Saturday, 5 September 2020

 Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 05.09.2020, Time : 09:00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 05 September-2020

Time: 09:00 to 09:10 am

آکاشوانی اَورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ:۵؍ ستمبر  ۲۰۲۰؁

وَقت :  ۱۰:۹۔ ۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

٭ کورونا وائرس سے نمٹنے کے طریقوں پر مؤثر عمل آوری کرنے اور ریاست کے ہر شخص تک پہنچنے کیلئے مہاراشٹر حکومت چلائے گی خصوصی 

مہم؛  مہم کے تحت عوامی بیداری کے ساتھ کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی ہوگی شناخت۔

٭ سات بارہ دستاویزپر اب ہوگا کمپیوٹرائزڈ سیریل نمبر اور QR Code‘ وزیرِ محصول بالا صاحب تھورات کا اعلان۔

٭ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے فائنل ایئر کے امتحان کے بارے میں تفصیلی خاکہ پیش کرنے کی ریاستی حکومت کی یونیورسٹیوں کو ہدایت۔

اور

٭ مہاراشٹر اور ممبئی کو غیر محفوظ تصور کرنے والوں کو ریاست میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کا بیان۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے۔۔

مہاراشٹر حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے طریقوں پر مؤثر عمل آوری کرنے اورریاست کے ہر شخص تک پہنچ کر صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ’’ماجھے کُٹمب‘ ماجھی جبابداری‘‘ نامی مہم چلائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے یہ بات کہی۔ وزیرِ اعلیٰ کل کورونا وائرس کی صورتحال کے جائزہ اجلاس میںبول رہے تھے۔ اس مہم کے تحت محکمۂ صحت کے والنٹیئرس ریاست کے دو کروڑ 25 لاکھ خاندانوں کے گھر گھر جاکر بخار اور آکسیجن کی جانچ کریںگے۔ اس کے علاوہ یہ والنٹیئرس کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا پتہ لگائیںگے اورلوگو ںمیں صحت سے متعلق بیداری پھیلائیں گے۔ اس مہم کا پہلا مرحلہ 15 ستمبر سے 10  اکتوبر تک ہوگا، جبکہ 12  اکتوبر سے 24  اکتوبر کے درمیان اس کا دوسرا مرحلہ ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ ٹھاکرے نے بتایا کہ یہ والنٹیئرس ایک مہینے میں دو مرتبہ ہر خاندان سے ملاقات کریں گے۔

***** ***** *****

مہاراشٹر حکومت کے محکمۂ محصول نے سات بارہ دستاویز میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محصول کے وزیر بالا صاحب تھورات نے یہ اطلاع دی۔ اسکے مطابق ہر گائوں کو کمپیوٹرائزڈ سیریل نمبر دیا جائیگا اور سات بارہ پر سیریل نمبر اور حکومت کی مہر کے ساتھ ساتھ ’’QR Code‘‘ بھی شامل رہے گا۔ بالا صاحب تھورات نے اُمید ظاہر کی کہ سات بارہ دستاویز میں کی جارہی تبدیلیوں سے زمینوں سے متعلق کام کاج میں شفافیت آئیگی اور محصول سے متعلق تنازعات کم کرنے میں مددملے گی۔

***** ***** *****

CBSE کے دسویں اور بارہویں جماعت کے 22 ستمبر سے 29 ستمبر تک ہونے والے امتحانات کیلئے ایگزامنیشن کنٹرولر نے ہدایتیں جاری کی ہیں۔ ان کے مطابق طلبہ کو ماسک کا استعمال کرنا ضروری ہوگا‘ ساتھ ہی سینیٹائزر اور پینے کے پانی کی شفاف بوتل ساتھ لانا لازمی ہوگا۔ اس بیچ CBSE نے ان امتحانات کو ملتوی کرنے کی مخالفت کی ہے۔ امتحانات کے انعقاد کے خلاف سپریم کورٹ میں داخل عرضیوں پر سماعت کے دوران کل CBSE نے عدالت کو بتایا کہ طلبہ کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائیگی۔ 

***** ***** *****

مہاراشٹر حکومت نے یونیورسٹیوں سے کہا ہیکہ وہ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے فائنل ایئر کے طلبہ کے امتحانات منعقد کروانے کے بارے میں 7 ستمبر تک تفصیلی خاکہ پیش کریں۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے ریاستی وزیر اُدئے سامنت نے کل ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران یہ اطلاع دی۔ سامنت نے کہا کہ 31  اکتوبر کو نتیجوںکا اعلان کرنا ہے اس لیے یونیورسٹیوںکو اپنا ٹائم ٹیبل طئے کرنے کی آزادی دی گئی ہے۔ انھوںنے مزید کہا کہ یونیورسٹوں کی جانب سے امتحانات کا تفصیلی خاکہ ملنے کے بعد قدرتی آفات سے نمٹنے کی ریاستی کمیٹی کی میٹنگ ہوگی ‘ جس میں کورونا وائرس کے پھیلائو سے بچتے ہوئے امتحانات منعقد کروانے کے طریقۂ کار کو قطعیت دی جائیگی۔ سامنت نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرونی ممالک جانے والے طلبہ کو ان کے کالجوں کی جانب سے پروویژنل سرٹیفکیٹ دیا جائیگا۔ سامنت نے بتایا کہ کئی غیر ملکی کالجو ں نے پروویژنل سرٹیفکیٹ قبول کرنے کی حامی بھری ہے۔

***** ***** *****

آج یومِ اساتذہ ہے۔ سابق صدرِ جمہوریہ ڈاکٹر سروَ پلّی رادھا کرشنن کے یومِ پیدائش پر ہر سال 5 ستمبر کو یومِ اساتذہ منایا جاتا ہے۔ اس موقعے پر صدرِ جمہوریہ جناب رام ناتھ کووِند اساتذہ کو قومی انعامات سے نوازیں گے۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پسِ منظر میں یہ تقریب آن لائن منعقد کی جائیگی۔ آکاشوانی سے صبح گیارہ بجے سے اس تقریب کو نشرکیا جائیگا۔ قومی انعام حاصل کرنے والوں میں اس مرتبہ مہاراشٹر سے دو ٹیچرس شامل ہیں۔ دریں اثناء مرکزی وزیرِ داخلہ اَمت شاہ نے آج منائے جارہے یومِ اساتذہ کے موقعے پر ٹیچرس کو مبارکباد پیش کی ہے۔

***** ***** *****

سپریم کورٹ نے انجینئرنگ اور میڈیکل کورسیز میں داخلوں کیلئے لیے جانے والے انٹرنس امتحانات JEE اور NEET کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کرنے والی دوسری عرضداشت کو بھی خارج کردیا۔ قومی سطح پر اپوزیشن جماعتوں کی حکمرانی والی چھ ریاستوں نے یہ عرضی داخل کی تھی۔ عرضی میں درخواست کی گئی تھی کہ سپریم کورٹ امتحانات منعقد کروانے کے اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرے، جسے عدالت نے نامنظور کردیا۔

***** ***** *****

مہاراشٹر کے وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا ہیکہ جنہیں ممبئی یا مہاراشٹر میں رہنا غیر محفوظ محسوس ہوتا ہے انہیں ریاست میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ فلم اداکارہ کنگنا راناوت نے ممبئی کا تقابل پاکستانی مقبوضہ کشمیر سے کیا تھا او رممبئی پولس پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ اس پسِ منظر میں دیشمکھ نے یہ تبصرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ممبئی اور پولس کے بارے کنگنا راناوت کا بیان مضحکہ خیز ہے۔

اس بیچ کنگنا راناوت کے بیان پر کل کافی تنقید ہوئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے مطالبہ کیا کہ کنگنا راناوت عوام سے بلا شرط معافی مانگیں۔ وہیں کانگریس کے ریاستی صدر بالا صاحب تھورات نے کہا کہ ممبئی پولس‘ مراٹھی مانُس اور مہاراشٹر کی توہین کرنے والوںکو عوام معاف نہیں کرے گی۔ شیوسینا کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے رائوت نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت‘ ممبئی پولس کے خلاف بیان بازی کرنے والی اداکارہ پر کاروائی کرے۔

اس سب کے بیچ کنگنا راناوت اپنے بیان پر قائم ہیں۔ انھوں نے کل اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ وہ 9 ستمبر کو ممبئی آرہی ہیں اور اگر کسی میں ہمت ہے تو وہ انہیں روک کے دکھائے۔ انھوںنے کہا کہ وہ ممبئی کو ماں کی طرح مانتی ہیں، جس نے انہیں اپنایا ہے۔ اس دوران شیوسینا نے کنگنا راناوت کے بیان کے خلاف اورنگ آباد اور پربھنی میں کل مظاہرے کیے۔

***** ***** *****

نارکوٹکس کنٹرول بیورو‘ NCB نے منشیات کی فروخت کے معاملے میں کل اداکارہ رِیا چکرورتی کے بھائی شووِک چکرورتی اور اداکار سُشانت سنگھ راجپو ت کے ہائوس مینیجر سیموئل مرانڈا کو گرفتار کرلیا۔ ان دونو ںکو آج عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ اس سے پہلے کل NCB نے شووِک چکرورتی اور سیموئل مرانڈا کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارکر دونو ںکو تفتیش کیلئے حراست میں لیا تھا۔ اس دوران منشیات کی فروخت میں ملوث ایک اور ملزم عبدالباسط پریہار کو مقامی عدالت نے 9 ستمبر تک NCB کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ NCB نے بتایا کہ عبدالباسط پریہار نے قبول کیا ہیکہ وہ شووِک چکرورتی کے کہنے پر منشیات سپلائی کرتا تھا۔

***** ***** *****

مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں مزید 19 ہزار 218 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اندراج ہوا۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی کُل تعداد 8 لاکھ 63 ہزار 62 ہوگئی ہے۔ ریاست بھر میں کل ایک دِن میں 378 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اس بیماری سے اب تک مہاراشٹر میں 25 ہزار 964 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ دوسری جانب کل دِن بھر میں 13 ہزار 289 کورونا مریضوں کو ٹھیک ہونے کے بعد ریاست کے مختلف اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا۔ اب تک مہاراشٹر میں 6 لاکھ 25 ہزار 773  افراد کورونا وائرس سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ فی الحال مہاراشٹر میں 2لاکھ 10ہزار 978 کورونا مریض اپنا علاج کروا رہے ہیں۔ 

***** ***** *****

مراٹھواڑہ میں گذشتہ روز 39 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 1804 نئے مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا۔ لاتور ضلعے میں کل 9 مریضوں کی موت ہوگئی اور 414 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔ عثمان آباد ضلعے میں 7 لوگوں نے کل ایک دِن میں کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوائی اور ضلعے میں 128 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔ اورنگ آباد‘ ناندیڑ اور پربھنی اِن تینوں ضلعو ںمیں سے ہر ایک میں کل 6کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اورنگ آباد ضلعے میں کل ایک دِن میں 409 کورونا پازیٹیو مریضوں کا پتہ چلا۔ وہیں ناندیڑ ضلعے میں 362 اور پربھنی ضلعے میں 124 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ بیڑ ضلعے میں گذشتہ روز 5 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور  176  افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی۔ جالنہ ضلعے میں کل ایک دِن میں 164  اور ہنگولی ضلعے میں 27کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا۔

***** ***** *****

عثمان آباد شہر میں کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کو روکنے کیلئے مسلم سماج کے مخیر افراد‘ سماجی کارکنوں اور کارپوریٹرس نے مل کر8  الگ الگ علاقوں میں محلہ کلینک شروع کیے ہیں۔ یہ محلہ کلینک گذشتہ ایک مہینے سے کام کررہے ہیں۔ آکاشوانی کے عثمان آباد کے نمائندے نے بتایا کہ ان محلہ کلینک میں کیے جارہے مفت علاج سے عوام کو کافی راحت مل رہی ہے۔

***** ***** *****

مہاراشٹر وِدھان سبھا اسپیکر نانا پٹولے کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ انھوں نے ٹوئیٹر پر یہ جانکاری دی۔ نانا پٹولے نے کہا کہ گذشتہ کچھ دِنوں سے ان کے رابطے میں آئے لوگوں کو اپنا کورونا ٹسٹ کروالینا چاہیے۔

***** ***** *****

اورنگ آباد ضلعے کے پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم کے پن بجلی مرکز سے کل 1589 گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی ندی میں چھوڑا گیا۔ ساتھ ہی ڈیم کے بائیں کینال سے بھی کل سو گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ندی میں پانی کا اخراج جاری رہا۔ دائیں کینال سے بھی پنی کے اخراج کی رفتار بڑھا کر اب 500 گھن فٹ فی سیکنڈ کے حساب سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔

***** ***** *****

لاتور ضلعے کے اوسا تعلقے کے سابق صدر بلدیہ مجیب الدین پٹیل کا کل انتقال ہوگیا۔ و 82 برس کے تھے۔ مجیب الدین پٹیل حال ہی میں کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے تھے۔ وہ 35 سالوں تک کائونسلر اور 17 سالوں تک صدر بلدیہ رہے۔ مجیب الدین پٹیل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سابق رکنِ اسمبلی دلیپ دیشمکھ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنا وفادار کارکن کھودیا ہے۔

***** ***** *****

جالنہ تعلقے کے پان شیندرا میں کل دوپہر پرانی دشمنی کی بناء پر 25 سے 30 لوگوں کے ہجوم نے تین بھائیوں کی راستے میں پٹائی کردی، جس میں دو بھائیوں کی موت ہوگئی‘ تیسرے بھائی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ پولس نے اس معاملے میں 30 مشتبہ ملزموں کے خلاف کیس درج کرلیا ہے اور 15 لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

٭ کورونا وائرس سے نمٹنے کے طریقوں پر مؤثر عمل آوری کرنے اور ریاست کے ہر شخص تک پہنچنے کیلئے مہاراشٹر حکومت چلائے گی خصوصی 

مہم؛  مہم کے تحت عوامی بیداری کے ساتھ کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی ہوگی شناخت۔

٭ سات بارہ دستاویزپر اب ہوگا کمپیوٹرائزڈ سیریل نمبر اور QR Code‘ وزیرِ محصول بالا صاحب تھورات کا اعلان۔

٭ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسیز کے فائنل ایئر کے امتحان کے بارے میں تفصیلی خاکہ پیش کرنے کی ریاستی حکومت کی یونیورسٹیوں کو ہدایت۔

اور

٭ مہاراشٹر اور ممبئی کو غیر محفوظ تصور کرنے والوں کو ریاست میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کا بیان۔

***** ***** *****


No comments:

Post a Comment