Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 16.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 16 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۶؍ اگست ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کل جوش و خروش اور پُرامن طریقے سے منائی گئیں۔ وزیرِ اعظم نریندرمودی نے دہلی کے لال قلعے پر ترنگا لہرایا اور قوم سے خطاب کیا۔ عوام سے اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نے آبادی میں زبردست اضافے کے مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرنے اور بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ملک بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ’’جل جیون مہم‘‘ چلائے جانے کا اعلان کیا، جس کے نفاذ پر ڈھائی لاکھ کروڑ روپئے خرچ کیے جائیں گے۔ مودی نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ کیمیائی کھاد کے استعمال کو کم کریں اور نامیاتی کاشتکاری پر توجہ دیں۔ انھوںنے عوام سے پلاسٹک کا استعمال بند کرنے کی اپیل کی۔وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ملک میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت نے سو لاکھ کروڑ روپئوں کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوںنے اس یقین کا اظہار کیا کہ ملک آئندہ پانچ برسوں میں پانچ ہزار ارب ڈالر کی معیشت بنے گا۔ وزیرِ اعظم نے بری‘ بحری اور ہوائی افواج کے درمیان ہم آہنگی کے لیے Chief Of Defence Staff کے نئے عہدے کا اعلان بھی کیا۔
اسی دوران ریاست میں گورنر سی ودّیا ساگر رائو نے پونا کے ودھان بھون میں جبکہ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے منترالیہ میں یومِ آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ نے سمندر میں بہہ جانے والے باش کے پانی کو گوداوری کی وادیوں میں لاکر مراٹھواڑہ اور شمالی مہاراشٹر کو خشک سالی سے پاک کرنے کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں یومِ آزادی پرچم کشائی سمیت مختلف تقریبات کے انعقاد کے ذریعے منائی گئی۔ مرکزی تقریب کا انعقاد اورنگ آباد میں ڈویژنل کمشنر دفترکے صحن میں کیا گیا۔ پرچم کشائی کی رسم ریاست کے وزیرِ ٹرانسپورٹ دیواکر رائوتے کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر رائوتے نے کہا کہ ریاستی حکومت سیلاب اور خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
جالنہ ضلع میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب پولس ہیڈ کوارٹر میدان میں وزیرِ رابطہ ببن رائو لونیکر کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ پربھنی میں وزیرِ رابطہ گلاب رائو پاٹل نے جبکہ ہنگولی میں رابطہ وزیر اتل ساوے نے پرچم کشائی کی ۔ وہیں ناندیڑ میں رام داس کدم اور لاتور میں سنبھاجی پاٹل نلنگیکر کے ہاتھوں آزادی کا پرچم لہرایا گیا۔ عثمان آباد میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ وزیر تاناجی ساونت نے کہا کہ مویشیوں کے چارے کی قلّت کے پیشِ نظر چارہ چھائونیاں ماہِ اگست کے آخر تک قائم رہیں گی۔
***** ***** *****
BJP کی مہاجنا دیش یاترا کا جواب دینے کیلئے کانگریس پارٹی نے پول کھول یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیرِ اعظم راجیو گاندھی کے یومِ پیدائش 20/ اگست سے اس یاترا کا آغاز ہوگا۔ کانگریس پارٹی کے قائد نانا پٹولے نے کل ممبئی میں یہ اعلان کیا۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے عثمان آباد سب ڈویژن میں بہترین کارکردگی کیلئے مشہور سرجن اور سماجی خدمتگار ڈاکٹر دامودھر بلی رام پتنگے کو خصوصی ایوارڈ سے سرفراز کیا جائیگا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود ییولے نے کل یہ اعلان کیا۔ یونیورسٹی کے عثمان آباد ضمنی مرکز کے یومِ تاسیس کے موقع پر یہ کل انعام دیا جائیگا۔
***** ***** *****
حیدرآباد۔ ممبئی ریل راستے پر واقع کرڈ واڑی اوردونڈ کے درمیان ڈبل ٹریک ریلوے لائن بچھانے کے کام کیلئے وسطی ریلوے انتظامیہ نے آج سے 28/ اگست تک متعدد ریل گاڑیاں جزوی یا مکمل طورپر منسوخ کردی ہیں اور چند ریل گاڑیوں کا راستہ تبدیل کردیا گیا ہے۔ ریلوے کے مطابق کرلا۔ ناندیڑ۔ کرلا، کرلا۔بیدر۔ کرلا‘ کولہا پور بیدر۔ کولہا پور‘ پنویل۔ ناندیڑ۔ پنویل اور پرلی۔ میرج۔ پرلی ریل گاڑیاں آج سے 28/ اگست تک کیلئے منسوخ کردی گئی ہیں‘ جبکہ اسی دوران ممبئی۔ بھونیشور۔ ممبئی‘ممبئی۔ حیدر آباد۔ ممبئی ریل گاڑیاں منماڑ۔ اورنگ آباد ۔وقارآباد راستے سے چلیں گی۔
***** ***** *****
مشہور فلم اداکارہ وِدّیا سنہا کل ممبئی میں چل بسیں۔ وہ 72/ برس کی تھی۔ ’’چھوٹی سی بات‘‘ ’’رجنی گندھا‘‘ ’’پتی پتنی اوروہ‘‘ نامی فلموں میں انھوںنے اداکاری کی ۔ و ہ گذشتہ چند برسوں سے دِل اور پھیپھڑوں کی بیماری سے متاثر تھیں۔
***** ***** *****
پیٹھن کے آبی منصوبے جائیکواڑی سے تین ہزار گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی گوداوری ندی میں چھوڑا جارہا ہے۔ مراٹھواڑہ کے قحط سے متاثرہ دیہاتوں کیلئے چھوڑا گیا یہ پانی آئندہ تین سے چار دِنوں میں پربھنی ضلع کے ڈھالے گائوں آبی منصوبے میں پہنچ جائیگا۔ یہ اطلاع آبی وسائل کے شعبے کی جانب سے دی گئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment