Friday, 11 June 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date : 11.06.2021, Time : 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 11 June-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۱؍ جون  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ جل جیون ابھیان کے تحت مہاراشٹر کو ملے گی قریب سوا پانچ ہزار کروڑ روپئوںکی اضافی امداد؛ مرکزی وزیرگجندر سنگھ شیخاوت نے
اضافی مدد کو دی منظوری۔
٭ مہا وِکاس آگھاڑی مستقبل میں لوک سبھا اور مہاراشٹر ودھان سبھا انتخابات مل کر لڑے گی؛ NCP صدر شرد پوار کا اعلان۔
٭ حج 2021 کے بارے میں سعودی حکومت کی جانب سے لیے جانے والے ہر فیصلے کو رہے گی بھارت کی حمایت: اقلیتی اُمور کے وزیر
مختار عباس نقوی کی یقین دہانی۔
اور
٭ 18 سال سے کم عمر کے کورونا مریضوں کو Remdecivir انجکشن نہ دینے کی مرکزی وزارتِ صحت کی ہدایت؛ کہا بہت ضرورت
پڑنے پر ہی کیا جائے چھوٹے بچوں کا CT   اسکین۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
مرکزی حکومت نے جل جیون ابھیان کیلئے مہاراشٹر حکومت کی مالی امداد میں قریب سوا پانچ ہزار کروڑ کا اضافہ کیا ہے۔ گذشتہ سال یہ امداد 1829 کروڑ روپئے تھی‘ جسے بڑھا کر اس سال 7064 کر وڑ روپئے کردیا گیا ہے۔ جل شکتی وزارت کے وزیر گجندر سنگھ شیخاوت نے اس اضافے کو منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت 2024 تک دیہی علاقوں کے ہر گھر میں نلوں کے ذریعے پینے کا صاف پانی پہنچانے کیلئے ریاستوں کو مکمل تعاون کرنے کے اپنے عہد کی پابند ہے۔ واضح رہے کہ اب ک دیہی مہاراشٹر کے جملہ 142 لاکھ گھروں میں سے 91 لاکھ 30 ہزار گھروں میں نلوں کے کنکشن دئیے جاچکے ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کو بھیجے خط میں مرکزی وزیر شیخاوت نے کہا کہ باقی بچے گھروں میں نل کنکشن دینے کے کام کو فوراً شروع کیا جائے تاکہ 2024 تک ہر گھر میں نل کے ذریعے پانی فراہم کیا جاسکے۔ شیخاوت نے مزید کہا کہ مہاراشٹر اس سلسلے میں جاری کامو ںمیں تیزی لائے۔
***** ***** *****
فصل قرض کی باقاعدہ ادائیگی کرنے والے کسانوں سے اب تین لاکھ روپئوں تک کے قرض بناء سود کے وصول کیے جائیں گے۔ ریاستی کابینہ کے کل ہوئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک لاکھ سے تین لاکھ روپئوں تک کا قرض دی گئی مدت میں لوٹانے والوں کو موجودہ ایک فیصد سود میں مزید دو فیصد رعایت دی جائیگی۔ اس کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے ملنے والی تین فیصد رعایت اور مرکزی حکومت کی تین فیصد رعایت کے بعد کسانوں کو صفر فیصد شرح سود پر فصل قرض ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
مستقبل میں لوک سبھا اور مہاراشٹر ودھان سبھا انتخابات مہا وِکاس آگھاڑی مل کر لڑے گی۔ یہ اعلان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار نے کیا ہے۔ پوار کل ممبئی میں NCP کے 22 ویں یومِ تاسیس پر منعقدہ تقریب میں بول رہے تھے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر کی مہا وِکاس آگھاڑی کو عوام نے قبول کرلیا ہے۔
دوسری جانب شیوسینا رہنما سنجے رائوت نے بھی کہا کہ مہا وِکاس آگھاڑی لوک سبھا اور ودھان سبھا انتخابات مل کر لڑے گی۔ دھولیہ میں شیوسینا عہدیداروں کے کل منعقدہ اجلاس میں رائوت نے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر ہر پارٹی اپنے بل بوتے پر لڑنے کیلئے آزاد ہے۔ واضح رہے کہ نانا پٹولے نے کہا تھا کہ کانگریس علاقائی خود مختار اداروں کے انتخابات اپنے دَم پر لڑے گی۔
***** ***** *****
حج 2021 کے بارے میں سعودی عرب کی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اُسے بھارت کی حمایت حاصل رہے گی۔ یہ بات اقلیتی اُمور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہی ہے۔ نقوی کے مطابق بھارتی حکومت مقدس فریضۂ حج کے بارے میں سعودی حکومت کے فیصلے کے مطابق کاروائی کرے گی۔ کورونا وائرس کے حالات اور حج کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کے پسِ منظر میں کل ممبئی کے حج ہائوس میں نقوی نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کی۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال کورونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے سعودی حکومت نے صرف سعودی عرب کے شہریوں اور سعودی میں قیام پذیر دیگر ممالک کے لوگوں کو محدود تعداد میں فریضۂ حج ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔
***** ***** *****
کورونا وائرس سے متاثرہ 18 سال سے کم عمر کے بچوں کو علاج کے دوران Remdicivir انجکشن نہ دینے کی ہدایت مرکزی وزارتِ صحت نے دی ہے۔ کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کے دوران بچوں کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کی قیاس آرائیوں کے بیچ مرکزی وزارتِ صحت نے بچوں کے علاج کیلئے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ ان کے مطابق پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں ہے جبکہ چھ سال سے گیارہ سال تک کے بچوں کو والدین کی رہنمائی میں ہی ماسک لگائے جائیں۔ وزارتِ صحت کے رہنماء خطوط کے مطابق علامات ظاہر نہ کرنے والے یا بالکل ہلکی علامتوں والے بچوں کیلئے Steroid   نقصاندہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ بہت زیادہ ضرورت پڑنے پر ہی کورونا سے متاثرہ چھوٹے بچوں کاCT Scan کیا جائے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 12,207 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد اب تک ریاست میں کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 58 لاکھ 76 ہزار 87 ہوگئی ہے۔ ریاست میں کل ایک دِن میں 393 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ان اموات کے بعد اب تک مہاراشٹر میں کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 748 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات 1.77% رہی۔ وہیں کل ریاست بھر میں 11,449  افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹے۔ اب تک مہاراشٹر میں 56 لاکھ 8 ہزار 753 افراد اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ کووِڈ19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب 95% رہا۔ فی الوقت مہاراشٹر بھر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 696 ہے اور ان سبھی کا علاج جار ی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 682 نئے کورونا پازیٹیو مریضوںکا انکشاف ہوا‘ جبکہ کل ایک دِن میں 43 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں لاتور ضلع سرِفہرست رہا، جہاں 14 مریضوں نے کل جان گنوائی۔ اورنگ آباد میں گذشتہ روز 12 کورونا مریض دورانِ علاج دَم توڑ گئے۔ بیڑ میں 7‘ جالنہ میں 4‘ عثمان آباد میں 3 اور پربھنی میں 2 مریضوں کی موت کا کل اندراج ہوا۔ ہنگولی ضلعے میں ایک کورونا مریض گذشتہ روز چل بسا۔
مراٹھواڑہ کے سبھی ضلعوں میں کورونا پازیٹیو مریضوں کے انکشاف کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم اس تعداد میں بتدریج کمی دیکھی جارہی ہے۔ بیڑ ضلعے میں کل ایک دِن میں 168 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ وہیں اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 138 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ اس تعداد میں اورنگ آباد کے شہری علاقے کے مریضوں کی تعداد 35 ہے جبکہ 103 مریضوں کا تعلق ضلعے کے دیہی علاقوں سے ہے۔ اسی طرح ناندیڑ میں 127‘ عثمان آباد میں 109‘ لاتور میں 59‘ جالنہ میں 29  اور پربھنی اور ہنگولی ضلعو ںمیں 26-26 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
***** ***** *****
نیتی آیوگ کے CEO امیتابھ کانت آج سے دو دِنوں کے اورنگ آباد دورے پر ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران کچھ کارخانوں کا دورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ امیتابھ کانت کل شیندرا صنعتی علاقے میں صنعتوںکے بنیادی ڈھانچے سے متعلق سہولتوں کا جائزہ بھی لیں گے۔
***** ***** *****
مانسون اب پورے مہاراشٹر پر چھا گیا ہے اور اَب یہ شمال کی جانب گامزن ہے۔ گذشتہ روز مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، پربھنی‘ ہنگولی اور لاتور ضلعے کے کچھ علاقوں میں بارش ہوئی۔ ناندیڑ ضلعے کے لوہا، مکھیڑ او راَردھا پور تعلقوں میں کل موسلا دھار بارش ہوتی رہی۔ پربھنی ضلعے کے جنتور‘ پورنا‘ مانوت اور گنگا کھیڑ تعلقوں سے بھی گذشتہ روز زوردار بارش کی اطلاع ملی ہے۔
اس بیچ پونے دفترِ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہیکہ اگلے دو دِنوں میں مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میں یونین بینک آف انڈیا کی پیٹھن گیٹ میں واقع مین برانچ میں قرض وصولی پر مامور ملازم سریش بھالے رائو اور ایک دیگر سرکاری ملازم کو رشوت لینے کے معاملے میں کل گرفتار کرلیا گیا۔ مرکزی تفتیشی بیورو‘ CBI نے ان ملزمین کیخلاف کل کیس درج کرلیا۔ ملزمین پر الزام ہے کہ انھوں نے وزیرِ اعظم روزگار ضمانتی منصوبے کے تحت 10 لاکھ روپئوں کا قرض دلوانے کے بدلے ایک لاکھ روپئوں کی رشوت مانگی تھی۔ ملزمین کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ شکایت گذار کی جانب سے 30ہزار اور 50 ہزار روپئوں کی رقم قبول کررہے تھے۔ ملزمین کی تلاشی لینے کے بعد اُن کے قبضے سے کئی قابلِ اعتراض دستاویز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ اس پورے معاملے میں یونین بینک آف انڈیا کے اعلیٰ افسران بھی شک کے دائرے میں ہیں اور ان کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
اماوس اور سورج گہن پر کبھی بھی پیاز کی نیلامی نہ کرنے والی ناسک کی لاسل گائوں پیاز منڈی میں کل پہلی بار گہن کے باوجود پیاز کی نیلامی کی گئی۔ لاسل گائوں میں پیاز منڈی اماوس اور گہن کے دِن نیلامی نہ کرنے کی روایت گذشتہ 75 سالوں سے چلی آرہی تھی، جسے توہم پرستی قرار دیتے ہوئے کل توڑ دیا گیا۔ لاسل گائوں بیوپاری سنگھٹنا کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا تھا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے خانگی کوچنگ کلاسیز کی تنظیم کی جانب سے کل شہرکے کرانتی چوک علاقے میں انسانی زنجیر بناکر مظاہرے کیے گئے۔ ان لوگوں کا مطالبہ ہے کہ شہر میں بند پڑی کوچنگ کلاسیز دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔ تنظیم کی جانب سے انتباہ دیا گیا کہ 14 جون سے وہ کوچنگ کلاسیز دوبارہ شروع کرلیں گے۔ مظاہرین کی جانب سے ضلع کلکٹر کو مطالباتی محضر بھی پیش کیا گیا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ کوچنگ کلاسیز کا گذشتہ دو سالوں کا ٹیکس معاف کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ جب شہر کے سبھی بازار اور دُکانیں کھل گئی ہیں تو کوچنگ کلاسیز شروع کرنے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ جل جیون ابھیان کے تحت مہاراشٹر کو ملے گی قریب سوا پانچ ہزار کروڑ روپئوںکی اضافی امداد؛ مرکزی وزیرگجندر سنگھ شیخاوت نے
اضافی مدد کو دی منظوری۔
٭ مہا وِکاس آگھاڑی مستقبل میں لوک سبھا اور مہاراشٹر ودھان سبھا انتخابات مل کر لڑے گی؛ NCP صدر شرد پوار کا اعلان۔
٭ حج 2021 کے بارے میں سعودی حکومت کی جانب سے لیے جانے والے ہر فیصلے کو رہے گی بھارت کی حمایت: اقلیتی اُمور کے وزیر
مختار عباس نقوی کی یقین دہانی۔
اور
٭ 18 سال سے کم عمر کے کورونا مریضوں کو Remdecivir انجکشن نہ دینے کی مرکزی وزارتِ صحت کی ہدایت؛ کہا بہت ضرورت
پڑنے پر ہی کیا جائے چھوٹے بچوں کا CT   اسکین۔
***** ***** *****
خبروں کا یہ بلیٹن آکاشوانی اورنگ آباد کے یوٹیوب چینل آکاشوانی سماچار اورنگ آباد  یا  NEWS AURANGABD  AIR پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔

No comments:

Post a Comment