Thursday, 8 April 2021

 Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date:08.April.2021, Time: 09.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 08 April-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۸؍ اپریل  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے اس وقت کی سرخیاں۔
٭ کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی پابندیاں کسی کے خلاف نہیں؛وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت؛ کاروباریوں سے کی تعاون کی اپیل۔
٭ ریاستی حکومت کے ’’بریک دی چین‘‘ کے تحت عائد کردہ پابندیوں کے خلاف ریاست کے مختلف مقامات پر کاروباریوں نے کیے آندولن۔
٭ مرکزی وزیرِ صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کورونا وائرس کے خلاف مہاراشٹر حکومت کی کوششوں پر کی تنقید؛ کہا یہ کوششیں ناکافی ہیں۔
اور
٭ بچوں کو کھیل کھیل میں نظم و ضبط کا عادی بنانے کی وزیرِ اعظم مودی کی اپیل؛ کہا سرپرست اور اساتذہ بچوں میں بے وجہ خوف پیدا نہ ہونے دیں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہیکہ لاک ڈائون یا سخت پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ کسی کیخلاف نہیں بلکہ کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کو روکنے کیلئے لیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بیوپاریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی اس لڑائی میں حکومت کا تعاون کریں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل بیوپاری تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی۔ اس دوران انھوں نے یہ بات کہی۔ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ بیوپاریوں کے مطالبات اور تجویزوں پر سنجیدگی سے غور کیا جائیگا اور اس بات کی پوری کوشش کی جائیگی کہ بیوپاریوں کا نقصان نہ ہو۔ بات چیت کے دوران بیوپاریو ںکا کہنا تھا کہ موجودہ پابندیوں میں نرمی کی جائے اور کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر سختی سے عمل کریں گے اور ’’بریک دی چین‘‘ مہم میں مکمل تعاون کریں گے۔
اس دوران وزیرِ اعلیٰ نے میڈیا میں صحت سے جڑے معاملوں پر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں سے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ صحافیو ں کو چاہیے کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کے بارے میں ریاستی حکومت کے اقدامات‘ ضابطوں اور حقیقی صورتحال سے عوام کو واقف کروائیں اور بیداری پھیلانے میں مدد کریں۔
***** ***** *****
دوسری جانب ’’بریک دی چین‘‘ کے تحت عائد کی گئی پابندیوں کے خلاف گذشتہ روز ریاست کے کئی مقاما ت پر مظاہرے کیے گئے۔ اورنگ آباد ضلعے کے تاجروں کی تنظیم ’’اورنگ ضلع ویاپاری مہاسنگھ‘‘ کے وفدنے صدر جگناتھ کالے کی قیادت میں کل ضلع کلکٹر سنیل چوہان سے ملاقات کی اور انہیں مطالباتی محضر سونپا۔ محضر میں کہا گیا ہیکہ اورنگ آباد ضلعے میں سبھی دُکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے‘ بیوپاریو ںکو مالی پیکیج دیا جائے یا پھر انہیں اجتماعی خودکشی کرنے کی اجازت دی جائے۔
اس دوران اورنگ آباد شہر کے سڈکو علاقے میں تاجروں نے راستوں پر انسانی زنجیر بناکر حکومت کی جانب سے عائد کردہ سخت پابندیوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے دوران حکومت مخالف بینر لہرائے گئے اور پابندیو ںکے خلاف خوب نعرے بازی کی گئی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے جنتور تعلقے میں بھی تاجروں نے کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تعلقہ ویاپاری مہاسنگھ کے صدر اور عہدیداروں نے کل جنتورکی رُکن سمبلی میگھنا بورڈیکر سے ملاقات کی اور انہیں مکتوب پیش کیا۔ اس دوران تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس مخالف سبھی ضابطوں پر عمل کریں گے۔ تاجروں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ سبھی دُکانیں کھولنے کی جلد سے جلد اجازت دی جائے، ورنہ جمہوری طریقے سے آندولن کیا جائیگا۔
***** ***** *****
عثمان آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک وفد نے ضلع کلکٹر کوستبھ دِویگائونکر سے ملاقات کی اور لگائی گئی سخت پابندیوں پر نظرِ ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔ تلجا پور کے صدرِ بلدیہ سچن روچ کری نے بھی تحصیلدار کو محضر پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے تاجروںکو دُکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی جائے۔ ریاست کے دوسرے شہروں ممبئی‘ دھولیہ، ایوت محل اور چندر پور میں بھی کاروباری افراد نے بازار کھلوانے کیلئے آندولن کیے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں ہیئر کٹنگ سلون 30  اپریل تک بند رکھنے کی ریاستی حکومت کے احکامات کی حجاموں کی ریاستی تنظیم ’’مہاراشٹر نابھک مہا منڈل‘‘ نے سخت مذمت کی ہے۔ تنظیم کے علاقائی صدر وِشنو وَکھرے نے بتایا کہ حکومتی احکامات کو جلاکر اورنگ آباد میں احتجاج کیا گیا ہے اور اب ریاست بھر میں آندولن کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ دیگر کاروباریوں کی طرح ہیئر کٹنگ سلون کو بھی صبح سات بجے سے شام آٹھ بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو پر صحت کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ریاستی حکومت کے اقدامات پر ناراضگی کا بھی اظہار کیا۔ مہاراشٹر حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت کے سست اور ڈھیلے رویّے سے کورونا وائرس پر لگام لگانے کی پورے ملک کی کوشش ناکام ہورہی ہے۔ مرکزی وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد اور اس بیماری سے ہونے والی اموات دونوں معاملوں میں مہاراشٹر ملک میں پہلے نمبر پر ہے اور دنیا بھر میں تیزی سے بیماری پھیلنے والے مقامات میں بھی مہاراشٹر شامل ہے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے مہاراشٹر کو کورونا مخالف ٹیکے فراہم نہ کیے جانے کے الزامات سے انکار کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ جب تک ٹیکے تیار کرنے کے معاملے میں رُکاوٹیں ہیں تب تک طئے شدہ ترجیحات کے مطابق ہی ٹیکہ اندازی ہوگی۔ ہرش وردھن 18 سال سے زیادہ عمر ک سبھی لوگوں کو ٹیکہ لگوانے کی مانگ پر بول رہے تھے۔ انھوں نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ جہاں کچھ ریاستوں میں 90% فیصد ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے تو وہیں مہاراشٹر نے 86%‘ دلّی نے 72%  اور پنجاب نے 64% ٹیکہ اندازی کا نشانہ مکمل کیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ریاستوںکو ہدایت دی ہیکہ وہ کام کاج کے مقامات پر کووِڈ ٹیکہ اندازی مراکز قائم کرے۔ یہ مراکز 11  اپریل اتوار سے فعال ہوں گے۔
***** ***** *****
دریں اثناء مہاراشٹر کے وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہیکہ ریاست میں 20 سے 40 سال عمر کے درمیان کے لوگوں میں کورونا وائرس کا پھیلائو زیادہ پایا جارہا ہے۔ لہٰذا مرکزی حکومت 18 سال سے زیادہ عمر کے سبھی افراد کو ٹیکے دینے کی اجازت دے۔ ٹوپے نے بتایا کہ اس وقت مہاراشٹر میں ہر دِن ساڑھے چار لاکھ لوگوں کو کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے دئیے جارہے ہیں اور ٹیکوں کی فراہمی میں تیزی لانے سے جلد اور تیز رفتار ٹیکہ اندازی ممکن ہوسکے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل بدھ کے روز 59,907 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 31 لاکھ 73 ہزار 261 تک جا پہنچی ہے۔ ریاست بھر میں کل ایک دِن میں 322 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ اب تک مہاراشٹر میں کُل 56 ہزار 652 لوگ کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوا چکے ہیں۔ ریاستی شرحِ اموات قریب 2 فیصد ہے۔
دوسری جانب کل دِن بھر میں ریاست میں 30,296 لوگوں نے کورونا وائرس سے نجات پائی۔ اس اضافے کے بعد مہاراشٹر میں کووِڈ 19- سے ٹھیک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 26 لاکھ 13 ہزار 627 ہوچکی ہے۔ کورونا وائرس سے صحت یابی کا ریاستی تناسب قریب 83% ہوگیا ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 5 لاکھ 559 ہے جو ریاست بھر کے اسپتالوں میں اپنا علاج کروا رہے ہیں۔
***** ***** *****
دریں اثناء مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 6179 نئے کورونا پازیٹیو مریض سامنے آئے، جبکہ 91 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والو ںمیں سب سے زیادہ 31 مریض اورنگ آباد سے ہیں۔ ناندیڑ ضلعے میں کل 26 کورونا مریضوں کی موت کا اندراج ہوا۔ پربھنی میں 12 لوگوں کی موت ہوگئی، جبکہ بیڑ میں 10 مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ جالنہ میں 6  اور عثمان آباد میں 5 کورونا مریض کل ہلاک ہوگئے۔ ہنگولی ضلعے میں گذشتہ روز ایک کورونا مریض کی موت ہوئی ہے۔
دوسری جانب مراٹھواڑہ کے سبھی ضلعوں میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں اضافے کا رُجحان لگاتار جاری ہے۔ اورنگ آباد یہاں بھی پہلے نمبر پر ہے جہاں کل مراٹھواڑہ میں سب سے زیادہ 1407 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ ناندیڑ میں گذشتہ روز 1255 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔ لاتور میں 969‘ اور پربھنی میں 684 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا۔ جالنہ میں 614  اور بیڑ میں 590  افراد میں گذشتہ روز کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اسی طرح کل عثمان آباد میں 468  اور ہنگولی میں 195 نئے کورونا پازیٹیو مریض منظرِ عام پر آئے۔
***** ***** *****
اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کرنے کیلئے تخلیقی طریقۂ کار اپنانے کی اپیل وزیرِ اعظم نریندر مودی نے طلبہ سے کی ہے۔ امتحانات کے دوران تنائو کو کم کرنے کے مقصد سے ’’پرکشا پے چرچا‘‘ پروگرام کے تحت وزیرِ اعظم مودی نے کل ملک بھر کے طلبہ سے آن لائن بات چیت کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ علم کا دائرہ محدود ہوسکتا ہے لیکن تخلیقی ذہن اور سوچ کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ وزیرِ اعظم نے اساتذہ اور طلبہ کے سرپرستوں کی بھی کئی معاملو ںمیں رہنمائی کی۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ میں کسی مضمون یا نتیجوں کے بارے میں غیر ضروری خوف پیدا نہ ہونے دیں اور طلبہ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اُن کی حوصلہ افزائی کریں۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ بچوں کو نظم و ضبط کا پابند بنانے کی کوشش میں غیر ضروری سختی نہ کریں او رکھیل کھیل میں آسان طریقے اپناتے ہوئے انہیں نئی چیزیں سیکھنے کی جانب راغب کریں۔ وزیرِ اعظم نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ فکر اور پریشانی کو امتحان ہال کے باہر چھوڑ جائیں اور پُرسکون ذہن کے ساتھ پرچہ حل کریں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبہ کو امتحان لیے بغیر اگلی جماعتوں میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکولی تعلیم کی ریاستی وزیر ورشا گائیکواڑ نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
ناندیڑ کرائم برانچ نے کورونا وائرس کے علاج میں استعمال ہونے والے Remdesivir انجکشن کی کالا بازاری کرنے والے چار لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ ملزمین ناندیڑ میں 5400 روپئوں کے اس انجکشن کو 8ہزار روپئوں میں فروخت کررہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ کورونا وائرس کی وجہ سے لگائی گئی پابندیاں کسی کے خلاف نہیں؛وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت؛ کاروباریوں سے کی تعاون کی اپیل۔
٭ ریاستی حکومت کے ’’بریک دی چین‘‘ کے تحت عائد کردہ پابندیوں کے خلاف ریاست کے مختلف مقامات پر کاروباریوں نے کیے آندولن۔
٭ مرکزی وزیرِ صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کورونا وائرس کے خلاف مہاراشٹر حکومت کی کوششوں پر کی تنقید؛ کہا یہ کوششیں ناکافی ہیں۔
اور
٭ بچوں کو کھیل کھیل میں نظم و ضبط کا عادی بنانے کی وزیرِ اعظم مودی کی اپیل؛ کہا سرپرست اور اساتذہ بچوں میں بے وجہ خوف پیدا نہ ہونے دیں۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment