Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Dated : 03.December.2020, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 December-2020
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍ دسمبر ۔۲۰۲۰
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاست میں آباد ذات سے منسوب بستیوں کے نام بدلنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ لاتور اور اورنگ آباد سمیت 4 سرکاری میڈیکل کالجو ںمیں خصوصی انتہائی علاج اسپتالوں کے قیام کو ریاستی کابینہ کی جانب سے منظوری۔
٭ ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس ناگپور کی بجائے اب ہوگا ممبئی میں۔
٭ SEBC زمرے کے علاوہ تلاٹھی عہدے کیلئے منتخب کیے گئے دیگر امیدواروں کے تقرر کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں گریجویٹ اور اساتذہ حلقو ںکیلئے پرسوں ہوئے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج۔
٭ ریاست میں کل پائے گئے 5 ہزار 600 نئے کورونا کے مریض؛ مراٹھواڑہ میں بھی 343 کورونا کے نئے معاملے درج۔
اور۔۔٭ تیسرے یک روزہ کرکٹ مقابلے میں کل بھارت نے آسٹریلیاء کو دی 13 رَنوں سے شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
ریاستی حکومت نے ریاست میں آباد ذات سے منسوب بستیوں کے نام بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی کابینہ نے کل لاتور‘ اورنگ آباد‘ آکولہ اور ایوت محل کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں انتہائی خصوصی علاج کیلئے اسپتال قائم کرنے کو منظوری دی ہے۔ کابینہ نے ان اسپتالوں کے قیام کیلئے پہلے مرحلے میں 888 عہدوں کو بھی منظوری دی ہے۔کل منعقدہ کابینی اجلاس میں ریاستی حکومت نے دسمبر 2019 تک کی سیاسی اور سماجی تحریکوں کے دوران قائم کیے گئے مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی S.T. کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہوںکی ادائیگی کیلئے ایک ہزار کروڑ روپئوں کے خصوصی پیکیج کو منظوری دی ہے۔
وزیرِ اعظم مائیکرو فوڈ پروسیسنگ صنعت اسکیم کو ریاست میں شروع کرنے کا فیصلہ بھی کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ اس کے لیے پروجیکٹ مینجمنٹ سیل قائم کیا جائیگا۔ ساتھ ہی کہا گیا ہیکہ وزیرِ اعلیٰ زرعی اور فوڈ پروسیسنگ اسکیم بھی جاری رہے گی۔ ریاست میں تقریباً ڈھائی لاکھ غیر منظم اور اندراج نہیں کی گئی فوڈ پروسیسنگ صنعتیں ہیں۔ اس شعبے میں کاروباری افراد کو درپیش مالی‘ تکنیکی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے وزیرِ اعظم مائیکرو فوڈ پروسیسنگ صنعت اسکیم کو نافذ کیا جائیگا۔ اس اسکیم کے نفاذ میں 60 فیصد خرچ مرکز اور 40 فیصد ریاست برداشت کریگی۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس ناگپور کی بجائے ممبئی میں ہوگا۔ کل منعقدہ کابینی اجلاس کے بعد بتایا گیا کہ اس سلسلے میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے سفارش کی جائیگی۔ اس سے قبل 7 دسمبر سے ناگپور میں سرمائی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم کورونا کے پھیلائو کے پیشِ نظر اب یہ اجلاس ناگپور کی بجائے ممبئی میں ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست میں تلاٹھی عہدوںکیلئے منتخب کیے گئے امیدواروں کو تقررات دینے کا راستہ صاف ہوچکا ہے۔ سماجی اور مالی نقطۂ نظر سے پسماندہ طبقے SEBC کے عہدوں کے علاوہ دیگر زمروں کے عہدوں پر تقررات کیے جائیں گے۔ محصول کے ریاستی وزیر بالا صاحب تھورات نے کل یہ اعلان کیا۔ اس اعلان کے مطابق اورنگ آباد‘ بیڑ، ناندیڑ، دھولیہ، احمد نگر، شولا پور اور ستارا اضلاع میں سن 2019 کے منتخب شدہ امیدواروں کے تقررات کو منظوری دی گئی ہے۔ تمام ضلع کلکٹرس کو اس خصوص میں اطلاع دے دی گئی ہے۔
***** ***** *****
برطانیہ میں کورونا سے حفاظت کیلئے ٹیکہ اندازی کی اجازت دے دی گئی ۔ اس طرح برطانیہ کورونا ٹیکہ اندازی کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ امریکی ادویہ ساز کمپنی فائنرر اور جرمن کمپنی بائنٹیک کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کیا جانے والا یہ ٹیکہ کورونا وائرس سے 95 فیصد حفاظت کرتا ہے۔ آئندہ ہفتے سے اس ٹیکے کی پیداوار شروع کردی جائیگی۔ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ جاری مہینے کے آخر تک 5 کروڑ ڈوز اور آئندہ برس ایک اَرب 30 کروڑ ڈوز تیار کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے مرکزی وزارت ِ صحت نے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ ان کے مطابق کورونا سے متاثرہ علاقوں کے بازار بند رکھے جائیں گے۔ 65 برس سے زیادہ عمر کے افراد‘ حاملہ خواتین اور 10 برس سے کم عمر کے بچوں کو گھروں سے غیر ضروری طو رپر باہر نہ نکلنے کی صلاح دی گئی ہے۔ جن علاقوں میں دوکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے وہاں جراثیم کشی کرنا‘ سینیٹائزر رکھنا اور گاہکوں کے درمیان چھ فٹ کی دوری برقرار رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
سماجی انصاف کے مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے نوجوانوںسے اپیل کی ہیکہ وہ کاروبار کیلئے الیکٹرک گاڑیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں اس خصوص میں منعقدہ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے مخاطب تھے۔ الیکٹرک رکشہ، مال برداری کیلئے استعمال کیے جانے والے رکشے اور دیگر گاڑیوں کی خریدی کی خاطر نوجوانوںکو قرض فراہم کرنے کیلئے آٹھولے نے کل مختلف بینکوں کے افسران اور سرکاری افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ جس کے بعد انھوں نے بیروزگار نوجوانوں اور صنعت کاروں سے ملاقات کی اور اس خصوص میں ان کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
ریاست میں گریجویٹ اور اساتذہ حلقوں کیلئے پرسوں ہوئے انتخابات کے ووٹوںکی گنتی آج کی جائیگی۔ گریجویٹ حلقے کی رائے شماری چکل تھانہ صنعتی علاقہ میں ہوگی۔ رائے شماری کی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔ کورونا سے حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ سلامتی کے نقطۂ نظر سے پولس بندوبست بھی کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کُل ہند کسان سنگھرش کمیٹی نے دہلی کی سرحدوں پر کسانوںکی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی ریاست میں اس احتجاج کو مزید شدت سے جاری رکھنے کا انتباہ دیا ہے۔ کل اورنگ آباد میں صحافتی کانفرنس کا انعقاد کرکے یہ اطلاع دی گئی۔ سنگھرش کمیٹی کی جانب سے آج تمام کلکٹر دفاتر اور تحصیل دفاتر پر مورچہ نکالا جائیگا۔ اورنگ آباد میں پیٹھن گیٹ پر آج دوپہر ایک تا شام چار بجے کے دوران دھرنا احتجاج کیا جائیگا۔ یہ اطلاع تنظیم کے رہنما سبھاش لومٹے اور رام باہیتی نے دی۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سرکردہ قائد چھگن بھجبل نے پنجاب میں جاری کسان احتجاج کیلئے پارٹی کی جانب سے حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ فصلیں پیدا کرنے والی اور ملک کے دفاعی نظام میں خصوصی طور پر تعاون کرنے والی ریاست کو زیادہ تکلیف پہنچانا مناسب نہیں۔ بھجبل نے کہا کہ مرکزی حکومت کو پنجاب کے کسانوںکے مسائل حل کرنے کیلئے ان سے مذاکرات کرنا چاہیے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 5 ہزار 600 نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست میں اس وباء کے کُل متاثرین کی تعداد 18 لاکھ 32 ہزار 176 ہوچکی ہے۔ علاج کے دوران کل ریاست بھر میں 111 کورونا مریض ہلاک ہوگئے‘ ساتھ ہی کل 5 ہزار 27 مریض شفاء یاب بھی ہوئے‘ جنہیں اسپتالوں سے رُخصت دے دی گئی۔ ریاست میں اب تک 16 لاکھ 95 ہزار 208 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ فی الحال ریاست میں 88 ہزار 537 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
مراٹھواڑہ میں بھی کل کورونا سے 6 مریضوں کی موت ہوگئی‘ جبکہ 343 نئے مریض منظرِ عام پر آئے۔ لاتور میں کل 3‘ جبکہ اورنگ آباد‘ عثمان آباد اور ناندیڑ اضلاع میں ایک۔ ایک کورونا مریض کا انتقال ہوگیا۔ اورنگ آباد ضلع میں کل کورونا کے99‘ جالنہ ضلع 65‘ بیڑ 52‘ لاتور 50‘ ناندیڑ 30‘ عثمان آباد 26‘ پربھنی 18 اور ہنگولی میں 3 نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے نے حیدرآباد۔ جئے پور‘ سکندرآباد۔ شرڈی اور کاکی ناڑہ۔ شرڈی یہ تین خصوصی ریل گاڑیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی امراوتی۔ تروپتی خصوصی ریل گاڑی خدمات کی مدت میں مزید ایک مہینے کی توسیع کردی گئی ہے جنوب وسطی ریلوے کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلع میں تحفظ ِ اطفال اور بچوں کو گود لینے کے ہفتے کے دوران 3 کم عمری کی شادیو ںکو روک دیا گیا۔ ضلع کے سُرڈی‘ اندور اور عثمان آباد شہر کے دیوکتے گلی میں کم عمری کی یہ شادیاں ہونے والی تھیں۔ تاہم دُلہا۔ دُلہن کے افرادِ حانہ کی ذہن سازی کے بعد ان شادیوں کے انعقاد کو منسوخ کردیا گیا۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین کل کھیلے گئے یکروزہ کرکٹ مقابلے میں بھارت نے میزبان آسٹریلیاء کو 13 رَنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورس میں 302 رَن بنائے۔ ہاردک پانڈیا نے 92‘ رویندر جڈیجہ 66 اور وِراٹ کوہلی نے 63 رَن بنائے۔ جواب میں آسٹریلیاء کی ٹیم تمام وکٹوں کے نقصان پر 289 رَن ہی بنا پائی۔ گیندباز شاردُل ٹھاکر نے 3‘ جسپریت بھمرا نے 2‘ کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ نے ایک۔ ایک وکٹ لی۔ نئے گیندباز ٹی نٹراجن نے اپنے پہلے ہی مقابلے میں 2 وِکٹیں حاصل کیں۔ آئندہ کھیلا جانے والا پہلا T-20 مقابلہ 4 دسمبر کو ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ ریاست میں آباد ذات سے منسوب بستیوں کے نام بدلنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ لاتور اور اورنگ آباد سمیت 4 سرکاری میڈیکل کالجو ںمیں خصوصی انتہائی علاج اسپتالوں کے قیام کو ریاستی کابینہ کی جانب سے منظوری۔
٭ ریاستی اسمبلی کا سرمائی اجلاس ناگپور کی بجائے اب ہوگا ممبئی میں۔
٭ SEBC زمرے کے علاوہ تلاٹھی عہدے کیلئے منتخب کیے گئے دیگر امیدواروں کے تقرر کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں گریجویٹ اور اساتذہ حلقو ںکیلئے پرسوں ہوئے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج۔
٭ ریاست میں کل پائے گئے 5 ہزار 600 نئے کورونا کے مریض؛ مراٹھواڑہ میں بھی 343 کورونا کے نئے معاملے درج۔
اور۔۔٭ تیسرے یک روزہ کرکٹ مقابلے میں کل بھارت نے آسٹریلیاء کو دی 13 رَنوں سے شکست۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment