Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 14.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 14 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۴؍ اگست ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کابینہ نے ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد کیلئے مرکزی حکومت سے 6813/ کروڑ روپئوںکی مانگ کی ہے۔ کل ہوئے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اس رقم میں مغربی مہاراشٹر کے سانگلی‘ کولہا پور اور ساتارا ضلعوں کیلئے 4708/ کروڑ روپئے جبکہ کوکن‘ ناسک اور سیلاب سے متاثرہ دیگر اضلاع کیلئے 2105/ کروڑ روپئوں کی امداد کا مطالبہ کیا جائیگا۔ مرکزی حکومت کی مالی امداد پہنچنے تک ریاستی حکومت‘ قدرتی آفات سے نمٹنے کے اپنے فنڈ سے سیلاب زدگان کی مدد کریگی۔ ا س بارے میں وزیرِ اعلیٰ کی قیادت میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مستقبل کے فیصلے لینے کیلئے با اختیار ہوگی۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے تناظر میں ریاست کے ہونے والے میئر اورڈپٹی میئر کے انتخابات تین مہینے آگے بڑھا دئیے گئے ہیں۔ کل ہوئے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ ریاستی کابینہ نے صنعتوں کو درکار افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ’’Strive‘‘ پروجیکٹ کو ریاست میں شروع کرنے اور انتخابی اُمیدواروں کے کاسٹ ویلیڈیٹی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کرنے جیسے فیصلوں کو بھی منظوری دی۔
***** ***** *****
اس دوران وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور کابینہ کے سبھی وزیروں نے اپنی ایک مہینے کی تنخواہ وزیرِ اعلیٰ ریلیف فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی کانگریس نے بھی اپنے سبھی رہنمائوں سے کہا ہیکہ وہ اپنی ایک مہینے کی تنخواہ وزیرِ اعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کروائیں۔
اس بیچ مہاراشٹر کانگریس نے مرکزی حکومت کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ مہاراشٹر کو اب تک امداد جاری نہ کرنے پر نکتہ چینی کی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر بالا صاحب تھورات نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اب تک مہاراشٹر کو کوئی مالی امداد جاری نہیں کی ہے ،جس سے مرکزی حکومت کی عدم دلچسپی کا پتہ چلتا ہے۔ ریاست میں سیلاب سے پیدا ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کرنے کیلئے کل ممبئی میں مہاراشٹر کانگریس کے سینئر رہنمائوں کی میٹنگ ہوئی، جس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران تھورات نے یہ بات کہی۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے تھورات نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے دبائو کی وجہ سے ہی مرکزی وزیرِ داخلہ اَمت شاہ نے کرناٹک کے ہوائی دورے کے بعد کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ بی ایس یدورپّا کو ساتھ لیکر سانگلی اور کولہا پور کا ہوائی دورہ کیا۔ تھورات نے سوال اُٹھایا کہ اَمت شاہ کے ہوائی دورے کے دوران مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ یا کوئی وزیر اُن کے ساتھ کیوں نہیں تھے؟
***** ***** *****
بھارت کے 73/ ویں یومِ آزادی کے پسِ منظر میں صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند آج شام قوم سے خطاب کرینگے۔ آکاشوانی اور دوردرشن کے سبھی چینلوں سے شام سات بجے صدرِ جمہوریہ کا خطاب براہِ راست نشرکیا جائیگا۔ رات آٹھ بجے صدرِ جمہوریہ کے خطاب کا علاقائی زبانوں میں ترجمہ نشر کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ہنگولی شہر میں پیر کے روز برپا ہوئے فسادکے بعد کل ضلع کلکٹر رُجیش جئے وَنشی کی صدارت میں اَمن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ اس موقعے پر عوام سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور کاروبار حسب ِ معمول جاری رکھنے کی اپیل کی گئی۔ اس دوران پولس سپرنٹنڈنٹ یوگیش کمار نے کہا کہ فساد کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائیگا اور ملزمین فرار ہوکر اگر امن و قانون کا مسئلہ کھڑا کرتے ہیں تو پولس ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتے گی۔
***** ***** *****
سابق مرکزی وزیر اورمہاراشٹر کے سابق وزیرِ اعلیٰ ولاس رائو دیشمکھ کی ساتویں برسی پر آج مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے، جہاں ولاس رائوکو خراجِ عقیدت پیش کیا جائیگا۔ لاتور ضلع کے بابھل گائوں میں آج صبح نو بجے خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک دعائیہ تقریب منعقد کی گئی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے سیلو تعلقے کے برہم واکڑی‘ کھاد گائوں‘ برہمن گائوں اور سون وَٹی کے طلبہ نے بس خدمات شروع کرنے کے مطالبے پر کل مورے گائوں میں راستہ روکو احتجاج کیا۔ طلبہ نے نائب تحصیلدار کو مطالباتی محضر بھی پیش کیا۔ اس دوران بی جے پی رہنماء میگھنا بورڈیکر نے احتجاج کررہے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے مطالبات سے واقفیت حاصل کی۔
***** ***** *****
مائیکے گئی بیوی کو فون پر تین طلاق دینے کے الزام میں کل اورنگ آباد میں شوہر کے خلاف کیس درج کیا گیا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے لائے گئے نئے تین طلاق مخالف قانون کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اُسکے سسرال کے افراد جہیز کے باقی دولاکھ روپئے لانے کیلئے اُسے اذیتیں دے رہے تھے جس کے بعد اُس نے پولس میں شکایت درج کروائی تھی۔ خاتون کا الزام ہیکہ اس کے بعد اُس کے شوہر نے طلاق دینے کی دھمکیاں شروع کردی تھی۔
***** ***** *****
لاتور کے رکنِ پارلیمنٹ سدھاکر شرنگارے نے کولہا پور اور سانگلی ضلعوں کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مدد کے طور پر پینے کے پانی کی تیرہ ہزار بوتلیں روانہ کی ہیں۔ ضلع کلکٹر جی شریکانت کی موجودگی میں بوتلوں سے بھرا یہ ٹرک کل روانہ کیا گیا۔ لاتور ڈسٹرکٹ بار کائونسل نے بھی پانی کی بوتلوں کے ایک ہزار ڈبے کل کولہا پور اور سانگلی میرج کے سیلاب زَدگان کیلئے روانہ کیے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ودھان سبھااسپیکر ہری بھائو باگڑے کے تعاون سے اورنگ آباد ضلعے سے ایک کروڑ روپئوں کی رقم وزیرِ اعلیٰ راحت فنڈ میں جمع کی گئی ہے۔ یہ رقم کولہا پور اور سانگلی ضلعوں کے سیلاب زَدگان کی مدد کیلئے استعمال کی جائیگی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment