Monday, 12 April 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date:12.April.2021, Time: 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 12 April 2021
Time: 9:00 to 9:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:   ۱۲؍اپریل  ۲۰۲۱ ؁
وَقت :  ۰۰:۹۔ ۱۰:۹
***** ***** *****
کورونا مریضوںکی تعداد میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اضافہ ہورہا ہے۔ اس لیے سامعین سے گذارش ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ہر شہر ی کو چاہیے کہ وہ حکومت او رانتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رہنماء خطوط پر سختی سے عمل کریں اور 45 سال سے زائد عمر کے افراد بلا خوف و خطر کووِڈ سے بچائو کے ٹیکے لگائیں۔ ناک اور منہ پر اچھی طرح ماسک لگائیں، ایک دوسرے سے محفوظ جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں، وقفے وقفے سے ہاتھ اور منہ اچھی طرح دھوئیں۔ ان آسان ضوابط پر عمل کریں او رمحفوظ رہیں۔
***** ***** *****
سرخیاں
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں
٭ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے مرکز کی ریاستی حکومت کو ہدایت۔
٭ اورنگ آباد میں کنٹینمنٹ زون ظاہر کرنے کیلئے صورتحال غیر اطمینان بخش‘ عددی قوت کی کمی۔
٭ لاک ڈائون کے دوران طبّی خدمات مزید مستحکم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ ملک بھر میں کووِڈ ٹیکہ اندازی فیسٹیول کا آغاز؛ ریاست میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی ٹیکہ اندازی۔
٭ ریاست میں 63 ہزار 294 کورونا کے نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 111 مریضوں کی موت۔
اور۔۔ ٭ عثمان آباد‘ لاتور‘ بیڑ اور پربھنی اضلاع کے متعدد مقامات پر بارش۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
مرکزی وزارتِ صحت نے ریاستی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی طبّی ٹیموں کی رپورٹ کے مطابق اورنگ آباد‘ ساتارا اور سانگلی اضلاع میں کنٹینمنٹ زون ظاہر کرنے کیلئے صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے۔ بلڈانہ، ساتارا‘ اورنگ آباد او رناندیڑ اضلاع میں عددی قوت کم ہونے کے سبب احتیاطی اقدامات اور مریضوں کے رابطے میں آنے والے افراد کا پتہ لگانے کا کام ناکافی ہے۔ چند اضلاع میں کورونا جانچ کی استعداد کم ہے۔ احمد نگر، اورنگ آباد ‘ ناگپور اور نندوربار اضلاع میں مریضوں کیلئے دستیاب پلنگ تیزی سے کم ہورہے ہیں۔ بھنڈارا، پال گھر، عثمان آباد اور پونا اضلاع میں آکسیجن کی فراہمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ ساتارا اور لاتور اضلاع میں بیشتر وینٹی لیٹرز بند پڑے ہیں۔ یہ تفصیلات مرکزی سیکریٹری برائے صحت ِ عامہ راجیش بھوشن نے ریاستی محکمۂ صحت کے سیکریٹری پردیپ ویاس کو ارسال کردہ ایک مکتوب میں دیں۔ مکتوب میں کہا گیا کہ رپورٹ میں درج نکات کو پیشِ نظر رکھ کر ریاست اور ضلعی انتظامیہ ضروری اقدامات کرے۔ اس مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاست میں کووِڈ ٹیکوں کی فراہمی میں کمی کا نوٹس مرکزی حکومت نے لیا ہے اور مرکز کے پاس موجود ذخیرے کے مطابق ٹیکوں کی فراہمی میں اضافے کیلئے کاروائی کی جائیگی۔ اورنگ آباد، نندوربار، ایوت محل، ساتارا‘ پال گھر، جلگائوں اور جالنہ اضلاع میں طبّی ملازمین کی کمی کا ذکر بھی مرکزی ٹیموں نے کیا ۔ مرکزی وزارتِ صحت نے مہاراشٹر کے کورونا سے شدید متاثرہ  30  اضلاع میں خصوصی طبّی ٹیمیں روانہ کی تھیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے ہدایت کی ہے کہ ریاست میں سخت لاک ڈائون نافذ کرنے کے بعد کے عرصے میں طبّی خدمات کو مزید بہتر کیا جائے۔ کل ایکشن کمیٹی کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ سخت لاک ڈائون نافذ کیے جانے کے بعد آکسیجن پلانٹ لگانے‘ مریضوں کے پلنگ اور دیگر طبّی خدمات بہتر بنانے، ٹیکہ اندازی کی شرح میں اضافے اور بالخصوص تمام طبّی ملازمین کی ٹیکہ اندازی جیسے معاملات میں فوری اقدامات کی ہدایت بھی وزیرِ اعلیٰ نے دی۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کو اضافی ٹیکے فراہم کرنے کیلئے وہ ایک بار پھر وزیرِ اعظم سے درخواست کریں گے۔وزیرِ صحت راجیش ٹوپے‘ طبّی تعلیم کے وزیر امیت دیشمکھ، چیف سیکریٹری سیتا رام کنٹے‘ سمیت متعدد اہم شخصیات اس اجلاس میں شریک تھیں۔ اجلاس میں پڑوسی ریاستوں سے آکسیجن منگوانے کیلئے ضروری اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔ ماسک نہ لگانے اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد کرنے‘ مریضوں کے علاج کیلئے میڈیکل کے زیرِ تعلیم سالِ سوّم کے طلبہ اور آیوش ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے جیسے معاملات پر بھی اجلاس میں گفتگو ہوئی۔
***** ***** *****
ریاست میں 15 روزہ طویل سخت لاک ڈائون کے نفاذ کا اشارہ وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے دیاہے۔ کل جالنہ میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس ضمن نے وزیرِ اعلیٰ نے تمام فریقوں سے تبادلۂ خیال کیا ہے۔ تاہم اگر اس خصوص میں فیصلہ کیا جاتا ہے تب بھی لاک ڈائون فی الفور لگایا نہیں جائیگا۔ انھوں نے وضاحت کی کہ اس کیلئے پہلے مکمل تیاری کی جائیگی۔ وزیرِ موصوف نے ترغیب دی کہ اگر لاک ڈائون نافذ کیا جاتا ہے تو تاجر و صنعتکار اپنے ملازمین کا پورا خیال رکھیں۔ نیز بیرونِ ریاست سے کام کیلئے آنے والے افراد خوفزدہ نہ ہوں اور اپنے آبائی وطن جانے کی جلد بازی نہ کریں۔
***** ***** *****
کووِڈ ٹیکہ اندازی کا 4 روزہ فیسٹیول کل سے شروع ہوا۔ کل مہاتما جیوتی با پھلے کی جینتی سے شروع ہونے والا یہ فیسٹیول بدھ کو بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے یومِ پیدائش تک جاری رہے گا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ یہ ٹیکہ اندازی فیسٹیول در حقیقت کووِڈ کے خلاف دوسری لڑائی ہے۔ انھوں نے عوام کو تلقین کی کہ وہ کورونا سے بچائو کیلئے ٹیکے ضرور لگوائیں۔
***** ***** *****
ریاست نے کووِڈ ٹیکہ اندازی میں ریکارڈ کارکردگی کا ہدف حاصل کرتے ہوئے کل ایک کروڑ افراد کی ٹیکہ اندازی نشانہ عبور کرلیا۔ ٹیکہ اندازی مہم میں مہاراشٹر مسلسل پہلے نمبر پر ہے اور اب تک ایک کروڑ 38 ہزار 421  افراد کو کووِڈ سے بچائو کے ٹیکے دئیے جاچکے ہیں۔ یہ اطلاع محکمۂ صحت کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر پردیپ ویاس نے دی۔
***** ***** *****
کورونا کی صورتحال قابو میں آنے تک ریمڈیسیور انجکشن اور انجکشن بنانے کیلئے ضروری اجزاء کی برآمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ملک میں فی الحال 11 لاکھ سے زائد کورونا مریض زیرِ علاج ہیں اور ریمڈیسیور انجکشن کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ خدشہ ہے کہ مستقبلِ قریب میں اس مانگ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس لیے انجکشن کی برآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ اعلان مرکزی وزارتِ صحت نے کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 63 ہزار 294 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست بھر میں اب تک کورونا سے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد 34 لاکھ 7 ہزار 245 ہوگئی ہے۔ کل 349  افراد دورانِ علاج چل بسے۔ اب تک ریاست میں اس وباء کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 57 ہزار 987 تک پہنچی گئی ہے۔ فی الحال ریاست میں 65 ہزار 587 مریض اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
مراٹھواڑہ میں کل 7 ہزار 454 نئے مریضوں کی موجودگی درج کی گئی‘ جبکہ 111  افرا د کی موت واقع ہوئی۔ جن میں اورنگ آباد ضلع کے 33‘ ناندیڑ کے 27‘ پربھنی 20‘ جالنہ 9‘ بیڑ 11‘ ہنگولی 5  اور لاتور و عثمان آباد اضلاع کے 3-3 مریض شامل ہیں۔ کل اورنگ آباد ضلع میں ایک ہزار 280 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت آئی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ گریجویٹس حلقے کے رکنِ اسمبلی ستیش چوہان نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی میڈیکل سائنس یونیورسٹی کے آئندہ 19 تاریخ سے شروع ہونے والے امتحانات مؤخر کیے جائیں۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور طبّی تعلیم کے وزیر امیت دیشمکھ کو ارسال کردہ ایک مکتوب میں انھوں نے یہ مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
مرکزی طبّی ٹیم نے کہا ہے کہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے طئے کردہ ضوابط پر شہری سختی سے عمل کریں۔ اورنگ آباد ضلع کلکٹر دفتر میں کل کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ آکسیجن کی سہولت والے پلنگ ضرورتمند مریضوں کو ملنے کیلئے بلاوجہ اُن پر قبضہ کرنے والے افراد کیخلاف انتظامیہ کی جانب سے کاروائی کیے جانے کی ہدایت اس مرکزی ٹیم نے کی۔
***** ***** *****
لاک ڈائون سے متعلق اورنگ آباد ضلع تاجر تنظیم اور مہاراشٹر چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کا کل ورچول اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں تمام تاجر تنظیموں نے لاک ڈائون کی شدید مخالفت کی اور آج سے دُکانیں کھولنے کا اشارہ بھی دیا۔ یہ اطلاع ویاپاری مہاسنگھ کے چیئرمین جگناتھ کاڑے نے دی۔
***** ***** *****
عثمان آباد شہر اور اطراف کے علاقوں میں کل تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔ شہر سے قریب واقع آڑنی علاقے میں زوردار بارش ہوئی۔ عثمان آباد کے کھیڑ موضع میں کھیت میں کام کرنے والی 48 سالہ خاتون بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئی۔ اس بارش کے باعث انگور اور آم کی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ لاتور، بیڑ اور پربھنی اضلاع کے بھی چند ایک مقامات پر بھی کل بارش ہوئی۔ لاتور ضلع کے رینا پور میں ژالہ باری کی بھی خبر ہے۔
دریں اثناء مراٹھواڑہ میں آئندہ چار دِنو ںمیں گھن گرج کے ساتھ برسات ہونے کی پیش گوئی محکمۂ موسمیات نے کی ہے ۔
***** ***** *****
سرخیاں
آخر میں اہم خبروں کی سرخیاں ایک بار پھر۔۔
٭ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے مرکز کی ریاستی حکومت کو ہدایت۔
٭ اورنگ آباد میں کنٹینمنٹ زون ظاہر کرنے کیلئے صورتحال غیر اطمینان بخش‘ عددی قوت کی کمی۔
٭ لاک ڈائون کے دوران طبّی خدمات مزید مستحکم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ ملک بھر میں کووِڈ ٹیکہ اندازی فیسٹیول کا آغاز؛ ریاست میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی ٹیکہ اندازی۔
٭ ریاست میں 63 ہزار 294 کورونا کے نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 111 مریضوں کی موت۔
اور۔۔٭ عثمان آباد‘ لاتور‘ بیڑ اور پربھنی اضلاع کے متعدد مقامات پر بارش۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment