Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 18 April-2020
Time: 09:00 to 9:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۸؍ اپریل ۲۰۲۰
وَقت : ۱۰:۹ ۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ مرکزی حکومت نے کہا ہیکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے معاملے میں بھارت نے دیگر ملکوں کے مقابلے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم ہر موت حکومت کیلئے تشویش کا باعث ہے۔
٭ مہاراشٹر میں کل پائے گئے کورونا کے 118/ نئے معاملے؛ مریضوں کی مجموعی تعداد ہوئی 3320۔
٭ کرائے داروں سے کم از کم تین مہینوںتک کرائے کی رقم وصول نہ کرنے کی ریاستی حکومت کی گھر مالکان کو ہدایت۔
٭ اسکولی تعلیم کے محکمے نے اسکولوں سے کہا ہیکہ وہ جاری اور آئندہ تعلیمی سال کی فیس جمع کرنے کیلئے سرپرستوں پر دبائو نہ بنائیں
ورنہ ہوگی کاروائی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کہا ہیکہ کورونا وائرس کے پھیلائوکو روکنے کے معاملے میں بھارت نے دیگر ملکوںکے مقابلے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تاہم ملک میں ہونے والی ہر موت حکومت کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ وزارتِ داخلہ میں جوائنٹ سیکریٹری لَو اگروال نے کل صحافیوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔ انھوںنے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا کے معاملات بڑھنے کی شرح میں 40% کی کمی آئی ہے جبکہ 80% معاملوں میں مریض ٹھیک بھی ہورہے ہیں۔ اگروال نے کہا کہ بھارت کی 19/ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقو ںمیں لاک ڈائون نافذ ہونے کے بعد کورونا کے معاملے دوگنے ہونے کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔ کورونا کیخلاف جاری مہم میں بھارتی محکمے ڈاک کی تعریف کرتے ہوئے اگروال نے کہا کہ بھارتیہ ڈاک محکمے نے سو ٹن طبّی سازو سامان دور دراز کے علاقوں تک پہنچایا ہے۔ اگروال نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں کورونا کے معاملے زیادہ ہیں وہاں جانچ کیلئے Rapid Testing Kits پہنچائی جارہی ہیں۔
دوسری جانب کورونا کیخلاف کیے جارہے اقدامات اور علاج کیلئے اپنائے جارہے طریقۂ کار کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے Indian Council For Medical Reserch' ICMR کے چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر رَمن گنگا کھیڑکر نے بتایا کہ اینٹی باڈی تکنیک اور پلازما تھیراپی پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ انھوںنے عوام کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر چھوٹی موٹی بیماری کیلئے اسپتالوں کا رُخ نہ کریں بلکہ جہاں تک ہوسکے ٹیلی فون کے ذریعے ڈاکٹروں سے مشورہ لیں۔ ڈاکٹر گنگا کھیڑکر نے بتایا کہ بھارت تیس منٹ میں ٹیسٹ کا نتیجہ دینے والے Rapid Testing Kits پر کام کررہا ہے اور اُس نے مئی کے مہینے تک دیسی بناوٹ کے دس لاکھ Rapid Testing Kits تیار کرنے کا نشانہ طئے کیا ہے۔ ڈاکٹر گنگا کھیڑکر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا ٹیکہ بنانے کیلئے بھارت‘ بین الاقوامی ساجھیداری کے ساتھ کوششوں میں لگا ہوا ہے۔
***** ***** *****
اس بیچ مرکزی وزارتِ صحت نے ہدایت دی ہیکہ کوارنٹائن کی لگاتار چار ہفتوں کی مدت پوری کرنے کے بعد اگر کسی علاقے میں کورونا کا کوئی نیا مریض نہیں پایا جاتا ہے تواس علاقے میں لاک ڈائون میں نرمی لائی جائے۔ ملک میں مہاراشٹر سمیت دلّی‘ تملناڈو‘ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں۔ PTI کی خبر میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں 170/ کورونا Hotspot اور 123/ Hotspot ضلعے ہیں‘ جبکہ 207/ ضلعوں میں کورونا کا ایک بھی مریض نہیں پایا گیا ہے۔
واضح ہو کہ اس وقت بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 13/ ہزار 387/ تک جا پہنچی ہے۔ کل دوپہر کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24/ گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے ایک ہزار سات نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 23/ کورونا مریضوںکی موت بھی ہوئی ہے۔ ساتھ ہی ایک ہزار 749/ مریض صحت یاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
دوسری جانب مہاراشٹر میں کورونا کے کل 118/ نئے مریضوں کی شناخت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 3320/ ہوگئی ہے۔ کل دِن بھر میں 7/ کورونا مریض اپنی جان کی بازی ہار گئے‘ جبکہ 31/ مریضوں کی حالت میں سدھار کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا۔ اب تک مہاراشٹر میں کورونا وائرس کی وجہہ سے 201/ افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں جبکہ 331/ مریض ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
ناسک ضلعے کے مالیگائوں میں کل ایک ہی دِن میں 14/ کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ اس کے بعد ناسک ضلع میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد بڑھ کر 62/ ہوگئی ہے۔ ناسک میں کل 2/ افراد کی کورونا سے موت بھی ہوئی۔ مالیگائوں میں اب تک کورونا وائرس نے 4/ افراد کی جان لی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع اسپتال میں کل 102/ مریضوںکی کورونا جانچ کی گئی۔ ان میں سے 52/ افراد کے نمونے جانچ کیلئے بھیج دئیے گئے ہیں۔ ان میں 23/ افراد کو اپنے گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی صلاح دی گئی ہے۔ وہیں گھاٹی اسپتال میں کل 25/ لوگوں کی کورونا جانچ کی گئی۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے اودگیر تعلقے کے کول کھیڑ کے سات افرادکے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔ ضلع سول سرجن ڈاکٹر سنجئے ڈھگے نے یہ اطلاع دی۔ یہ افراد لاک ڈائون کے دوران ایک خانگی گاڑی کے ذریعے ممبئی سے کول کھیڑ پہنچے تھے۔ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے پر ان افرادکیخلاف اودگیر پولس تھانے میں کیس درج کیا گیا ہے۔ ان سبھی لوگوں کو ان کے گھر وںمیںکوارنٹائن کردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اس بیچ ہنگولی ضلعے میں پایا گیا پہلا کورونا پازیٹیو مریض صحت یاب ہوکر گھر جاچکا ہے۔ اسے کل ضلع اسپتال سے رُخصت کیا گیا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ اس موقع کوارنٹائن وارڈ کے ڈاکٹرس‘ نرسیس اور دیگر ملازمین نے مریض کو وداعیہ دیا او راسکی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے رابطہ وزیر اشوک چوہان نے کورونا کیخلاف ضلع میں کیے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔ چوہان نے میٹنگ میں ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیے جارہے جراثیم کُش ادویات کے چھڑکائو کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ میٹنگ میں موجود افسران اور ملازمین نے چوہان کو انتظامیہ کی جانب سے کیے جارہے اقدامات سے واقف کروایا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے میں پہلے کورونا پازیٹیو مریض سامنے آنے کے بعد ضلع کلکٹر دیپک مگلیکر نے کل تک کیلئے کرفیو نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جن پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ پربھنی ضلعے کے جنتور تعلقے میں کل ناگپور امدادِ باہمی شکر کارخانے کے 51/ گنا توڑنے والے مزدور داخل ہوئے، جس کے بعد سبھی کو دیہی اسپتال لے جایا گیا۔ اسپتال نے سبھی افراد کے ہاتھوں پر ’’ہوم کوارنٹائن‘‘ کی مہر لگادی، جس کے بعد ان سب کو پربھنی کے ایک سرکاری ہوسٹل میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ کورونا وائرس کا علاج کرنے سے انکارکرنے والے ڈاکٹروں‘ نرسوں اور صحت ملازمین کو ضروری تحفظ فراہم کرے۔ ممبئی ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا ہیکہ اپنا علاج کروانے سے انکار کرنے والے مریضوں سے پیدا ہوئے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر صحت ملازمین کو ضروری جسمانی تحفظ دیا جائے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں 20/ اپریل کے بعدکچھ حصوں میں ضروری احتیاط پر عمل کرتے ہوئے محدود سرگرمیوںکی اجازت دی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی جانب سے جاری کردہ ترمیم شدہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شرائط و ضوابط کے تحت رہتے ہوئے صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہیکہ ضروری جسمانی دوری بنائے رکھنے‘ صاف صفائی کے قوانین پر عمل آوری اور ماسک پہننے جیسی باتوں میں کوئی نرمی نہیں دی جارہی ہے۔ لوگوں کو ضروری خدمات اور روز مرہ کی چیزیں بدستور ملتی رہیں گی لیکن مذہبی تقریبات منعقد کرنے‘ مذہبی مقامات پر جمع ہونے‘ کھیل کے مقابلے منعقد کرنے ‘ میلے‘ کانفرنس اور ورکشاپ منعقد کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے مرکزی حکومت سے گذارش کی ہیکہ وہ معاشی محاذ پر ریاست کی مدد کرے۔ مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ مالیات اجیت پوار نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر یہ درخواست کی۔ اپنے خط میں اجیت پوار نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے مہاراشٹر کو ملنے والی GST کی بقایہ رقم ادا کی جائے اور GST کی رقم ہر مہینے وقت پر دی جائے۔ اجیت پوار نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ریاست کے محصول میں آنے والی ممکنہ کمی کو دیکھتے ہوئے اگلے پانچ مہینوں کیلئے مہاراشٹر کو ہر مہینہ دس ہزار کروڑ روپئوں کی مرکزی امداد فراہم کی جائے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے کہا ہیکہ ریاست بھر میں گھر مالکان کم از کم تین مہینوں کے بعد کرائے داروں سے کرایہ وصول کریں۔ ہائوزنگ محکمے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہیکہ کورونا وائرس کی وجہہ سے لاک ڈائون سے عام لوگوںکا روزگار متاثر ہوا ہے، جس سے وہ وقت پر گھروںکے کرائے ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ حکومت نے کہا کہ ان حالا ت میں کرائے کی رقم ادا نہ کرنے کی بنیاد پر کسی بھی کرائے دار کو گھرسے نکالا نہ جائے۔ ہائوزنگ کے محکمے کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری سنجے کمار نے اس بارے میں حکمنامہ جاری کیا۔
***** ***** *****
دوسری جانب اسکولی تعلیم کے محکمے نے بھی اسکولوں کو ہدایت دی ہیکہ وہ جاری تعلیمی سال اور آنے والے تعلیمی سال کی فیس اداکرنے کی سرپرستوں پر سختی نہ کریں۔ اسکولی تعلیم کی وزیر وَرشا گائیکواڑ نے سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے سبھی اسکولوں کی ضلع ایجوکیشن افسر سے شکایت کریں جو اُن پر فیس جمع کروانے کیلئے دبائو بنارہے ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی نے کورونا سے لڑائی کیلئے وزیرِ اعلیٰ راحت فنڈ میں 17/ لاکھ 55/ ہزار روپئوں کی رقم دی ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود ییولے نے کل یونیورسٹی ملازمین کی جانب سے مذکورہ رقم کا چیک اورنگ آباد ضلع کے کلکٹر اُدئے چودھری کے سپرد کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ مرکزی حکومت نے کہا ہیکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے معاملے میں بھارت نے دیگر ملکوں کے مقابلے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم ہر موت حکومت کیلئے تشویش کا باعث ہے۔
٭ مہاراشٹر میں کل پائے گئے کورونا کے 118/ نئے معاملے؛ مریضوں کی مجموعی تعداد ہوئی 3320۔
٭ کرائے داروں سے کم از کم تین مہینوںتک کرائے کی رقم وصول نہ کرنے کی ریاستی حکومت کی گھر مالکان کو ہدایت۔
٭ اسکولی تعلیم کے محکمے نے اسکولوں سے کہا ہیکہ وہ جاری اور آئندہ تعلیمی سال کی فیس جمع کرنے کیلئے سرپرستوں پر دبائو نہ بنائیں
ورنہ ہوگی کاروائی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment