Thursday, 7 February 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 07.02.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 07 february - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۷؍فروری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرتے وقت ٹیکس دینے والے کا PAN اُسکے آدھار نمبر سے جڑا ہونا ضروری ہے۔ دلّی ہائیکورٹ نے دو لوگوں کو آدھار اور پین جوڑے بغیر انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کی اجازت دی تھی۔ اس فیصلے کو مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس پر سماعت کے دوران عدالت نے PAN اور آدھار نمبرکو آپس میں جوڑنے کو ضروری قرار دیا ہے۔
***** ***** *****
 مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہیکہ سنگین قحط کے دوران بھی عوام اور جانوروں کو بھوکا نہیں رہنے دیا جائیگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل بیڑ میں ضلع اسپتال کے زَچہ۔ بچہ مرکز کی عمارت کا سنگ ِ بنیاد رکھا، جہاں اُنھوں نے یہ بات کہی۔ پھڑنویس نے مزید کہا کہ اُن کی حکومت نے اب تک 75/ ہزار کروڑ روپئے امداد کے طور پر سیدھے کسانوں کے بینک کھاتوںمیں جمع کیے ہیں۔ پھڑنویس نے دعویٰ کیا کہ یہ اب تک کسی بھی حکومت کے ذریعے کسانوں کو دی گئی سب سے بڑی مدد ہے۔ تقریب میں دیہی ترقیات کی وزیر پنکجا منڈے‘ رکنِ اسمبلی سریش دھس اور جئے دتّ شرساگر کے علاوہ کئی سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
اس بیچ کل ہنگولی میں کسانوں اور بچت گروپوں کے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے تیقن دیا کہ دھنگر سماج کو ریزرویشن دلانے کیلئے اُن کی حکومت دھنگر ریزرویشن سے متعلق تجویز مرکزی حکومت کو روانہ کریگی۔ قرض معافی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب تک آخری کسان کو پیسے نہیں مل جاتے تب تک قرض معافی کا عمل جاری رہیگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے ہنگولی نگر پالیکا کی جانب سے بنائے گئے شیواجی مہاراج کے مجسّمے کی نقاب کشائی بھی کی۔
***** ***** *****
 مارکیٹنگ کے ریاستی وزیر سبھاش دیشمکھ نے کسانوں سے اپیل کی ہیکہ وہ کسانوں کیلئے طئے کردہ کم از کم بنیادی قیمت سے کم نرخ پر تاجروں کو توّر فروخت نہ کریں۔ ساتھ ہی دیشمکھ نے یہ بھی کہا کہ لین دین کے دوران کسانوں کو چاہیے کہ وہ اپنا سات/ بارہ تاجروں کے حوالے نہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس سال مرکزی حکومت نے توّر کی کم از کم بنیادی قیمت 5675/ روپئے فی کوئنٹل طئے کی ہے اور ریاست بھر میں اس بنیادی قیمت پر کسانوں سے تور خریدنے کیلئے 134/مراکز شروع کیے گئے ہیں۔ ان مراکز پر اب تک 17/ ہزار 264/ کسانوں نے اپنا اندراج کروایا ہے۔ دیشمکھ نے کہا کہ بنیادی قیمت سے کم نرخ پر کسانوں سے تور خریدنے والے تاجروں پر حکومت کاروائی کریگی۔
***** ***** *****
غیر منظم شعبے کے کامگاروں کیلئے آنے والے اسمبلی اجلاس سے پہلے صلاح کار بورڈ تشکیل دیاجائیگا۔ محنت کے ریاستی وزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر نے یہ بات کہی۔ وہ کل ممبئی میں اخبار فروخت کرنے والوں کے ساتھ میٹنگ میں بول رہے تھے۔ اس دوران ریاستی کامگاروں کو سوپر اسپیشلٹی میڈیکل خدمات کے ساتھ ساتھ جدید طبّی سہولیات آسانی سے دستیاب کروانے کے مقصد سے راجیہ کامگار بیمہ سوسائٹی ترجیحی بنیادوں پر قائم کرنے کی ہدایت صحت ِ عامّہ کے وزیر ایکناتھ شندے نے دی ہے۔ شندے کل ممبئی میں ایک میٹنگ میں بول رہے تھے۔
***** ***** *****
 ناندیڑ ضلعے میں قحط سے نمٹنے کیلئے 125/ کروڑ 76/ لاکھ روپئوں کی مدد منظور کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں دیگلور’ مکھیڑ اور عُمری تعلقوں کے کسانوں کیلئے 25/ کروڑ 75/ لاکھ 56/ ہزار روپئوں کی رقم موصول ہوچکی ہے۔ ناندیڑ کے ضلع کلکٹر ارون ڈونگرے نے یہ اطلاع دی۔ واضح ہو کہ ناندیڑ ضلعے کے دیگلور‘ مکھیڑ اور عُمری سمیت کُل چودہ محصول ڈویژنوں کو قحط سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
 مہاراشٹر کے مراٹھا سماج کے پچاس ہزار نوجوانوں کو اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کیلئے مارچ تک انا صاحب پاٹل ترقیاتی کارپوریشن کی معرفت قرض دستیاب کروایا جائیگا۔ قومی اور امدادِ باہمی بینکوں کی جانب سے دیا جانے والا یہ قرض دس لاکھ روپئوں تک ہوگا۔
 انّا صاحب پاٹل ترقیاتی کارپوریشن کے صدر نریندر پاٹل نے کل عثمان آبادمیں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ اس قرض پر لگنے والا سود مکمل طور پر حکومت ادا کریگی۔ پاٹل نے بتایا کہ ضلع بینکوں کو ڈیڑھ ہزار قرض کی درخواستیں منظور کرنے کا نشانہ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ویلنگٹن میں کل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے مقابلوں میں بھارت کی مَردوں اور خواتین کی دونوں ٹیمیں اپنے اپنے مقابلے ہار گئی ہیں۔ خواتین کے T-20 مقابلے میں پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ بیس اووروں میں چار وکٹ کھوکر 159/ رن بنائے۔ جواب میں بھارتی خواتین ٹیم 139/ رن ہی بناسکی۔ بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا نے 58/ رن بنائے۔
دوسری جانب مَردوں کے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 80/ رنوں سے ہرادیا۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے بھارت کے سامنے 220/ رنوں کا نشانہ رکھا۔ جواب میں بھارتی ٹیم 139/ رن ہی بناسکی۔ دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ کل آکلینڈ میں کھیلا جائیگا۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment