Monday, 4 February 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 04.02.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 february - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۴؍فروری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل سرینگر میں قومی اعلیٰ تعلیم مشن ’’رُوسا‘‘ کے دوسرے مرحلے کے ڈیجیٹل ایڈیشن کاافتتاح کیا۔ اس تقریب میں دو سو کالجوں کے قریب ایک لاکھ طلبہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اور قریب دو کروڑ 35/ لاکھ طلبہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے شرکت کی۔ ’’رُوسا‘‘ کے تحت ستّر نئے سرکاری ڈگری کالجیس‘ پیشہ ورانہ کالج‘ ایک یونیورسٹی اور ساٹھ سے زیادہ کاروباروں کا افتتاح عمل میں آیا۔ ان میں مہاراشٹر کے اعلیٰ تعلیم مشن کے 25/ پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔
 مہاراشٹر کے وزیرِ تعلیم ونود تائوڑے اور رکنِ اسمبلی راج پروہت نے بھی ممبئی سے اس تقریب میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
 انسانی وسائل کے فروغ کی مرکزی وزارت کے قومی اعلیٰ تعلیم مشن کے تحت واشم ضلعے کے چکھلی میں نئے سرکاری ڈگری کالج کے قیام کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے لیے اٹھارہ کروڑ روپئوں سے زیادہ رقم بھی منظور کی گئی ہے۔ اس کالج کا افتتاح بھی کل وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سرینگر میں ڈیجیٹل طریقے سے کیا۔ اس موقع پر واشم میں رکنِ پارلیمنٹ بھائونا گولی کے علاوہ طلبہ اور شہریان موجود تھے۔
***** ***** *****
قانون ساز اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے رہنما رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کل رالے گن سدّھی جاکر بھوک ہڑتال کررہے سماجی خدمتگار انا ہزارے سے ملاقات کی اور انکی حمایت کا اعلان کیا۔ وکھے پاٹل نے انا ہزارے سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے وکھے پاٹل نے کہاکہ بدعنوانی مخالف لوک پال احتجاج کا سیاسی فائدہ اُٹھا کر اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی انا ہزارے کو بھول گئی ہے۔
 اس بیچ انا ہزارے نے انتباہ دیا ہیکہ اگر آٹھ فروری تک حکومت نے انکے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا تو وہ پدم بھوشن انعام واپس کردیں گے۔ انا ہزارے کے احتجاج کی حمایت میں کل رالے گن سدّھی گائوں کے باشندوں نے احمد نگر ضلعے میںجگہ جگہ راستہ روکو احتجاج کیا۔
 اس بیچ مہاراشٹر کے آبی وسائل کے وزیر گریش مہاجن نے کل رالے گن سدّھی میں انا ہزارے سے ملاقات کی اور انہیں وزیرِ اعلیٰ کا خط دیا۔ خط میں کہا گیا ہیکہ انا ہزار کی تقریباً سبھی مانگیں مرکزی بجٹ میں شامل کرلی گئی ہیں۔ پھڑنویس نے اُن سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔ ہزارے کی بھوک ہڑتال کا کل پانچواں دِن تھا۔ گریش مہاجن نے کہا کہ وہ آج دوبارہ انا ہزارے سے ملاقات کرینگے۔
***** ***** *****
 معروف ماہرِ قانون اور بھارت کے سابق سالیسٹر جنرل مُکُل روہتگی آج سپریم کورٹ میں مراٹھا ریزرویشن پرمہاراشٹر حکومت کے مؤقف کی پیروی کرینگے۔ محصول کے ریاستی وزیر چندر کانت پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ روہتگی کی نامزدگی کا حکمنامہ حکومت نے جاری کردیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس آج جالنہ ضلع کے دورے پر تشریف لارہے ہیں۔ جالنہ میں جاری جانوروں کی نمائش کا آج وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں اختتام عمل میں آئے گا۔ اس موقع پر پھڑنویس کے ہاتھوں انعامات بھی تقسیم کیے جائیںگے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے میںاقلیتی طبقات کی بڑی آبادی موجود ہے جنکی ترقی کیلئے اقلیتی طبقات کے کمیشن کے توسط سے حکومت سے نمائندگی کی جائیگی۔ کمیشن کے نائب صدر جے ایم ابھینکر نے یہ بات کہی۔ وہ کل اورنگ آباد میں اس ضمن میں منعقدہ ایک میٹنگ میں بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مطالبات پر مثبت انداز میں غور کرنا اور ان کی بہبود کمیشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔
***** ***** *****
 بیڑ کی رابطہ وزیر پنکجا منڈے نے کل امبہ جوگائی میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ ان میں یشونت رائو چوہان چوک سے سنت بھگوان بابا چوک کے راستے کا تعمیری کام‘ اسپتال کی عمارت اور جانوروں کے اسپتال کا افتتاح بھی شامل ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل ویلنگٹن میں کھیلا گیا پانچواں اور آخری ایک روزہ کرکٹ مقابلہ بھارت نے 35/ رنوں سے جیت لیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے سامنے 253/ رنوں کا نشانہ رکھا۔ تاہم نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45/ ویں اوور میںہی آئوٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے یُجویندر چہل نے تین‘ محمد شامی اور ہاردک پانڈیا نے دو۔ دو اور بھونیشور کماراور کیدار جادھو نے ایک۔ ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے پانچ میچوںکی یہ سیریز چار۔ ایک سے اپنے نام کرلی۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تین T-20 مقابلے بھی کھیلے جائیں گے۔ T-20 سیریز کا پہلا مقابلہ بدھ کو ہوگا۔
***** ***** *****  

No comments:

Post a Comment