Saturday, 2 March 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 02.03.2019 , Time : 8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 March - 2019
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ مارچ  ۲۰۱۹؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 بھارتی فضائیہ کے پائلٹ وِنگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو کل رات پاکستان نے بھارت کو سونپ دیا۔ یہ حوالگی پنجاب کی واگھا اٹاری سرحد پر عمل میں آئی۔ اس کے بعد ابھینندن کو طبّی جانچ کیلئے امرتسر کے راستے دلّی لے جایا گیا۔ ابھینندن کی واپسی کا بھارت بھر میں خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ کانگریس صدر راہل گاندھی اور کئی سرکردہ شخصیات نے ٹوئٹ کرکے ابھینندن کی وطن واپسی کا خیر مقدم کیا ہے۔ چار دن پہلے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرکے بھارتی حدودمیں داخل ہونے والے پاکستانی طیاروں کا پیچھا کرتے ہوئے ابھینندن کا مگ طیارہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں جاگرا تھا، جس کے بعد انہیں پاکستانی فوج نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔
***** ***** *****
 پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعتراف کیا ہیکہ دہشت گرد تنظیم جیش ِ محمد کا سرغنہ مسعود اظہر پاکستان میں ہی موجود ہے۔ قریشی نے کہا کہ اگر بھارتی حکومت‘ مسعود اظہر کیخلاف ٹھوس ثبوت فراہم کرتی ہے تو پاکستانی حکومت اُس پر کاروائی کریگی۔ قریشی نے مزید کہا کہ مسعود اظہر انتہائی بیمار ہے۔
 اس بیچ پلوامہ حملے میں جیش ِ محمد کے ملوث ہونے کے ثبوت بھارت نے بدھ کے روز پاکستان کو سونپ دئیے۔ خبر میں کہا گیا ہیکہ بھارت نے اس دہشت گرد تنظیم کے پاکستان میں واقع مختلف ٹھکانوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی ہے۔
***** ***** *****
 جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلعے کے باٹا گنڈ گائوں میں کل آدھی رات کو حفاظتی دستوں اور دہشت گردوں کے بیچ ہوئی مڈبھیڑ میں ایک دہشت گرد کی موت ہوگئی۔ اس کاروائی میں ایک افسر سمیت پانچ بھارتی فوجی بھی شہید ہوگئے۔ اس دوران پاکستان کی جانب سے کل ہوئی گولہ باری میں تین مقامی افراد کی بھی موت ہوگئی۔
***** ***** *****
 مرکزی حکومت نے کالعدم تنظیم ’اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا‘ سیمی پر عائد پابندی کو مزید پانچ سالوں کیلئے بڑھا دیا ہے۔ مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ سیمی کی جانب سے سماج دشمن کاروائیاں جاری رہنے کی پاداش میں اُس پر لگی پابندی میں توسیع کی جارہی ہے۔ اس بیان میں 58/ غیر قانونی سرگرمیوںمیں سیمی کے اراکین کو ملوث قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
 کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت اور بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہیکہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور بی جے پی پلوامہ حملے کا سیاسی استعمال کررہے ہیں۔ کانگریس کی لوک سبھا انتخابی تشہیر کے پہلے مرحلے کے تحت کل دھولیہ میں منعقدہ جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے یہ بات کہی۔ انھوں نے رفائل جنگی طیاروں کی خریداری‘ کسانوں کی قرض معافی اور وزیرِ اعظم کسان سنمان یوجنا جیسے معا ملوں پر حکومت پر خوب تنقید کی۔ کانگریس کے سینئر رہنما ملکارجن کھڑگے اور مہاراشٹر کانگریس کے صدر اور رکنِ پارلیمنٹ اشوک چوہان نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔
***** ***** *****
 مہاراشٹر کے وزیرِ توانائی چندر شیکھر باون کُڑے نے اعلان کیا ہیکہ اس سال ریاست میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے کیلئے درکار کوئلہ وافر مقدار میں موجود ہے‘ ساتھ ہی قابلِ تجدید توانائی پیدا کرنے کے معاملے میں بھی مہاراشٹر سرِ فہرست ہے۔
 باون کُڑے نے بتایا کہ اس مرتبہ قریب چھ لاکھ زرعی پمپوں کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائیگی۔ باون کُڑے نے مزید کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں 47/ لاکھ زرعی پمپوں کو شمسی توانائی سے بجلی فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
 دھنگر سماج کے مختلف مطالبات پر غور کرنے کیلئے مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کی صدارت والی اس ذیلی کمیٹی میں چندر کانت پاٹل‘ سبھاش دیسائی‘ رام شندے‘ مہادیو جانکر‘ پنکجا منڈے‘ وشنو سائورا‘ ایکناتھ شندے‘ راجکمار بڈولے اور سنبھاجی پاٹل نلنگیکر جیسے وزراء شامل ہیں۔ ذیلی کمیٹی کی پہلی میٹنگ آج ہونے جارہی ہے۔
***** ***** *****
 مراٹھی اداکار ڈاکٹر امول کولہے کل شیوسینا چھوڑ کر NCP میں شامل ہوگئے۔ ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں امول کولہے نے این سی پی میں شمولیت اختیار کی۔ تقریب میں جالنہ ضلعے کے بدنا پور تعلقے کے سابق بی جے پی رکنِ اسمبلی اروند چوہان بھی این سی پی میں شامل ہوگئے۔
***** ***** *****
 لوک سبھا انتخابات کے تناظر میں آج اور کل مہاراشٹر بھر میں رائے دہندگان کے ناموں کے اندراج کیلئے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ رائے دہندگان کیلئے آن لائن اندراج کی سہولت بھی دستیاب کروائی گئی ہے۔ رائے دہندگان ویب سائٹ www.nvsp.in پر جاکر اپنا نام انتخابی فہرست میں درج کروا سکتے ہیں۔
***** ***** *****
 انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کل ویڈیوکان کمپنی کے پروموٹر وینو گوپال دھوت اور ICICI بینک کی سابق CEO چندا کوچر کے سبھی ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ وینو گوپال دھوت کو ICICI بینک کی جانب سے دئیے گئے 1875/ کروڑ روپئوں کے قرض کی فراہمی میں ہوئی بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کی جانچ کیلئے چھاپے مارے گئے۔ ان دونوں کی ممبئی میں واقع رہائش گاہوں اور پانچ دفاتر پر ایک ساتھ یہ کاروائی کی گئی۔
***** ***** *****
 کرکٹ:۔
 بھارت اور آسٹریلیاء کے درمیان کھیلی جانے والی ایک روزہ کرکٹ مقابلوں کی سیریز کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ پانچ ایک روزہ مقابلوں کی اس سیریز کا پہلا میچ آج حیدر آباد میں کھیلا جائیگا۔ مقابلے کی شرو عات دوپہر ڈیڑھ بجے سے ہوگی۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment