Wednesday, 5 January 2022

TEXT - Regional Urdu News Bulletin, Aurangabad. Date: 05.January.2022, Time: 9.00 to 09.10 AM

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 05 January-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵؍ جنوری  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر ریاستی حکومت کا آج اہم اجلاس۔
٭ پونا ضلع میں جماعت اوّل تا ہشتم اسکول بند؛ اعلیٰ تعلیمی ادارے جاری رکھنے سے متعلق فیصلے کا آج شام اعلان کیا جائیگا۔
٭ کووِڈ سے متعلق طبّی سہولیات فراہم کرنے کے کاموں کو تیز کرنے کی مرکزی مملکتی وزیرِ صحت بھارتی پوار کی ہدایت۔
٭ ریاست میں اومائیکرون کے 75  اور کووِڈ کے 18ہزار 433 نئے مریض۔
٭ بزرگ سماجی کارکن سندھو تائی سپکاڑ چل بسیں۔
اور۔۔٭ گنگا کھیڑ شوگر اینڈ ایجنسی کی ہنگولی ضلع میں موجود 40 ہیکٹر اراضی پر ED کا قبضہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کے چند اضلاع میں کورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے آج ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل پونا میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں ریاست میں نئی پابندیوں کے نفاذ پر تبادلۂ خیال کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ طبّی ماہرین کے مطابق عام ماسک کے استعمال کا خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوتا‘ اس لیے شہری سہ پرتی ماسک یا N-95 ماسک کا استعمال کریں۔ انھوں نے بتایا کہ اس خصوص میں نئے رہنماء خطوط جاری کرنے کیلئے ریاست نے مرکزی حکومت سے درخواست کی ہے۔ اجیت پوار نے بتایاکہ انتظامیہ نے پونا میں جماعت ِ اوّل تا ہشتم اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان جماعتوں کے طلبہ آن لائن طرز پر کلاسیس کرسکتے ہیں۔ کووِڈ مریضوں کی تعداد میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرنے والاپونا‘ ریاست کا چوتھا شہر ہے۔ اس سے قبل ممبئی‘ نوی ممبئی اور تھانہ میں اسکول بند کرکے آن لائن کلاسیس شروع کی جاچکی ہیں۔
دریں اثناء ریاستی مجلس ِ وزراء کے 13  ارکان اور 70  ارکانِ اسمبلی کے کورونا سے متاثر ہونے کے باعث آج مجوزہ کابینی اجلاس منسوخ کردیا گیا۔ ریاست کے تعمیراتِ عامہ و شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے اور رکنِ پارلیمان اروند ساونت بھی اس عارضے میں مبتلاء پائے گئے ۔ ان رہنمائوں نے ٹوئیٹر کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ ایکناتھ شندے دوسری مرتبہ کووِڈ سے متاثر ہوئے۔ اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ اُن کی صحت بہتر ہے اور وہ بہت جلد کام پر لوٹیں گے۔
رکنِ پارلیمان ساونت نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ خود کو کورنٹائن کررہے ہیں اور ان سے رابطے میں آنے والے تمام افراد سے درخواست کی کہ وہ اپنی کورونا جانچ کروالیں۔
***** ***** *****
اعلیٰ تعلیم کے وزیر اُدئے سامنت نے کل ریاست کے کالجوں اور یونیورسٹیوں سے متعلق ایک جائزہ اجلاس طلب کیا۔ جس میں تمام ڈویژنل کمشنرز‘ ضلع کلکٹرز اور وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ طلبہ، سرپرست‘ اساتذہ اور کالجو ںکے ملازمین کے حفظانِ صحت کے مسئلے پر اجلاس میں گفتگو کی گئی۔ اُدئے سامنت نے بتایا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کو جاری رکھنے سے متعلق فیصلے کا اعلان آج شام کیا جائیگا۔
***** ***** *****
مرکزی مملکتی وزیرِ صحت ڈاکٹر بھارتی پوار نے ریاستی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ کووِڈ سے متعلق طبّی سہولیات بہم پہنچانے کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ ریاست میں کورونا کے علاج کی سہولیات کے کاموں میں سست روی پر انھوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاستوں کو معقول فنڈز جاری کیے، لیکن یہ فنڈز مناسب جگہ خرچ کرنے کی سمت توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل اومائیکرون کے 75 نئے مریض پائے گئے۔ ان میں ممبئی کے 40‘ پونا ضلع کے 10‘ کولہاپور اور ناگپور کے 3-3‘ امراوتی اور ساتارا ضلع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ اس کے علاوہ پنویل میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں 5‘ نئی ممبئی‘ بھیونڈی اور اُلہاس نگر میونسپل کارپوریشن کے علاقوںمیں ایک۔ ایک مریض پایا گیا۔ ریاست میں اب تک اومائیکرون مریضوں کی تعداد 653 ہوگئی ، جس میں 259  افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کووِڈ سے متاثرہ 18 ہزار 466 نئے مریض پائے گئے۔ اس طرح ریاست میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 67 لاکھ 30 ہزار 494 ہوگئی ہے۔ کل 20  افراد دورانِ علاج انتقال کرگئے، جس کے بعد ریاست میں کورونا کے باعث فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 573 ہوگئی۔ اب بھی ریاست کے مختلف خانگی وسرکاری اسپتالوں میں 66 ہزار 308 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 233 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ اورنگ آباد ضلع میں کل 103 نئے مریض پائے گئے۔ اس کے علاوہ عثمان آباد ضلع میں 35‘ ناندیڑ 29‘ لاتور 28‘ پربھنی 13‘ جالنہ 12‘ بیڑ 10‘ اور ہنگولی ضلع میں 3 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ بیڑ ضلع نے کورونا کی دونوں لہروں پر قابو پانے اور علاج و معالجے میں بہتر کارکردگی پیش کی ہے۔ اس لیے ضلع کی طبّی مشنری کو ضرورت کے مطابق نفری قوت اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ بیڑ ضلع اسپتال میں کورونا سے متعلق خصوصی تجزیہ گاہ کا افتتاح کل راجیش ٹوپے اور بیڑ کے رابطہ وزیر دھننجے منڈے کے ہاتھوںعمل میں آیا۔ اس موقع پر منڈے نے کہا کہ ضلع سطح پر ممکنہ بھرتیاں اور کانٹریکٹ ملازمین حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
***** ***** *****
بزرگ سماجی کارکن اور یتیموں کی ماں کے نام سے معروف سندھو تائی سپکاڑ کل پونا میں قلبی حملے کے بعد چل بسیں۔ وہ 73 برس کی تھیں۔ خرابیِ صحت کے باعث انھیں ایک ماہ قبل اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں مرکزی حکومت کی جانب سے گذشتہ برس انھیں پدم شری اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے سندھو تائی کی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی موت سے سماجی خدمات میں ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع وسطی امدادِ باہمی بینک کی ڈاساڑا شاخ کے 5 لاکھ روپئے کل دو سارق لے اُڑے۔ شاخ کے ایک افسر اور کیشئر سیلو سے کل صبح یہ رقم لیکر روانہ ہوئے تھے کہ دو موٹر سائیکل سوار راہزن ان دونو ںکی آنکھوں میں اِسپرے مار کر رقم سے بھرا تھیلا لیکر فرار ہوگئے۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ پولس نے ان راہزنوں کا تعاقب کیا، لیکن وہ راستے پر پونے دو لاکھ روپئے پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
***** ***** *****
گنگا کھیڑ شوگر اینڈ ایجنسی لمیٹڈ کی ہنگولی ضلع میں واقع تقریباً 40 ہیکٹر اراضی کل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اپنے قبضے میں لے لی۔ یہ زمین چیف زرعی افسر نند کشور رتن لال شرما کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ ای ڈی نے تحصیل کے منڈل افسر اور تلاٹھیوں کو ساتھ لیکر یہ کاروائی کی اور اس خصوص میں ایک بورڈ بھی اراضی پر آویزاں کردیا۔
***** ***** *****
جنوبی افریقہ اور بھارت کے مابین کھیلے جارہے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی پہلی اننگ میں بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 229 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے شاردُل ٹھاکر نے 7‘ محمد سمیع نے 2  اور جسپریت بھومرا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ کل جب دوسرے دِن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 24 رن بنالیے تھے۔
***** ***** *****
پربھنی میونسپل کارپوریشن نے کل شہر میں بغیر ماسک کے گھومنے والے 23 شہریوں کیخلاف کارروائی کی۔ ان شہریوں سے 4 ہزار 600 روپئے جرمانہ وصول کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر ریاستی حکومت کا آج اہم اجلاس۔
٭ پونا ضلع میں جماعت اوّل تا ہشتم اسکول بند؛ اعلیٰ تعلیمی ادارے جاری رکھنے سے متعلق فیصلے کا آج شام اعلان۔
٭ کووِڈ سے متعلق طبّی سہولیات فراہم کرنے کے کاموں کو تیز کرنے کی مرکزی مملکتی وزیرِ صحت بھارتی پوار کی ہدایت۔
٭ ریاست میں اومائیکرون کے 75 اور کووِڈ کے نئے 18ہزار 433 مریض۔
٭ بزرگ سماجی کارکن سندھو تائی سپکاڑ چل بسیں۔
اور۔۔ ٭ گنگا کھیڑ شوگر اینڈ ایجنسی کی ہنگولی ضلع میں موجود 40 ہیکٹر اراضی ED نے اپنے قبضے میں لے لی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment