Monday, 6 January 2020




Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 06.01.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 January-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی‘  اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶؍ جنوری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی مجلس ِ وزراء میں تجویز کردہ قلمدانوں کی تقسیم کو کل گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے منظوری دے دی ۔ جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ دفتر نے ٹوئیٹر پر تمام وزراء کے قلمدانوں کی فہرست ٹوئیٹر پر جاری کردی۔ اس فہرست کے مطابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کے پاس عمومی انتظامی اُمور‘ اطلاعاتی تکنالوجی‘ رابطۂ عامہ، آئین و انصاف کے علاوہ تمام محکمے ہونگے‘ جو کسی اور وزیر کو تفویض نہیں کیے گئے۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو مالیات و منصوبہ بندی‘ انیل دیشمکھ کو وزارتِ داخلہ، سبھاش دیسائی کو صنعت اور کان کنی‘ چھگن بھجبل کواغذیہ شہری رسد اور تحفظ ِ صارفین کا قلمدان‘ دلیپ ولسے پاٹل کو محنت‘ باڑا صاحب تھورات کو محصول‘ باڑا صاحب پاٹل کو امدادِ باہمی و تجارت اور جینت پاٹل کو بقائے آب کا محکمہ دیا گیا ہے۔ دادا بھوسے زراعت‘ نواب ملک اقلیتی بہبود‘ راجندر شنگنے اغذیہ و ادویہ‘ انتظامی اُمور‘ حسن مشرف دیہی ترقیات‘ نتن رائوت توانائی‘ ورشا گائیکواڑ اسکولی تعلیم‘ جتندر آہواڑ ہائوسنگ‘ ایکناتھ شندے شہری ترقیات و تعمیرات ِ عامہ‘ سنیل کیدار کھیل و نوجوانوں کی فلاح‘ جبکہ وجئے وڑیٹیوار کو پسماندہ طبقات کی بہبود کا خصوصی قلمدان دیا گیا ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے کو ماحولیات و سیاحت’ اُدئے سامنت کو اعلیٰ و تکنیکی تعلیم‘ سنجے راٹھوڑ کو جنگلات اور امداد و باز آباد کاری‘ گلاب رائو پاٹل کو آبرسانی و صفائی‘ کے سی پاڑوی کو قبائلی ترقیات‘ انیل پرب کو مواصلات‘ اسلم شیخ کو پارچہ بافی‘ ماہی پروری اور بندرگاہوں کی ترقی‘ یشومتی ٹھاکر کو بہبودِ اطفال و خواتین کی وزارت دی گئی ہے۔ مراٹھواڑہ کے وزراء میں اشوک چوہان کو عوامی پروجیکٹ کے سوا تعمیرات ِ عامہ، راجیش ٹوپے کو صحت ِ عامہ اور خاندانی فلاح و بہبود‘ امیت دیشمکھ کو ثقافتی اُمور اور طبّی تعلیم‘ سندیپان بھومرے کو روزگار ضمانتی اسکیم‘ دھننجے منڈے کو سماجی انصاف اور معاونِ خصوصی کا محکمہ تفویض کیا گیا۔ مملکتی وزیر عبدالستار کو محصول، دیہی ترقیات‘ بندرگاہوں کی ترقی اور خصوصی تعاون کے شعبوںکی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
***** ***** ***** 
شہریت ترمیمی قانون کی حمایت حاصل کرنے کیلئے بی جے پی کی جانب سے کل سے 10/ روزہ عوامی رابطہ مہم شروع کی جارہی ہے۔ اس مہم کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور وزراء ملک کے مختلف مقامات پر گھر گھر جاکر شہریوں کو اس ترمیمی قانون کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے اور CAA کیلئے عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
***** ***** ***** 
ریاستی کابینہ میں شمولیت پر پیٹھن سے شیوسینا کے رکنِ اسمبلی سندیپان بھومرے کا اورنگ آباد سے قریب بڑکن میں پُرجوش استقبال کیا گیا۔ قبل ازیں بھومرے کے استقبال میں ایک جلوس نکالا گیا اور انہیں مٹھائی میں تولا گیا۔ 
اودگیر کے رکنِ اسمبلی اور آبرسانی و صفائی کے مملکتی وزیر سنجے بنسوڑے کی کل لاتورمیں ریلوے اسٹیشن پر آمد پر کارکنوں اور حامیوں نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔ راجیش ٹوپے اور دھننجے منڈے کا بھی ان کے متعلقہ حلقوں میں استقبال کیا گیا۔
***** ***** ***** 
دَرپن دِن یعنی یومِ صحافت کل ریاست بھر میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے صحافیوں کو نیک خواہشات پیش کیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی اُمور میں صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کا نہایت اہم کردار ہے اور صحافیوں کے مختلف مسائل پر حکومت ہمیشہ مثبت مؤقف اختیار کرے گی۔ 
درپن دِن کی مناسبت سے ہنگولی ضلع مراٹھی پترکار سنگھ کی جانب سے صحافیوں کو ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ ناندیڑ میں بھی مراٹھی پترکار سنگھ کی جانب سے کل آکاشوانی کے نامہ نگار آنند کلیانکر کو رامیشور بیانی ایوارڈ دیا گیا‘ جبکہ اورنگ آباد ٹائمز کے مدیرِ اعلیٰ شعیب خسرو کو سدھاکر ڈوئی پھوڑے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد شہر کے چکل تھانہ صنعتی علاقے میں کلا گرام اور گروارے میدان پر 9/ تا 12/ جنوری کے دوران ایڈوانٹیج مہاراشٹر ایکسپو 2020ء کے نام سے صنعتی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ اسوسی ایشن آف اسمال اسکیل انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچر ’’میسیا‘‘ کے صدر گیان دیو راجڑے نے کل ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** ***** 
بھارت اور سری لنکا کے مابین تین T-20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل بارش کے باعث کھیلا نہ جاسکا۔ دوسرا میچ کل اندور میں کھیلا جائیگا۔
***** ***** ***** 

No comments:

Post a Comment