Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 02.01.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM
Date: 02 January-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ جنوری ۲۰۲۰
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کے قلمدانوں کی تقسیم کا آج اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ مہا وِکاس آگھاڑی حکومت میں شامل شیوسینا۔ کانگریس اور این سی پی کے قائدین نے کل قلمدانوں کی تقسیم کو آخری شکل دینے کیلئے اجلاس منعقدکیا۔ اس اجلاس کے بعد نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوارنے نامہ نگاروںکو بتایا کہ قلمدانوں کی تقسیم سے متعلق معاملات طئے ہوچکے ہیں اور آج شام وزیرِ اعلیٰ ان کی تقسیم کا اعلان کریں گے۔
دریں اثناء ریاستی وزیر جینت پاٹل نے بتایا کہ حکومت میں شامل جماعتوں کے درمیان قلمدانوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اسی بیچ اشیاء و خدمات ٹیکس GST کے حصول میں اضافے کے موضوع پر بھی اس اجلاس میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ نئے تصورات اور نظریات کے ساتھ نئے مہاراشٹر کی تعمیر میں سینئر سائنس دانوں کی شراکت اہم ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی میںسینئر سائنس داں پدم بھوشن ڈاکٹر رگھوناتھ ماشیلکر سے نئے مہاراشٹرکی تعمیر سے متعلق پالیسیوں پر گفت و شنید کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ڈاکٹر ماشیلکر سے سائنس اور ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ریاست کی ہمہ جہت معاشی اور سماجی ترقی کے موضوع پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس مقصد کے حصول کیلئے پونے انٹرنیشنل سینٹر کے استعمال‘ زرعی شعبے اور کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے نئی ٹکنالوجی کے استعمال‘ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور GST میںترمیم جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی کے رکنِ اسمبلی سنگرام تھوپٹے کے 19/ حامیوں کو کل حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ تھوپٹے کو کابینہ میں شامل نہ کیے جانے سے ناراض ان حامیوں نے پارٹی کے پونا دفتر میں کل توڑ پھوڑ کی تھی۔
اسی بیچ کولہاپور کے کانگریس رکنِ اسمبلی پی این پاٹل کے حامی بھی انہیں کابینہ میں جگہ نہ دئیے جانے کے باعث ناراض ہیں۔ پاٹل کے حامیوں نے کل پھلے واڑی میں میٹنگ منعقد کی اور پارٹی کے عہدوں سے اجتماعی طور پر مستعفی ہونے کی قرارداد منظور کی۔
***** ***** *****
بغیر سبسیڈی والے گیس سلنڈر کی قیمت میں فی سلنڈر 19/ روپیوںکا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعداس گیس سلنڈر کی قیمت 695/ سے بڑھ کر 714/ روپئے ہوگئی ہے۔ ستمبر 2019ء کے بعد یہ مسلسل پانچواں اضافہ ہے۔ اسی طرح ممبئی میں عوامی تقسیم کاری خدمات کے ذریعے فروخت کیے جانے والے مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر 35/ پیسوں کا اضافہ کیا گیا ہے‘ جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت فی لیٹر 35/ روپئے 58/ پیسے ہوچکی ہے۔ ہوائی جہاز کے ایندھن کی قیمت میں بھی 2/ اعشاریہ 6/ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ کانگریس اور CPI-M نے اس اضافے پر حکومت کو تنقید کانشانہ بنایا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے رہنما دیویندر پھڑنویس نے کل ریاستی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے لیے اعلان کیا گیا قرض معافی منصوبہ ایک دھوکہ ہے۔ پھڑنویس کل پال گھر ضلع کے دھانو میں پارٹی کارکنان کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوںنے کہا کہ ریاستی حکومت نے عوامی رائے کا احترام نہیں کیا اور تین جماعتوں کی یہ حکومت زیادہ عرصے تک قائم نہیں رہ پائیگی۔
***** ***** *****
ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے ونچت بہوجن آگھاڑی سے کل اپنی علیحدگی کا اعلان کردیا۔ پارٹی صدر سُوکمار کامبلے نے کل کولہاپور میں صحافتی کانفرنس کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ کامبلے نے بتایا کہ آگھاڑی کے قائدین نے ہمارے کارکنان کی رضامندی کے بغیر فیصلے کیے اور ماتنگ سماج کے کسی بھی شخص کو انتخابات میں امیدواری نہیں دی۔ اسی لیے ہم نے اس اتحاد سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا۔
***** ***** *****
پونا ضلع کے کورے گائوں بھیما میں کل فتح کی یادگار وجئے استمبھ کو سلامی دینے کیلئے عوام کا جمِ غفیر اُمڈ پڑا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار‘ ونچت بہوجن آگھاڑی کے قائد پرکاش امبیڈکر اور ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے صدر رام داس آٹھولے نے بھی کل وجئے استمبھ پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
شہریت ترمیمی قانون کی حمایت میں ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کی جانب سے ریاست بھر میں آئندہ 10/ تاریخ کو ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ پارٹی کے قومی صدر رام داس آٹھوے نے کل یہ اعلان کیا۔ انھوںنے اس قانون کو وزیرِ اعظم نریندرمودی کی جانب سے اٹھایا گیا انقلابی قدم قرار دیا۔ آٹھولے نے کہا کہ ان کی پارٹی اس قانون کی حمایت میں ریاست کے ہر ضلع اورتعلقے میں ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔
***** ***** *****
آج ریاست بھر میںپولس محکمے کا یومِ تاسیس منایا جارہا ہے۔ اس خصوص میں اورنگ آباد پولس کمشنریٹ کی جانب سے آج سے آئندہ 8/ جنوری تک محکمے کے کام کاج اور مختلف شعبہ جات سے متعلق معلومات کو عام کرنے کیلئے نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پولس کمشنریٹ کے دیوگری میدان پر آج صبح دس بجے پولس کمشنر چرنجیو پرساد کے ہاتھوں اس نمائش کا افتتاح عمل میں آئے گا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment