Saturday, 15 May 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 15.05.2021, Time : 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 May-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍ مئی  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہورہاہے۔جس کے پیش نظر سامعین سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ مکمل احتیاط سے کام لیں ۔ کووڈ ویکسین کاپہلا ٹیکہ لینے والے شہری دوسرا ٹیکہ ضرور لیں اور 18؍ سال سے زیادہ عمر کے شہری اندراج کرکے ویکسین لیں۔ہرشہری تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ناک اور منہ پرماسک لگائیں۔ایک دوسرے سے مناسب محفوظ فاصلہ برقراررکھیں۔وقفے وقفے سے صابن سے ہاتھ دھوئیں۔ اپنے ہاتھ اورچہرہ صاف رکھیں۔ ان آسان احتیاطی تدابیر پرعمل کریںاورمحفوظ رہیں۔
::::: سرخیاں::::::
چند اہم خبروں کی سرخیاں سماعت کیجیے۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یقین دلایا ہے کہ ملک پوری قوت او رعزم کے ساتھ کورونا وباء کے چیلنج پر قابو پالے گا۔
٭ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ اہتمام علاقوں کو 15 یوم میں کووِڈ ویکسین کے ایک کروڑ 90 لاکھ ڈوز مفت دئیے جائیں گے۔ روس کے
اسپوتنک وی ویکسین کے ایک ڈوز کی قیمت 995 روپئے۔
٭ شکر صنعت کار آکسیجن تیار کرنے کے شعبے میں آگے آئیں: وزیرِ اعلیٰ کی اپیل۔
٭ ریاست میں کل 39 ہزار 923 نئے کووِڈ متاثرین۔ مراٹھواڑہ میں کل 128  افراد فوت۔ تاہم 4 ہزار 524 نئے مریضوں کا اندراج۔
٭ نرتیہ شرومنی میرا پائوسکر کل اورنگ آباد میں قلبی حملے کے باعث چل بسیں۔
اور۔۔٭ ہنگولی ضلع میں زندگی کیلئے ضروری اشیاء کی دُکانیں ایک دِن آڑ کھولنے کی اجازت۔
***** ***** *****
اَب خبریں تفصیل سے۔۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک کو یقین دلایا ہے کہ ملک اپنی طاقت او رلگن کے ساتھ کووِڈ اُنیس عالمی وباء کے چیلنج پر قابو پالے گا۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت ایسا ملک نہیں ہے کہ جو مشکل دو رمیں اپنی اُمید ختم کردے۔ وہ پردھان منتری کسان سمّان ندھی PM-Kisan اسکیم کے تحت ملک کے 9 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ کسانو ںکو مالی فائدے کی آٹھویں قسط جاری کرنے کے بعد ایک ورچول تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کسانوں نے کووِڈ اُنیس کے آزمائشی دور میں بھی ملک کی خدمت کرنے سے متعلق اپنے حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔ کاشتکاری سے متعلق تکنیک میں جدت طرازی کی وجہ سے ریکارڈ تعداد میں سرکاری خرید کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پنجاب او رہریانہ کے کسانو ںکو پہلی مرتبہ براہِ راست منتقلی کے فائدے ملنے شروع ہوگئے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ پی ایم کسان اسکیم، ملک میں چھوٹے کسانوں کیلئے بہت مفید ثابت ہوئی ہے۔ کووِ ڈ اُنیس عالمی وباء کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دیہی علاقوں سے بڑی تعداد میں کیسوں کی خبریں مل رہی ہیں۔ انھوں نے گائووںکی پنچایتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوںمیں مناسب بیداری اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وہ دوائوں اور طبّی سازو سامان کی کالا بازاری سے نمٹنے کی غرض سے سخت قوانین بنائیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسلح افواج بھی اس مشکل دور میں کووِڈ سے متعلق دیکھ بھال کو یقینی بنانے او رآکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنانے کی غرض سے پوری طاقت کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ملک میں کسانو ںکے ذریعے نامیاتی کاشت کاری سے متعلق نئی نئی تکنیک اختیار کرنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے اسکیم سے مستفید ہونے والے ملک کے مختلف حصوں کے کسانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت آئندہ 15 یوم میں کووِڈ ویکسین کے ایک کروڑ 90 لاکھ ڈوز ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو مفت روانہ کرے گی۔ اس میں ایک کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار کووی شیلڈ اور 29 لاکھ 49 ہزار کوویکسین کے ڈوز شامل ہیں۔ یہ تمام ویکسین 45 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں، صحت ملازمین اور صف ِ اوّل کے ملازمین کو دئیے جائیں گے۔ اس سے قبل مرکز ی حکومت نے ایک کروڑ 70 لاکھ کووِڈ ویکسین ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو روانہ کیے تھے۔
***** ***** *****
روسی طرز کی ’’اسپوتنک وی‘‘کورونا وائرس وباء کے تدارکی ویکسین کے ایک ڈوز کی قیمت 995 روپئے 40 پیسے طئے کی گئی ہے۔ بھارت میں منظور شدہ یہ تیسری ویکسین ہے۔ حیدرآباد میں ڈاکٹر ریڈیز ادویات کی کمپنی یہ ویکسین بھارت میں تیار کرے گی۔ کل حیدر آباد میں اس ویکسین کا پہلا ڈوز دیا گیا۔ آئندہ ہفتے سے یہ ویکسین تمام ملک میں فراہم ہوگی۔
***** ***** *****
شکر صنعت کار آکسیجن کی تیاری کے شعبے میں آگے آئیں۔ ایسی اپیل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کی ہے۔ عثمان آباد ضلع کے کلم تعلقے کے چورا کھڑی میں دھارا شیو شکر کارخانے کے آکسیجن پیداوار پروجیکٹ کا کل وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سے افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ 50 سے زیادہ پلنگوں کے اسپتالوں میں آکسیجن پیداوار پروجیکٹ ضروری کیے جائیں‘ ہر ضلع میں درکار طبّی آکسیجن اُسی ضلع میں تیار کی جائے‘ اس پر زور دیا جائے وغیرہ ہدایتیں گڈکری نے اس موقع پر دی۔
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے دھارا شیو کارخانے میں قائم کیا گیا یہ پروجیکٹ بحران کے دور میں اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات کہتے ہوئے انھوں نے دیگر کارخانوں کو اسی طرح کے پروجیکٹس قائم کرنے کی کوشش کی اپیل کی۔
***** ***** *****
عیدالفطر کا تہوار کل ہجوم نہ کرتے ہوئے سادگی سے منایا گیا۔ عیدگاہوں اور مساجد میں کثیر تعداد میں جمع نہ ہونے کی اپیل انتظامیہ نے کی تھی۔ اس کے تحت کئی شہریوں نے گھروں میں رہ کر نماز ادا کی اور عیدالفطر منائی۔ چند مقامات پر علامتی طور پر صرف 5  افراد نے مسجد میں نمازِ عیدالفطر ادا کی اور ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 39 ہزار 923 کووِڈ مریضوں کا اندراج ہوا۔ اس کی وجہ سے تمام ریاست میں جملہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 53 لاکھ 9 ہزار 215 ہوگئی ہے۔ کل 695 مریض دورانِ علاج چل بسے۔ ریاست میں اس وباء سے مرنے والوں کی جملہ تعداد 79 ہزار 552 ہوگئی ہے۔ شرحِ اموات ایک اعشاریہ پانچ فیصد ہوگیا ہے۔ کل 53 ہزار 249 مریض اس وباء سے شفا یاب ہوگئے۔ ریاست میں اب تک 47 لاکھ 7 ہزار 980 مریض کورونا وائرس وباء سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ کووِڈ سے نجات کی شرح 88 اعشاریہ 68 فیصد ہوگئی ہے۔ فی الحال تمام ریاست میں 5 لاکھ 19 ہزار 254 مریضوں کا علاج جار ی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 4 ہزار 524 کورونا وائرس متاثرین مریضوںکی تصدیق ہوئی۔ تاہم 128  افراد اس وباء کی وجہ سے لقمۂ اجل بن گئے۔ مرنے والو ںمیں اورنگ آباد ضلع کے 33‘ لاتور 30‘ پربھنی 16‘ عثمان آباد 15‘ ناندیڑ 13‘ بیڑ 11‘ تاہم جالنہ اور ہنگولی اضلاع کے فی کس 5 مریض شامل ہیں۔ بیڑ ضلع میں کل کووِڈ وباء کے نئے ایک ہزار 112 مریضوں کا انکشاف ہوا۔ جالنہ 985‘ اورنگ آباد 665‘ لاتور 560‘ پربھنی اور عثمان آباد اضلاع میں فی کس 458‘ ناندیڑ 208‘ تاہم ہنگولی ضلع میں 78 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
***** ***** *****
پچھڑے طبقوں کے عہدوں میں ترقی کے ریزرویشن کے سلسلے میں مرکزی مملکتی وزیر رام داس آٹھولے کی قیادت میں ریپبلکن پارٹی کے خاص وفد نے کل گورنر بھگت سنہہ کوشیاری سے ملاقات کی۔ ریاست میں مراٹھا اور تمام ملک میں شیتریہ سماج کے راجپوت، ٹھاکر وغیرہ ذاتوں کو معاشی بنیاد پر علیحدہ ریزرویشن دینے کیلئے صدرِ جمہوریہ اور وزیرِ اعظم مداخلت کریں۔ ریاستی حکومت نے پچھڑے طبقوں کے عہدوں میں ترقی کا ریزرویشن مسترد کرکے ناانصافی کی ہے۔ انہیں فوراً ریزرویشن کا حق حاصل ہو‘وغیرہ مطالبات اس موقع پر کیے گئے۔
***** ***** *****
نرتیہ شرومنی میرا پائوسکر کل اورنگ آباد میں قلبی حملے کے باعث چل بسیں۔ وہ 79 برس کی تھیں۔ انھوں نے مراٹھواڑہ میں بھارت ناٹیم رقص کو فروغ دیا۔ اُن سے تربیت حاصل کرنے والے سیکڑوں شاگرد آج بھارت اوربیرون میں رقص کو فروغ دے رہے ہیں۔ انڈین ڈانس اکاڈمی کی جانب سے پائوسکر کو نرتیہ شرومنی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں زندگی کیلئے ضروری اشیاء کی دُکانوں کو یکم جون تک ایک دِن آڑ صبح 9 سے 11 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ضلع کلکٹر روچیش جئے ونشی نے کل یہ حکمنامہ جاری کیا۔ کرانہ دُکانیں، سبزی ترکاری، پھل، بیکری، مٹھائی کی دُکانیں، دیگر تمام کھانے کی اشیاء کے دُکانیں موسمِ باراں سے قبل کی اشیاء کی دُکانیں کل سے ایک دِن آڑ کھلی رہیں گی۔ دودھ فروخت کرنے والے ہر روز صبح 7 سے 11 اور شام 6 سے 9 کے درمیان اپنا کاروبار جاری رکھ سکتے ہیں۔ یہ بات حکمنامے میں کہی گئی ہے۔ ای کامرس، کوریئر یہ خدمات روزانہ جاری رہیں گی۔ یکم جون تک یہ حکم عائد رہے گا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں کووِڈ تدارکی تدابیر کے تحت طبّی خدمات سمیت ادویات کی دُکانیں چھوڑ کر دیگر تمام دُکانیں آج اور کل دو یوم مکمل بند رہیں گے۔ ضلع کلکٹر دیپک مگڑیکر نے کل اس سلسلے میں احکام جار ی کیے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یقین دلایا ہے کہ ملک پوری قوت او رعزم کے ساتھ کورونا وباء کے چیلنج پر قابو پالے گا۔
٭ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ اہتمام علاقوں کو 15 یوم میں کووِڈ ویکسین کے ایک کروڑ 90 لاکھ ڈوز مفت دئیے جائیں گے۔ روس کے
اسپوتنک وی ویکسین کے ایک ڈوز کی قیمت 995 روپئے۔
٭ شکر صنعت کار آکسیجن تیار کرنے کے شعبے میں آگے آئیں: وزیرِ اعلیٰ کی اپیل۔
٭ ریاست میں کل 39 ہزار 923 نئے کووِڈ متاثرین۔ مراٹھواڑہ میں کل 128  افراد فوت۔ تاہم 4 ہزار 524 نئے مریضوں کا اندراج۔
٭ نرتیہ شرومنی میرا پائوسکر کل اورنگ آباد میں قلبی حملے کے باعث چل بسیں۔
اور۔۔٭ ہنگولی ضلع میں زندگی کیلئے ضروری اشیاء کی دُکانیں ایک دِن آڑ کھولنے کی اجازت۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment