Friday, 2 August 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 02.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM



Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۲؍ اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
بھارتی محکمۂ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہیکہ اگست اور ستمبر کے مہینوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں سو فیصد مانسونی بارش ہوسکتی ہے۔ کل نئی دلّی میں محکمۂ موسمیات کی جانب سے یہ بات کہی گئی۔ محکمے کا کہنا ہیکہ اس پیشن گوئی میں آٹھ فیصد کی کمی زیادتی ہونے کی گنجائش موجود ہے۔ محکمۂ موسمیات نے مزید کہا کہ اگست کے مہینے میں ننانوے فیصد بارش ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** ***** 
بناء سبسیڈی والے LPG گیس سلنڈر کی قیمت میں 62/ روپئے 50/ پیسے کی کٹوتی کی گئی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر گھریلو استعمال کی گیس کی قیمتوں میں ہوئی کمی کے بعد یہ کٹوتی کی گئی ۔ اِنڈین آئل کارپوریشن نے کل قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کے بعد 14/ کلو وزن والے گیس سلنڈر کی قیمت 574/ روپئے 50/ پیسے ہوگئی ہے۔ اس سے پہلے گذشتہ مہینے اسی سلنڈر کی قیمت میں سو روپئے پچاس پیسے کی کٹوتی کی گئی تھی۔ انڈین آئل کارپوریشن کی جانب سے تحریری بیان میں کہا گیا ہیکہ گذشتہ دومہینوںمیں بناء سبسیڈی والے گیس سلنڈر کی قیمت میں 163/ روپئوں کی کمی کی گئی ہے۔
***** ***** ***** 
بھارتیہ جنتا پارٹی کی مہا جنا دیش یاتراکی کل امراوتی ضلعے کے موجھری سے شروعات ہوئی۔ مرکزی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے ہری جھنڈی دکھاکر یاترا کی شروعات کی۔ مہا جنادیش یاتراکے ذریعے مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس ریاست کے 32/ ضلعوں کے 150/ انتخابی حلقوںکا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ ساڑھے چار ہزار کلو میٹر کا سفر کرینگے۔ پھڑنویس نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں قحط کی صورتحال کو ختم کرنے کیلئے مہا جنادیش یاترانکالی جارہی ہے۔ یاترا کی شروعات سے پہلے وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس اور وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے گُرو کُنج موجھری میں واقع سنت تکڑو جی مہاراج کی سمادھی پرجاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس دوران پھڑنویس نے کہا کہ دیگر پارٹیوں سے بی جے پی میں آنے والوں کو اب پارٹی میں نہیں لیا جائیگا۔
***** ***** ***** 
دوسری جانب شیوسینا رہنماء آدتیہ ٹھاکرے کی ’’جن آشیرواد یاترا‘‘ کل لاتور پہنچی۔ آدتیہ ٹھاکرے نے لاتور میں عوام سے خطاب بھی کیا۔ وہ آج ناندیڑ میں عوام سے خطاب کرینگے۔ اس سے پہلے کل آدتیہ ٹھاکرے نے ناندیڑ کے مکرم آباد میںکسانوں سے بات چیت کی۔
***** ***** ***** 
قانون ساز کونسل کے اورنگ آباد۔ جالنہ انتخابی حلقے سے سات اُمیدواروں نے اپنی درخواستیں پیش کی ہیں۔ کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا کل آخری دِن تھا۔ شیوسینا۔ بی جے پی کی جانب سے امبا داس دانوے‘ کانگریس۔ این سی پی کی جانب سے بھوانی داس کلکرنی‘ شیوراجیہ بہوجن پارٹی کی جانب سے وشال ناندرکر نے اپنی درخواستیں پیش کی ہیں۔ دوسری جانب سابق کارپوریٹر شاہنواز خان‘ عبدالجاوید عبدالواحد اور نندکشور سہارے نے آزاد اُمیدواروں کے طور پر اُمیدواری داخل کی۔ 
آج صبح گیارہ بجے اِن درخواستوں کی جانچ ہوگی۔ پانچ اگست تک درخواستیں واپس لی جاسکتی ہیں۔ ودھان پریشد کیلئے 19/ اگست کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
***** ***** ***** 
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہیکہ ماتنگ سماج کیلئے ریاستی حکومت نے پچیس ہزار گھر فراہم کیے ہیں اور مزید پچیس ہزار گھر جلد ہی دستیاب کروائے جائیں گے۔ کل ممبئی میں لوک شاہیر انا بھائو ساٹھے جینتی کی صد سالہ تقریبات کے ضمن میں ڈاک ٹکٹ کے اجراء کے موقع پر پھڑنویس نے یہ اعلان کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے ریاستی حکومت کی جانب سے ماتنگ سماج کو ایک لاکھ گھر فراہم کرنے کا اپنا وعدہ دوہرایا۔
***** ***** ***** 
ساتارا ضلعے کے کوئنا ڈیم علاقے میں کل رات نو بجے کے قریب زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.1/ ناپی گئی۔ کسی طرح کے جانی و مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
***** ***** ***** 
لاتور ضلعے کے اَوسا تعلقے کے سابق رُکنِ اسمبلی اور ماہرِ قانون شیوشنکر اَپا اُٹگے کل چل بسے۔ وہ 84/ برس کے تھے۔ اُنھوں نے اَوسا نگر پالیکا کے صدر‘ کلّاری کوآپریٹیو شکر کارخانے کے ڈائریکٹر اور مُکتیشور ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر جیسے کئی عہدوں پر فرائض انجام دئیے۔ شیوشنکر اَپا کی آخری رسومات آج صبح دس بجے اَوسا میں ادا کی جائیں گی۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد ضلعے کے پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں آبی ذخیرہ آٹھ فیصد تک جاپہنچا ہے۔ ڈیم میں 40/ہزار ملین گھن فٹ فی سیکنڈ کے حساب سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ پانی ناسک ضلعے کے ناگم ٹھان‘ گنگا پور‘ وَل وَڑی‘ دارنا‘ پال کھیڑ اور کڑواڈیمس سے چھوڑاجارہا ہے۔ جائیکواڑی ڈیم کے ایگزیکٹیو انجینئر راجندر کالے نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** ***** 
افسران اورملازمین کو چاہیے کہ وہ عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے اپنے علم اور ہنر کا استعمال کریں۔ اسی صورت میں عام لوگوں کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ اس خیال کا اظہار ڈویژنل کمشنر سنیل کیندریکر نے کیا۔ وہ کل اورنگ آباد میں محصول دِن کے موقعے پر منعقدہ تقریب میں بول رہے تھے۔ تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کو ڈویژنل کمشنر کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا۔ ڈویژنل کمشنر کیندریکر نے کہا کہ افسران و ملازمین خود کو عوام کا خدمتگار سمجھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر لوگوں کے مسائل کرنے کرنے چاہئیں۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment