Wednesday, 1 January 2020



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 01.01.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 January-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم جنوری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
نئے سال 2020ء کا دُنیا بھر میں جوش و خروش سے استقبال کیا گیا۔ بھارت میں بھی آدھی رات بارہ بجے نئے سال کی آمد پر ہر طرف خوشیاں منائی گئیں۔ اورنگ آباد سمیت سبھی بڑے شہروں کے اہم راستے نوجوانوں سے بھرے ہوئے تھے۔ کئی مقامات پر آتش بازی اور نئے سال کی پارٹی کے بیچ 2020ء کا خیر مقدم کیا گیا۔
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے بھی نئے سال کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ وہ نئے سال میں سب کیلئے سکون‘ اطمینان اور خوشحالی کی تمنا کرتے ہیں‘ ساتھ ہی مہاراشٹر اور ملک کی سبھی شعبوں میں ترقی کیلئے دُعا گو ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر نئے سال کا جوش و خروش سے استقبال کریں۔
***** ***** *****
جنرل بپن راوت بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف‘ CDS بن گئے ہیں۔ فوج‘ بحریہ اور فضائیہ کے درمیان تال میل برقرار رکھنا اور مسلح افواج سے متعلق معاملوں میں حکومت کو مشورے دینا‘ چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی ذمہ داری ہوگی۔ واضح ہو کہ جنرل بپن راوت کل 31/ دسمبر کو ہی برّی فوج کے سربراہ کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے ہیں، جس کے فوری بعد انہیں CDS کا عہدہ دیا گیا ہے۔
جنرل راوت‘ محکمۂ دفاع کی جانب سے ہتھیاروں کی خریداری کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے سربراہ بھی ہونگے۔ اس بیچ جنرل منوج مکند نَروَ نے کل ملک برّی فوج کے 28/ ویں سربراہ کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا۔ جنرل نَروَنے نے آرمی چیف بپن راوت سے یہ عہدہ حاصل کیا‘ جو کل سبکدوش ہوئے ہیں۔ اپنی 37/ سالہ خدمت میں جنرل نَروَنے نے جموں و کشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں میں فوجی مہموں میں اہم کردار ادا کیا۔ جنرل نَروَنے‘ آکاشوانی کی سابق نیوز ریڈر آنجہانی سُدھا نَروَنے کے فرزند ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن نے 102/ لاکھ کروڑ روپئوں کے ترقیاتی منصوبوں کا کل افتتاح کیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سیتا رمن نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے گذشتہ یومِ آزادی پر اعلان کے مطابق‘ آنے والے پانچ سالوں میں ہی ان ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جائیگا۔ اس موقع پر 2019ء سے 2025ء کیلئے تیار کیے گئے نیشنل انفراسٹرکچر پائپ لائن‘ NIP کی ایکشن کمیٹی رپورٹ کا بھی اجراء کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت توانائی‘ ریلوے‘ شہری سہولیات‘ سینچائی‘ تعلیم‘ صحت اور دیگر شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے کام کیا جائیگا۔
***** ***** *****

بھیما کورے گائوں کی تاریخی لڑائی کو آج 202/ سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر پونے ضلعے کے بھیما کورے گائو ںمیں آج زبردست حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ علاقے میں دس ہزار سے زیادہ پولس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ پونے پولس نے بتایا کہ بھیما کورے گائوں لڑائی کی یاد میں 2018ء میں منائی گئی تقریب کے دوران ہوئے تشدد کے پس ِ منظر میں یہ حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولس نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر قابلِ اعتراض پوسٹ کرنے والوںپر پہلے ہی کاروائی شروع کی جاچکی ہے۔ پولس نے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر ایسی کوئی بھی قابلِ اعتراض پوسٹ نہ کریں جس سے امن و قانون کی صورتحال بگڑنے کا خدشہ ہو۔ پونے دیہی علاقے کے پولس سپرنٹنڈنٹ سندیپ پاٹل نے کہا کہ افواہیں پھیلانے والوںپر سخت کاروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
گڑچرولی ضلعے میں مختلف نکسلی تنظیموں میں کام کررہے پانچ نکسلیوں نے کل خود کو پولس کے حوالے کردیا۔ ان میں تین خواتین نکسلی شامل ہیں۔ ان سبھی پر قریب 27/ لاکھ روپئوں کا انعام تھا۔
***** ***** *****
شیوسینا کے راجندر جنجال اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر بن گئے ہیں۔ کل ہوئے انتخابات میں جنجال نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے حمایت یافتہ آزاد اُمیدوار گوکُل ملکے کو شکست دی۔ جنجال نے 51/ ووٹ حاصل کیے، جبکہ ملکے 34/ ووٹ ہی حاصل کرسکے۔ MIM کے اُمیدوار ظفر بلڈر نے 13/ ووٹ لیے۔ اس بیچ رائے دہی کے دوران غیر حاضر رہنے پر MIM نے اپنے 6/ کارپوریٹرو ںکو معطل کردیا ہے۔ پارٹی رہنما گنگادھر ڈھگے نے کل اخباری نمائندوں کو یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد اور عثمان آباد ضلعوں کی پنچایت سمیتیوں کے سبھا پتی کے عہدوںکیلئے بھی کل ووٹ ڈالے گئے۔ نتیجوں کے مطابق دونو ںضلعوں میں سبھا پتی عہدوں پر شیوسینا نے بازی ماری ہے۔ اورنگ آباد کی 9/ پنچایت سمیتیوں میں سے پانچ میں شیوسینا امیدواروں نے جیت حاصل کی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار 2/ سیٹوں پر کامیاب ہوئے ہیں‘ وہیں کانگریس اور رائے بھان جادھو وِکاس آگھاڑی کے ایک۔ ایک سبھا پتی چنے گئے۔
دوسری جانب عثمان آباد ضلعے کی آٹھ پنچایت سمیتیوں میں سے شیوسینا امیدواروں نے 4/ سیٹوںپر کامیابی پائی ہے۔ اسی طرح بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس دونوں سے دو۔ دو سبھاپتی چنے گئے ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ میں پچاس لاکھ روپئوں کی فروطی کیلئے اغواء کیے گئے ایک تاجر کو کل پولس نے بازیاب کروایا۔ تاجر کھیراج بھائی بھانو شالی پرسوں رات ٹووہیلر پر گھر جارہے تھے اور اسی دوران کچھ اغواء کاروں نے انہیں اغواء کرلیا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ پولس کی جانب سے تشکیل دئیے گئے خصوصی دستوں نے جال بچھایا، جس کی خبر ملتے ہی اغواء کار تاجر بھانو شالی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment