Saturday, 10 April 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date:10.April.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 10 April-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۰؍ اپریل  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوں کی تعداد میں ایک بارپھر بڑے پیمانے پر اضافہ ہورہاہے۔اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکریں۔ ہرشہری کوچاہیے کہ وہ حکومت اورانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پرسختی سے عمل کریں اور45؍ سال سے زائد عمر کے افراد بلاخوف وخطر کووِڈ سے بچائو کے ٹیکے لگائیں۔ناک اورمنہ پراچھی طرح ماسک لگائیں‘ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں‘ وقفے وقفے سے ہاتھ اورمنہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پرعمل کریں اورمحفوظ رہیں ۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔
٭ MPSC کے کل مجوزہ ماتحتی خدمات برائے نان گیزیٹیڈ گروپ بی کے ابتدائی امتحانات ملتوی۔
٭ سبکدوش ڈاکٹرز اور نرسوں کی کچھ عرصے کیلئے خدمات حاصل کرنے وزیرِ طبّی تعلیم امیت دیشمکھ کی ہدایت۔
٭ دسویں اور بارہویں کے امتحانات سے متعلق فیصلہ آئندہ پانچ یوم میں: وزیر برائے اسکولی تعلیم ورشا گائیکواڑ۔
٭ ریاست کیلئے کووِڈ تدارک کی 4 لاکھ 59 ہزار خوراک موصول، کل مزید 2 لاکھ 83 ہزار انجکشن ملیں گے۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی منانے کیلئے رہنماء خطوط جاری۔
اور۔۔٭ ریاست میں کورونا کے 58ہزار 993 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 90 مریضوںکی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
MPSC کے ماتحتی خدمات برائے نان گیزیٹیڈ گروپ B کیلئے کل اتوار کو مجوزہ ابتدائی امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی زیرِ قیادت منعقدہ اجلاس میں ان امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں کورونا کی صورتحال کے تناظر میں امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد ازاں MPSC کی جانب سے کیا جائیگا۔ انھوں نے بتایا کہ طلبہ کی صحت اور مختلف سیاسی جماعتوں کی رائے اور مطالبات کے پیشِ نظر اتفاقِ رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
وزیر برائے طبّی تعلیم امیت دیشمکھ نے ہدایت کی ہیکہ آئندہ کچھ عرصے کیلئے سبکدوش ڈاکٹروں اور نرسوں کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔ ریاست کے تمام معروف خانگی اسپتالوں کے ذمہ داروں اور ماہرین سے کل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے بذریعہ ویڈیو کانفرنس گفتگو کی۔ اس ورچیول اجلاس میں شریک امیت دیشمکھ نے یہ ہدایات جاری کیں۔ انھوں نے کہا کہ تین یا چھ ماہ کیلئے ان سبکدوش ڈاکٹر اور نرسیس کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس طرح تجربہ کار معالجین دستیاب ہوجائیں گے۔ امیت دیشمکھ نے خانگی اسپتالوں کو ہدایت کی کہ وہ انتہائی نگہداشت وارڈ کی استعداد اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں اضافہ کریں۔ علاوہ ازیں ریاست کے طبّی کالجوں میں فوری طورپر وینٹی لیٹرز اور آکسیجن بیڈ کی تعداد بڑھانے کا بھی حکم انھوںنے دیا۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے اس موقع پر کورونا کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی تلقین کی۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ نے کہا ہے کہ جماعت دہم اور بارہویں کے امتحانات سے متعلق فیصلے کا اعلان آئندہ پانچ دِنوں میں کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے اور طلبہ کی صحت کی حفاظت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ اسی لیے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔ انھوںنے بتایا کہ سرپرستوں‘ اساتذہ، طلبہ کے نمائندوں‘ سیاسی جماعتوں اور تعلیمی ماہرین سے اس خصوص میں تبادلۂ خیال جاری ہے۔
***** ***** *****
ریاست کو کل کووِڈ تدارک کی 4 لاکھ 39 ہزار خوراک موصول ہوئی۔ یہ خوراکیں پونا‘ ممبئی‘ ستارا‘ سانگلی اور پنویل کے ٹیکہ اندازی مراکز کیلئے روانہ کردی گئیں۔ یہ اطلاع ٹیکہ اندازی کے افسر ڈی این پاٹل نے دی۔ آئندہ دو تا تین دِنوں کیلئے یہ خوراک کافی ہوگی۔ کل 11 تاریخ کو مزید 2 لاکھ 83 ہزار انجکشن دستیاب ہوں گے۔ ٹیکہ اندازی کیلئے انجکشن موجود نہ ہونے کے باعث کل ممبئی کے 26 ٹیکہ اندازی مراکز بند رکھے گئے تھے۔ نئی ممبئی کے خانگی اور میونسپل کارپوریشن کے تحت کام کرنے والے مراکز کو بھی کل بند رکھنا پڑا تھا۔
***** ***** *****
ریاست میں مریضوں کیلئے درکار خون کی بلڈ بینکوں میں قلّت پیدا ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں پردیش یووک کانگریس نے ریاست بھر میں عطیۂ خون کیمپ منعقد کرکے 25 ہزار خون کی بوتلیں جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ اطلاع یووک کانگریس کے ریاستی صدر ستیہ جیت تامبے نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ برس بھی یووک کانگریس 28 ہزار 500 خون کی بوتلیں جمع کرچکی ہے۔
***** ***** *****
دستورِ ہند کے معمار ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی 14  اپریل کو 130 ویں جینتی منائی جائیگی۔ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے جینتی منانے کیلئے رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ اس خصوص میں جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صبح سات تا رات آٹھ بجے کے دو ران ہی نہایت سادگی سے امبیڈکر جینتی منائی جائے۔ اس روز کوئی ریلی‘ موٹر سائیکل ریلی یا جلوس نہ نکالا جائے۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسّمے کو پھول پہناتے وقت پانچ سے زائد افراد ایک جگہ جمع نہ ہوں۔ ممبئی کے دادر میں واقع چیتیہ بھومی پر مجوزہ پروگرام میں گورنر اور وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں ڈاکٹر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائیگا۔ اس پروگرام کا راست ٹیلی کاسٹ ہوگا، اس لیے عقیدت مندوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ چیتیہ بھومی پر نہ آئیں۔
***** ***** *****
ملک میں راست ٹیکس کی وصولی میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزارتِ خزانہ سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق اس بار راست ٹیکس کی مد میں 9لاکھ 54 ہزار کروڑ روپئے جمع ہوئے۔ اس مالی سال میں 2 لاکھ 61ہزار کروڑ روپئے ٹیکس ریٹرن جاری کیے گئے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 58ہزار 993 نئے کورونا مریض پائے گئے۔ اس طرح اب تک ریاست میں کورونا مریضوں کی کُل تعداد 32 لاکھ 88ہزار 580 ہوگئی ہے۔ کل 301 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ اس طرح ریاست بھر میں یہ وباء مجموعی طور پر 57ہزار 329 جانیں نگل چکی ہے۔ فی الحال مختلف اسپتالوں میں 34 ہزار 602 مریض زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل نئے 7ہزار 323 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ 90 مریض اس وباء کے باعث چل بسے۔ ان میں اورنگ آباد ضلع کے 32‘ ناندیڑ کے 27‘ پربھنی 13‘ جالنہ 8‘ بیڑ 5‘ لاتور اور ہنگولی 4-4‘ اور عثمان آباد ضلع کا ایک شخص شامل ہے۔ کل اورنگ آباد ضلع میں ایک ہزار 413 نئے مریضوںکی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے دیگلور۔ بلولی حلقہ سے منتخب رکنِ اسمبلی رائو صاحب انتاپورکر کل ممبئی میں چل بسے۔ وہ 63 برس کے تھے۔ گذشتہ 17 مارچ کو انتاپورکر کو کووِڈ سے متاثر پائے جانے پر ناندیڑ میں ابتدائی علاج کے بعد ممبئی کے بامبے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا او راسپتال میں ہی دورانِ علاج وہ کل چل بسے۔ انتاپورکر کی موت پر ناندیڑ کے رابطہ وزیر اشوک چوہان نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
کورونا کے بڑھتے پھیلائو کے پیشِ نظر مرکزی ٹیم نے کل اورنگ آباد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس وباء سے نمٹنے کیلئے جاری جدوجہد میں عوامی تعاون اور آشا کارکنوں کا کام دیکھ کر مرکزی ٹیم نے اُن کی اور میونسپل کارپوریشن کے شعبۂ صحت کے کام کی ستائش کی۔ اس ٹیم نے ٹیکہ اندازی مراکز کا بھی دورہ کیا۔
پربھنی ضلع میں بھی مرکزی ٹیم نے ٹیکہ اندازی اندازی مرکز سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اس سے قبل ضلع کلکٹر دیپک مگلیکر سے ملاقات کی۔ ناندیڑ ضلع میں مرکزی ٹیم نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا اور وشنو پوری کے ڈاکٹر شنکر رائو چوہان میڈیکل کالج اسپتال کا بھی دورہ کیا۔
***** ***** *****
پونا میں ریمڈیسیور انجکشن طئے شدہ قیمت سے زائد میں فروخت کیے جانے پر میونسپل کمشنر راجیش پاٹل نے شہر کے تین اسپتالوں کو وجہ بتائو نوٹس جاری کیے ہیں۔ ان میں آدتیہ برلا اسپتال‘ لوکمانیہ اسپتال اور پمپری کا ڈی وائی پاٹل اسپتال شامل ہے۔
***** ***** *****
پربھنی شہر میں کورونا سے متاثرہ مریض کا سٹی اسکین کرنے کیلئے انتظامیہ کی مقرر کردہ فیس سے زائد پیسے وصول کرنے کے معاملے میں پوروال ڈائیگنوسٹک سٹی اسکین سینٹر کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ اس خصوص میں شکایت میں کہا گیا ہے کہ سٹی اسکین کیلئے 5ہزار روپئے وصول کیے جارہے ہیں، جس کے بعد ضلع سپلائی افسر نے اس مرکز کے خلاف کاروائی کا حکم دیا۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلع کے لوہارا کے بی جے پی صدر راجندر پاٹل نے مطالبہ کیا ہے کہ بریک دی چین مہم کے تحت جاری لاک ڈائون کی پابند یاں نرم کی جائیں یا پھر غریب عوام کو ماہانہ 5ہزار روپئے فی کس معاوضہ ادا کیا جائے۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ کا کل سے آغاز ہوا۔ افتتاحی مقابلے میں رائل چیلنجرز بنگلور نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چمپئن ممبئی انڈین کو آخری گیند پر 2 وِکٹوں سے شکست دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر ۔۔
٭ MPSC کے کل مجوزہ ماتحتی خدمات برائے نان گیزیٹ گروپ بی کے ابتدائی امتحانات ملتوی۔
٭ سبکدوش ڈاکٹرز اور نرسوں کی کچھ عرصے کیلئے خدمات حاصل کرنے وزیرِ طبّی تعلیم امیت دیشمکھ کی ہدایت۔
٭ دسویں اور بارہویں کے امتحانات سے متعلق فیصلہ آئندہ پانچ یوم میں: وزیر برائے اسکولی تعلیم ورشا گائیکواڑ۔
اور۔۔٭ ریاست میں کورونا کے 58ہزار 993 نئے مریض۔ مراٹھواڑہ میں 90 مریضوںکی موت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment