Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 June-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۳؍جون ۲۰۲۰
وَقت : ۱۰:۹۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ نِسرگ سمندری طوفان ممبئی سے دو سو کلو میٹر فاصلے پر پہنچ گیا۔ مہاراشٹر کی جانب طوفان کا سفر جاری۔دوپہر تک پہنچنے کا قیاس۔
٭ سمندری طوفان کا مقابلہ کرنے کیلئے انتظامیہ تیار‘ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے، قومی آفات کنٹرول فورس کی 10/ٹکڑیاں تعینات۔
٭ ریاست میں 2/ ہزار 287/ نئے کورونا متاثرین۔ تمام دِن میں 103/ افراد فوت۔
٭ اورنگ آباد میں 6/ مریض لقمۂ اجل اورکل 62/ نئے مریضوں کی تصدیق۔آج 47 نئے متاثرین پائے گئے۔
٭ جالنہ، عثمان آباد، ہنگولی، بیڑ اور ناندیڑ میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ۔
٭ نِسرگ سمندری طوفان کے اثرات‘ ریاست میں کئی مقامات پر بارش۔
٭ اور۔۔۔۔ ریاست میں آج سے مرحلہ وار لاک ڈائون میں نرمی کا آغاز۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔۔
نِسرگ سمندری طوفان آج ریاست کے ساحل پر پہنچنے کا قیاس ہے۔ محکمۂ موسمیات کی اطلاع کے مطابق یہ سمندری طوفان علی باغ سے 155/ کلو میٹر اور ممبئی سے 200/ کلو میٹر کے فاصلے تک پہنچ گیا ہے۔ 13/ کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے یہ مہاراشٹر کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس کے دوپہر تک پہنچنے کا قیاس ہے۔
اس سمندری طوفان کے مدِنظر انتظامیہ تیار ہے۔ یہ بات وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہی۔ وہ کل سماجی رابطہ کے ذریعے سے عوام سے مخاطب تھے۔ آج سے لاک ڈائون میں نرمی کی جارہی ہے۔ تاہم ساحلی علاقوں کے شہری آج اور کل گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ان علاقوں میں تمام کاروبار بند رہیں گے۔ یہ بات انھوں نے کہی۔
سمندری طوفان کے خطرے کے مدِنظر شہری محتاط رہیں اور انتظامیہ کی مدد کریں۔ شہری افواہیں نہ پھیلائیں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ایسی اپیل وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر کی ہے۔ شہریوں کو دُوردرشن اور آکاشوانی کی اطلاعات پر توجہ دینے کیلئے انھوں نے کہا۔ ممبئی اور ساحلی علاقوں میں قدرتی سمندری طوفان کے خطرے کے تناظر میں قومی آفات کنٹرول فورس NDRF کی دس تکڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔ اس کی اطلاع وزیرِ اعلیٰ نے دی۔ اس کے علاوہ چھ ٹکڑیاں ریزرو رہیں گی، یہ بات وزیرِ اعلیٰ نے کہی۔ شہریوںکو محفوظ مقامات پر پہنچادیا گیا ہے، رائے گڑھ ساحل کے 60/ دیہاتوں میں تقریباً ایک لاکھ 73/ ہزار شہری بستے ہیں۔ کسی طرح کا جانی نقصان نہ ہو، اس کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ NDRF کے دو دستے پہنچ گئے ہیں۔ ایک دستہ ہری ہریشور اور دوسرا دستہ علی باغ میں تعینات ہے۔ ماہی گیری کیلئے سمندر میں گئے پانچ ہزار 668/ ماہی گیروں کو واپس بلایا گیا ہے۔ اس کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی۔
وزیرِ اعظم نریندرمودی نے کل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے‘ گجرات کے وزیرِ اعلیٰ وِجئے روپانی ‘ دَمن دیو۔ دادر نگر حویلی کے ایڈمنسٹریٹر پرفل پٹیل کے مابین سمندری طوفان کے سلسلے میں اور احتیاطی تدابیر کے ضمن میں بات چیت کی۔ مرکز کی جانب سے ریاستوں کو ہر قسم کی امداد دی جائیگی۔ یہ بات وزیرِ اعظم نے کہی۔
***** ***** *****
اس سمندری طوفان سے ممبئی کے باندرہ۔ کُرلا کامپلیکس BKC میں کووِڈ معالج سینٹرس کو بھی خطرہ ہونے کا قیاس ہے ‘اسکی وجہ سے ان مراکز کے مریضوں کو دیگر محفوظ مقامات پر پہنچادیا گیا ہے۔
اسی بیچ اس سمندری طوفان کی وجہ سے تمام ریاست میں موسلا دھار بارش ہونے کا قیاس ہے۔ کرناٹک ساحلی علاقہ، وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ میں بھی طوفان کے اثرات ہوں گے۔ موسلا دھار بارش ہونے کا اشارہ محکمۂ موسمیات نے دیاہے۔
اسی بیچ مانسونی بارش 6/ جون تک گوا میں پہنچ جائیگی۔ ایسا قیاس محکمۂ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ بحرِ عرب میں کم دبائو کے پٹے کی وجہ سے مانسون آگے کی جانب بڑھے گا۔ پانچ جون کے بعد یہ تبدیلی متوقع ہے۔ یہ بات محکمۂ موسمیات نے کہی ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کے پھیلائو کے مدِنظر ریاست کے تمام شہریوں کو مفت علاج فراہم کرنے والے مہاتما پھلے جن آروگیہ اسکیم کو ریاستی کابینہ نے کل منظوری دے دی۔ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اب تک ریاست کے 85/ فیصد شہری اس اسکیم میں شامل تھے۔ 31/ جولائی 2020 تک یہ سہولت جاری رہے گی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 2/ ہزار 287/ نئے کورونا وائرس مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ اس کی وجہ سے ریاست میں جملہ مریضوں کی تعداد 72/ ہزار 300/ ہوگئی ہے۔ کل تمام دِن میں 103/ متاثرین فوت ہوگئے۔ اس کی وجہ سے ریاست میں جملہ مرنے والوں کی تعداد 2/ ہزار 465/ ہوگئی ہے۔ دوسری جانب اس مرض سے شفاء یاب ہوکر ایک ہزار 255/ افراد کل اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔ فی الحال ریاست میں 38/ ہزار 493/ افراد زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں کل چھ کورونا متاثرین چل بسے۔ مرنے والوں میں چار مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ اس میں شاہ گنج میں 54/ سال کے‘ کیلاش نگر میں 56/ سالہ، گنیش کالونی کا 61/ سال کا اور گار کھیڑہ علاقے کے کھیونسرا پارک کا 64/ سال کا شخص شامل ہے۔ بائجی پورہ کی 55/ سال کی خاتون اور گوتم نگر کی 69/ سال کی خاتون شامل ہیں۔ اب تک ضلع میں اس مرض کی وجہ سے 84/ افراد لقمۂ اجل بن گئے۔
اسی بیچ کل ضلع میں مزید 62/ کورونا وائرس متاثرین پائے گئے۔ اس کی وجہ سے ضلع میں جملہ مریضوںکی تعداد ایک ہزار 649/ ہوگئی ہے۔ کل شناخت کیے گئے مریضوں میں سڈکو این 6-‘ سنبھاجی کالونی کے 7‘ سمتا نگر میں 6‘ مکند واڑی۔ سنجے نگر میں 4‘ جواہر کالونی میں 3‘ کراڑ پورہ‘ بھیم نگر‘ شیوشنکر کالونی‘ ناتھ نگر‘ بائجی پورہ اور وجئے نگر میں دو۔ دو مریض شامل ہیں۔
شاہ بازار‘ چمپا چوک‘ کٹ کٹ گیٹ‘ ناریلی باغ‘ گنیش کالونی‘ حمال واڑی‘ جیوتی نگر‘ فاضل پورہ علاقہ ، مل کارنر ‘ سڈکو این 3-‘ ایم جی ایم علاقہ، روشن گیٹ‘ گار کھیڑہ علاقہ‘ وشال نگر‘ اہنسا نگر‘ مکند واڑی‘ وِدّیا نکیتن کالونی‘ نیائے نگر‘ چمپا چوک‘ مہاڈا کالونی‘ نہرو نگر، جونا مونڈھا ناکہ علاقہ، سڈکو والوج مہانگر‘ تکشیل نگر‘ رحمانیہ کالونی‘ راجہ بازار‘ کوتوال پورہ اور بھاگیہ نگر اِن علاقوں میں ایک۔ ایک مریض پایا گیا۔ اس کے علاوہ پیٹھن میں یشونت نگر علاقے میں ایک مریض کی شناخت ہوئی۔ اسی بیچ کل علاج کے بعد شفایاب ہوئے 8/ افراد کو گھروں کو روانہ کردیا گیا۔ اب تک ضلع میں ایک ہزار 85/ مریض شفا یاب ہوچکے ہیں۔ آج علی الصبح ملی اطلاع کے مطابق ضلع میں مزید 47/ کورونا وائرس متاثرین کا انکشاف ہوا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں مزید 25/ کورونا وائرس متاثرین کی تصدیق ہوئی۔ عثمان آباد ضلع میں کل 11/ کورونا وائرس متاثرین پائے گئے۔ ہنگولی شہر میں ایک چالیس سال کا شخص کورونا متاثرہ پایا گیا۔ بیڑ ضلع میں مزید دو کورونا وائرس متاثرین کا انکشاف ہوا۔ ناندیڑ ضلع میں بھی دو مریضوں کا اضافہ ہوا۔
***** ***** *****
یونیورسٹی کے قوانین کے تحت ریاست میں ڈگری‘ پوسٹ گریجویٹ کے فائنل کے امتحانات ہونا چاہیے۔ یہ بات گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے کہی ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے کل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔
***** ***** *****
نِسرگ سمندری طوفان کے اثرات تمام ریاست میں نظر آرہے ہیں۔ کل کئی علاقوںمیں بارش ہوئی۔ مراٹھواڑہ میں کئی مقات پر کل بارش ہوئی۔ اورنگ آباد شہر سمیت گنگاپور، پیٹھن، ڈھورکن، اڈول، بالا نگر اور والوج علاقے میں کل ہلکی سے اوسط بارش ہوئی۔ ناندیڑ شہر میں ہلکی سے اوسط بارش ہوئی۔ اس کی اطلاع ہمارے نمائندے نے دی۔ ہنگولی ضلع میں کئی علاقوں میں کل بادلوں کی گھن گرج اور ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔ پربھنی شہر میں بھی بارش کا سلسلہ جاری تھا۔ بیڑ ضلع میں بھی بارش نے دستک دی۔
***** ***** *****
ریاست میں لاک ڈائون کے دوران لگائی گئی پابندیوں میں مرحلے وار نرمی کی جارہی ہے۔ ان مرحلوں کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ آج سے تمام ریاست میں شہری ورزش کرنے کیلئے‘ مارننگ واک کیلئے‘ سائیکل چلانے کیلئے‘ دوڑنے کیلئے صبح سات سے شام پانچ بجے کے درمیان گھروں سے نکل سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پلمبر‘ الیکٹریشین‘ جراثیم کش ادویات مارنا‘ گیریج اور دیگر تکنیکی خدمات کو شروع کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کی رفتار سست رہی ہے‘ لیکن بھارت بہت جلد صلاحیت اور ٹکنالوجی کی وجہ سے یہ رفتار پھر سے حاصل کرلے گا۔ مود ی نے کہا کہ بھارت کو پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے شمولیت‘ قوتِ ارادی‘ سرمایہ کاری‘ بنیادی ڈھانچہ اور اختراع بہت زیادہ اہم ہیں۔ بھارتی صنعتوں کی کنفیڈریشن‘ سی آئی آئی کے قیام کے 125/ سال پورے ہونے کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سے سی آئی آئی کے سالانہ اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے شرحِ ترقی کو پھر سے پٹری پر لانے کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سرخیاں ایک بار پھر۔۔۔
٭ نِسرگ سمندری طوفان ممبئی سے دو سو کلو میٹر پر پہنچ گیا۔ مہاراشٹر کی جانب طوفان کا سفر جاری۔دوپہر تک پہنچنے کا قیاس۔
٭ سمندری طوفان کا مقابلہ کرنے کیلئے انتظامیہ تیار‘ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے، آفات کنٹرول فورس کی 10/ٹکڑیاں تعینات۔
٭ ریاست میں 2/ ہزار 287/ نئے کورونا متاثرین۔ تمام دِن میں 103/ افراد فوت۔
٭ اورنگ آباد میں 6/ مریض لقمۂ اجل اورکل 62/ نئے مریضوں کی تصدیق۔آج 47/ نئے متاثرین پائے گئے۔
٭ جالنہ، عثمان آباد، ہنگولی، بیڑ اور ناندیڑ میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ۔
٭ نِسرگ سمندری طوفان کے اثرات‘ ریاست میں کئی مقامات پر بارش۔
٭ اور۔۔۔۔ ریاست میں آج سے مرحلہ وار لاک ڈائون میں نرمی کا آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment