▼

Friday, 9 August 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 09.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 09 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۹؍ اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ جموں و کشمیر اور لداخ میں نئے دور کی شروعات ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والی دفعہ 370/ کو ردّ کیے جانے کے بعد کل مودی نے قوم سے خطاب کیا۔ وزیرِ اعظم نے دفعہ 370/ کو منسوخ کیے جانے کو تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے جموں کشمیر کی ترقی میں حائل رُکاوٹ دور ہوئی ہے۔ مودی نے کہا کہ جموں کشمیر میں بہترین سیاحتی مقام بننے کی اہلیت موجود ہے۔ مودی نے کہا کہ فلمی صنعت اور کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ کشمیر میں سرمایہ کاری پر غورکریں۔ ساتھ ہی وزیرِ اعظم نے اُمید ظاہر کی کہ تکنالوجی کی بدولت کشمیری عوام کی زندگی آسان ہوگی۔ اپنے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم مودی نے واضح کیا کہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے بعد جموں و کشمیرکو ریاست کا درجہ بحال کردیا جائیگا۔ واضح ہو کہ فی الحال جموں و کشمیر اور لداخ مرکز کے زیرِ انتظام علاقے ہیں۔ مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نئے نظام میں پولس اور ریاستی ملازمین کو دیگر ریاستوں کی طرز پر سہولیات مہیا کروائی جائیں گی۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کشمیر اور لداخ میں تمام خالی عہدوں پر تقررات کا عمل فوری شروع کیا جائیگا تاکہ نوجوانوں کو روزگار دستیاب ہوسکے۔
***** ***** ***** 
مغربی مہاراشٹر کے کولہا پور اور سانگلی ضلعوں میں آئی باڑھ سے ابترہوئے حالات میں سدھارہورہا ہے۔ ساتارا ضلعے کے کوئنا ڈیم سے چھوڑے جارہے پانی میں کل کٹوتی کی گئی۔اس کے علاوہ رادھا نگری ڈیم کے علاقے میں ہورہی بارش میں آئی کمی کی وجہ سے ڈیم کے تین دروازے بھی بند کردئیے گئے۔ اس سے کولہا پور شہر میں آئی باڑھ کا اثر کم ہوا ہے۔ سانگلی ضلعے میں بھی سطح ِ آب میں کمی آئی ہے۔ سانگلی ضلعے کے چار تعلقے طغیانی سے متاثر ہیں، جہاں 35/ ہزار سے زیادہ لوگ اس سے دوچار ہیں۔ سانگلی ضلعے کے پلوس تعلقے میں راحت اور بچائو کے کام میں مصروف ایک نائو کے پلٹ جانے سے 9/ لوگوں کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ کل صبح پیش آیا۔ حادثے میں چار افراد لاپتہ بھی ہوگئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ برہم نال سے 30/ لوگوں کو سوار کرکے نکلی یہ نائو کھٹاواڑ کی جانب جارہی تھی‘ اسی دوران یہ ایک پیڑ سے جاٹکرائی اور پھنس کر اُلٹ گئی۔
اس بیچ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے باڑھ کے دوران جان گنوانے والے لوگوں کے افرادِ خاندان کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپئوں کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ‘ کولہا پور‘ سانگلی اور ساتارا ضلعوں میں باڑھ کے بعد پیدا ہوئے حالات کا جائزہ لینے کے بعد کل کولہا پور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ محصول کے وزیر چندرکانت پاٹل‘ آبی وسائل کے وزیر گریش مہاجن‘ وزیرِ صحت ایکناتھ شندے اور رکنِ پارلیمنٹ سنبھاجی راجے سمیت کئی افراد وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ تھے۔
اس دوران پنجاب‘ اوڈیشہ اور گجرات سے راحت اور بچائو ٹیمیں مہاراشٹر کے باڑھ سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے بتایا کہ راحت اور بچائو کے کام کیلئے درکار نائووں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر ہوائی راستے سے لوگوں کو بچانے کیلئے بھی حکومت کی تیاری ہے۔ پھڑنویس نے کہا کہ تباہ ہوئے گھروںکی مرمت اور غذائی اجناس کو عوام تک پہنچانے کیلئے حکومت مدد کریگی۔ پھڑنویس نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ ہمت سے کام لیں اور نہ گھبرائیں۔
***** ***** ***** 
اس بیچ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر شردپوار نے کہا ہیکہ مہاراشٹر میں آئی باڑھ سے نمٹنے میں راحت اور بچائو کے سرکاری نظام کی پول کھل گئی ہے۔ پوار نے کل پونے میں یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری عملہ تعداد میں کم پڑرہاہے۔ شرد پوار نے باڑھ سے متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو سو فیصد قرض معافی دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے سماجی اور فلاحی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بچائو کاموں میں تعاون کریں۔ شرد پوار نے اعلان کیا کہ باڑھ سے متاثرہ عوام کیلئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سبھی عوامی نمائندے اپنی ایک مہینے کی تنخواہ امداد کے طور پر جمع کروائیں گے۔
***** ***** ***** 
آنے والے ودھان سبھاانتخابات کیلئے کانگریس کے ساتھ ونچت بہوجن اگھاڑی اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے یہ بات کہی۔ وہ کل اورنگ آباد میں نامہ نگاروںسے مخاطب تھے۔ امبیڈکر نے کہا کہ کانگریس‘ ونچت بہوجن اگھاڑی پر بی جے پی کی B ٹیم ہونے کا الزام لگاتی ہے، اس لیے کانگریس کے ساتھ اتحادکرنے کا کوئی سوال ہی نہیں اُٹھتا۔ امبیڈکر کا کہنا تھا کہ انکی اصل لڑائی بی جے پی سے ہے۔ پرکاش امبیڈکر نے مزید کہا کہ کانگریس کے پاس مضبوط اُمیدوار نہیں ہیں‘ اس لیے انھوںنے کانگریس کے ساتھ نہ جانے کا فیصلہ لیا ہے۔ امبیڈکر نے وضاحت کی کہ ونچت بہوجن اگھاڑی اور ایم آئی ایم مل کر انتخابی میدان میں اُتریں گے۔
***** ***** ***** 
اس دوران اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے کہا کہ آنے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے ایم آئی ایم نے ونچت بہوجن اگھاڑی کو 80/ سیٹیں دینے کی تجویز رکھی ہے۔ کل اورنگ آباد میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امتیاز جلیل نے بتایا کہ ان 80/ سیٹوں پر سبھی ذات اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو اُمیدواری دی جائیگی۔ امتیاز جلیل نے مزید کہا کہ اورنگ آباد سے ملک کے مختلف شہروں میں فضائی خدمت اور ریلوے کو جوڑنے کیلئے وہ مرکزی حکومت سے کوششیں کررہے ہیں۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment