Wednesday, 3 October 2018

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date: 03.10.2018 ,Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 October 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍اکتوبر  ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قیادت‘ عوامی فنڈ‘ عوامی شرکت اور شراکت یہ نسخہ آج کے دور کی ضرورت ہے۔ نئی دہلی میں منعقدہ چار روزہ مہاتما گاندھی بین الاقوامی صفائی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے کل وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ صفائی اور خوراک پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور سوچھ بھارت مہم کے باعث اور عوام کے طرزِ زندگی میں تبدیلیاں آئی ہیں۔ دیہی علاقوںمیں صفائی کا تناسب گذشتہ چار برسوں میں 38/ سے بڑھ کر 94/ فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
***** ***** *****
 مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل پرکاش جائوڑیکر نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کے جلسۂ تقسیمِ اسناد میں برطانوی طرز کے لباس زیبِ تن کرنے کی بجائے قومی روایتی لباس پہنا جائے۔ یونیورسٹیز کے لیے جاری کردہ رہنما پیغام میں وزیرِ موصوف نے کہا کہ وزارتِ فروغِ انسانی وسائل کی ویب سائٹ پر موجود نمونوں میں سے یا طلبہ سے متبادل طلب کرکے جلسۂ تقسیمِ اسناد کیلئے اس میں سے لباس منتخب کیا جائے۔
***** ***** *****
 نائب صدرِ جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ دہشت گردی دنیا بھر میں سب سے بڑا چیلنج ہے۔ پونا کی عالمی اَمن یونیورسٹی کی اجتماع گاہ اور کتب خانے کا افتتاح کل نائب صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی جانب سے دُنیا کو امن‘ عدم تشدد اور سادگی کا دیا گیا درس آج کے دَور میں بھی اتنی ہی اہمیت رکھتا ہے۔ اس پروگرام میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ ریاستی وزراء اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
 کانگریس صدر اور رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنے اس الزام کا اعادہ کیا ہے کہ رافیل جنگی جہاز کی خریدی معاملت میں حکومت نے بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی ۔ کل وردھا میں منعقدہ کانگریس کارکنوں کے اجلاس سے قبل سیوا گرام میں ایک جلسۂ عام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ رافیل خریدی سمجھوتے پر اُٹھ رہے سوالات کا وزیرِ اعظم جواب دیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے انتخابات سے قبل جھوٹے وعدے کیے۔ کسانوں کے قرضۂ جات معاف نہیں کیے گئے‘ زرعی پیداوار کو ضمانتی نرخ نہیں دیا گیا اور ملک میں بے روزگاری میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ حکومت ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلارہی ہے۔
***** ***** *****
 بھارتیہ ریپبلکن پارٹی بہوجن مہاسنگھ اور مجلس ِ اتحادُ المسلمین کے قائم کردہ محاذ برائے محروم طبقات نے مسلمانوں اور بہوجن طبقے کے عوام کو متحد ہونے کی تلقین کی ہے۔ کل اورنگ آباد میں اس محاذ کی جانب سے منعقدہ پہلے اجلاس میں دونوں جماعتوں کے قائدین نے مرکز اور ریاستی حکومتوں کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ مہاراشٹر میں ان کی جماعت بی آر پی بہوجن مہاسنگھ کی حمایت کریگی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کی حکومتوں نے مسلمانوں اور بہوجنوں کے مفادمیں کوئی کام نہیں کیا صرف ان کا استحصال ہی کیا گیا۔
 بی آر پی بہوجن مہاسنگھ کے قائد پرکاش امبیڈکر نے حکومت کی جانب سے کی گئی بدعنوانیوں‘ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوںمیں اضافے‘ اجتماعی قتل اور ماب لنچنگ کے واقعات اور کسانوں کے مسائل پر بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی۔ اورنگ آباد کے ایم آئی ایم کے رکنِ اسمبلی امتیاز جلیل نے بھی اس اجتماع سے خطاب کیا۔
***** ***** *****
 بزرگ سماجی کارکن انا ہزارے نے لوک پال‘ لوک آیکت اور کسانوں کے مسائل پر اپنی مجوزہ بھوک ہڑتال ریاستی حکومت کی جانب سے زبانی تیقن کے بعد ملتوی کردی ہے۔ احمد نگر ضلع کے رالے گن سدھی میں انا ہزارے گاندھی جینتی سے اپنی بھوک ہڑتال کا آغاز کرنے والے تھے۔ تاہم ریاستی وزیر گریش مہاجن نے کل حکومت کے نمائندے کی حیثیت سے رالے گن سدھی پہنچ کر انا ہزارے سے تبادلۂ خیال کیا۔ جس کے بعد انا ہزارے اپنی ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے چند مطالبات پر ٹھوس اقدامات کیے اور چند مطالبات تسلیم کرلیے گئے‘ لیکن چند تیقن ابھی صرف کاغذ پر ہی محدود ہے اس کے باوجود حکومت پر اعتماد کرنا ہی ہوگا۔
***** ***** *****
 اورنگ آباد میں مختلف تعلیمی اداروں نے گاندھی جینتی کی مناسبت سے شہر میں سوچھتا ریلی نکالی۔ اس ریلی میں کالج کے طلبہ اور بزرگ شہری بھی شریک ہوئے۔ آرٹ آف لیونگ تنظیم کی جانب سے ’’سوچھ اورنگ آباد سوستھ اورنگ آباد‘‘ مہم کا کل آغاز کیا گیا۔ شہر میں شاہ گنج میں گاندھی جی کے مجسّمے کو رکنِ اسمبلی ستیش چوہان اور دیگر قائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment