Tuesday, 11 February 2020



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 11.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 11 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۱؍ فروری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
حکومت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ ایس سی‘ ایس ٹی ریزرویشن سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر مناسب غور و فکر کے بعد کوئی مناسب فیصلہ کرے گی۔ عدالت ِ عالیہ نے اپنے ایک حالیہ فیصلے میں کہا ہے کہ ملازمتوں اور ترقی میں ایس سی’ ایس ٹی کا ریزرویشن کوئی بنیادی حق نہیں ہے۔ سماجی انصاف کے وزیر تھاور چندگہلوت نے کل راجیہ سبھا میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں نہ ہی فریق تھی اور نہ ہی اُس نے کوئی حلف نامہ پیش کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت ایس سی‘ ایس ٹی اور اوبی سی کی بہبود کے تئیں عہد بستہ ہے۔ انھوںنے کہا کہ عدالت ِ عالیہ کا فیصلہ 2012ء میں اُترا کھنڈ میں اُس وقت کی کانگریس حکومت کے ذریعے جاری کیے گئے ایک حکم کی بنیاد پر ہے۔
پارٹی وابستگی سے بالاترہوکر اپوزیشن کے تمام ارکان نے عدالت ِ عالیہ کے فیصلے پر سوال اٹھایااور درجِ فہرست ذاتوں اور درجِ فہرست قبائل کے لوگوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے حکومت سے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ میں ایس سی‘ ایس ٹی ترمیمی قانون 2018ء کے آئینی جواز کو برقرار رکھا ہے، جس میں ایس سی‘ ایس ٹی کے خلاف زیادتی کے معاملے میں پیشگی ضمانت کے امکان کو مسترد کیا گیا ہے۔ مفادِ عامہ کی کئی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے عدالت ِ عالیہ نے کہا ہے کہ پیشگی ضمانت صرف ایسے ہی معاملات میں دی جاسکتی ہے جہاں بادی النظر میں یہ معاملہ نہیں بنتا۔ جسٹس ارون مشرا کی سربراہی والی بینچ نے کہا ہے کہ اس قانون کے تحت FIR درج کرانے سے پہلے ابتدائی چھان بین ضروری نہیں ہے اور نہ ہی کسی سینئر پولس عہدیدار کی منظوری ضروری ہے۔
ایس سی‘ ایس ٹی ترمیمی قانون 2018ء سپریم کورٹ کے اُس حکم کو کالعدم کرنے کیلئے منظور کیا تھا جس میں قانون کے سخت ضابطوں کو تحلیل کردیا گیا تھا۔
***** ***** *****
اطلاعات و نشریات کی وزارت کی طرف سے ’’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘‘ مہم کا کل پورے ملک میں آغاز ہوا۔ یہ مہم اس مہینے کی 28/ تاریخ تک جاری رہے گی۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے 2015ء میں راشٹریہ ایکتا دِیوس کے موقع پر ملک کے مختلف خطوں کے درمیان ثقافتی تعلق قائم کرنے کا خیال پیش کیا تھا۔ ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے وسیع مقاصد میں ہمارے ملک کی کثرت میں وحدت کا جشن اور تمام ریاستوںاور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے درمیان رابطوں کے ذریعے قومی اتحاد کے جذبے کو فروغ دینا شامل ہے۔
***** ***** *****
دلّی اسمبلی کے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج صبح آٹھ بجے شروع ہوگئی۔ ابتدائی رجحانات میں کجریوال کی عام آدمی پارٹی سبقت لیے ہوئے ہے۔ دوپہر تک حتمی نتائج ظاہر ہونے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
وردھا ضلعے کے ہنگن گھاٹ میں پٹرول جسم پر ڈال کر جلائے گئے خاتون پروفیسر کی کل صبح دورانِ علاج موت واقع ہوگئی۔ خاتون پروفیسر کے جسدِ خاکی پر داروڑا میں ان کے آبائی گائوں میں غم زدہ ماحول میں آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ متاثرہ کی موت کے بعد داروڑا دیہات کے لوگوںنے ملزم کو فوراً سزا دی جائے اس مطالبے پر وردھا۔ اورنگ آباد شاہراہ پر دو گھنٹے راستہ بند احتجاج کیا۔ پولس نے دیہات میں ہوئے پتھرائو کے بعد معمولی طاقت کا استعمال کیا۔ وزیرِ اعلیٰ سمیت نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے متاثرہ کی موت پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ ریاست کے وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے متاثرہ خاتون پروفیسر کے گھر میںایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا تیقن دیا۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں قائم کی گئی کابینہ کی سب کمیٹی کی آج ممبئی میں پہلی میٹنگ ہورہی ہے۔ سب کمیٹی کے صدر تعمیرات ِ عامہ کے وزیر اشوک چوہان نے میٹنگ طلب کی ہے۔ ایکناتھ شندے‘ باڑا صاحب تھورات‘ دلیپ ولسے پاٹل وغیرہ وزراء اس کمیٹی کے اراکین ہیں۔ اس بیچ ممبئی کے آزاد میدان پر احتجاج کرنے والے مراٹھا سماج کے وفد نے کل چوہان سے ملاقات کی اور اپنے مختلف مطالبات پیش کیے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی 60/ ویں تقسیمِ اسنادات تقریب آج ہورہی ہے۔ گورنر نیز چانسلر بھگت سنہہ کوشیاری‘ قومی کیمیائی لیباریٹری کے ڈائریکٹر پروفیسر اشون کمار نانگیا اس تقریب میں موجودرہیں گے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے اردھاپور تعلقے کے مالیگائوں میں کانگریس کے سینئر رہنما دتا دکاندار عرف دتا رائو انگولے مالیگائونکر کل صبح مختصر علالت کے باعث چل بسے۔ وہ 76/ برس کے تھے۔ دتا دُکاندار یہ مراٹھواڑہ امدادِ باہمی شکر کارخانہ ڈونگر کڑا کے ڈائریکٹر تھے۔
***** ***** *****
بھار ت اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ کرکٹ مقابلہ آج کھیلا جارہا ہے۔ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے مقابلے کا آغاز ہوا۔ اس سے قبل ہوئے دونوں مقابلوں میں میزبان نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس سیریز میں دو۔ صفر سے سبقت حاصل کرلی ہے۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment