Thursday, 4 February 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 04.Feburuary.2021, Time : 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 Feburuary-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍ فروری  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروںکی سرخیاں۔۔
٭ زرعی قوانین کیخلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ آرائی جاری۔
٭ ریاست کی تمام یونیورسٹیاں اور ان سے منسلک کالج 15 فروری سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ۔
٭ دیہی علاقوں میں خواتین کیلئے تمام سہولتوں سے آراستہ جدید طرز کے گشتی اسپتال شروع کیے جائیں گے: وزیرِ صحت راجیش ٹوپے۔
٭ ریاست میں 2992 کورونا کے نئے مریض؛ مراٹھواڑہ کے بیڑ ضلع میں کورونا سے 2  افراد کی موت۔
اور۔۔٭ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کل اورنگ آباد کے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔
***** ***** *****
خبریں تفصیل سے۔۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کل مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کیخلاف زوردار ہنگامہ آرائی ہوئی۔ جس کے باعث لوک سبھا کا کام کاج بار بار ملتوی کرنا پڑا‘ جبکہ راجیہ سبھا میں صدرِ جمہوریہ کے خطبے پر شکریہ کی تحریک پر بحث ہوئی۔ بحث کا آغاز کرتے ہوئے بی جے پی کے رُکن بھونیشور کالتا نے مرکزی حکومت کے ترمیم شدہ قوانین کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہیں کسانوں کیلئے مفید قرار دیا۔ حزبِ اختلاف کے قائد غلام نبی آزاد نے اس موضوع پر اپنی تقریر میں یہ متنازعہ قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ کسانوں کی تحریک کے دوران یومِ جمہوریہ کو لال قلعہ پر ہوئے پُرتشدد واقعات کی انھوں نے مذمت کی۔ حزبِ اختلاف کے دیگر ارکان نے صدرِ جمہوریہ کے خطاب کا شکریہ کی تحریک پر متعدد تجاویز پیش کیں۔ راجیہ سبھا میں وقفۂ صفر کے اختتام کے بعد عام آدمی پارٹی کے ارکان نے زرعی قوانین کیخلاف نعرے بازی شروع کردی۔ جس پر چیئرمین نے ان کی رُکنیت معطل کردی۔ اسی دوران چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے موبائل کا استعمال کرکے ایوان کی کاروائی ریکارڈ کرنے سے روک دیا اور تمام ارکان کو ہدایت کی کہ وہ کاروائی کی صوت بندی نہ کریں۔
لوک سبھا میں صدرِ جمہوریہ کے خطبے کے شکریہ کی تحریک مباحثے کیلئے حزبِ اختلاف سے گفتگو کے دوران مفاہمت کے باوجود اپوزیشن ارکان کی جانب سے شور و غل کیے جانے پر وزیرِ پارلیمانی اُمور پرلہاد جوشی نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کی ہنگامہ آرائی صدرِ جمہوریہ کی بے عزتی ہے۔ کل اس موضوع پر ایوان کی کاروائی تین مرتبہ ملتوی کی گئی۔ اس کے باوجود کام کاج دوبارہ شروع ہونے پر شور و غل جاری رہا، جس کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کاروائی دِن بھر کیلئے ملتوی کردی۔
***** ***** *****
زرعی قوانین سے متعلق قابلِ اعتراض ٹوئیٹر ہینڈل بند کرنے کے احکامات کے باوجود یہ ہیش ٹیگ بند نہ کرنے پر مرکزی حکومت نے ٹوئیٹر کیخلاف سخت کاروائی کا انتباہ دیا ہے۔ الیکٹرانک اور اطلاعات و نشریات وزارت نے کسانوں کی تحریک سے متعلق قابلِ اعتراض پیغامات اور اس طرح کے پیغامات مشتہر کرنے والے ٹوئیٹر کھاتے بند کرنے کا حکم ٹوئیٹر کو دیا تھا۔ تاہم اس پر عمل درآمد نہ ہونے پر حکومت نے ٹوئیٹر انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا۔ ٹوئیٹر کیلئے سرکاری احکامات کی پابجائی لازمی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہیکہ ٹوئیٹر عدالتی کردار ادا نہیں کرسکتا۔
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کو دہلی میں ہوئے پُرتشدد واقعات کی تحقیقات کروانے کی استدعا کرنے والی عرضداشت عدالت ِ عظمیٰ نے ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کردی ۔ عدالت ِ عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں وضاحت کی کہ ان واقعات کی مرکزی حکومت تحقیقات کررہی ہے، اس لیے عدالت اس معاملے میں ثالثی نہیں کرسکتی۔ 26 جنوری کو کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے دوران دہلی کی سرحد پر اور اندرونِ دہلی کئی ایک پُرتشدد واقعات رونماء ہوئے تھے۔ ان وارداتوں کی تحقیقات کرنے سے متعلق عدالت ِ عظمیٰ میں یہ درخواست دی گئی تھی۔
***** ***** *****
ریاست کی تمام یونیورسٹیاں اور ان سے منسلک کالج میں تعلیم کا 15 فروری سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ دوبارہ آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس میں دی۔ انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں طلبہ کیلئے آن لائن اور آف لائن دونوں متبادل کھلے رکھے گئے ہیں۔
***** ***** *****
درج ِفہرست ذاتوں کے طلبہ کیلئے دی جانے والی ہر طرح کی اسکالر شپس اور مراعات کو ان طلبہ کی آن لائن حاضری سے نتھی کیا جائے۔ یہ احکامات سماجی انصاف اور خصوصی امداد کے وزیر دھننجے منڈے نے سماج کلیان کمشنر کو دی۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ کووِڈ کے پیشِ نظر اسکول و کالج بند ہونے کے باوجود آن لائن‘ ڈیجیٹل اور آف لائن طرز پر بیشتر تعلیمی اداروں میں تعلیم کا عمل جاری تھا اور فلاحی منصوبوں پر عمل درآمد کے وقت اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس نوعیت کے اہل طلبہ کو ہی ان اسکیموں کا فائدہ پہنچے۔
***** ***** *****
قومی مہم برائے صحت کے تحت ریاست کی دیہی خواتین کیلئے جدید طرز کے اور تمام سہولتوں سے آراستہ گشتی اسپتال شروع کیے جائیں گے۔ یہ اعلان وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ حاملہ دیہی خواتین کو اسپتال سے محفوظ طورپر ان کے گھر پہنچانے کیلئے بھی یہ سہولت کارآمد ہوگی۔ ہر ضلع میں اس طرز کے دو گشتی اسپتال شروع کیے جائیں گے اور ممبئی میں اس نوعیت کے اسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
پونہ میں کل سمرتھ یووا فائونڈیشن اور ’’سنواد‘‘ کی جانب سے مشترکہ طورپر بھارت رَتن پنڈت بھیم سین جوشی کی صد سالہ جینتی تقاریب کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر پنڈت بھیم سین جوشی کے ساتھ 40 سال تک موسیقی میں ان کا ساتھ دینے والے مائولی ٹاکلکر کا بھی استقبال کیا گیا۔ ریاست کے مختلف مقامات پر بھی پنڈت بھیم سین جوشی کی جینتی کی صد سالہ تقاریب کے سلسلے میں مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 2ہزار 992 نئے کورونا کے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 20لاکھ 33 ہزار 266 ہوگئی ہے۔ کل 30  افراد اس مہلک وباء کے باعث چل بسے۔ اس طرح ریاست میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی کُل تعداد 51 ہزار 169 ہوگئی۔ ریاست میں فی الحال 37 ہزار 516  افراد زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل بیڑ ضلع میں کورونا کے باعث 2  افراد کی موت واقع ہوئی‘ جبکہ ڈویژن میں 137 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔ اورنگ آباد ضلع میں 31 نئے مریض پائے گئے‘ جبکہ لاتور میں 34‘ بیڑ میں 29‘ ناندیڑ میں 16‘ عثمان آباد میں 8‘ جالنہ اور ہنگولی اضلاع میں 7-7  اور پربھنی میں کورونا کے 5 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کل اورنگ آباد ضلع کے مختلف ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرنے کیلئے اورنگ آباد کا دورہ کریں گے۔ اس سلسلے میں کل ڈویژنل کمشنر سنیل کیندریکر نے گروارے اسپورٹس کمپلیکس میں زیرِ تعمیر پانی کی ٹنکی‘ پروزون مال تا کلا گرام زیرِ تعمیر سڑک اور چکل تھانہ میں اسپورٹس کمپلیکس کی زیرِ تعمیر عمارت کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر سنیل چوہان اور میونسپل کمشنر آستک کمار پانڈے بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے پورنا شہر کے نئے مونڈھا علاقے میں ریت کی چوری کرنے والے ایک ٹپّر کو پولس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس سلسلے میں سیّد توصیف سیّد لال اور جعفر پٹھان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کے قبضے سے ٹپّر سمیت 5 لاکھ 4 ہزار روپئے ضبط کرلیے۔
***** ***** *****
انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن کے قریبی ساتھی اور موکا قانون کا مجرم مفرور شخص کو پونہ پولس نے جال بچھاکر گرفتار کرلیا۔ پرمانند ہنس راج ٹھکر نامی یہ شخص جعلی کاغذات بناکر 25 کروڑ روپئے ایک بلڈر سے زبردستی وصول کرنے کے سلسلے میں چھوٹا راجن کے ساتھ نامزد ہے اور پنویل کے پولس تھانے میں یہ مقدمہ درج ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر ۔۔
٭ زرعی قوانین کیخلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ آرائی جاری۔
٭ ریاست کی تمام یونیورسٹیاں اور ان سے منسلک کالج 15 فروری سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ۔
٭ دیہی علاقوں میں خواتین کیلئے تمام سہولتوں سے آراستہ جدید طرز کے گشتی اسپتال شروع کیے جائیں گے: وزیرِ صحت راجیش ٹوپے۔
٭ ریاست میں 2992 کورونا کے نئے مریض؛ مراٹھواڑہ کے بیڑ ضلع میں کورونا سے 2  افراد کی موت۔
اور۔۔٭ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کل اورنگ آباد کے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment