Saturday, 9 February 2019

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 09.02.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 09 february - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۹؍فروری  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ منعقد کرانے کے امکانات کو وزیرِاعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے مسترد کردیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ اشوک چوہان نے اورنگ آباد اور پونا میںان انتخابات کے ایک ساتھ انعقاد کے امکان کا اظہار کیا تھا۔ اس پس منظر میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے وضاحت کی کہ ریاستی حکومت اپنی میعاد مکمل کریگی اور کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے کوئی اشارے حکومت کو موصول نہیں ہوئے، اس لیے لوک سبھااوراسمبلی کے انتخابات اپنے اپنے معینہ وقت پر ہی ہونگے۔
***** ***** *****
ریاست کے قحط سے متاثرہ ایک ہزار دیہاتوں میں 10/ ہزار لیٹر کی پانی ٹنکیاں بٹھانے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ قحط سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے کل ممبئی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امداد و باز آباد کاری کے وزیر چندر کانت پاٹل نے یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایاکہ اورنگ آباد‘ جالنہ، بیڑ، پربھنی، عثمان آباد اور احمد نگر اضلاع میں 8/ گوشالائوں کے ذریعے چارہ چھائونیاں شروع کی گئی ہیں۔ ان میں اب تک 7/ ہزار 375/ مویشی داخل ہوچکے ہیں۔ اگر مویشیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے تو ایک سے زائد چارہ چھائونیاں شروع کرنے کے احکامات انتظامیہ کو دئیے جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
عام آدمی پارٹی مہاراشٹر سے لوک سبھا انتخابات لڑیگی۔ پارٹی کے ریاستی صدر سدھیر ساونت نے کل ممبئی میں خبر رساں ادارے پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ہم خیال جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرکے عام آدمی پارٹی چنائو لڑیگی۔ انھوں نے بتایا کہ اس خصوص میں نشستوں کی تقسیم سے متعلق حتمی فیصلہ 25/ فروری تک کرلیا جائیگا۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں کل 2019ء کے سالانہ عام مالیاتی بجٹ پر مباحثے کا آغاز ہوا۔ بحث کا آغاز کرتے ہوئے بیجو جنتا دل کے تتھاگت ستپتی نے کہا کہ دو ہیکٹر اراضی رکھنے والے کسانوں کو سالانہ 6/ ہزار روپئے امداد کا اعلان کیے جانے سے کسانوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ حکمراں جماعت کی جانب سے بحث میں حصہ لیتے ہوئے انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ بجٹ میں نئے بھارت کی تعمیر کیلئے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ اے آئی اے ڈی ایم کے نے بھی اس بجٹ کی حمایت کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
 دریں اثناء حزبِ اختلاف کے اراکین نے رافیل جنگی جہاز کی خرید سے متعلق موضوع پر زوردار نعرے بازی کی۔ اس شور و غل کے دوران ایوان کی کاروائی ابتداء میں دو بار اور بعد ازاں دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اس لیے بجٹ تجاویز پر مباحثہ جاری نہ رہ سکا۔
 راجیہ سبھا میں کانگریس اور دیگر حزبِ مخالف اراکین نے بھی رافیل مسئلہ اٹھایا۔ حزبِ اختلاف کے قائد غلام نبی آزاد کی جانب سے بار بار یہ موضوع اٹھائے جانے پر چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے تحریک ِ التواء کے مطابق بحث کرانے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد بھی ہنگامہ آرائی جاری رہی، جس کے بعد ایوان کی کاروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
وزیرِ دفاع نرملا سیتا رمن نے کل لوک سبھا میں رافیل جنگی جہاز خریدنے کے مسودے سے متعلق ایک اخبار میں شائع شدہ خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اخبار کی اطلاعات محض اس وقت کے سیکریٹری برائے دفاع کے بیان پر مبنی ہے اور اس وقت کے وزیرِ دفاع کے بیان کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کھلے زمرے کے اقتصادی طو رپر پسماندہ افراد کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں 10/ فیصد ریزرویشن دینے کے حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر عدالت ِ عظمیٰ نے مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ تاہم حکومت کے اس فیصلے پر حکم ِ التواء جاری کرنے سے عدالت نے صاف طور پر انکار  کردیا ۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ عالمی تمباکو نوشی سروے 2016-17 ء میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مہاراشٹر میں سگریٹ نوشی کی شرح ملک بھرمیں سب سے کم ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تمباکو سے پاک اسکول مہم کے تحت 2755/ اسکولوں کو مکمل طور پر تمباکو سے پاک کردیا گیا ہے۔ ریاست کے سرکاری اور نیم سرکاری و خانگی اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ میں محکمۂ صحت کی جانب سے بیداری پیدا کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
***** ***** ***** 
ریاست میں قحط کی صورتحال اور خانگی ٹرانسپورٹ سے مسابقت‘ نیز بزرگ شہریوں کیلئے طویل مسافت کو آسان اور پُر سہولت بنانے کی غرض سے اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ایئر کنڈیشنڈ شیوشاہی بسوںکے کرائے میں تخفیف کا فیصلہ کیا ہے۔ کرایے میں کم از کم 230/ تا 505/ روپئے کمی کرنے کا اعلان وزیرِ حمل ونقل دیواکر رائوتے نے کیا ہے۔ تخفیف شدہ نئے کرایوں کا اطلاق آئندہ 23/ فروری سے ہوگا۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment