Thursday, 13 May 2021

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 13 May 2021

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی اورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ:  13؍مئی۔۲۰۲۱ئ؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** ********

آداب یہ آکاشوانی اورنگ آباد۔

ضمیررضوی سے علاقائی خبریں سنئے۔

::::: سرخیاں::::::

سب سے پہلے اس وقت کی سُرخیاں۔

٭کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکوں کی ضروری مقدار نہ ہونے سے مہاراشٹر میں اٹھارہ سال سے 44؍ سال کے 

      لوگوں کی ٹیکہ اندازی مہم فی الحال ملتوی۔رِیاستی کابینہ کے اجلا س میں ہوافیصلہ۔

٭مہاراشٹر میں 31؍ مئی تک بڑھ سکتاہے لاک ڈائون ،رِیاستی کابینہ نے لاک ڈائون میں کم ازکم پندرہ دن توسیع 

     کرنے کی وَزیر اعلیٰ سے کی سفارش۔

٭کورونا وائرس کے لاک ڈائون کے دوران سیاسی رہنمائوں اورکارکنوں کی موجودگی میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح 

     پر عدالت نے اپنایاسخت رُخ۔ہجوم پر قابوپانے میں ناکام پولس انتظامیہ کابھی لیانوٹس۔

اور

٭ملک بھر میں کل جمعہ کے روزمنائی جائیگی عیدالفطر ، عوام سے گھروں میں رہ کر سادگی سے عید منانے کی اورنگ آباد 

     ضلع کلکٹر کی اپیل ۔

اب خبریں تفصیل سے۔

کوروناوائرس سے بچائو کے ٹیکوں کی ضروری مقدارنہ ہونے سے مہاراشٹر میں 18؍ سال سے 44؍ سال کے عمر کے لوگوں کی ٹیکہ اندازی مہم ملتوی کردی گئی ہے۔رِیاستی کابینہ کے کل ہوئے اِجلاس میں یہ فیصلہ کیاگیا۔ 

اِس فیصلے سے متعلق مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے رِیاستی وَزیر صحت راجیش ٹوپے نے بتایا کہ فی الوقت 45؍ سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کوکورونا وائرس سے بچائو کادوسراٹیکہ دیناپہلی ترجیح ہے۔لہذا18؍ سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی ٹیکہ اندازی مہم کوعارضی طور پر ملتوی کیاجارہاہے۔

ٹوپے نے کہاکہ کورونا ٹیکوں کی ضروری مقداردستیاب نہیں ہے۔اوران حالات میں دوسری خوراک لینے والوں کو ٹیکہ لگانا ضروری ہے۔ٹوپے نے بتایا کہ اگر دوسری خوراک نہ دی جائے توپہلی خوراک کااثرنہیں ہوگا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میںاٹھارہ سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کیلئے خریدے گئے سبھی ٹیکوں کواب 45؍ سال سے زیادہ عمر کے افرادکیلئے استعمال کیاجائیگا۔

اس بیچ مہاراشٹر میں جاری لاک ڈائون میں 31؍ مئی تک توسیع کااشارہ راجیش ٹوپے نے دیا ہے۔ٹوپے کے مطابق رِیاستی کابینہ نے لاک ڈائون میں توسیع کرنے کی وَزیر اعلیٰ سے سفارش کی ہے۔ جس پروَزیراعلیٰ اُدھوٹھاکرے جلد ہی فیصلہ لیں گے۔لاک ڈائون کی افادیت پرتبصرہ کرتے ہوئے ٹوپے نے کہا کہ لاک ڈائون نافذ کرنے کے بعد کورونا معاملوں میںبڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے۔ جس کے بعد کم ازکم اگلے پندرہ دِنوں تک لاک ڈائون میں توسیع کرنے کی وَزیراعلیٰ سے سفارش کی گئی ہے۔ٹوپے کے مطابق لاک ڈائون میں 31؍ مئی تک توسیع کئے جانے کاقوی امکان ہے۔

***** ***** ********

کوروناوائرس کے علاج کے دوران بچوں کیلئے ضروری طبّی سہولیات پرمبنی معلومات فوراً پیش کرنے کی ہدایت طبّی تعلیم کے رِیاستی وَزیرامت دیشمکھ نے دی ہے۔کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کے دوران بچوں پرپڑنے والے اثرات کی پیشن گوئی کے بیچ امت دیشمکھ نے رِیاست کے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں اوراسپتالوں سے یہ تفصیلات مانگی ہیں۔

امت دیشمکھ نے کل اس بارے میں ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے حالات کاجائزہ لیا۔اس دوران لاتورضلع کے بارے میںبھی امت دیشمکھ نے میٹنگ لی اورحالات کاجائزہ لیا۔

اُنہو ں نے ہدایت دی کہ لاتورکے سرکاری اسپتال اورضلع کے خانگی اسپتالوں میںآکسیجن پلانٹ قائم کرنے کے کام میں تیزی لائی جائے، ساتھ ہی آکسیجن بیڈزاوروینٹی لیٹرز کی تعداد میںبھی اضافہ کیاجائے۔امت دیشمکھ نے چھوٹے بچوں کیلئے مخصوص علیحدہ وارڈبنانے کابھی حکم دیا۔

***** ***** ********

ممبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آبادبینچ نے مہاراشٹر میںجاری کورونا وائرس لاک ڈائون کے دوران سیاسی رہنمائوں اوراُن کے کارکنوں کی موجودگی میں ہورہی عوامی تقریبات اورترقیاتی کاموں کے افتتاح پرروک لگانے کوکیاہے۔روزگارضمانت منصوبے کے رِیاستی وَزیرسندیپان بھومرے کی جانب سے پیٹھن میں مجمع جمع کرکے ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب کاعدالت نے نوٹس لیا اوریہ حکم جاری کیا۔

عدالت نے انتظامیہ سے یہ بھی پوچھا کہ بھومرے کے خلاف کیاکاروائی کی گئی؟اس کے جواب میں سرکاری فریق کی جانب سے کہاگیا کہ اس معاملے میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیاگیاہے۔دریںاثناء اورنگ آباد شہر میں ہجوم کوقابو میں کرنے کیلئے کچھ مقامات پر ایک بھی پولس ملازم کے نظرنہ آنے کی خبر کابھی عدالت نے نوٹس لیا۔

عدالت نے کہا کہ اگر اس کام کیلئے پولس ملازمین کی افرادی قوت ناکافی ہے تو SRPF یاہوم گارڈز کی مدد لی جاسکتی ہے۔

***** ***** ********

مہاراشٹر حکومت کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر سے لڑنے کیلئے تیاررہے۔یہ ہدایت ممبئی ہائی کورٹ کی ناگپوربینچ نے دی ہے۔اِس بارے میں داخل کردہ مفادِ عامہ کی تین عرضیوں پر سماعت کے دوران عدالت نے رِیاستی حکومت اور انتظامیہ کو تیار رہنے کو کہا۔عدالت نے رِیاستی حکومت نے یہ بھی کہا کہ وہ حلف نامہ داخل کرکے بتائے کہ ریمڈیسوربنانے والی کمپنیوں نے طئے کیاگیا کوٹہ مہاراشٹر کوفراہم کیاہے یانہیں۔

***** ***** ********

یہ خبریںآکاشوانی اونگ آباد سے نشر کی جارہی ہیں

مہاراشٹر میںکل ایک دن میں 46,781؍ نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے ۔ اس اضافے کے بعد رِیاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر52؍ لاکھ 26؍ہزار710؍ ہوگئی ہے۔وہیں کل رِیاست بھر میں 816؍ کورونا مریض علاج کے دوران دم توڑ گئے۔اِن اموات کے ساتھ مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد78؍ ہزارسات تک جاپہنچی ہے۔رِیاستی شرحِ اموات لگ بھگ دیڑھ فیصد ہوگئی ہے۔

دوسری جانب کل ایک دن میں رِیاست میں 58,805؍ کورونا مریض صحتیاب ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے ہیں۔ اب تک مہاراشٹر میںمجموعی طورپر 46؍ لاکھ 196؍ کورونا مریض اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔

کووڈ ۱۹؍ سے صحیتابی کارِیاستی تناسب 88% ہوگیاہے۔فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 5؍ لاکھ 46؍ ہزار129؍ ہے۔جن کا علاج جاری ہے۔

مراٹھواڑہ میں کل ایک دن میں 4386؍ نئے کورونا پازیٹیو معاملے منظرِ عام پرآئے۔جبکہ 145؍ مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد لاتورضلع میں رہی جہاں 31؍ مریضوں کی موت ہوگئی۔اورنگ آباد ضلع میں کل 27؍ مریضوں کی موت کااندراج ہوا۔پربھنی میں 22، بیڑ میں 17، اور ناندیڑ میں 16؍، کورونا مریضوں نے کل جان گنوائی۔ جالنہ اور عثمان آباد ضلعوں میں گذشتہ روز13-13؍ کورونا مریض چل بسے۔وہیں ہنگولی ضلع میں 6؍ کورونا مریضوں نے کل علاج کے دوران دم توڑ دیا۔

اِس دوران مراٹھواڑہ کے سبھی آٹھ ضلعوں میں نئے کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ لگاتار جاری ہے۔ بیڑ ضلع میں کل ایک دن میں 1270؍ نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کاانکشاف ہوا۔اورنگ آباد ضلع میں کل 711؍ نئے مریض پائے گئے۔ لاتور میں 601، عثمان آبادمیں 569 اورپربھنی میں 453؍ لوگوں میں کل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔اسی طرح ناندیڑ میں 398، جالنہ میں 243، اور ہنگولی ضلع میں 141، افراد کوکل کورونا پازیٹیو پایاگیا۔

***** ***** ********

ملک بھرمیںعیدالفطر کل جمعہ کے روزمنائی جائیگی۔اس بارے میں رِیاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل کرنے کی اپیل اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر سنیل چوہان نے کی ہے۔ضلع کلکٹر نے کل اس بارے میںمسلم رہنمائوں اورپولس انتظامیہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ضلع کلکٹر نے اپیل کی کہ لوگ عید کی نماز کیلئے مسجدوں میں جمع نہ ہوںاورگھروں پرہی عید کی نمازاداکریں۔ضلع کلکٹر نے عیدالفطر کے موقع پر لوگوں کومبارکبادبھی پیش کی۔

***** ***** ********

اورنگ آباد شہر میں کورونا وائرس سے بچائو کاپہلا ٹیکہ فی الحال کسی کوبھی نہیں دیاجائیگا۔یہ اطلاع اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کی ہیلتھ افسر ڈاکٹر نیتاپاڈلکرنے دی۔اُنہوں نے بتایا کہ فی الوقت پہلا ٹیکہ لگاچکے اورمدت پوری کرچکے افراد کودوسرا ٹیکہ لگانے کیلئے ترجیح دینے کی ہدایت حکومت نے دی ہے۔

ڈاکٹر پاڈلکر نے کہا کہ ٹیکوں کی ضروری مقداردستیاب نہ ہونے سے ٹیکہ اندازی مہم روکی جارہی ہے۔اُنہوں نے اٹھارہ سال سے 44؍ سال کے درمیان کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ٹیکہ اندازی مراکز پر جمع نہ ہوں۔

دوسری جانب ناندیڑضلع میںآج 45؍ سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کوکورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے ’’کووی شیلڈ‘ ‘ کادوسرا ٹیکہ دیاجائیگا۔ہرٹیکہ اندازی مرکز پرصرف سولوگوں کوہی یہ ٹیکہ لگایاجائیگا۔

عوام سے ہجوم کی شکل میں جمع نہ ہونے اور محکمہ صحت کے ملازمین سے تعاون کرنے کی اپیل ناندیڑ کے ضلع ہیلتھ افسر ڈاکٹر بالاجی شندے نے کی ہے۔

***** ***** ********

پربھنی میںبھی آج صبح گیارہ بجے سے سہ پہر چاربجے تک ۹؍ ٹیکہ اندازی مراکز پر’’کووی شیلڈ‘‘ کادوسرا ٹیکہ دیاجائیگا۔ اس سے پہلے ٹیکہ لگوانے کے خواہشمند لوگوں کو صبح سات بجے سے دس بجے تک ٹیکہ اندازی مراکز پر جاکرٹوکن حاصل کرناہوگا۔پربھنی میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنر دیوی داس پوار نے یہ اطلاع دی۔

***** ***** ********

اورنگ آباد ضلع کے لاسوراسٹیشن میں واقع پرائمری ہیلتھ سینٹر کودیہی اسپتال میںتبدیل کرنیکا مطالبہ مراٹھواڑہ گریجویٹ حلقہ اسمبلی کے رکن ستیش چوہان نے کیاہے۔چوہان نے کل ممبئی میں رِیاستی وَزیرصحت راجیش ٹوپے سے ملاقات کی اورمطالبہ کیا کہ لاسوراسٹیشن میں دیہی اسپتال شروع کرکے سبھی طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔اس دوران ٹوپے نے اس مطالبے پرغورکرنے کے بعد کوئی قدم اٹھانے کاتیقن دیا۔

***** ***** ********

پربھنی ضلع میں آج اور کل دودنوں تک کرانہ اور پھلوں کی دُکانیں اورسبزی منڈی صبح سات بجے سے دوپہر دوبجے تک جاری رہیںگی۔پربھنی ضلع کلکٹر دیپک موگلیکر نے یہ اجازت دی ہے۔تاہم ضلع بھر میں دوسری سبھی دُکانیں بند رہیںگی۔ضلع کلکٹر کی جانب سے کل جاری کئے گئے سرکاری حکمنامے میں یہ بات کہی گئی۔

***** ***** ********

عثمان آباد ضلع کے تلجاپورتعلقے کے اَندُورمیںغیرقانونی طریقے سے کورونا ٹیسٹ کرنیوالی لیباریٹری کے مالک سنجے پوار کے خلاف کیس درج کرلیاگیاہے۔انتظامیہ کواطلاع ملی تھی کہ حکومت کی کوئی اجازت یامنظوری حاصل کئے بغیر اس لیباریٹری میں کورونا کی جانچ کیلئے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ جس کے بعد یہ کاروائی کی گئی۔

***** ***** ********

جالنہ ضلع کے بلڈ بینکوں میں خون کی قلت ہے۔اس صورتحال کودیکھتے ہوئے ٹیکہ لگانے سے پہلے زیادہ سے زیادہ لوگوں سے خون کاعطیہ دینے کی اپیل جالنہ ضلع انتظامیہ نے کی ہے۔اس کے تحت جالنہ صدربازارپولس کی جانب سے خون کا عطیہ دینے کا کیمپ منعقد کیاگیا۔ جس میں 109؍ لوگوں نے اپنے خون کاعطیہ دیا۔

***** ***** ********

اورآخرمیں اہم خبریں ایک بارپھر سن لیجئے۔ 

::::: سرخیاں::::::

٭کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکوں کی ضروری مقدار نہ ہونے سے مہاراشٹر میں اٹھارہ سال سے 44؍ سال کے 

      لوگوں کی ٹیکہ اندازی مہم فی الحال ملتوی۔رِیاستی کابینہ کے اجلا س میں ہوافیصلہ۔

٭مہاراشٹر میں 31؍ مئی تک بڑھ سکتاہے لاک ڈائون ،رِیاستی کابینہ نے لاک ڈائون میں کم ازکم پندرہ دن توسیع 

     کرنے کی وَزیر اعلیٰ سے کی سفارش۔

٭کورونا وائرس کے لاک ڈائون کے دوران سیاسی رہنمائوں اورکارکنوں کی موجودگی میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح 

     پر عدالت نے اپنایاسخت رُخ۔ہجوم پر قابوپانے میں ناکام پولس انتظامیہ کابھی لیانوٹس۔

اور

٭ملک بھر میں کل جمعہ کے روزمنائی جائیگی عیدالفطر ، عوام سے گھروں میں رہ کر سادگی سے عید منانے کی اورنگ آباد 

     ضلع کلکٹر کی اپیل ۔

اس کے ساتھ ہی آکاشوانی اورنگ آباد سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔

***** ***** ********


No comments:

Post a Comment