Tuesday, 3 March 2020


Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 03.03.2020, Time : 8.40 - 8.45 AM


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 March-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍ مارچ  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے 15/مارچ سے پیاز کی برآمدات پر عائد بندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیاز کی قلّت کے باعث چھ ماہ قبل پیاز برآمد کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ بین الاقوامی تجارت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ پیاز کی برآمدات کیلئے اب کسی قسم کی کوئی شرط نہیں ہے اور برآمد کنندگان اب ہر قسم کی پیاز برآمد کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ دریں اثناء ناسک ضلع میں پیاز کی کاشت کرنے والے کسانوںنے پیا ز کی قیمتوں میں کمی کیخلاف احتجاج شروع کیا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی پیاز کی منڈی لاسل گائو ںمیں کل پیاز کا نرخ اوسطاً فی کوئنٹل ایک ہزار 450/ روپیہ رہا۔ تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا ہے کہ پیاز کی برآمدات پر عائد پابندی ختم کرنے سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
***** ***** *****
دہلی تشدد کے تناظر میں کل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوںمیں ہنگامہ آرائی کے سبب کام کاج ملتوی کردیا گیا۔ کل دوپہر دو بجے لوک سبھا کی کاروائی کا آغاز ہوتے ہی کانگریس سمیت حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر دہلی تشدد روکنے میں حکومت کی ناکامی پر وزیرِ داخلہ امیت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کیا اور زوردار نعرے بازی کی۔ اس بار دونوں جانب کے اراکین نے دھکا بکی بھی کی۔ اس ہنگامہ آرائی کے سبب ایوان کی کاروائی  شروعات میں تین مرتبہ اور بعد میں دِن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اسی دوران راجیہ سبھا میں بھی اپوزیشن جماعتوںکے اراکین نے حکومت مخالف نعرے بازی کی جس کے بعد راجیہ سبھا کی کاروائی بھی دِن بھرکیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
دہلی کی عدالت نے کل نربھیا اجتماعی آبرو ریزی اور قتل کے معاملے کے چار مجرمین کی پھانسی آئندہ احکامات تک مؤخر کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ مجرم پون کمار گپتا نے کل صدرِ جمہوریہ سے رحم کی درخواست کی تھی، جس پر فیصلہ نہ کیے جانے کے باعث دہلی عدالت کے اضافی سیشن جج نے پھانسی پر عمل درآمد کو حکمِ ثانی تک مؤخر کردیا۔ سابقہ حکم کے مطابق ان مجرمین کو آج صبح چھ بجے پھانسی دی جانے والی تھی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے تیقن دیاہے کہ دھنگر سماج کو ریزرویشن کی فراہمی کیلئے ریاستی حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل قانون ساز کونسل میں یہ تیقن دیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے سب سے پارٹی اور ذات پات کی سیاست سے اوپر اُٹھ کر ساتھ دینے کی اپیل کی۔ کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد پروین دریکر نے وزیرِ اعلیٰ سے اس خصوص میں دھنگر سماج کو تیقن دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
امداد اور آبادکاری کے ریاستی وزیر وجئے وڑیٹی وار نے کل قانون ساز کونسل میں بتایا کہ بے موسم بارش اور ژالہ باری سے کسانوں کو ہونے والے نقصان کے پنچ ناموں کے احکامات ریاست کے تمام ضلع کلکٹرس کو دئیے گئے ہیں۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ جلگائوں‘ بیڑ، شولاپور، احمد نگر اور بلڈانہ اضلاع کے 129/ دیہاتوں میں ابتدائی رپورٹ کے مطابق 882/ ہیکٹر علاقے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ زراعت اور محصول محکموں کی جانب سے مشترکہ پنچنامے کیے جانے کے بعد کسانوںکی امداد کا عمل شروع کیا جائیگا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں آئندہ بجٹ کے تناظر میں کل 24/ہزار 719/ کروڑ روپیوںکے ضمنی مطالبات منظور کیے گئے۔ اِن مطالبات پر مباحثے کے دوران نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے تیقن دیا کہ آئندہ بجٹ میں سماج کے مختلف طبقات کو انصاف فراہم کرنے کیلئے ضروری فنڈ مختص کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاست کے تعلیمی بورڈ کے تحت دسویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ ریاست بھر میں اس برس دسویں جماعت کے امتحانات میں کُل 17/ لاکھ 65/ ہزار 898/ طلبہ شرکت کررہے ہیں۔ ان امتحانات میں نقل کو روکنے کے لیے 273/ نقل مخالف دستوں کا تقرر کیا گیاہے۔
***** ***** *****
ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کو شہر میں لگائے گئے تمام غیر قانونی ہورڈنگس کو آئندہ تین دِنوں میں ہٹا دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس خصوص میں کل مفادِ عامہ کی ایک درخواست پر سماعت کے دوران اورنگ آباد بینچ کے جسٹس زیڈ اے حق نے یہ حکم جاری کیا۔ اس خصوص میں آئندہ سماعت پرسوں جمعرات کو ہوگی۔
***** ***** *****
نیوزی لینڈ نے کل بھارت کیخلاف دوسرا ٹسٹ کرکٹ مقابلہ تین وکٹ کھوکر جیت لیا اور اسی کے ساتھ سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کر لی۔ بھارت کی جانب سے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 132/ رنوں کا ہدف دیا گیا تھا، جسے نیوزی لینڈ نے تین وِکٹ دے کر حاصل کرلیا۔
***** ***** *****  

No comments:

Post a Comment