आकाशवाणी औरंगाबादची बातमीपत्र AIR CHHATRAPATI SAMBHAJINAGAR NEWS
▼
Thursday, 13 February 2020
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 13.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.Date: 13 February-2020Time: 8:40 to 8:45 amآکاشوانی اَورنگ آبادعلاقائی خبریںتاریخ:۱۳؍ فروری ۲۰۲۰وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸***** ***** *****صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووِند نے کہا ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے کیے جارہے اقدامات سے معاشی بدعنوانیوں کی انسداد میں مدد ملے گی۔ پوناکے قومی ادارہ برائے بینکنگ انتظامیہ کی گولڈن جوبلی تقاریب کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بینکوں میں جمع کردہ رقوم کے بیمے میں 5/ لاکھ روپئے تک کے اضافے کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ نیز اس طرح کے اقدامات سے بینکنگ نظام میں استحکام آئے گا۔ انھوںنے کہا کہ عالمی معیار کی بینکنگ خدمات فراہم کرنے کیلئے ضروری باصلاحیت اور تربیت یافتہ ملازمین مہیاکرنے کی ذمہ داری بینک انتظامی اُمور سے متعلق ادارے کو لینا ہوگا۔***** ***** *****جراثیم کش انتظامی بل 2020ء کوکل مرکزی کابینہ نے منظوری دیدی۔ کسانوں کو محفوظ اورنتیجہ خیز جراثیم کش ادویات بہم پہنچانا اس بل کا مقصد ہے۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرکاش جائوڑیکر نے کل دہلی میں ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ یہ بل رواں بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا۔***** ***** *****وہ مہلک بیماریاں جن کا علاج کافی مہنگا ہے اور جو آیوشمان بھارت یوجنا میں شامل نہیں ہے ایسے عارضوں میں مبتلا افراد کیلئے قومی طبّی فنڈ میں سے 15/ لاکھ روپئے تک کی امداد دی جائیگی۔ مرکزی وزارت برائے صحت ِ عامہ نے اس پالیسی تبدیلی کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کے باعث کسی بھی مہلک عارضے میں مبتلا معاشی طو رپر پسماندہ افراد کو علاج کروانے میں سہولت مل سکے گی۔***** ***** *****ریاستی سرکاری افسران و ملازمین کے کام کے ہفتے کا دورانیہ پانچ دِن کرنے کو ریاستی کابینہ نے منظوری دیدی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ صدارت کل ممبئی میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے اس فیصلے کا نفاذ اس ماہ کی 29/ تاریخ سے ہوگا۔ تاہم اس فیصلے کے بعد ریاستی سرکاری ملازمین کے کام کاج کے اوقات میں روزانہ 45/ منٹ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اب سرکاری دفاتر میں کام کاج کے اوقات صبح پونے دس بجے سے شام سوا چھ بجے تک ہونگے۔ جو سرکاری دفاترانتہائی ضروری خدمات کے زمرے میں آتے ہیں اور جن دفاتر میں فیکٹری آرڈیننس لاگو ہے ایسے دفاتر کیلئے پانچ دِن کے ہفتے کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔***** ***** *****مہاراشٹر کے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب شاندار طریقے سے منانے کا فیصلہ ریاستی کابینہ نے کیا ہے۔ اس خصوص میں سال بھر مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان تقاریب کا ریاست بھر میں یکم مئی سے آغاز کرنے کو ریاستی کابینہ نے منظوری دی۔***** ***** *****ریاستی حکومت نے فرمان جاری کیا ہے کہ ریاست بھر کے کالجوں میں کام کاج کا آغاز راشٹر گیت سے کیا جائیگا۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے یہ اطلاع دی۔ آئندہ شیو جینتی یعنی 19/ فروری سے اس فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔***** ***** *****ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے شیو بھوجن تھالی منصوبے سے گذشتہ 17/ دِنوں میں دو لاکھ سے زائد شہریوں نے استفادہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہاہے کہ اس منصوبے کو بہترین پذیرائی مل رہی ہے اور تلقین کی کہ شہریو ںکو دئیے جانے والے کھانے کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔***** ***** *****ریاست میں جادو ٹونا مخالف قانون پر سخت عمل درآمد کیلئے نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے 10 / کروڑ روپئے منظور کیے ہیں۔ اس قانون پر عمل درآمد کیلئے ریاستی سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے سربراہ سماجی انصاف کے وزیر دھننجے منڈے اور معاون چیئرمین کُل ہند تنظیم برائے انسدادِ بدعقیدگی‘ شیام مانو ہونگے۔***** ***** *****رسوئی گیس کے غیر امدادی سلنڈر کی قیمت میں 146/ روپئے کا اضافہ کردیا گیاہے‘ اس کے علاوہ کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت بھی 226/ روپئے بڑھا دی گئی۔ یہ نئی قیمتیں کل سے لاگو کردی گئیں۔***** ***** *****26/11 کے ممبئی حملے کی سازش تیار کرنے والے انتہاء پسند حافظ سعید کو پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دو مقدمات میں علیحدہ علیحدہ ساڑھے پانچ۔ پانچ برس کی قید کی سزا سنائی۔ حافظ سعید کے خلاف انتہاء پسندوںکی فنڈنگ کے معاملات میں یہ سزا سنائی گئی۔***** ***** *****ریاست کے تمام تعلیمی بورڈز کے تحت چلنے والے اسکولوں میں دسویں تک مراٹھی مضمون کو لازمی قرار دینے سے متعلق بل ریاست کے بجٹ اجلاس میں پیش کیاجائیگا۔ مراٹھی زبان کے وزیر نے کل ممبئی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوںنے بتایا کہ سرِدست مہاراشٹر میں 25/ ہزار کے قریب اسکولوں میں مراٹھی مضمون نہیں پڑھایا جاتا۔ 24/ فروری سے شروع ہونے والے اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اس بل کے مسودے کو قطعی شکل دی جائیگی۔***** ***** *****
No comments:
Post a Comment