Friday, 3 April 2020


Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 03.04.2020, Time 9:00 to 9.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 April-2020
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍ اپریل  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ ملک میں جاری 21/ روزہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کرنے مرکز کی ریاستی حکومتوں کو تلقین۔
٭ ریاستوںکی صورتحال کے تناظر میں لاک ڈائون مرحلہ وار ختم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی وزیرِ اعظم کی ہدایت۔
٭ ریاست کے 30/ سرکاری اسپتال کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے مختص۔
٭ اورنگ آباد اور عثمان آباد میں دو۔ دو اور ہنگولی میں کوروناکے ایک مریض کی موجودگی کا انکشاف۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا کے خلاف متحدہ جدوجہد کے اظہار کیلئے 5/ اپریل بروز اتوار رات 9: بجے اپنے گھروں میں دئیے جلائیں۔ وزیرِ اعظم نے اب سے کچھ دیر قبل قوم کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ انھوں نے لاک ڈائون پر سختی سے عمل کرنے پر عوام اور انتظامیہ کی ستائش کی۔ اس سے ملک کو عوام کی متحدہ طاقت کا احساس ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کے باعث جو مایوسی اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے اسے شکست دیکر اُجالے اور یقینی صورتحال کی طرف جانا ہے۔ 5/ اپریل بروز اتوار رات 9: بجے 9: منٹ کیلئے گھر کی تمام لائٹیں بجھاکر موم بتی‘ دِیا اور موبائل فلیش لائٹ اپنے دروازوں یا بالکونی میں جلائیں۔ تاہم اس دوران گھروں سے باہر نہ نکلیں اور سماجی فاصلے کے قواعد و ضوابط کا خیال رکھیں۔
***** ***** *****
کووڈ19- کی زنجیر منقطع کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے معلّنہ 21/ روزہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے افرادکیخلاف سخت کاروائی کرنے کا حکم مرکزی وزارتِ داخلہ نے دیا ہے۔ مرکزی داخلہ سیکریٹری اجئے کمار بھلا نے تمام ریاستوں کو اس خصوص میں ایک مکتوب ارسال کیا ۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے 21/ روزہ بند کے دوران وزیرِ اعظم فلاحی منصوبوں کے تحت غریبوں کیلئے مختص کی گئی رقم ریاست میں بہترطورپر تقسیم کرنے کی تلقین بھی وزارتِ داخلہ نے دی ۔
***** ***** *****
15/ اپریل کو لاک ڈائون یک لخت ختم نہ کرتے ہوئے اسکی مرحلہ وار منصوبہ بندی کرنے کی ترغیب وزیرِ اعظم نے ریاستی حکومتوں کو دی ہے۔ وہ کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام ریاستوںکے وزرائے اعلیٰ سے مخاطب تھے۔ انھوںنے کہا کہ حالات بہتر ہے سمجھ کر عوام سڑکوں پر نہ آئیں نیز کورونا کے باعث زیادہ جانی نقصان نہ ہوا اس بات کو یقینی بنانے پر ریاستیں توجہ مرکوز کریں۔ مرکز کی جانب سے ریاستوں کو مختص 11/ ہزار کروڑ روپئے کا اپنا حصہ مرکزی حکومت فوری جاری کررہی ہے۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی تلاش‘ جانچ اور انہیں کورنٹائن کرنے پر وزیرِ اعظم نے زور دیا اوراعتماد کا اظہار کیا کہ ہم سب متحد ہوکر ہی اس جان لیوا وباء پر قابو پاسکتے ہیں۔
کورونا سے متاثرہ افراد کے علاج کیلئے علیحدہ اسپتال کی ضرورت پر بھی نریندر مودی نے زور دیا۔ انھوںنے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ فصلوںکی کٹائی کے دوران ہجوم یکجا نہ ہو۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے مریضوںکے علاج سے متعلق معلومات دینے کیلئے آن لائن تربیت کا انتظام کیا جائے اور ان حالات میں این سی سی اور این ایس ایس کے رضا کاروںکی مدد لی جائے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھوٹھاکرے نے ممبئی سے اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ممبئی کے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈ کی تعداد 2100/ تک بڑھا دی گئی ہے اور پونا میں بھی خصوصی کورونا اسپتال قائم کیا جارہا ہے۔ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ طبّی آلات کیلئے مقامی سطح پر صنعتوں کو ترغیب دی جائے۔
وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ کل ہوئے اس اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ریپڈ ٹیسٹ یعنی سری جانچ کی اجازت دے دی ہے۔ انھوںنے کہا کہ اس فیصلے کے باعث کسی شخص کو کورونا سے متاثر ہونے کی جانچ پانچ منٹ میں ممکن ہوسکے گی۔ ریپڈ ٹیسٹ کے ذریعے ایک ابتدائی جانچ ہو سکے گی اور اسکریننگ کی طرح یہ پتہ چل جائے گا کہ عوام کی بڑی تعداد میں کون کورونا سے متاثرہ ہے اور مشتبہ افرادکی تعداد کا پتہ لگ جانے کے بعد ان کو فوری سماجی تنہائی میں رکھنے کے انتظامات کیے جاسکتے ہیں‘ تاکہ ان کے علاج کا آغاز کیا جاسکے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ دوسری ریاستوں سے آئے محنت کش افراد کی رہائش‘ طعام اور تفریح کے انتظامات کرنے کی ہدایت ضلع کلکٹروں کو دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں این نائنٹی فائیو ماسک اور وینٹی لیٹر تیار کرنے کو بڑھاوا دیاجائیگا۔
***** ***** *****
دہلی میں تبلیغی جماعت کے مرکز کا مبینہ طور پر سفر کرنے والے 9/ ہزار افراد کی شناخت کرلی گئی ہے اور بتایا جارہا ہے کہ ان میں سے 400/ افراد کورونا سے متاثر پائے گئے۔ وزارتِ صحت کی جانب سے منعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی گئی۔ اس سلسلے میں دی گئی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ 1800/ افرادکو دہلی میں آئیسولیشن میں رکھا گیاہے۔ دریں اثناء مرکزی داخلہ سیکریٹری نے تمام ریاستوں کے سیکریٹریز کو کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈائون پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی۔
***** ***** *****
کانگریس کی کارگذار صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ جان لیوا کورونا وائرس کامقابلہ کرنے کیلئے ڈاکٹرز‘ نرسوں اور دیگر طبّی ملازمین کی ہرممکنہ مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ کل انھوں نے کانگریس مجلس ِ عاملہ کے اجلاس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کیا۔ اس موقع پر رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی موجود تھے۔ انھوں نے تمام ریاستوں کو تلقین کی کہ ضعیف افراد پھیپھڑوںکے عارضے‘ ذیابطیس سے متاثرہ اور قلبی عارضے میں مبتلا افراد کیلئے خصوصی نوٹس مشتہر کی جائے اور ان افراد پر خصوصی توجہ د ی جائے۔
***** ***** *****
محکمہ صحت نے ریاست کے 30/ سرکاری اسپتالوں کو کورونا کے علاج کیلئے خصوصی اسپتال قرار دیا ہے۔ ان اسپتالو ںمیں صرف کورونا سے متاثرہ مریضوں کا ہی علاج کیا جائے گا۔ اس خصوص میں ڈائریکٹر آف ہیلتھ سروسیز کی جانب سے ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے۔ ان اسپتالوں میں مجموعی طور پر 2/ ہزار 305/ پلنگ موجود ہیں۔ وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے بتایا کہ ان میں اورنگ آباد‘ ہنگولی‘ کلمنوری‘ لاتور، اودگیر‘ عثمان آباد‘ عمرگہ،تلجا پور‘ ناندیڑ اور مکھیڑ کے سرکاری اسپتال شامل ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوارنے کہا ہے کہ کورونا سے تحفظ کیلئے ہوم کورنٹائن یا ہاسپٹل کورنٹائن یہ دوہی متبادل موجود ہیں۔ اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ صفائی کا خیال رکھتے ہوئے ہوم کورنٹائن میں رہیں۔ جو آج گھروں میں نہیں رُکیں گے وہ آئندہ چند ایام میں اسپتال میں نظر آئیں گے۔ انھوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جارہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریاست میں غذائی اجناس اور ادویات کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے‘ اس لیے اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے ہجوم نہ کریں۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ لاک ڈائون کی پابندی کریں اور ان پابندیوں کو مزید سخت کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ وہ کل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عوام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اگر شہری لاک ڈائون کے قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہیں تو اس لاک ڈائون میں مزید اضافے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ انھوں نے خانگی ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے کلینک و اسپتال بند نہ رکھیں۔ انھوں نے آئندہ ہفتے شب برأت میں عوام کو اپنے گھروں میں نماز ادا کرنے اور 14/ اپریل کوڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی بھی گھروں ہی میں منانے کی تلقین کی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 88/ نئے افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد 423/ ہوگئی ہے۔ ممبئی کی سب سے بڑی دھاراوی جھونپڑ پٹی میں کل کورونا کا تیسرا مریض پایا گیا۔ اسی اثناء میں ریاست میں کورونا کے باعث اب تک 21/ افراد کی موت واقع ہوچکی ہے۔
مراٹھواڑہ میں پانچ نئے کورونا کے مریض پائے گئے۔ اورنگ آباد میں ایک خاتون اور ایک مرد کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا۔ عارف کالونی اور سڈکو این فور میں رہائش پذیر ان دونوں مریضوں کا شہر کے سرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے۔ یہ اطلاع سیول سرجن ڈاکٹر سندر کلکرنی نے دی۔ 
عثمان آباد میں کل دومریضوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ ان میں سے ایک عمرگہ اور دوسرے کا تعلق لوہارا سے ہے۔ لوہارا کے دھانوری قصبے کا ساکن یہ شخص ممبئی کے ایک ہوٹل میں کام کرتا تھا۔ کچھ روز قبل وہ اپنے گائوں لوٹا تھا۔ اس شخص کے رابطے میں آنے والے 25/ افراد کی فہرست تیار کرلی گئی ہے اور انہیں گائوں میں تیار کردہ آئیسولیشن وارڈ میں رکھا جائیگا۔ یہ اطلاع ضلع کلکٹر دیپا مودھڑ منڈے نے دی۔ اسی دوران ہنگولی سرکاری اسپتال میں داخل کردہ پانچ مشتبہ مریضوں میں سے صرف ایک شخص کی جانچ رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ بلڈانہ شہر کے 31/ افراد میں سے تین افرادکی جانچ رپورٹ موصول ہوئی جس میں سے ایک شخص میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ احمد نگر ضلع میں مزید 9/ افراد کورونا سے متاثرہوئے ہیں۔ اس طرح ضلع میں کورونا مریضوں کی کُل تعداد 17/ ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
دہلی کے نظام الدین تبلیغی مرکز کا سفر کرنے والے پربھنی ضلع کے تین افراد کی جانچ رپورٹ موصول ہوئی‘ جو نگیٹیو پائی گئی۔ یہ اطلاع ضلع کلکٹر دیپک موگلیکر نے دی۔ ان تین افراد سے رابطے میں آنے والے مزید پانچ افراد کو بھی گھر میں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ ناندیڑ سے 25/ افراد نے تبلیغی جماعت کے مرکز کا دورہ کیا تھا، جن میں سے 14/ افراد کے نمونے جانچ کیلئے روانہ کیے گئے۔ ان میں 25/ میں سے 7/ افراد ہنوز ریاست سے باہر ہی پھنسے ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میںآج سے پانچ اپریل تک تمام بازار ‘ کرانہ دُکان اور سبزیوں کی دُکانیں پوری طرح بند رہیں گی۔ صرف ادویات فروشوں کو اپنی دُکانیں کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ضلع کلکٹر روچیش جئے ونشی نے کل یہ حکم جاری کیا۔ اس عرصے میں اجازت نامہ حاصل کرنے والی گاڑیاں بھی سڑکوںپر نہیں چلیں گی۔
***** ***** *****
شہر اورنگ آباد میں ٹووہیلر پر بلا وجہ گھومنے والے گیارہ افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گوشت کی دُکان پر ہجوم پائے جانے پر ایک گوشت فروش کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔ 
لاتور میں کل صبح سڑکوں پر گھومنے والے 120/ افراد کے خلاف کاروائی کی گئی ۔ دھولیہ شہر میں بھی کل صبح مارننگ واک کیلئے باہر آنے والے 32/ افراد کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ ملک میں جاری 21/ روزہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کرنے مرکز کی ریاستی حکومتوں کو تلقین۔
٭ ریاستوںکی صورتحال کے تناظر میں لاک ڈائون مرحلہ وار ختم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی وزیرِ اعظم کی ہدایت۔
٭ ریاست کے 30/ سرکاری اسپتال کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے مختص۔
٭ اورنگ آباد اور عثمان آباد میں دو۔ دو اور ہنگولی میں کوروناکے ایک مریض کی موجودگی کا انکشاف۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment