ہوگیا۔ مرکزی وزیرِ ہائوسنگ وینکیّا نائیڈو نے کہا ہے کہ اِس قانون کا فائدہ تعمیراتی تاجروں کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی ہوگا۔ کل حیدر آباد میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اِس قانون کی بدولت رِئیل اِسٹیٹ کاروبار میں شفافیت اور احساسِ ذِمّہ داری پیدا ہوگا۔ قانون کے تحت اب بلڈروں کو صارفین سے حاصل کردہ رقم کا 70/ فیصد حصہ علیحدہ بینک کھاتے میں جمع کرنا ہوگا۔ جو بلڈر مقررہ وقت پر تعمیراتی کام مکمل نہیں کرتے ان پر جرمانہ عائد کیا جائیگا۔ اِس کے علاوہ گھر کا قبضہ حاصل کرنے کے بعد سے پانچ برس کے عرصے کے دوران عمارت میں نظر آنے والے نقائص کی درستگی بھی بلڈروں کے ذِمّہ ہوگی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 وزیرِ اعظم نریندر مودی نے نوجوانوں کو ترغیب دی ہے کہ وہ موسمِ گرما کی تعطیلات میں روزانہ کی روایتی مصروفیات کے علاوہ دیگر کاموں کا تجربہ کریں۔ کل آکاشوانی پر من کی بات سلسلے کے 31/ ویں پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نوجوان اِن تعطیلات میں سمر کیمپس میں شریک ہوں اور اس کے ساتھ ہی ساتھ کم از کم 15/ دِن رضا کار تنظیموں کے ساتھ کام کریں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیاحتی مقامات کی سیر کرکے وہاں کی تصاویر انہیں بھی بھیجیں اور اپنے تجربات ہیش ٹیگ اِنکریڈیبل اِنڈیا کے ذَریعے ان تک پہنچائیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ یکم مئی کو یومِ مزدور منایا جاتا ہے‘ اِس خصوص میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ آج منائے جانے والے یومِ مہاراشٹر پر انھوں نے مبارکباد بھی پیش کی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں معمولی اِضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں ایک پیسہ اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 44/ پیسے کا اِضافہ کیا گیا ہے۔ یہ نئی قیمتیں کل درمیانی شب سے نافذ العمل ہوگئی۔
 دریں اثناء پڈو چیری۔ آندھرا پردیش کے وِشاکھا پٹنم‘ راجستھان کے اُدئے پور‘ جھارکھنڈ کے جمشید پور اور چندی گڑھ شہر میں آج سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہونگی۔ یہ اِطلاع پٹرولیم کمپنیوں کے ذرائع نے دی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 گوڈس اینڈ سروِس ٹیکس جی ایس ٹی کے تحت اپنے کاروبار کا اندراج کرنے کی مدت کل ختم ہوگئی۔ جی ایس ٹی رجسٹریشن کے لیے پیش آنے والی دُشواریوں کے باعث مرکزی حکومت نے یہ مدت 31/ مارچ سے بڑھاکر 30 / اپریل کردی تھی۔
 اس کے علاوہ غیر محسوب دولت شخصی طور پر ظاہر کرنے کے لیے دی گئی رعایت کی مدت بھی کل ختم ہوگئی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ جل یُکت شیوار اِسکیم کے باعث اِس بار تور کی پیداوار 20/ لاکھ ٹن تک پہنچ گئی۔ رِیاستی حکومت نے گذشتہ 15/ برسوں میں سب سے زِیادہ تور اس برس خریدی ۔ اور تور کی خرید کا یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ ناگپور ضلع میں مہا ویدھ پروجیکٹ کے تحت خودکار شعبۂ موسمیات کا اِفتتاح کل وزیرِ اَعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ جلسے سے وہ خطاب کررہے تھے۔
 نندور بار میں ست پُڑا حفظانِ صحت کیمپ کا اِفتتاح بھی کل وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اِ س کیمپ میں ریکارڈ تعداد میں مریضوں نے اپنے نام درج کروائے ہیں۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 آج 57/ واں یومِ مہاراشٹر پوری رِیاست میں جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ اِس سلسلے میں رِیاست بھر میں سرکاری پرچم کشائی کے ساتھ ہی مختلف تہذیبی‘ ثقافتی و سماجی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ اورنگ آباد میں ڈِویژنل کمشنر دفتر پر رابطہ وزیر رام داس کدم کے ہاتھوں اب سے کچھ دیر قبل پرچم کشائی عمل میں آئی۔ مراٹھواڑہ بھر کے تمام اَضلاع میں ضلع ہیڈکوارٹرز پر متعلقہ رابطہ وزراء کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس کے ساتھ ہی آج یومِ محنت بھی منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں بھی مختلف پروگراموں کا اِنعقاد کیا گیا ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر اشوک چوہان نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے کسانوں کی حالت اُتر پردیش کے کسانوں سے بدتر ہے لیکن مہاراشٹر کی معیشت اُتر پردیش سے مستحکم ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے کسانوں کے قرضۂ جات معاف کیے جانے چاہیے۔ کل جاری کردہ اپنے صحافتی بیان میں اُنھوں نے کہا کہ ریاست کا کسان شدید مالی خستہ حالی کا شکار ہے۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کی پوری تور رِیاستی حکومت خریدے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 ناندیڑ ضلع کے نائیگائوں میں کل دوپہر کپاس کی گانٹھیں لے جانے والے ایک ٹرک میں اچانک آگ لگ گئی۔ یہ واقعہ دیہی اسپتال سے قریب اہم شاہراہ پر پیش آیا۔ جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس آگ میں کسی بھی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ملی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments:

Post a Comment