Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ جولائی ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔۔
٭ ریاستوں کو ریزرویشن دینے کا اختیار دینے کی بات کہنے والی عرضی کو سپریم کورٹ نے کیا خارج؛ کہا ریزرویشن دینے کا اختیار صرف
مرکزی حکومت کو حاصل ہے۔
٭ ڈیجیٹل انڈیا کی بدولت بھارت کے لوگوں کی زندگیوں میں رونما ہوئی ہیں بڑی تبدیلیاں؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔
٭ غیر یقینی حالات کے باوجود زراعت اور اس سے جڑے کاروبار میں قدم رکھنے والوں کے ساتھ کھڑی ہے مہاراشٹر حکومت؛ وزیرِ اعلیٰ
اُدّھو ٹھاکرے کی یقین دہانی۔
اور
٭ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بند کی گئی ٹرینیں دوبارہ شروع؛ آج سے شروع ہورہی ہے عادل آباد۔ ممبئی نندی گرام ایکسپریس۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔
سپریم کورٹ نے کل مرکزی حکومت کی اُس عرضی کو خارج کردیا جس میں 102 ویں قانونی ترمیم کے تحت ریاستوں کے پاس ریزرویشن فراہم کرنے کا اختیار ہونے کی بات کہی گئی تھی۔ عدالت کے اس فیصلے سے واضح ہوگیا کہ مہاراشٹر میں مراٹھا سماج کو ریزرویشن دینے کا اختیار مرکزی حکومت کو حاصل ہے۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے 5 مئی کو مراٹھوں کو ریزرویشن دینے والا مہاراشٹر حکومت کا قانون کالعدم قرار دے دیا تھا۔ جس کے بعد 102 ویں قانونی ترمیم کے تحت مراٹھا ریزرویشن ردّ کرنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے سے متعلق درخواست مرکزی حکومت نے داخل کی تھی۔ سپریم کورٹ نے واضح کردیا کہ سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو ریزرویشن دینے کا اختیار صرف مرکزی حکومت کو حاصل ہے۔ جسٹس اشوک بھوشن کی صدارت والی پانچ ججوں کی بینچ نے عرضداشت کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی خاص حقائق شامل نہیں ہیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے عرضی کو نامنظور کیے جانے کے بعد مراٹھا ریزرویشن سے متعلق ریاستی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ اور ریاستی وزیر اشوک چوہان نے کہا کہ اس فیصلے سے عدالتی لڑائی کو جھٹکا لگا ہے۔ چوہان نے کہا کہ مرکزی حکومت قانون میں ترمیم کرکے ریاستوں کو ریزرویشن دینے کا اختیار بحال کرے اور ریزرو یشن کی حد کو پچاس فیصد تک محدود کرنے والی شرط میں نرمی لائے۔
وہیں رکنِ پارلیمنٹ چھترپتی سنبھاجی راجے بھوسلے نے کہا کہ اب مرکزی حکومت آرڈیننس جاری کرتے ہوئے قانونی ترمیم کا راستہ اپنائے۔ عدالتی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے چھترپتی سنبھاجی راجے نے کہا کہ دفعہ 338 کے مطابق پسماندہ طبقات کا کمیشن قائم کرتے ہوئے گائیکواڑ رپورٹ کے نقائص کو دور کرنا ہوگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہیکہ گذشتہ چھ سالوں میں ڈیجیٹل انڈیا کی بدولت بھارت کے لوگوں کی زندگیو ںمیں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ڈیجیٹل انڈیا مہم کے چھ سال مکمل ہونے پر وزیرِ اعظم نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس مہم سے مستفید ہونے والوں سے بات چیت کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ اندازی مہم میں استعمال کیا جارہا ’’کووِن اَیپ‘‘ بھارت کی تکنیکی مہارت کا بہترین نمونہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی ممالک نے ’’کووِن اَیپ‘‘ میں دلچسپی دکھائی ہے۔ اس دوران وزیرِ اعظم نے ہنگولی ضلعے کے بسمت تعلقے کے کسان پرلہاد بورگھڑ سے بھی بات چیت کی اور ای ۔ نام سسٹم سے پہنچ رہے فائدوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ ای۔ نام اَیپ کے ذریعے فصلوں کو اچھی قیمت مل رہی ہے۔ کسان بورگھڑنے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ای۔ نام کے ذریعے لاک ڈائون کے دوران بھی زرعی اشیاء فروخت کرنے میں کوئی رُکاوٹ پیش نہیں آئی۔
***** ***** *****
زراعت اور اس سے جڑے کاروبار میں غیر یقینی حالات کے باوجود بھی ہمت ا ور جرأت سے آگے بڑھنے والے کسانوں کے ساتھ مہاراشٹر حکومت مضبوطی سے کھڑی ہے۔ یہ یقین دہانی مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کروائی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ریاستی محکمۂ زراعت کی جانب سے منعقدہ کرشی سنجیونی مہم کی اختتامی تقریب میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا کہ کسان مہاراشٹر کی شان ہیں اور ریاستی حکومت کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں لے گی جس سے کسانوں کے مفادات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت‘ ریاست میں جنگلاتی رقبہ بڑھانے کیلئے کوشاں ہے۔ تقریب کے دوران مہاراشٹر کے سابق وزیرِ اعلیٰ وسنت رائو نائیک کی تصویر پر گلہائے عقیدت چڑھاتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس دورن وزیرِ اعلیٰ ٹھاکرے نے ڈاکٹروں کے قومی دِن کے موقعے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کورونا وائرس کے سنگین حالات کے دوران ڈاکٹرس کی خدمات کی سراہنا کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران کسانوں او رڈاکٹروں نے لوگوں کو غذا اورزندگی دی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں کورونا وائرس کے 9195 نئے پازیٹیو مریض پائے گئے، جس کے بعد اس وباء کی شروعات کے بعد سے اب تک ریاست میں پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 60 لاکھ 70 ہزار 599 تک جا پہنچی ہے۔ وہیں گذشتہ روز ریاست میں 252 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ان اموات کے بعد مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار 197 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات 2 فیصد رہی۔
دوسری جانب کل دِن بھر میں ریاست کے مختلف اسپتالوں سے کُل 8,634 افراد کو کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد رُخصت کیا گیا۔ اس طرح اب تک مہاراشٹرمیں کُل 58 لاکھ 28 ہزار 535 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب 96% رہا۔ فی الحال مہاراشٹر میں زیرِ علاج کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد گھٹ کر ایک لاکھ 16 ہزار 667 رہ گئی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 324 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا انکشاف ہوا‘ جبکہ 9 مریضوں کی موت درج کی گئی۔ مرنے والو ںمیں اورنگ آباد ضلعے سے 3 اور جالنہ اور بیڑ ضلعوں سے 2-2 مریض شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لاتور اور ہنگولی ضلعوں میں ایک۔ ایک مریض کی موت کا اندراج ہوا ہے۔ اس دوران مراٹھواڑہ کے سبھی 8 ضلعوں میں ایک دِن میں پائے جانے والے کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں لگاتار کمی آرہی ہے اور یہ سلسلہ گذشتہ کئی دِنوں سے جاری ہے۔
بیڑ ضلع میں کل 103 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اورنگ آباد ضلعے میں گذشتہ روز 93 نئے مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا۔ اس تعداد میں 17 مریضوں کا تعلق اورنگ آباد شہر سے ہے جبکہ باقی 76 مریض اورنگ آباد کے دیہی علاقوں کے رہنے والے ہیں۔ اسی طرح عثمان آباد میں 52‘ لاتور میں 35‘ اور پربھنی میں 20 نئے کورونا پازیٹیو مریض کل منظرِ عام پر آئے۔ وہیں جالنہ میں 10‘ ناندیڑ میں 7 اور ہنگولی میں 4 افراد کو کل کورونا پازیٹیو قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
صفائی ملازمین کیلئے علیحدہ سیل قائم کرتے ہوئے ان ملازمین کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت سماجی انصاف او رخصوصی امداد محکمے کے وزیر دھننجے منڈے نے دی ہے۔ منترالیہ میں کل منعقدہ میٹنگ میں منڈے بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہاتھ سے غلاظت اُٹھانے پر پابندی لگانے والا قانون 2013 ملک میں 6 دسمبر 2013 سے نافذ ہے۔ دھننجے منڈے نے ہدایت دی کہ آلودہ گٹر میں صفائی کے دوران جان گنوانے والے سبھی کامگاروں کے افرادِ خاندان کو نقصان بھرپائی فوراً ادا کی جائے۔
***** ***** *****
مرکزی تعلیمی بورڈ CBSE- نے معاشی لین دین سے متعلق معلومات کو چھٹی جماعت کے تعلیمی نصاب میں شامل کیا ہے۔ CBSE نے اس بارے میں ایک کتاب جاری کی ہے جس میں بینکوں کی شروعات‘ ان کی اقسام‘ بینکوںکی جانب سے فراہم کی جارہی خدمات‘ ڈیجیٹل لین دین‘ کارڈ لین دین اور دیگر مالی اُمور پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے کے عمرگہ تعلقے کے کڑدورا گائوں کے ضلع پریشد اسکول کے اُستاد اُمیش رگھو ناتھ کھوسے کو مرکزی حکومت کے قومی ICT انعام کیلئے چنا گیا ہے۔ مرکزی تعلیمی محکمے کے تحت کام کرنے والے NCERT نے سال 2018 کے قومی ICT انعامات کیلئے ملک بھر سے 25 اساتذہ کے ناموں کا اعلان کیا ہے جس میں مہاراشٹر سے 3 اساتذہ شامل ہیں۔ ان 3 اساتذہ میں مراٹھواڑہ سے اُمیش رگھو ناتھ کھوسے شامل ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے دھرم آباد تعلقے کے بابھڑی ڈیم کے 14 دروازے کل کھول دئیے گئے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے ان دروازوں کو کھولا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بابھڑی ڈیم کے 14 دروازوں کو 29 اکتوبر تک کھلا رکھنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بند کی گئی ٹرینیں اس مہینے سے دوبارہ شروع ہورہی ہیں۔ جنوب وسطی ریلوے کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران مسافروں کی تعداد میں آئی کمی آنے کے بعد ان ٹرینوں کو بند کرنا پڑا تھا، جنہیں اب دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔ ان ٹرینوں میں ناندیڑ۔ پنویل ایکسپریس‘ عادل آباد۔ ممبئی نندی گرام ایکسپریس‘ امرتسر ایکسپریس‘ رامیشورم ایکسپریس اور وِشاکھا پٹنم ایکسپریس شامل ہیں۔ یہ سبھی ٹرینیں اسی ہفتے سے شروع ہوجائیں گی۔ گذشتہ کل ایک جولائی سے ناندیڑ۔ پنویل ایکسپریس شروع ہوچکی ہے جبکہ عادل آباد۔ ممبئی نندی گرام ایکسپریس آج 2 جولائی سے دوبارہ چلنے لگے گی۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کے دوران جالنہ ضلعے میں محکمہ صحت کی جانب سے کانٹریکٹ پر تقرر کیے گئے 1300 ملازمین کو کل خدمات سے فارغ کردیا گیا۔ اس بارے میں ضلع کلکٹر نے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ان ملازمین کو خدمات سے فارغ کردیا۔ اس فیصلے کے بعد ان ملازمین میں مایوسی پائی جارہی ہے۔ ان ملازمین میں میڈیکل افسران سمیت نرسیس‘ وارڈ بوائز‘ ڈیٹا انٹری آپریٹرس اور صفائی ملازمین شامل ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھرسن لیجیے۔۔
٭ ریاستوں کو ریزرویشن دینے کا اختیار دینے کی بات کہنے والی عرضی کو سپریم کورٹ نے کیا خارج؛ کہا ریزرویشن دینے کا اختیار صرف
مرکزی حکومت کو حاصل ہے۔
٭ ڈیجیٹل انڈیا کی بدولت بھارت کے لوگوں کی زندگیوں میں رونما ہوئی ہیں بڑی تبدیلیاں؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔
٭ غیر یقینی حالات کے باوجود زراعت اور اس سے جڑے کاروبار میں قدم رکھنے والوں کے ساتھ کھڑی ہے مہاراشٹر حکومت؛ وزیرِ اعلیٰ
اُدّھو ٹھاکرے کی یقین دہانی۔
اور
٭ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بند کی گئی ٹرینیں دوبارہ شروع؛ آج سے شروع ہورہی ہے عادل آباد۔ ممبئی نندی گرام ایکسپریس۔
***** ***** *****
اس کے ساتھ ہی آکاشوانی اورنگ آباد سے علاقائی خبریں ختم ہوئیں۔
خبروں کا یہ بلیٹن آکاشوانی اورنگ آباد کے یوٹیوب چینل آکاشوانی سماچار اورنگ آباد یا AIR NEWS AURANGABAD پر دوبارہ کسی بھی وقت سنا جاسکتا ہے۔
No comments:
Post a Comment