Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 10 February-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۰؍ فروری ۲۰۲۰
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
آئندہ خریف ہنگام سے کسان صرف ایک درخواست پر ہی زرعی شعبے کی تمام اسکیموں کا فائد اٹھا سکیں گے۔ وزیرِ زراعت دادا بھوسے نے بتایا ہے کہ مہا ڈی بی ٹی پورٹل کے ذریعے یہ درخواست دہی کا عمل اب آن لائن مکمل کیا جائیگا۔ انھوں نے بتایا کہ اس عمل کے تمام مراحل میں انسانی دخل اندازی کم ہوگی، جس سے فلاحی اسکیموں میں شفافیت لانے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ مہا ڈی بی ٹی پورٹل اور مہابھو لیکھ ویب سائٹ کو باہم نتھی کرنے کا کام جاری ہے جس کے بعد کسانوں کو اپنی درخواست کے ساتھ 7/12 اور 8/A جیسی دستاویزات فراہم کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئیگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے کہا ہے کہ شہریت ترمیمی قانون CAA اور قومی شہریت اندراج NPR سے متعلق کاروائی حکومت جلد از جلد مکمل کرے‘ نیز اس بات کی وضاحت کی جائے کہ کیا بدترین معاشی صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے اس طرح کے قانون تو نہیں لائے جارہے ہیں۔ مہاراشٹر نونرمان سینا نے غیر ملکیوں کی دراندازی کے خلاف ممبئی میں ایک جلوس نکالا۔ بعد ازاں جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے CAA اور NPR کیلئے اپنی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ CAA کیخلاف ملک بھر میں جاری مظاہروں کے جواب میں ان کی پارٹی نے یہ جلوس نکالا۔ انھوں نے کہا کہ کئی کئی نسلوں سے بھارت میں سکونت اختیار کیے ہوئے مسلمانوں کے وہ مخالف نہیں ہے اور یہ مسلمان بھارت ہی کے شہری ہیں۔
***** ***** *****
ہنگن گھاٹ میں خاتون کو جلائے جانے کے واقعے میں متاثرہ دوشیزہ آج صبح چل بسی۔ ناگپور کے ایک اسپتال میں گذشتہ دو دنوں سے وینٹی لیٹر پر رکھنے کے باوجود آج صبح وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گئی۔ گذشتہ ہفتے اس لیکچرر دوشیزہ کو زندہ جلانے کی کوشش کی گئی تھی، جسے بغرضِ علاج ناگپور کے اسپتال میں شریک کیا گیا تھا۔ اب سے کچھ دیر قبل اسپتال کے ڈاکٹروں نے اخباری نمائندوںکو اس کی موت کی اطلاع دی۔
***** ***** *****
محنت کش افراد کی طبّی جانچ کیلئے ایک ڈیجیٹل بس کو وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کل عوام کے حوالے کیا۔ یہ بس ریاست کے تمام مقامات پر تعمیراتی مزدوروں‘ سیکوریٹی گارڈز’ ماتھاڑی مزدوروں اور کمپنیوں اور دیگر شعبوں میں منظم اور غیر منظم محنت کشوںکی طبّی جانچ کرے گی۔ اس بس میں جدید نوعیت کے ڈیجیٹل ایکسرے‘ ڈیجیٹل آڈیومیٹری‘ آنکھوں کی جانچ‘ پھیپھڑوں اور خون کی جانچ کرنے والے آلات نصب ہیں۔
***** ***** *****
سوابھیمانی شیتکری سنگھٹناکے صدر راجو شیٹی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب تور کو مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے۔ کل اورنگ آباد میں سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کے عہدیداروں کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے راجو شیٹی نے کہا کہ حکومت نے تور کیلئے پانچ ہزار 800/ روپئے فی کوئنٹل کے نرخ متعین کیے ہیں۔ تاہم درحقیقت یہ قیمت صرف چار ہزار 300/ روپئے ہی مل رہی۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی قرض معافی اسکیم کا فائدہ بھی صرف 10/ تا 15/ فیصد کسانو ںکو ہی ہوا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی کی چھترپتی شیواجی بین الاقوامی طیران گاہ پر پولس نے 23/ لاکھ 86/ ہزار روپئے کے جعلی ہندوستانی کرنسی نوٹ ضبط کرلیے۔ پولس کرائم برانچ کے کمشنر سنتوش رستوگی نے بتایا کہ یہ جعلی کرنسی پاکستان سے دبئی کے راستے ہندوستان لائی جارہی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ کیا اس سے قبل بھی جعلی نوٹوں کی اسمگلنگ ہوتی رہی ؟
***** ***** *****
ساتواں اورنگ آباد انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کل صنعت‘ کھیل‘ سیاحت اور رابطۂ عامہ کی وزیر آدیتی تٹکرے کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر بزرگ فلم ہدایت کار سمترا بھاوے پدم پانی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد کے پروگرام سب رنگ کے مقبول صداکار اورمعروف اُردو ادیب نورالحسنین کے اعزاز میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے شعبۂ اُردو کے اشتراک سے آج ایک روزہ سیمینار منعقد کیا جارہا ہے۔ اس تقریب کا افتتاح سرسیّد کالج کے بانی پروفیسر سیّد تلاوت علی کے ہاتھوں عمل میں آئیگا۔ نورالحسنین فن اور شخصیت کے عنوان سے یہ سیمینار منعقد ہورہا ہے۔
***** ***** *****
جنوبی افریقہ میں منعقدہ 19/ سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ پر بنگلہ دیش نے قبضہ کرلیا۔ کل ہوئے فائنل میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے بھارت کو 3 / وکٹ سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم نے 177/ رَن بنائے، دوسری اننگ کے 41/ ویں اوور میں بارش کے باعث کھیل کو روکنا پڑا، جس کے بعد ڈکورتھ لوئس کے تحت دیا گیا ہدف بنگلہ دیش نے بآسانی حاصل کرلیا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment