Tuesday, 17 December 2019



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 17.12.2019, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 17 December-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۷؍ دسمبر  ۲۰۱۹؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے پہلے دِن کل اسمبلی میں 16/ ہزار کروڑ روپیوںکے اضافی مطالبات رکھے گئے۔ بے موسم بارش سے متاثرہ کسانوں کے نقصان کے ازالے کیلئے ساڑھے سات سو کروڑ روپیوں کا مطالبہ کیا گیا۔ اسمبلی میں کل چیف جسٹس شرد بوبڑے کو مبارکباد پیش کرنے کیلئے تجویز کو منظوری بھی دی گئی۔ قانون ساز اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے جبکہ کائونسل میں وزیرِ صنعت سبھاش دیسائی نے یہ تجویز پیش کی، جسے دونوںایوانوں میں اتفاقِ رائے سے منظور کیا گیا۔ وہیں کل آنجہانی اراکینِ اسمبلی کو بھی دونوںایوانوں میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اسی بیچ اسمبلی اسپیکر نے حزبِ اختلاف کے لیڈر دیویندر پھڑنویس کی جانب سے کانگریس قائد راہل گاندھی کے ویر ساورکر پر دئیے گئے بیان کی مخالفت کو کاروائی میں شامل نہ کرنے کا اعلان کیا۔ جس پر مخالف جماعتوں کے اراکین نے زبردست نعرے بازی کی۔ اس ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کاروائی دو مرتبہ ملتوی کی گئی۔
***** ***** ***** 
مرکزی حکومت نے کل ریاستوں اورمرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کیلئے اشیاء و خدمات ٹیکس GST کے عوض میں 35/ ہزار 2/ سو 98/ کروڑ روپیوں کا فنڈ جاری کیا ۔ گذشتہ مہینے ملک بھر میں اشیاء و خدمات ٹیکس کی وصولی ایک لاکھ 3/ ہزار 4/ سو 92/ کروڑ روپئے رہی جو نومبر 2018ء کے مقابلے 6/ فیصد زیادہ ہے۔ دریں اثناء آئندہ بدھ کو منعقدہ GST کانفرنس میں محصولات میں اضافے پر تبادلۂ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔
***** ***** ***** 
قانون ساز کونسل میں کل وزیرِ صنعت سبھاش دیسائی کو حزبِ اقتدار جماعتوں کا قائد اور پروین دریکر کو اپوزیشن لیڈر مقررکیا گیا۔ کونسل کے چیئرمین رام راجے نائیک نمبالکر نے کل یہ اعلان کیااور دونوں رہنمائوںکو مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے بھی دریکر کو حزب اختلاف قائد عہدے پر انکے تقرر کیلئے تہنیت پیش کی اور انہیں اپوزیشن لیڈر کی نشست پر بٹھایا۔ وہیں ایوان کے قائد سبھاش دیسائی نے دریکر کی سماجی‘ کھیل کے شعبے اور ممبئی میں امدادِ باہمی تحریک میں ان کے تعاون اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ دریکر نے جوابی خطاب میں کہا کہ انکی یہ کوشش رہے گی کہ ایوان کا زیادہ سے زیادہ وقت کام کاج میں صرف ہو اور ساتھ ہی مزدوروں اور محروموں کو انصاف ملے۔
***** ***** ***** 
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کل شیوسینکوں سے ریاست میں شیوسینا کا اقتدار ہے، اس یقین کو قائم رکھنے کیلئے نرم رہنے کی اپیل کی۔ وزیرِ اعلیٰ کل ناگپور میں پارٹی کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر تیقن دیا کہ وہ اس سے قبل کی حکومت کی طرح برتائو نہیں کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہم سے کسانوں کی قرض معافی کے تعلق سے سوال کیا جارہا ہے، ہمیں اپنا وعدہ یاد ہے اور ہم جو کہتے ہیں اس پر ضرور عمل کرتے ہیں۔
***** ***** ***** 
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی ناگپور بینچ میں ودربھ آبپاشی گھپلے معاملے میں مرکزی تفتیشی ادارے CBI کے ذریعے جانچ کا مطالبہ کرنے والی درخواست دائر کی گئی ‘ جس پر عدالت نے آئندہ ریاست کو15/ جنوری تک حلف نامہ داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس آبپاشی منصوبے پر عمل آوری کے دوران 70/ ہزار کروڑ روپیوں کا گھپلہ کیا گیا۔
***** ***** ***** 
شہریت ترمیمی بل کے خلاف کل ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگناتھ میں احتجاج کیا گیا اور مسلم سماج کی جانب سے بند کی اپیل کی گئی۔ اس بند نے متعدد مقامات پر پُرتشدد موڑ اختیار کرلیا۔ کچھ مظاہرین نے بس اسٹینڈ پر کھڑی بسوں کی کانچیں توڑ دیں، جس پر کاروائی کرتے ہوئے پولس نے مظاہرین کیخلاف جرم داخل کیا۔
***** ***** ***** 
شہریت ترمیمی بل کیخلاف جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی دہلی میں پیش آئے واقعے کا اثرکل ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں بھی نظر آیا۔ یونیورسٹی کی متعدد طلبہ تنظیموں نے کل جامعہ میںپیش آئے واقعہ پر احتجاج کیا۔ انھوں نے یونیورسٹی کے تعلیمی شعبے اور اسٹڈی سینٹر کو بند رکھنے کی اپیل کی، جس پر پولس نے مظاہرین کو نوٹس جاری کی اور ایک مقام پر جمع ہونے سے منع کیا۔
***** ***** ***** 
ریاستی الیکشن کمیشن نے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات پینل کی بنیاد پر کرنے اور سرکل کے مطابق وارڈوں کا ریزرویشن ظاہر کرنے کو منسوخ کردیا ہے۔ اس خصوص میں کل کمیشن کی جانب سے میونسپل کمشنر کو خط موصول ہوا،جس میں ریزرویشن کیلئے کی جانے والی قرعہ اندازی‘ سرکلوں کے قیام اور پینل سسٹم کے مطابق انتخابات سے متعلق اُمور کی انجام دہی کو منسوخ کرنے کا ذکر کیا گیا ۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment