Tuesday, 6 April 2021

 Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date:06.April.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 April-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶؍ اپریل  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں ایک بارپھر بڑے پیمانے پر اضافہ ہورہاہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں اور45؍ سال سے زائد عمر کے افراد بلاخوف وخطر کووِڈ سے بچائو کے ٹیکے لگائیں۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے اہم خبروں کی سرخیاں۔
٭ وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کا استعفیٰ منظور؛ دلیپ ولسے پاٹل نئے وزیرِ داخلہ۔
٭ 25 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو کووِڈ ٹیکے دینے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کا وزیرِ اعظم سے مطالبہ۔
٭ کووِڈ مریضوں کے علاج کیلئے پیشگی رقم مانگنے والے خانگی اسپتالوں کے خلاف کاروائی کا وزیرِ صحت کا اشارہ۔
٭ ریاست میں 47 ہزار 288 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 81 مریضوں کی موت۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے 41 مختلف نصاب کے امتحانات کا آج سے آغاز۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک کے چیئرمین کی حیثیت سے نتن پاٹل کا انتخاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے‘ اور راشٹروادی کانگریس پارٹی رہنماء کو محکمۂ داخلہ کا قلمدان تفویض کیا گیا ۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے دیشمکھ کا استعفیٰ گورنر کر ارسال کیا تھا اور وزارتِ داخلہ کی ذمہ داری دلیپ ولسے پاٹل کو دئیے جانے کی درخواست کی تھی۔ سرِدست دلیپ ولسے پاٹل کے پاس موجود وزارتِ محنت کا اضافی قلمدان حسن مشرف کے حوالے کیا گیا ہے، جبکہ ایکسائز کا اضافی قلمدان نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے سپرد کرنے کی درخواست بھی گورنر نے منظور کرلی۔ یہ اطلاع راج بھون سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں دی گئی۔ سینئر پولس افسر پرم بیر سنگھ کی جانب سے عائد کردہ بدعنوانی کے الزامات کی سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کروانے کے ممبئی عدالت ِ عظمیٰ کے احکامات کے بعد انیل دیشمکھ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ چیف جسٹس دیپانکر دتا اور جسٹس جی ایس کلکرنی کی بینچ نے اس مقدمے کی سماعت کی۔ اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ پرم بیر سنگھ کی جانب سے عائد کردہ الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور سی بی آئی اندرونِ 15 یوم ابتدائی تحقیقات مکمل کرے۔ ان تحقیقات کی بنیاد پر سی بی آئی ڈائریکٹر آئندہ کا لائحہ عمل طئے کرسکتے ہیں۔
اس سماعت کے بعد راشٹروادی کانگریس کے سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں انیل دیشمکھ نے وزارتِ داخلہ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو ارسال کردہ اپنے مکتوب میں انیل دیشمکھ نے کہا کہ عدالتی احکامات کے بعد عہدے پر موجود رہنا اخلاقی نقطۂ نظر سے درست نہیں۔
بی جے پی نے اس معاملے پر اپنا ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اقتدار میں بنے رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔ مرکزی وزیر روی شنکر نے کل دہلی میں ایک اطلاعی کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ یہ تمام معاملات ایک بڑی سازش کی سمت اشارہ کررہے ہیں۔ اسی دوران اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد دیویندر پھڑنویس نے دیشمکھ کے استعفے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ الزام لگتے ہی دیشمکھ کو مستعفی ہوجانا چاہیے تھا۔ پرم بیر سنگھ کے الزامات اور سچن وجھے کے معاملے میں وزیرِ اعلیٰ کی خاموشی پر پھڑنویس نے تعجب کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
بی جے پی کے رہنما کریٹ سومیا نے پیش گوئی کی ہے کہ مہاوِکاس آگھاڑی حکومت کے ایک او روزیر انیل پرب کے خلاف بھی عنقریب تحقیقات ہوں گی اور اس حکومت کے نصف درجن سے زائد وزراء کو استعفیٰ دیکر گھر جانا ہوگا۔ سومیا نے کل اورنگ آباد شہر کے سرکاری اسپتال کا دورہ کیا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ کووِڈ وباء کا مقابلہ کرنے میں اُدّھو ٹھاکرے کی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ 25 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو کووِڈ سے بچائو کے ٹیکے دئیے جائیں۔ 45 سال سے زائد عمر کے افراد کی ٹیکہ اندازی کا مطالبہ منظور کیے جانے پر وزیرِ اعلیٰ نے بذریعہ مکتوب وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اسی مکتوب میں اُدّھو ٹھاکرے نے ویکسینیشن کیلئے طئے کردہ اہلیت 25 سال کرنے کی بھی درخواست کی اور اعتماد ظاہر کیا کہ گھر سے باہر جانے والے نوجوانوں کی ٹیکہ اندازی ہونے پر مریضوں کی تعداد کم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ممبئی ‘ تھانہ، پونہ، ناسک، ناگپور اور اورنگ آباد ان 6  اضلاع میں آئندہ تین ہفتوں میں 45 سال سے زائد عمر کے تمام ہی افراد کو ٹیکے دئیے جانے کی انتظامیہ نے تیاری کررکھی ہے۔ اور اس کیلئے دیڑھ کروڑ ڈوز دینے کا مطالبہ بھی وزیرِ اعلیٰ نے کیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے مہاراشٹر سمیت ملک کی تین ریاستوں میں کورونا کے بڑھتے پھیلائو پر قابو پانے کیلئے 50  اعلیٰ سطحی ہمہ جہت تادیبی دستے (ملٹی ڈسپلنری ٹیم) برائے صحت ِ عامہ تشکیل دئیے ہیں۔ یہ ٹیمیں مہاراشٹر‘ پنجاب اور چھتیس گڑھ میں تعینات کی جائیں گی۔ ان ریاستوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر یہ ٹیمیں روانہ کی جارہی ہیں۔ ریاستی محکمۂ صحت اور مقامی انتظامیہ کو وباء کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اقدامات میں یہ ٹیمیں مدد کریں گی۔ انتظامیہ کی جانب سے کی جارہی کووِڈ جانچ اور دیگر اقدامات پر یہ ٹیمیں نظر رکھیں گی۔ ٹیم میں ایک ڈاکٹر اور صحت ِ عامہ کا ایک ماہر افسر شامل ہوگا۔
***** ***** *****
کورونا پر قابو پانے کیلئے جاری کردہ بریک دی چین احکامات میں چند ایک ضروری خدمات کا اضافہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ اس خصوص میں کل ایک اعلامیہ جاری کیا گیا۔ پٹرول پمپ، ہر قسم کی کارگو خدمات، ڈیٹا سینٹر، اطلاعاتی تکنالوجی خدمات‘ خانگی اور سرکاری سلامتی خدمات اور پھل فروشوں کو بھی ضروری خدمات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ خانگی دفاتر کو صبح سات تا رات آٹھ بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہے، لیکن مرکزی حکومت کے حکم کے مطابق ان دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو کووِڈ ٹیکے لینا لازمی ہوگا۔
***** ***** *****
کورونا مریضوں کے علاج کیلئے پیشگی ڈپازٹ مانگنے والے اسپتالوں کے خلاف کاروائی کا اشارہ وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے دیا ہے۔ وہ کل جالنہ میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ریاست کے متعدد خانگی اسپتالوں کی جانب سے کووِڈ مریضوں کے علاج کیلئے 50 ہزار روپئے ڈپازٹ کرنے کا مطالبہ کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ راجیش ٹوپے نے کہا کہ یہ ایک ناقابلِ معافی جرم ہے اور ان دواخانوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائیگی۔
اسی دوران اقامتی ڈاکٹروں کی تنظیم مارڈ کے مطالبات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ان مطالبات پر وزیرِ اعلیٰ او روزیرِ تعلیم پوری طرح غور کریں گے، لیکن مارڈ یہ جان لے کہ یہ وقت ہڑتال کرنے کا نہیں ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 47 ہزار 288 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست بھر میں اب تک کورونا سے متاثر مریضوں کی مجموعی تعداد 30لاکھ 47 ہزار 885 ہوگئی ہے۔ کل 155 افراد دورانِ علاج چل بسے۔ اب تک اس وباء کے باعث ریاست میں ہونے والی اموات کی کُل تعداد 56 ہزار 33 ہوگئی ہے۔ فی الحال ریاست کے مختلف اسپتالو ںمیں 51 ہزار 375 مریض زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 5 ہزار 486 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی اور 81 مریضوں کی موت واقع ہوئی۔ جن میں اورنگ آباد کے 26‘ ناندیڑ کے 25‘ جالنہ 11‘ پربھنی 8‘ لاتور 5‘ بیڑ 3‘ عثمان آباد 2‘ اور ہنگولی ضلع کا ایک مریض شامل ہے۔ کل اورنگ آباد میں ایک ہزار 440 نئے کورونا مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی جمبو کووِڈ ٹیکہ اندازی کا کل سے آغاز ہوا۔ اس مہم کو عوام کی جانب سے بڑے پیمانے پر پذیرائی مل رہی ہے۔ شہر کے تمام 9 زونس میں 45 سال سے زائد عمر کے 4ہزار 481  افراد نے کل پہلے ہی دن ہی ٹیکے لگوائے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے انجینئرنگ‘ فارمیسی‘ آرٹس‘ سائنس اور کامرس سمیت 41 نصابوں کے امتحانات کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ کووِڈ سے متعلق تمام ضروری اقدامات کی ہدایت وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود یولے نے دی ہے۔ ڈگری کے سالِ دوّم اور سوّم کے امتحانات 16مارچ سے شروع ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک کے چیئرمین کے عہدے کیلئے نتن پاٹل کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔ روزگار ضمانتی اسکیم کے وزیر سندیپان بھومرے نے اس عہدے کیلئے اپنی اُمیدواری واپس لے لی، جس کے بعد نتن پاٹل بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ دیہی ترقیات کے وزیر عبدالستار کے حمایت یافتہ سلوڑ کے ارجن گاڑھے ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کا استعفیٰ منظور؛ دلیپ ولسے پاٹل نئے وزیرِ داخلہ۔
٭ 25 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو کووِڈ ٹیکے دینے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کا وزیرِ اعظم سے مطالبہ۔
٭ کووِڈ مریضوں کے علاج کیلئے پیشگی رقم مانگنے والے خانگی اسپتالوں کے خلاف کاروائی کا وزیرِ صحت کا اشارہ۔
٭ ریاست میں 47 ہزار 288 نئے کورونا مریض؛ مراٹھواڑہ میں 81 مریضوں کی موت۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے 41 مختلف نصاب کے امتحانات کا آج سے آغاز۔
اور۔۔٭ اورنگ آباد ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک کے چیئرمین کی حیثیت سے نتن پاٹل کا انتخاب۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment