आकाशवाणी औरंगाबादची बातमीपत्र AIR CHHATRAPATI SAMBHAJINAGAR NEWS
▼
Tuesday, 17 March 2020
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 17.03.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.Date: 17 March-2020Time: 8:40 to 8:45 amآکاشوانی اَورنگ آبادعلاقائی خبریںتاریخ:۱۷؍ مارچ ۲۰۲۰وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸***** ***** *****مہاراشٹر میں اب تک 39/ مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ 108/ مشتبہ مریضوں کو دوسروں سے الگ تھلگ کردیا گیا ہے، جبکہ ایک ہزار 63/ مریضوں کو ان کے گھروں میں ہی رکھا گیا ہے۔ ریاست کے پمپری چنچوڑ میں نو‘ پونے میں سات‘ ممبئی میں چھ‘ ناگپور میں چار‘ ایوت محل‘ نئی ممبئی اور کلیان میں تین۔ تین لوگوں کے کورونا ٹسٹ پازیٹیو پائے گئے ہیں‘ وہیں رائے گڑھ‘ تھانے‘ احمد نگر اور اورنگ آباد میں بھی ایک۔ ایک مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔اس بیچ مہاراشٹر سرکار نے ریاست کے سبھی اسکولوں‘ کالجوں اور یونیورسٹیوں کو اپنے امتحانات 31/ مارچ تک ملتوی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ سبھی اساتذہ‘ پروفیسرس اور دیگر ملازمین کو 25/ مارچ تک اپنے گھروں سے ہی کام کرتے رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی صدارت میں کل ممبئی میں کورونا سے متعلق جائزہ اجلاس کے بعد اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے یہ اطلاع دی۔ سامنت نے بتایا کہ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے محکمے کے تحت آنے والے دیہی اور شہری علاقوں کے سبھی کالجوں‘ یونیورسٹیوں اور اجازت سے چل رہی خانگی کلاسیز کو بند کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ سامنت نے مزید کہا کہ 26/ اور 27/ مارچ کو کورونا وائرس سے پیدا ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا اورمستقبل کا لائحہ عمل طئے کیا جائیگا۔ اس دوران اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی نے بھی سبھی پوسٹ گریجویٹ کورسیز اور یونیورسٹی سے ملحقہ کالجوں میں 31/ مارچ تک چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی 17/ مارچ یعنی آج سے شروع ہورہے ڈگری امتحانات کو بھی 31/ مارچ تک ملتوی کردیا گیا ہے۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران انتظامی کام کاج بدستور جاری رہیں گے۔ پروفیسرس کو بھی 26/مارچ تک گھروںسے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی نے 31/ مارچ تک یونیورسٹی کے سبھی ہاسٹلس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور طلبہ سے کہا گیا ہے کہ اس دوران وہ اپنے گھرو ںپر چلے جائیں۔***** ***** *****اس بیچ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے ریاست کے سبھی ضلع کلکٹروںکو ہدایت دی ہیکہ وہ اپنے اپنے ضلعوں میں مذہبی مقامات پر جاری عبادتوں کو جاری رکھتے ہوئے عقیدت مندوں کی تعداد میں کمی لائیں۔ ریاست کے سبھی ڈیویژنل کمشنروں اور ضلع کلکٹروں سے کل وزیرِ اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کا خطرہ ٹل جانے کے بعد مذہبی تہوار اور تقریبات پہلے کی طرح منائے جاسکتے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے اعلیٰ افسران سے یہ بھی کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو سیاسی تقریبات کا انعقاد کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ عوام بھی مختلف کاموں کیلئے سرکاری دفتروں کا رُخ نہ کرتے ہوئے ای میل کے ذریعے اپنی درخواستیں روانہ کریں، جس پر ضلع انتظامیہ سات دنوں میں کاروائی کرے گا۔ اس دوران ریاست میں ہونے والے علاقائی خود مختار اداروں کے انتخابات بھی تین مہینوں کیلئے آگے بڑھانے کی تجویز روانہ کی گئی ہے۔ کورونا کی روک تھام کیلئے ہنگامی امداد کے طور پر کوکن ڈویژنل کمشنر کو پندرہ کروڑ اور پونے ڈویژنل کمشنر کو دس کروڑ کی مدد دی جائیگی۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے ناگپور‘ امراوتی‘ ناسک اور اورنگ آباد کے ڈویژنل کمشنروں کو فی کس پانچ کروڑ روپئوں کی ہنگامی امدادی رقم روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن لوگوں کو سو فیصد Isolate یعنی الگ تھلگ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ان کے بائیں ہاتھ پر مہر لگائی جائیگی تاکہ دوسروں کو ان کی پہچان ہوسکے اور وہ ان سے دور رہیں۔ دریں اثناء کل نئی دلّی میں مرکزی کابینہ کے اعلیٰ سطحی وزراء گروپ کی کل میٹنگ ہوئی۔ جس کی صدارت وزیرِ صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کی۔ میٹنگ میں یوروپی یونین‘ ترکی اور برطانیہ سے بھارت کا سفر کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات‘ قطر‘ عمان اور کویت جیسے خلیجی ممالک سے بھارت آچکے لوگوں کو الگ تھلگ رکھنے کی چودہ دنوں کی مدت میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔***** ***** *****کورونا وائرس کے پھیلائو کے پسِ منظر میں ریاست کے سبھی مذہبی اور سیاحتی مقامات کو بھی بند کردینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ممبئی کا سدّھی ونایک مندر‘ ممبا دیوی مندر‘ تلجا پور کا تلجا بھوانی مندر‘ بیڑ کا پرلی ویجناتھ مندر اور امبہ جوگائی کا یوگیشوری دیوی مندر بند کردئیے جائیں گے۔ لاتور ضلعے کے اوسا تعلقہ میں ہونے والا اجتماع بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ ناندیڑ ضلع میں بھی سبھی ہفتہ واری بازار‘ یاترائیں‘ مہوتسو اور عرس کا انعقاد نہ کرنے کی ضلع کلکٹر ڈاکٹر وِپن اِٹنکر نے ہدایت جاری کی ہے۔ اورنگ آباد ضلعے کی تاریخی عمارتیں بی بی کا مقبرہ‘ دولت آباد کا قلعہ، اجنتا اور ایلورہ کے غار جیسے سیاحتی مقامات اگلے حکم تک بند رہیں گے۔ اس دوران جالنہ میں کل ایک مشتبہ مریض کو کورونا وائرس کی جانچ کیلئے ضلع اسپتال میں شریک کیا گیا۔ یہ شخص گوا گھومنے گیا تھا جہاں وہ غیر ملکی شہریوں سے رابطے میں آیا۔ اس شخص کے نمونے پونے کی لیباریٹری میں روانہ کردئیے گئے ہیں۔ دوسری جانب جالنہ کے ہی ایک پولس اہلکار کا کورونا ٹسٹ نگیٹیو آیا ہے۔***** ***** *****NCP کے قومی صدر شرد پوار سمیت سات افراد کا راجیہ سبھا کیلئے چنا جانا طئے ہے۔ آٹھویں درخواست کو کل تکنیکی بنیادوں پر ردّ کردیا گیا، جس کے بعد میدان میں رہ گئے امیدواروںکا بلا مقابلہ انتخاب طئے ہے۔ ان میں شرد پوار کے علاوہ فوزیہ خان، BJP کے اُدین راجے بھوسلے‘ رام داس آٹھولے‘ بھاگوت کراڑ‘ کانگریس کے راجیو ساتو اور شیوسینا کی پرینکا چترویدی شامل ہیں۔ 26/ مارچ کو اس بارے میں رسمی اعلان ہوگا۔***** ***** *****
No comments:
Post a Comment