Friday, 14 February 2020


Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 14.02.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 14 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۴؍ فروری  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ وطن کی معاشی حفاظت اور تعمیر میں بھارتی بحری افواج اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ لوناولہ میں کل صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں بحری فوج کے تربیتی مرکز INS شیواجی کو صدارتی پرچم عطا کیا گیا۔ اس تقریب میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری اور بحری فوج کے سربراہ کرمبیر سنگھ موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران صدرِ جمہوریہ نے بحری سرحدوں اور تجارتی نقطۂ نظر سے بحری راستو ںکی حفاظت اور قدرتی آفات کے دوران بحری فوج کی خدمات پر فخر کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر زیرِ التواء فوجداری مقدمات کی تفصیل اپنی ویب سائٹ پر جاری کریں۔ سیاست میں جرائم کے عمل دخل سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس فلی نریمن کی زیرِ صدارت بینچ نے کل یہ حکم دیا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتیں‘ اپنے اُن امیدواروں کے انتخاب کی وجوہات بھی اپنی ویب سائٹ پر شائع کریں، جن کے خلاف فوجداری جرم داخل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ نے مرکزی جانچ ایجنسی CBI اور ریاستی تفتیشی ادارے CID کو حکم دیا ہے کہ وہ 24/ مارچ تک عدالت کو بتائے کہ نریندر دابھولکر اور گووند پانسرے قتل معاملے کے مقدمات کب تک دائر کیے جائیں گے۔ عدالت نے ان مقدمات کو شروع کرنے میں ہورہی تاخیر پر کل تشویش کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ ان مقدمات میں تاخیر کے سبب عدالت کی ساکھ متاثر ہورہی ہے اور اپیل کی کہ عدالتی نظام پر عوام کے اعتماد کو متزلزل نہ ہونے دیا جائے۔
***** ***** *****
NCP کے قومی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ شرد پوار نے ریاست میں ST ملازمین کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے وزیرِ اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے سمیت محکمۂ ٹرانسپورٹ اور مالیات کے وزراء اور سیکریٹریز کا آئندہ آٹھ دنوں میں اجلاس منعقدکرنے کی اپیل کی ہے۔ شرد پوار کل کولہا پور میں ST ملازمین کی تنظیم کے 56/ ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے اجلاس میں شرکت سے ان کے مسائل جاننے کا موقع ملتا ہے۔ اس لیے سیاسی شخصیتوں کو اس طرح کے اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے۔ اس کانفرنس میں ریاست بھر سے 35/ ہزار سے زائد ST ملازمین نے شرکت کی۔
***** ***** *****
شرڈی میں واقع سائی بابا مندر کے CEO ڈی ایم مگلیکر کا تبادلہ پربھنی کے ضلع کلکٹر کے طور پر کیا گیا ہے، جبکہ پربھنی کے ضلع کلکٹر پی شیوشنکر کو ناندیڑ کا ضلع کلکٹر مقررکیا گیاہے۔ ریاست کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری سیتا رام کنٹے نے کل یہ حکم جاری کیا۔
***** ***** *****
مشہور اداکار سیاجی شندے نے پودے لگانے کی تحریک دی اور انہیں زندگی دینے کو ہی مستقبل بتایا۔ بیڑ تعلقے کے پالون میں واقع سہیادری دیورائی منصوبے پر کل پہلے وُرُکش سمیلن کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر سیاجی شندے نے پودے لگانے کی اپیل کی۔ اجلاس میں شریک مختلف اسکولوں اور کالجوں کے 101/ طلبہ کے ذریعے پودوں کو پانی دیا گیا۔ اس اجلاس میں پودوں سے متعلق مختلف موضوعات پر ماہرین نے لیکچرس دئیے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے کل شام اورنگ آباد دورے پر پہنچے۔ منسے کارکنان نے ان کا پُرجوش استقبال کیا اور ریلی نکالی۔ راج ٹھاکرے اپنے تین روزہ اورنگ آباد دورے میں پارٹی عہدیداران سے مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
***** ***** *****
سینئر مفکر اُلہاس پوار نے کہا ہے کہ ملک کی شاندار تاریخ پر غور و فکر کرنے کی بجائے ہم باہمی تصادم کے معاملات میں اُلجھے ہوئے ہیں۔ اُلہاس پوار نے کل اورنگ آباد کے دیوگری کالج میں منعقدہ سہ روزہ پھلے۔ شاہو۔ امبیڈکر لیکچر سیریز کا آغاز کیا۔ اس موقع پر 21/ ویں صدی میں نوجوانوں کی تحریک اور ہندوستانی سیاست کے موضوع پر انھوں نے اظہارِ خیال کیا۔ دریں اثناء اس لیکچر سیریز کے دوسرے دور میں آج رکنِ پارلیمنٹ ورندا کرات بھارتی خواتین کے استحکام کے موضوع پر خطاب کریں گی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں کل NCP کی خواتین وِنگ کی جانب سے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے کے خلاف کرانتی چوک میں مظاہرہ کیا گیا۔ خواتین کارکنان نے لکڑی کے چولہے پر کھانا پکاکر گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے کی مذمت کی۔ اس موقع پر قیمت میں اضافے کو منسوخ کرنے کیلئے ڈویژنل کمشنر کو محضر پیش کیا گیا۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment