Wednesday, 12 February 2020




Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 12.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 12 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۲؍ فروری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
اَروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی نے دِلّی ودھان سبھا انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے دلّی اسمبلی کی 70/ سیٹوں میں سے 62/ سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کرلی ۔ پارٹی کی لگاتار تیسری کامیابی کے بعد اَروند کجریوال تیسری بار دِلّی کے وزیرِ اعلیٰ بننے جارہے ہیں۔ نتیجوں کے مطا بق بھارتیہ جنتا پارٹی نے آٹھ سیٹوں پر کامیابی پائی ہے جبکہ کانگریس ایک بھی سیٹ پر کامیاب نہیں ہوپائی۔ کانگریس کے 66/ امیدواروں میں سے 63/ امیدوار اپنی ضمانت بھی نہیں بچا سکے۔
اس دوران دِلّی ودھان سبھا انتخابات میں اروند کجریوال کی جیت پر مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کی جیت ’’من کی بات‘‘ پر ’’جن کی بات‘‘ کی جیت ہے۔ وہیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار نے کہا کہ یہ بی جے پی کی سماج میں پھوٹ ڈالنے والی سیاست کی شکست ہے۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ کل مکمل ہوا۔ راجیہ سبھا اور لوک سبھا دونوں کی کاروائی اب 2/ مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ اس سے پہلے وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن نے دونوںایوانوں میں بجٹ پر ہوئی بحث میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
طلبہ میں خود اعتمادی پیداکرنے اور انہیں خود کفیل بنانے کے مقصد سے مہاراشٹر میں ہنرمندی کے مثالی مراکز قائم کرنے کی ہدایت اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے دی ہے۔ وہ کل ممبئی میں ریاستی تکنیکی تعلیمی بورڈ کے 32/ ویں اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ سامنت نے کہا کہ ہر محکمے کی دشواریوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈپلومہ کورسیز تیار کیے جائیں۔
اس بیچ سامنت نے کل ممبئی میں سوامی راما نندتیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔انھوںنے ہدایت دی کہ یونیورسٹی کے احاطے میں جاری شنکر رائوچوہان ریسرچ سینٹر کا تعمیری کام تیزی سے مکمل کیا جائے۔ سامنت نے یقین دلایا کہ اس کام کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جائیگی۔
***** ***** *****
نوجوانوں سے اپنے اُصولوں کے ساتھ دیانت داری برتتے ہوئے اعلیٰ مقاصد کو حاصل کرنے اور ملک کو مضبوط بنانے کی اپیل مہاراشٹر کے گورنر اور یونیورسٹیوں کے چانسلر بھگت سنگھ کوشیاری نے کی ہے۔ گورنر کل اورنگ آباد میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی 60/ ویں تقریبِ اسناد میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔
انھوںنے کہا کہ بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ مواقع بھی بڑھ رہے ہیں، جس کیلئے طلبہ کو بھی اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے یونیورسٹی‘ ملک اور سرپرستوں کا نام روشن کرنے کیلئے کوشش کرنی چاہیے۔ گورنرنے کہا کہ ماں‘ مادری زبان اور مادرِ وطن کے تئیں عزت و احترام سے ہی کامیابی کی شروعات ہوتی ہے۔ نیشنل کیمیکل لیباریٹری کے ڈائریکٹر پروفیسر اشونی کمار نانگیا تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
***** ***** *****
وردھا کے ہنگن گھاٹ میں خاتون ٹیچر کی جلائے جانے سے ہوئی موت کے بعد کل ریاست کے مختلف حصوں میں احتجاج کیے گئے۔ ناندیڑ میں مختلف خواتین تنظیموں کے کارکنوں نے مہاتما جیوتی با پھلے اور ساوتری بائی پھلے کے مجسّموں کے سامنے احتجاجی جلسے کیے۔ تلجا پور میں بھی اکھل بھارتیہ وِدّیارتھی پریشد‘ ABVP کے کارکنوں کی جانب سے مظاہرے کیے گئے۔
***** ***** *****
شہری فراہمی اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے ریاستی وزیر چھگن بھجبل نے کہا ہے کہ کیروسین کی تقسیم سے متعلق شرائط اور ضابطوں میں نرمی لائی جائیگی۔ چھگن بھجبل‘ کل منترالیہ میں عوامی نظامِ تقسیم کے تحت ضرورت مندوں کو کیروسین فراہمی سے متعلق میٹنگ میں بول رہے تھے۔ بھجبل نے مزید کہا کہ کیروسین کی تقسیم میں اضافے پر بھی غور کیا جائیگا۔
***** ***** *****
خواتین اور بچوںپر ہونے والے جنسی زیادتی کے واقعات سے متاثرہ افراد اور تیزاب پاشی کے حملوںکی شکار خواتین کو دی جارہی مالی امداد اور ان کی باز آبادکاری پر مؤثر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے قانون ساز کونسل کی ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر نیلم گورہے کی صدارت میں کل ممبئی میں میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں بازآبادکاری کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ نیلم گورہے نے متاثرہ خواتین تک مالی امداد فوراً پہنچانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ کرکٹ مقابلے میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو پانچ وِکٹ سے ہرادیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی تین۔ صفر سے جیت لی ہے۔ اس کے بعد بھارت اور نیوزی لینڈ دو ٹیسٹ میچ بھی کھیلیں گے۔ پہلا ٹیسٹ‘ 20/ فروری ے ویلنگٹن میں کھیلاجائیگا۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment