Tuesday, 1 October 2019



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 01.10.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 October-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم اکتوبر  ۲۰۱۹ ؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
بھارتیہ جنتاپارٹی‘ شیوسینا اور دیگر حلیف سیاسی جماعتیں آنے والامہاراشٹر اسمبلی انتخاب مل کر لڑیں گی۔ BJP کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل اور شیوسینا رہنما سبھاش دیسائی نے کل ممبئی میں ایک مشترکہ بیان جاری کرکے انتخابی اتحاد کا اعلان کیا۔ اس اتحاد میں ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (آٹھولے گروپ)‘ راشٹریہ سماج پکش‘ شیوسنگرام اور رَیَت کرانتی جیسی سیاسی جماعتیں بھی شامل ہوں گی۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہیکہ کون سی پارٹی کتنی سیٹوں پر لڑے گی اس کا اعلان جلد ہی کیا جائیگا۔
اس بیچ چندر کانت پاٹل نے کہا کہ شیوسینا یوا سینا کے صدر آدتیہ ٹھاکرے کو نائب وزیرِ اعلیٰ کا عہدہ دینے کے بارے میں ابھی تک کوئی تبادلۂ خیال نہیں ہوا ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب آدتیہ ٹھاکرے نے کہا ہیکہ اگر انکی پارٹی کے کارکن چاہتے ہیں تو وہ ودھان سبھا چنائو لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ آدتیہ کل ممبئی میں شیوسینا کے وجئے سنکلپ جلسے میں بول رہے تھے۔ ممبئی کے وَرلی انتخابی حلقے سے آدتیہ کو امیدواری دئیے جانے کا امکان ہے۔
***** ***** ***** 
ریاست کے 63/ انتخابی حلقوںسے 101/ امیدواروں نے کل اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔ ایڈیشنل چیف الیکٹورل افسر دلیپ شندے نے یہ جانکاری دی۔ ان حلقوں میں مراٹھواڑہ سے اورنگ آباد ضلعے کے چار حلقوں سے آٹھ، جالنہ کے ایک حلقے سے دو‘ ناندیڑ کے پانچ حلقوں سے 15‘ پربھنی کے دو حلقوں سے 6‘ اور ہنگولی اور عثمان آباد کے ایک۔ ایک حلقے سے ایک۔ ایک امیدوار نے اپنی درخواستیں پیش کی۔
مہاراشٹر کانگریس کے صدر بالاصاحب تھورات نے بھی احمد نگر ضلعے کے سنگم نیر ودھان سبھا حلقے سے طاقت کا زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔ تھورات نے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد مہاراشٹر میں کانگریس اتحاد کا وزیرِ اعلیٰ ہوگا۔
سابق وزیرِ اعلیٰ اور کانگریس رہنما اشوک چوہان نے بھی کل ناندیڑ ضلعے کے بھوکر سے کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔ وہیں بیڑ ضلعے کے گیورائی سے شیوسینا رہنما بدام رائو پنڈت نے ایک درخواست شیوسینا کی جانب سے اور ایک درخواست آزاد امیدوار کے طور پر داخل کی۔
***** ***** ***** 
شیوسینا نے اورنگ آباد ضلعے کے سلوڑ تعلقے سے کانگریس سے شیوسینا میں شامل ہوئے عبدالستار کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ شیوسینا صدر اُدھو ٹھاکرے نے کل عبدالستار کو پارٹی کی نامزدگی کا ’’AB‘‘ فارم دیا۔ عبدالستار کی امیدواری کے اعلان کے بعد سلوڑ میں شیوسینا کے کارکنوں نے آتش بازی کرتے ہوئے جشن منایا۔
***** ***** ***** 
مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے اعلان کیا ہیکہ ان کی پارٹی بھی ودھان سبھا انتخابات لڑے گی۔ ممبئی کے باندرہ میں کل منعقدہ ایک جلسۂ عام میں راج ٹھاکرے نے یہ اعلان کیا۔ انھوںنے کہا کہ MNS کن سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اس بارے میں صحیح وقت آنے پر اعلان کردیا جائیگا۔ راج ٹھاکرے نے مزید کہا کہ وہ پانچ اکتوبر کو اپنے پہلے تشہیری جلسے سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر منترالیہ میں خودکشی کرنے والے دھولیہ ضلعے کے کسان دھرما پاٹل کے فرزند نریندر پاٹل اور ناسک میونسپل کارپوریشن کے شیوسینا کارپوریٹر دلیپ داتیر MNS میں شامل ہوگئے۔
***** ***** ***** 
ونچت بہوجن آگھاڑی نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کیلئے 180/ امیدواروں کی دوسری فہرست کل جاری کردی۔ اس کے مطابق اورنگ آباد سینٹرل سے امیت بھوئیگڑ کو امیدواری دی گئی ہے۔ فہرست میں مراٹھواڑہ کے مختلف حلقوںکیلئے 23/ امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا گیاہے۔ 
وہیں آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (MIM) نے بھی کل اپنے چھ امیدواروں کے نامو ں کا اعلان کیا۔ اس کے مطابق اورنگ آباد ضلعے کے پیٹھن ودھان سبھا حلقے سے پرلہاد راٹھوڑ‘ پربھنی سے علی خان اور بیڑ سے شیخ محمد شفیق کو MIM کا امیدوار بنایا گیا ہے۔
MIM کے ریاستی صدر اور اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** ***** 
دھنگر سماج کے رہنما گوپی چندر پڈڑکر نے کل بھارتیہ جنتا پارٹی میں واپسی کی۔ ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور بی جے پی ریاستی صدر چندر کانت پاٹل کی موجودگی میں پڈڑکر نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ نے ان کا خیر مقدم کیا۔ تقریب کے دوران وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ پڈڑکر کو بارامتی ودھان سبھا حلقے سے بی جے پی کا امیدوار بنایا جاسکتا ہے۔ اس بیچ شِرپور کے رکنِ اسمبلی کاشی ناتھ پائورا اور شِرپور کانگریس کے رہنما پربھاکر چوہان سمیت کئی افراد بی جے پی میں شامل ہوگئے۔
***** ***** ***** 
اطلاعات و نشریات کی وزارت کے علاقائی مرکز اور مہاتما گاندھی مشن کے مشترکہ تعاون سے مہاتما گاندھی کی 150/ ویں جینتی کے موقعے پر آج اورنگ آباد میں گاندھی جی کی زندگی پر مبنی تصویری نمائش اور ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ تصویری نمائش تین اکتوبر تک جاری رہے گی۔ MGM میں منعقد ہورہی تصویری نمائش صبح گیارہ بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گی، جس میں سبھی کا داخلہ مفت رہے گا۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment