Thursday, 10 December 2020

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 10.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 10 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۰؍ دسمبر ۔۲۰۲۰؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مہاراشٹر کابینہ نے خواتین اور بچوں پر ہونے والے مظالم کی روک تھام کیلئے شکتی بل کو دی منظوری؛ بل میں سنگین جرائم میں قصوروار
پائے گئے مجرموں کو سزائے موت کی ہے تجویز۔
٭ ریاست میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول شروع کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں؛ اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ کی وضاحت۔
٭ سپریم کورٹ کی آئینی بینچ نے مراٹھا ریزرویشن پر لگی روک ہٹانے سے کیا انکار۔ BJP نے ریاستی حکومت پر لگایا غیر سنجیدہ ہونے کا الزام۔
٭ اورنگ آباد ضلعے میں آج سے کھلیں گے تاریخی اہمیت کے حامل سیاحتی مقامات؛ آن لائن ٹکٹ کے ذریعے ہی داخلے دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
مہاراشٹر کابینہ نے خواتین اور بچوں پر ہونے والے مظالم پر لگام لگانے والے شکتی بل کو کل منظور کرلیا۔ اس بل میں عصمت دری‘ تیزاب کے حملوں اور بچوںپر جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم میں قصور وار پائے گئے مجرموں کیلئے سزائے موت کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ تیزابی حملوں کے مجرموں سے جرمانہ وصول کرنے اور اُس رقم سے متاثرہ کا علاج اور پلاسٹک سرجری کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔
ریاستی کابینہ نے املاک پر قرض لینے کیلئے کیے جانے والے سودوں پر لگنے والی اسٹیمپ ڈیوٹی میں کمی کرنے اور اُس میں یکسانیت لانے والے فیصلوں کو بھی منظوری دی ہے۔ اسی طرح شرد پوار گرام سمردّھی یوجنا چلانے کا بھی کل ریاستی کابینہ اجلاس میں فیصلہ لیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنا اور ہر گرام پنچایت اور اُس سے جڑے گائووں کو خوشحال بنانا ہے۔ ریاستی کابینہ نے بین الاقوامی کھیل یونیورسٹی مہاراشٹر 2020 کے بل کو بھی کل منظوری دی۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ نے واضح کیا ہیکہ مہاراشٹر میں پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول شروع کرنے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ گائیکواڑ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں کے درمیان ضروری جسمانی دوری قائم رکھنا اور حفظانِ صحت کے اُصولوں پر عمل کروانا آسان نہیں ہے۔ تاہم گائیکواڑ نے یہ بھی کہا کہ مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس معاملے پر غور کیا جائیگا۔
اس بیچ پرائمری‘ سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں شکشن سیوک کے عہدوں پر تقررات کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ ورشا گائیکواڑ نے بتایا کہ پو ِ تر پورٹل کے ذریعے چھ ہزار شکشک سیوک عہدوں پر تقررا ت کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ کی آئینی بینچ نے مراٹھا ریزرویشن پر لگی روک ہٹانے سے انکار کردیا ہے۔ اس معاملے کی کل سپریم کورٹ کی آئینی بینچ کے روبرو سنوائی ہوئی۔ جس میں 9 ستمبر کو مراٹھا ریزرویشن پر لگی روک ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ معاملے کی اگلی سماعت 25 جنوری کو ہوگی۔ عدالت نے اس معاملے میں دونوں فریقین سے کہا ہیکہ وہ 18 جنوری تک اپنا مؤقف پیش کریں۔
وہیں کل ہوئی سنوائی کے بعد ریاستی حکومت سے اس معاملے میں اپنا مؤقف واضح کرنے کا مطالبہ رکنِ پارلیمنٹ سنبھاجی راجے بھوسلے نے کیا ہے۔ اس معاملے کے ایک درخواست گذار وِنود پاٹل نے کل اخباری کانفرنس میں کہا کہ ریاستی حکومت مراٹھا ریزرویشن معاملے میں سوپرنیو مرری کا استعمال کرے اور تعلیم اور ملازمت کے شعبوں میں نئے عہدے نکالے۔ وِنود پاٹل نے مزیدکہا کہ ریاستی حکومت کو لاک ڈائون سے پہلے ہی مراٹھا ریزرویشن پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے تھا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے مراٹھا ریزرویشن پر لگی روک ہٹانے سے انکار کیے جانے کے بعد اس معاملے پر سیاست تیز ہوگئی ہے۔ BJP کے ریاستی صدر چندر کانت پاٹل نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کی مہا وِکاس آگھاڑی حکومت مراٹھا ریزرویشن معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ چندر کانت پاٹل نے کہا کہ کل ہوئی سماعت کے دوران حکومت کی کوئی تیاری نظر نہیں آئی۔ پاٹل نے مزید کہا کہ وکیلوں کو ضروری قانونی معلومات فراہم نہ کرنے اور سنیئر وزیروں کے غیر حاضر رہنے جیسی باتیں کل ہوئی سنوائی میں بھی دیکھی گئیں۔
***** ***** *****
دوسری جانب ریاستی حکومت پر سپریم کورٹ میں پوری تیاری کے ساتھ پیش نہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے مراٹھا کرانتی مورچہ کے برہم کارکنوں نے کل پربھنی میں جنتور روڈ پر راستہ روکو آندولن کیا۔ احتجاج کی وجہ سے اس راستے پر کچھ وقت کیلئے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی۔
***** ***** *****
قبائلی بہبود کے سابق ریاستی وزیر اور BJP کے سینئر رہنما وِشنو سائورا کل ممبئی میں چل بسے۔ وہ 76 برس کے تھے۔ وِشنو سائورا گذشتہ دو سالوں سے بیمار تھے۔ وہ پال گھر ضلعے سے چھ مرتبہ ودھان سبھا رُکن کے طو رپر چنے گئے تھے۔ وِشنو سائورا کی آخری رسومات آج پال گھر ضلعے کے واڑا میں ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 4981 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 18لاکھ 64ہزار 348 ہوگئی ہے۔ وہیں کل ریاست بھر میں 75 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اس بیماری سے اب تک مہاراشٹر میں 47 ہزار 902 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا تناسب 2.57% ہے۔ دوسری جانب کل ریاست بھر کے مختلف اسپتالوں سے 5111 کورونا مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد چھٹی دی گئی۔ اب تک مہاراشٹر میں 17 لاکھ 42 ہزار 191  افراد کورونا وائرس سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 93% ہے۔ فی الحال مہاراشٹر بھر میں کورونا وائرس کے درج شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 73 ہزار 166 ہے، جن کا ریاست کے مختلف اسپتالوں میں علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 7 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 206 نئے مریض پائے گئے۔ لاتور ضلعے میں 3  اور جالنہ اور عثمان آباد ضلعو ںمیں 2-2 کورونا مریض ہلاک ہوگئے۔ اورنگ آباد ضلعے میں کل 67 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس کے علاوہ لاتور میں 37‘ بیڑ میں 34‘ عثمان آباد میں 25‘ جالنہ میں 18‘ ناندیڑ میں 14  اور پربھنی میں 11لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ہنگولی ضلعے میں کل ایک بھی کورونا مریض نہیں پایا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے سابق رکنِ پارلیمنٹ اور شیوسینا رہنما چندر کانت کھیرے کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ اس بارے میں خود کھیرے نے یہ اطلاع دی۔ اپنے رابطے میں آئے سبھی لوگوں سے اپنی کورونا جانچ کروانے کی اپیل کرتے ہوئے کھیرے نے بتایا کہ ان کی طبیعت ٹھیک ہے اور وہ احتیاطاً ایک خانگی اسپتال میں شریک ہیں۔
***** ***** *****
درس و تدریس کا عالمی انعام جیتنے والے سرکاری اسکول کے پرائمری ٹیچر رنجیت سنگھ ڈِسلے بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ ڈِسلے حال ہی میں ممبئی سے گورنر اور دیگر شخصیات سے ملاقات کے بعد بارشی لوٹے تھے۔ کل ان کا اینٹی جن ٹیسٹ کیا گیا جس میں انہیں کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے میں آج سے تاریخی اہمیت کے حامل سبھی سیاحتی مقامات دوبارہ شروع ہورہے ہیں۔ ان میں اجنتا اور ایلورہ کے غار اور دولت آباد کا قلعہ شامل ہے۔ ان عمارتوں میں داخلہ صرف آن لائن ٹکٹ بکنگ کے ذریعے ہی ممکن ہوگا۔ سیاح ان مقامات پر ٹکٹ نہیں نکال سکیں گے۔ MTDC اور محکمہ آثارِ قدیمہ کی ویب سائٹ سے آن لائن ٹکٹ حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ ان سبھی مقامات کیلئے ہر دِن صبح ایک ہزار اور دوپہر ایک ہز ار اس طرح دو ہزار سیاحو ںکو ہی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ سیاحوں کو کورونا وائرس سے بچائو کے سبھی طریقوں پر عمل کرنا ہوگا۔ بی بی کا مقبرہ بھی آج سے شروع ہورہا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سنیچر کے روز اورنگ آباد میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرنے تشریف لارہے ہیں۔ صنعتوں کے وزیر اور اورنگ آباد کے نگراں وزیر سبھاش دیسائی نے کل ایک آن لائن اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوںنے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ اورنگ آبادکو پانی فراہم کرنے والے نئے منصوبے‘ مٹمٹہ میں قائم کیے جارہے سفاری پارک‘ بالا صاحب ٹھاکرے میموریل اور 152 کروڑ روپئوں کے راستوں کے کاموں کی بھی شروعات کریں گے۔ پانی فراہمی کے نئے منصوبے کے بارے میں بولتے ہوئے سبھاش دیسائی نے بتایا کہ 1680 کروڑ روپئوں کا یہ منصوبہ اب تک کا مہاراشٹر میں پانی کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ 2052 تک اورنگ آباد کی آبادی 33 لاکھ تک جاسکتی ہے او راسے بنیاد بناکر ہی یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ دیسائی نے کہا کہ ریاستی حکومت شہر کی ترقی کیلئے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے اور کسی بھی کام کیلئے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔
***** ***** *****
گائووں کی معیشت میں خاتون ماہرِ حیوانات کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اس خیال کا اظہار راجیہ سبھا رُکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر فوزیہ خان نے کیا۔ وہ پربھنی کے Veternary کالج اور Association  Indian women Veternary     کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ قومی E- Confrence کے افتتاح کے بعد بول رہی تھیں۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی کے بارے میں مہاراشٹر کے چیف سیکریٹری سنجے کمار کی صدارت میں کل ریاستی سطح کی کمیٹی کی پہلی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں کورونا وائرس کا ٹیکہ لگانے کیلئے ترجیحات طئے کی گئیں۔ اس کے مطابق پہلے مرحلے میں سرکاری اور خانگی اسپتالوں کے طبّی ملازمین اور بچوں کی بہبود کے پروجیکٹ سے جڑے افراد کو ٹیکے دئیے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں ریاستی او رمرکزی پولس ملازمین‘ ہوم گارڈز اور قدرتی آفات سے نمٹنے والے ملازمین اور میونسپل ملازمین کو کورونا وائرس مخالف ٹیکے لگائے جائیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مہاراشٹر کابینہ نے خواتین اور بچوں پر ہونے والے مظالم کی روک تھام کیلئے شکتی بل کو دی منظوری؛ بل میں سنگین جرائم میں قصوروار
پائے گئے مجرموں کو سزائے موت کی ہے تجویز۔
٭ ریاست میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول شروع کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں؛ اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ کی وضاحت۔
٭ سپریم کورٹ کی آئینی بینچ نے مراٹھا ریزرویشن پر لگی روک ہٹانے سے کیا انکار۔ BJP نے ریاستی حکومت پر لگایا غیر سنجیدہ ہونے کا الزام۔
٭ اورنگ آباد ضلعے میں آج سے کھلیں گے تاریخی اہمیت کے حامل سیاحتی مقامات؛ آن لائن ٹکٹ کے ذریعے ہی داخلے دئیے جائیں گے۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment