Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 14.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 14 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۴؍ دسمبر ۔۲۰۲۰
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاستی اسمبلی کا دو روزہ سرمائی اجلاس آج سے ممبئی میں۔ 6حکمنامے اور 10 قانون سازی مسودے پیش کیے جائیں گے۔
٭ اجلاس کا دورانیہ کم کرکے حکومت عوامی مسائل سے راہِ فرار اختیار کررہی ہے۔ حزبِ اختلاف کی تنقید۔
٭ الیکٹرک ایل این جی اور سی این جی پر چلنے والی گاڑیاں‘ آٹو موبائل سیکٹر کا مستقبل‘ وزیرِ حمل و نقل نتن گڈکری۔
٭ بارہویں کے امتحانات کیلئے 15 دِسمبر سے درخواستیں داخل کی جاسکیں گی۔
٭ ریاست بھر میں کورونا کے 3ہزار 717 نئے مریض۔
اور۔۔٭ پربھنی ضلع میں آٹو رکشہ اور ٹرک کا حادثہ، 4 افرادکی موت۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس آج سے ممبئی میں شروع ہورہا ہے۔ یہ اجلاس آج اور کل‘ دو دِن چلے گا۔ کووِڈ 19- کے پیشِ نظر اس بار سرمائی اجلاس ناگپور کی بجائے ممبئی میں منعقد کیا جارہا ہے۔ اس خصوص میں منترالیہ کے احاطے اور آس پاس سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں 6حکمنامے اور 10 بل پیش کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کل ممبئی میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ گذشتہ سال بھر میں کابینی اجلاس میں 200 فیصلے کیے گئے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ کورونا وباء کی صورتحال‘ غیر موسمی بارش اور دیگر آفات سماوی کا مقابلہ کرتے ہوئے حکومت راہنمائی کررہی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سمیت مجلس ِ وزراء کے متعدد ارکان اس اخباری کانفرنس میں موجود تھے۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مراٹھا سماج کے حق کی لڑائی پوری طاقت سے لڑی جارہی ہے اور مراٹھا ریزرویشن دیتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جائیگا کہ کسی اور طبقے کا ریزرویشن متاثرنہ ہو۔
دریں اثناء اسمبلی اجلاس سے قبل حکومت کی جانب سے دی جانے والی روایتی چائے پارٹی کا حزبِ اختلاف نے بائیکاٹ کیا۔ قانون ساز اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد دیویندر پھڑنویس نے ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوںنے کہا کہ یہ اجلاس کم از کم دو ہفتے طویل ہونا چاہیے تھا‘ لیکن اجلاس کا دورانیہ کم کرکے حکومت عوامی مسائل سے متعلق سوالات سے راہِ فرار اختیار کررہی ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ شدید بارش کے باعث نقصان اٹھانے والے کسانوں کو فی ہیکٹر 25 اور 50 ہزار روپئے دئیے جانے کا وعدہ پورا نہ کرکے حکومت نے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ پھڑنویس نے الزام عائد کیا کہ کورونا کیخلاف لڑائی میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئی ہیں اور مطالبہ کیا کہ ان تمام معاملات کی تحقیقات کی جائے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد پروین دریکر نے مطالبہ کیا ہے کہ مراٹھا سماج کے طلبہ کو نوکریوں میں شامل کرنے کا وعدہ حکومت پورا کرے۔ پروین دریکر نے کل ممبئی کے آزاد میدان میں تحریک چلارہے مراٹھا سماج کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 8 ماہ گذر جانے کے باوجود حکومت یہ وعدہ پورا نہیں کرسکی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ حمل و نقل نتن گڈکری نے کہا ہے کہ الیکٹرک ایل این جی اور سی این جی پر چلنے والی گاڑیاں ہی ہندوستانی آٹو موبائل سیکٹر کا مستقبل ہے اور ان گاڑیو ںکیلئے لگنے والے کل پرزوں کی تیاری کا مرکز ناگپور بننا چاہیے۔ وہ کل ہنگنا صنعتی علاقے میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی خدمات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے ترغیب دی کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے مصارف کم ہونا چاہیے۔ آٹو موبائل شعبے کے کل پرزے بنانے والی کمپنیوں کو ضروری مراعات ان خدمات کے تحت حاصل ہوں گی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے کہا ہے کہ مرکز کے تینوں زرعی ترمیمی قوانین کسانوں کے مفاد میں ہیں۔ کل ناگپور میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ موصوف نے کہا کہ کسانوں اور حزبِ اختلاف کی جانب سے ان زرعی ترمیمی قوانین کی منسوخی کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاہم وہ اس مطالبے سے متفق نہیں ۔ آئندہ فروری میں مجوزہ پارلیمانی اجلاس میں ان قوانین میں مزید ترامیم کیلئے حکو مت آمادگی ظاہر کرچکی ہے۔ رام داس آٹھولے نے کہا کہ آئندہ برس ہونے والے ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں شیوسینا‘ کانگریس اور راشٹروادی کانگریس کا متحد ہونا مشکل ہے تاہم ایسا ہوتا بھی ہے تو اس کا فائدہ قومی جمہوری اتحاد یعنی NDA کو ہی ہوگا۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے ترمیم شدہ زرعی قوانین کے باعث کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ کل عثمان آباد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ ان قوانین کے باعث کاشتکاروں کو زرعی فصلوں کی مسابقتی فروخت کی اجازت ہوگی، جس کے باعث زرعی اشیاء کو زیادہ سے زیادہ قیمت مل سکے گی۔
***** ***** *****
زرعی ترمیمی قوانین سے متعلق کسانوں کو واجبی اور صحیح معلومات فراہم کرنے اور حزبِ اختلاف کی جانب سے ان قوانین کی مخالفت و تنقید کا جواب دینے کی غرض سے مرکزی حکومت نے ایک کتابچہ شائع کیا ہے۔ اس کتابچے کا نام ’’پوٹن فارمرس فرسٹ‘‘ (Putin Farmers Firsat) ہے۔ یہ کتابچہ دفتر ِ اطلاعات کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے منعقد کیے جانے والے بارہویں کے امتحانات کیلئے ریگولر طلبہ 15 دسمبر تا 4 جنوری کے دوران فارم بھر سکیں گے۔ پیشہ وارانہ نصاب‘ درجہ میں بہتری کیلئے دوبارہ امتحانات دینے کے خواہشمند طلبہ 5 جنوری تا 18 جنوری کے درمیان درخواست داخل کرسکیں گے۔ ریاستی بورڈ کے سیکریٹری اشوک بھونسلے نے ایک اخباری بیان کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے وضاحت کی کہ خانگی طور پر امتحانات دینے کے خواہشمند طلبہ کیلئے علیحدہ وقت دیا جائیگا۔
***** ***** *****
ناسک ضلع سے تعلق رکھنے والے میجر سریش گھوگے نے جموںوکشمیر کے نوشیرہ سیکٹر میں فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان قربان کردی۔ ناند گائوں تعلقے کا آستے گائوں ان کا آبائی وطن تھا۔ ان کا جسد ِ خاکی براہِ پونا آستے گائوں لایا جائیگا جہاں کل صبح ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
سیکولر جنتا دَل کے ریاستی صدر ریون بھونسلے نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کی عوام کو کورونا سے بچائو کے ٹیکے مفت فراہم کرنے کی ذمہ داری وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو لینا ہوگی۔ کل عثمان آباد میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس برس عوام آفاتِ سماوی سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور اس کے بعد لاک ڈائون بھی روزگار پر اثرانداز ہوا۔ انھوںنے توجہ دلائی کہ کئی ریاستوں کی حکومتوں نے اپنی عوام کو ٹیکے مفت فراہم کرنے کی ذمہ داری لے رکھی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 3 ہزار 717 نئے مریض پائے گئے۔ کل 70 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست میں کورونا وباء سے اب تک 48 ہزار 209 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں اور ہلاکتوں کی شرح دو اعشاریہ پانچ چھ ہے۔
مراٹھواڑہ میں کل 5 کووِڈ مریضوں کی موت واقع ہوئی‘ جبکہ 177 مریضوں کی جانچ مثبت آئی۔ اورنگ آباد ضلع میں 4 اور ناندیڑ ضلع میں ایک شخص کورونا کے باعث انتقال کرگیا۔ اورنگ آباد ضلع میں کل کورونا کے 67 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
کُل ہند کانگریس کمیٹی کی صدر سونیا گاندھی کی سالگرہ کی مناسبت سے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست گیر عطیۂ خون کیمپوں کے انعقاد کا آغاز کردیا ہے۔ 6 دسمبر تا 20 دسمبر کے دوران ریاست بھر میں 25 ہزار خون کی تھیلیاں جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ کل لاتور میں پارٹی کی جا نب سے عطیۂ خون کیمپ منعقد کیا گیا۔ جہاں 101 افراد نے اپنے خون کا عطیہ دیا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں گنگا کھیڑ۔ پرلی شاہراہ پر ایک ٹرک اور آٹو رکشہ کے مابین راست تصادم میں آٹو رکشہ میں سفر کررہے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ سون پیٹھ پولس اسٹیشن کے تحت کل شام پیش آیا۔ چاروں مہلوکین کا تعلق امبا جوگائی سے ہے اور یہ نوجوان سون پیٹھ تعلقے میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد امبا جوگائی لوٹ رہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاستی اسمبلی کا دو روزہ سرمائی اجلاس آج سے ممبئی میں۔ 6حکمنامے اور 10 بل پیش کیے جائیں گے۔
٭ اجلاس کا دورانیہ کم کرکے حکومت عوامی مسائل سے راہِ فرار اختیار کررہی ہے۔ حزبِ اختلاف کی تنقید۔
٭ الیکٹرک ایل این جی اور سی این جی پر چلنے والی گاڑیاں ہی آٹو موبائل سیکٹر کا مستقبل‘ وزیرِ حمل و نقل نتن گڈکری۔
٭ بارہویں کے امتحانات کیلئے 15 دِسمبر سے درخواستیں داخل کی جاسکیں گی۔
٭ ریاست میں کورونا کے 3ہزار 717 نئے مریض۔
اور۔۔٭ پربھنی ضلع میں آٹو رکشہ اور ٹرک کے مابین حادثہ،4 افرادہلاک۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment