Wednesday, 3 February 2021

 Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 03.Feburuary.2021, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 Feburuary-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍ فروری  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کیخلاف اپوزیشن اراکین نے کل پارلیمنٹ میں کی ہنگامہ آرائی؛ دونوں ایوانوں کی کاروائی ملتوی۔
٭ مہاراشٹر حکومت نے ضلع سینٹرل کوآپریٹیو بینکوں‘ امدادِ باہمی شکر کارخانوں‘ سوت گرنیوں اور دودھ سنگھ میں انتخابات پر لگی پابندی ہٹائی۔
٭ CBSE کے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی 4 مئی سے ہوگی شروعات؛ 2 مئی کو ہوگا UGC نیٹ امتحان۔
اور
٭ اورنگ آباد اور لاتور ضلعوں میں کل ہوئی ایک۔ ایک کورونا مریض کی موت؛ مراٹھواڑہ میں کل سامنے آئے 105 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
اپوزیشن جماعتوں کے حکومت کے تینوں زرعی قوانین کے خلاف پارلیمنٹ میں زبردست ہنگامہ آرائی کی، جس کے بعد دونوں ایوانوں کا کام کاج ملتوی کرنا پڑا۔ لوک سبھا میں کام کاج کی شروعات ہوتے ہی کانگریس‘ ترنمول کانگریس‘ بائیں بازو کی جماعتیں‘ سماج وادی پارٹی‘ شیوسینا اور دوسری پارٹیوں کے اراکین اسپیکر کی نشست کے بالکل سامنے پہنچ گئے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کرنے لگے۔ اسپیکر اوم برلا نے ان اراکینِ پارلیمنٹ کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بحث کیلئے الگ سے وقت دیا جائیگا، لیکن اس کے بعد بھی شور و غل جاری رہا۔ جس کے بعد ایوان کی کاروائی ملتوی کردی گئی۔
اس سے پہلے راجیہ سبھا میں بھی شور و غل اورہنگامہ آرائی کے بعد دِن بھر کیلئے کاروائی ملتوی کرنی پڑی۔ اپوزیشن اراکین یہاں بھی ایوان کے وسط میں جمع ہوکر نعرے بازی کرتے رہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ کسانوں کے مطالبات پر فوراً بات کی جائے۔ اس سے قبل چیئرمین وینکیا نائیڈو نے ان اراکین کو تیقن دیا کہ کسانوں کے معاملوں پر بات کی جائیگی، لیکن یہ اراکین نہیں مانے اور کام کاج ملتوی کرنے کی قرارداد پیش کرنے لگے۔ اس بیچ چیئرمین نے یہ مانگ نامنظور کردی جس کے بعد ان اراکین نے ایوان سے واک آئوٹ کردیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں ضلع سینٹرل کوآپریٹیو بینکوں‘ امدادِ باہمی شکر کارخانوں‘ سوت گرنیوں اور دودھ سنگھ جیسے 47 ہزار امدادِ باہمی اداروں میں انتخابات منعقد کروانے کی اجازت دے دی ہے۔ حکومت نے گنّے کے ہنگامۂ کشید کو وجہ بتاتے ہوئے ان امدادِ باہمی اداروں میں انتخابات کے انعقاد پر لگی تین مہینوں کی پابندی ہٹالی ہے۔ امدادِ باہمی‘ مارکیٹنگ اور کپڑا محکمے نے چنائو کی تیاریاں کرنے کی ہدایت متعلقہ انتخابی اتھاریٹی کو دی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے مختلف ضلعوں میں موجود 95 نگرپریشدوں اور نگر پنچایتوں کے عام انتخابات کیلئے اور 31 نگر پریشدوں اور مختلف نگر پنچایتوں کی 35 سیٹوں کیلئے ضمنی انتخابات کروانے کیلئے 15 فروری کو ووٹر لسٹ شائع کی جائیگی۔ ریاستی انتخابی کمشنر UPS مدان نے بتایا کہ ان انتخابات کیلئے 15 جنوری 2021 تک دستیاب ودھان سبھا حلقوں کی ووٹر لسٹ کو قابلِ قبول سمجھا جائیگا۔ مدان نے بتایا کہ نئی ممبئی‘ وسئی۔ وِرار اور کولہا پور میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کیلئے اور دیگر 16 میونسپل کارپوریشنوں کی خالی پڑی 25 سیٹوں کے ضمنی انتخابات کیلئے 16 فروری کو ووٹر لسٹ شائع کی جائیگی۔
***** ***** *****
مرکزی تعلیمی بورڈ‘ CBSE نے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے ٹائم ٹیبل کا اعلان کردیا ہے۔ اس کے مطابق دونوں امتحانات 4 مئی سے 11 جون کے درمیان منعقد ہوں گے۔
***** ***** *****
یونیورسٹی گرانٹس کمیشن‘ UGC جونیئر ریسرچ فیلو شپ ور اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدوں کیلئے 2 مئی کو نیٹ امتحان منعقد کرے گا۔ مرکزی وزیرِ تعلیم رمیش پوکھریال نِشنک نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس سال نیٹ امتحان آن لائن ہوگا اور اس سے متعلق معلومات UGC کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیرِ توانائی اور BJP رہنما چندر شیکھر باون کُڑے نے کہا ہیکہ مہاراشٹر کی مہا وِکاس آگھاڑی حکومت 72 لاکھ بجلی کنکشن توڑنے کا اپنا فیصلہ واپس لے ورنہ 5 فروری کو BJP ریاست بھر کے مہاوِترن دفتروں پر تالے لگادیگی۔ باون کُڑے نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران عوام کو 100یونٹ تک بجلی بل معافی کا تیقن دینے والی حکومت اب بل وصولی میں سختی دکھاکر عوام کو تکلیف دے رہی ہے۔ باون کُڑے نے مزید کہا کہ عوام ان بجلی بلوں کی ادائیگی کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انھوں نے کل ممبئی میں منعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ باتیں کہیں۔
***** ***** *****
یلغار پریشد کے دوران ہندو مذہب کیخلاف مبینہ طورپر قابلِ اعتراض بیان بازی کرنے کے معاملے میں شرجیل عثمانی کے خلاف پونے کے سوار گیٹ پولس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔ شرجیل عثمانی پر مذہبی جذبات مجروح کرنے اور دو سماجوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کے الزامات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس بیچ ودھان سبھا میں اپوزیشن لیڈر دیویندر پھڑنویس نے شرجیل عثمانی کیخلاف سخت کاروائی کرنے کا وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے اور اس کی تجدید کاری کے دوران پیش کیے جانے والے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے بارے میں مزید شفافیت برتے جانے کی ضرورت ہے۔ اس خیال کا اظہار ٹرانسپورٹ کے ریاستی وزیر انیل پرب نے کیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں اس ضمن میں منعقدہ میٹنگ میں بول رہے تھے۔ پرب نے بتایا کہ ریاست میں 17 فروری تک روڈ سیفٹی مہم جاری رہے گی اور اس دوران حادثات کو کم کرنے کے مقصد سے کئی طریقۂ کار اپنائے جارہے ہیں۔ پرب نے ہدایت دی کہ اس بات کی جانچ کو یقینی بنایا جائے کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے دوران پیش کیے گئے میڈیکل سرٹیفکیٹ کسی ڈاکٹر سے ہی حاصل کردہ ہوں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں گذشتہ روز 1927 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوںکی مجموعی تعداد 20 لاکھ 30 ہزار 274 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے کل ریاست میں 30 مریضوں نے جان گنوائی۔ اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک مہاراشٹر میں 51 ہزار 139 کورونا مریض فوت ہوچکے ہیں۔ ریاستی شرحِ اموات قریب تین فیصد ہے۔
دوسری جانب کل ریاست بھر میں 4011 کورونا مریض اس بیماری سے ٹھیک ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک 19 لاکھ 36 ہزار 305  افراد کورونا وائرس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب 95% پر برقرار ہے۔ فی الحال مہاراشٹر بھر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد 41 ہزار 586 ہے جو ریاست کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 2 کورونا مریضوں کی موت درج کی گئی۔ مرنے والوں میں اورنگ آباد اور لاتور ضلعوں سے ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ وہیں مراٹھواڑہ میں کل 105 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اورنگ آباد ضلعے میں کل 28 نئے مریضوں کی شناخت ہوئی۔ اسی طرح لاتور ضلعے میں 22‘ بیڑ میں 15‘ ناندیڑ میں 14‘ جالنہ میں 13‘ ہنگولی میں 6‘ عثمان آباد میں 5  اور پربھنی میں 2 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
ایوت محل ضلعے میں پلس پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو ڈوز پلانے کی بجائے سینیٹائزر پلادینے کے معاملے میں بھامبورا پرائمری ہیلتھ سینٹر کے میڈیکل افسروں کو وجہ بتائونوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ جبکہ چلڈرن ہیلتھ افسر اور آشا خادمہ کو برطرف کردیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر ہری پوار نے بتایاکہ جانچ کے بعد قصوروار پائے گئے سبھی افراد کیخلاف کاروائی کی جائیگی۔ اس بیچ سینیٹائزر پلائے جانے کے بعد سے اسپتال میں شریک 12 بچوں کی طبیعت اب ٹھیک ہے اور انہیں کوئی تکلیف نہیں ہے۔ واضح ہو کہ اتوارکے روز پلس پولیو مہم کے دوران ایوت محل کے PHC میں بچوں کو پولیو ڈوز پلانے کی بجائے غلطی سے سینیٹائزر کے قطرے پلادئیے گئے تھے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے کسانوں سے بامبو کی کھیتی کرنے کی اپیل سابق رکنِ اسمبلی پاشا پٹیل نے کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھواڑہ میں اس کیلئے موافق موسم ہے۔ پاشا پٹیل نے مزیدکہا کہ مرکزی حکومت نے بامبو کو پیڑ کی اصطلاح سے نکال کر گھاس کے زمرے میں ڈال دیا ہے۔ لہٰذا بامبو توڑنے یا اس کی حمل و نقل کرنے کیلئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کے خواتین مورچہ کی صدر چترا واگھ نے مہاراشٹر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہیکہ ایسے وقت میں جب ریاست میں نابالغ لڑکیوں پر ہورہے اجتماعی جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے تب وزیرِ داخلہ متاثرہ لڑکیوں کے آنسو پونچھنے کی بجائے جرائم پیشہ افرادکے ساتھ تصویریں کھنچوانے میں مصروف ہیں۔ تلجاپور تعلقے کے اَندور میں ایک 14 سالہ نابالغ لڑکی کے ساتھ چار دِن پہلے ہوئی جنسی زیادتی کے بعد چترا واگھ نے کل متاثرہ کے گھر جاکر اُس کے افرادِ خاندان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد عثمان آباد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انھوں نے یہ بات کہی۔ چترا واگھ نے انتباہ دیا کہ مہاراشٹر حکومت ریاست میں خواتین پر بڑھ رہے مظالم کے واقعات کو روکنے کیلئے فوری کاروائی کرے ورنہ BJP کی جانب سے ریاست بھر میں شدید آندولن کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد ABVP کی جانب سے کل اورنگ آباد اور لاتور ضلعوں میں کالجوں کے سامنے مظاہرے کیے گئے۔ ABVP کا مطالبہ ہے کہ لاک ڈائون کے بعد سے بند پڑے کالجوں کو دوبارہ شروع کیا جائے اور درس و تدریس کے عمل کا آغاز کیا جائے۔ اس دوران ABVP کارکنوں نے کالج انتظامیہ کو مطالباتی محضر بھی پیش کیے۔
***** ***** *****
پربھنی کے پولس سپرنٹنڈنٹ جینت مینا نے کل  8 پولس ملازمین کو معطل کردیا۔ ان ملازمین کیخلاف ڈسپلن شکنی‘ غیر ذمہ داری‘ رشوت خوری او رکام کے دوران اخلاقی اُصولوں کی خلاف ورزی کرنے کی شکایتیںموصول ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ ان ملازمین پر غیر قانونی طریقے سے ریت کی حمل و نقل کرنے والوں سے ملی بھگت کرنے اور ان سے پیسے لینے کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کیخلاف اپوزیشن اراکین نے کل پارلیمنٹ میں کی ہنگامہ آرائی؛ دونوں ایوانوں کی کاروائی ملتوی۔
٭ مہاراشٹر حکومت نے ضلع سینٹرل کوآپریٹیو بینکوں‘ امدادِ باہمی شکر کارخانوں‘ سوت گرنیوں اور دودھ سنگھ میں انتخابات پر لگی پابندی ہٹائی۔
٭ CBSE کے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی 4 مئی سے ہوگی شروعات؛ 2 مئی کو ہوگا UGC نیٹ امتحان۔
اور
٭ اورنگ آباد اور لاتور ضلعوں میں کل ہوئی ایک۔ ایک کورونا مریض کی موت؛ مراٹھواڑہ میں کل سامنے آئے 105 نئے کورونا پازیٹیو مریض۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment