Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 04 Feburuary-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍ فروری ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی اورنگ آباد ۔
::::: سرخیاں::::::
سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مراٹھی کو اشرافیہ کی زبان کا درجہ دینے کا عمل تیزی سے جاری: ثقافت کے مرکزی وزیرِ مملکت ارجن رام میگھوال کا اعلان۔
٭ دسویں اور بارہویں جماعتوں کے ریاستی بورڈ کے تحت امتحانات کا انعقاد وقت ِ مقررہ پر: ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی وضاحت۔
٭ منماڑ۔ مدکھیڑ۔ ڈھون کے درمیان بجلی سے ریلوے چلانے کیلئے 229 کروڑ روپیوں کے فنڈ کی منظوری۔
٭ ریاست میں کل اومائیکرون کا ایک بھی نیا مریض نہیں‘ تاہم کورونا کے 15 ہزار 252 نئے مریضوں کا اضافہ۔ مراٹھواڑہ میں کورونا سے کل
12 افراد کی موت اور ایک ہزار 469 نئے کورونا متاثرین کی موجودگی کا انکشاف۔
اور۔۔٭ 19 برس سے کم عمر زمرے کے کرکٹ عالمی کپ میچ میں کل بھارت اور انگلینڈ کا مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ثقافت کے مرکزی وزیرِ مملکت ارجن رام میگھوال نے کہا ہے کہ مراٹھی کو اشرافیہ کی زبان کا درجہ جلد ہی دیا جائیگا اور اس پر تیزی سے کام کیا جارہا ہے۔ شیوسینا کی رُکنِ پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے راجیہ سبھا میں وقفۂ سوالات کے دوران یہ معاملہ اٹھایا۔ جس کے جواب میں وزیرِ موصوف نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس خصوص میں حکومت ِ مہاراشٹر کی زباندانی کے ماہرین کی کمیٹی کی رپورٹ ساہتیہ اکیڈمی کو روانہ کی گئی تھی جہاں تصحیح کے بعد اسے منظوری دی گئی اور اب یہ رپورٹ وزارتی سطح پر زیرِ غور ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں دسویں اور بارہویں جماعتوں کے Offline امتحانات کیلئے اُسی اسکول یا کالج میں جہاں طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں امتحان دینے کی اجازت دی گئی ہے۔ ریاست کے ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ، کے صدر شرد گوساوی نے کل ممبئی میں یہ اعلان کیا۔ دسویں جماعت کا تحریری امتحان 15 مارچ تا 4 اپریل کے دوران ہوگا اور ان کے زبانی امتحانات 25 فروری تا 3 مارچ کے درمیان ہوں گے‘ جبکہ بارہویں کے تحریری امتحانات 4 تا 30 مارچ کے دوران منعقد کیے گئے۔ اس جماعت کے زبانی امتحانات 14 فروری سے 3 مارچ تک ہوں گے۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیشِ نظر جہاں تعلیم وہیں امتحانی مرکز بنایا جارہا ہے۔ یہ اطلاع گوساوی نے دی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ 70 تا 100 مارکس کے امتحانات کیلئے آدھا گھنٹہ اور 40 تا 60 نشانات کیلئے 15 منٹ مزید وقت دیا جائیگا۔ گوساوی نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ طلبہ کیلئے ہر امتحانی مرکز پر علیحدہ امتحان کا نظم کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیمار یا کسی جائز وجہ سے زبانی امتحان نہ دے سکنے والے طالب علم کو تحریری امتحان کے بعد دوبارہ موقع دیا جائیگا۔ کورونا وائرس کے سبب امتحان میں شرکت نہ کرنے والے طلبہ کو 13 مارچ تا 18 اپریل کے دوران امتحان دینے کا ایک موقع اور دیا جائیگا۔ گوساوی نے بتایا کہ بورڈ امتحانات کیلئے کورونا کا ٹیکہ لینا لازمی نہیں ہے۔
***** ***** *****
منماڑ۔ مدکھیڑ۔ ڈون اس ریلوے راستے پر بجلی سے چلنے والی ریل گاڑیوں کے منصوبے کیلئے مرکزی حکومت نے 229 کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کیا ہے۔ جنوب وسطی ریلوے کے ڈائریکٹر جنرل سنجیو کشور نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے صحیفہ نگاروں سے خطاب کے دوران مرکزی بجٹ میں کی گئی اس گنجائش کے بارے میں بتایا۔ کشور نے مزید بتایا کہ اس مرتبہ کے مرکزی بجٹ میں جنوب وسطی ریلوے کیلئے مرکزی حکومت نے 9 ہزار 125 کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل اومائیکرون وائرس کا ایک بھی مریض نہیں پایا گیا۔ اومائیکرون کے مریضوں کی کُل تعداد 3 ہزار 334 ہوچکی ہے۔ ان میں سے ایک ہزار 929 مریض شفاء یاب ہوگئے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا وائرس کے 15 ہزار 252 نئے مریض منظرِ عام پر آئے‘ جس کے بعد ریاست بھر میں اس وباء کے کُل متاثرین کی تعداد 77 لاکھ 68 ہزار 800 ہوچکی ہے۔ اس بیماری سے کل 75 مریض ہلاک ہوگئے۔ ریاست میں اب تک کورونا سے ایک لاکھ 42 ہزار 849 افراد کی موت ہوچکی ہے‘ ساتھ ہی کل 30 ہزار 235 کورونا مریض شفاء یاب ہوئے۔ ریاست میں اب تک 74 لاکھ 63 ہزار 868 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ فی الحال ریاست میں ایک لاکھ 58 ہزار 151 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک ہزار 469 کورونا کے نئے معاملے درج کیے گئے‘ جبکہ 12 مریض علاج کے دوران اس وباء سے وفات پاگئے۔ مرنے والوںمیں اورنگ آباد‘ بیڑ اور ناندیڑ اضلاع کے فی کس 3‘ جبکہ جالنہ، لاتور، عثمان آباد اضلاع کا ایک۔ ایک مریض شامل ہے۔ اورنگ آباد ضلع میں کل کورونا کے 332 نئے مریض سامنے آئے۔ لاتور ضلع میں 227‘ ناندیڑ 205‘ عثمان آباد 200‘ جالنہ 144‘ ہنگولی 129‘ پربھنی 122 اور بیڑ ضلع میں کورونا کے 149 نئے مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے مراٹھواڑہ کی ہمہ جہت ترقی کیلئے مختلف نئے منصوبوں پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ہے۔ گورنر موصوف کل اورنگ آباد کے دورے پر تھے۔ ضلع میں جاری مختلف منصوبوں کے جائزاتی اجلاس سے کل انھوں نے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ مراٹھوا ڑہ کے جنگلاتی رقبے میں اضافے کیلئے انتظامیہ کوشش کررہی ہے‘ ساتھ ہی Eco Battalion کی جانب سے جاری شجرکاری کی مہم بھی تعریف کے قابل ہے۔ اس موقع پر گورنر موصوف کے سامنے مراٹھواڑہ ترقیاتی بورڈ‘ Redcross Society کی جانب سے کیے گئے سماجی کام اور ضلع فوجی دفتر کے کیے گئے کاموں کی معلومات پیش کی گئی۔
***** ***** *****
Drug Control Department کے سابق Divisional Director سمیر وانکھیڑے کے والد دیاندیو وانکھیڑے کی جانب سے ممبئی عدالتِ عالیہ میں داخل ہتکِ عزت کی درخواست پر عدالت نے ریاست کے اقلیتی اُمو رکے وزیر نواب ملک سے جواب مانگا ہے۔ وزیرِ موصوف نے وانکھیڑے پر غیر قانونی طور پر Lisence حاصل کرنے‘ ذات کا جعلی صداقت نامہ بنانے اور آرین خان معاملے میں مسلسل لگائے گئے الزامات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ اس معاملے میں مزید سماعت آئندہ پیر کو ہوگی۔
***** ***** *****
مجلس اتحادالمسلمین MIM کے کارکنان نے کل اورنگ آباد شہر کے کرانتی چوک پر ریاستی حکومت کی جانب سے کرانہ دُکانوں پر شراب کی فروخت کی اجازت دینے کے فیصلے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کیخلاف تختیاں لہرائی گئیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ گریجویٹ حلقے کے رکنِ کونسل ستیش چوہان نے بتایا کہ اورنگ آباد ضلع کے خلدآباد تعلقے میں واقع سولی بھنجن راستے کی تعمیر کیلئے ریاستی محکمۂ سیاحت نے ایک کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کیا ہے۔ سولی بھنجن یہ سطحِ سمندر سے 400 فٹ کی اونچائی پر واقع ایک تفریحی مقام کے طور پر جانا جاتا ہے۔ تاہم خلدآباد سے سولی بھنجن کا 6 کلو میٹر کا راستہ مخدوش ہونے کے سبب یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں کمی ہوتی چلی گئی۔ چوہان نے یہ معاملے ریاست کی مملکتی وزیرِ سیاحت آدیتی تٹکرے کے علم میں لایا اور اس سیاحتی مقام کی ترقی کیلئے فوری فنڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے بعد یہ فنڈ منظور کیا گیا۔
***** ***** *****
ویسٹ انڈیز میں کھیلے جارہے 19 برس سے کم عمر کے زمرے کے کرکٹ عالمی کپ میچ کا فائنل مقابلہ کل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ بھارت نے سیمی فائنل میں آسٹریلیاء کو 96 رنوں سے آسان شکست دی۔ اسی طرح انگلینڈ نے افغانستان کو ہرایا۔ بھارت مسلسل چوتھی مرتبہ اس زمرے کے عالمی کپ فائنل مقابلے میں پہنچا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلع کے ویجا پور تعلقے میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی طریقے سے ریت اور دیگر معدنی اشیاء کی چوری پر لگام کسنے کیلئے محکمۂ محصول کی جانب سے نئی تکنیک کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اس علاقے میں اس چوری کی روک تھام کیلئے اب ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر۔۔
٭ مراٹھی کو اشرافیہ کی زبان کا درجہ دینے کا عمل تیزی سے جاری: ثقافت کے مرکزی وزیرِ مملکت ارجن رام میگھوال کا اعلان۔
٭ دسویں اور بارہویں جماعتوں کے ریاستی بورڈ کے تحت امتحانات کا انعقاد وقت ِ مقررہ پر: ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی وضاحت۔
٭ منماڑ۔ مدکھیڑ۔ ڈھون کے درمیان بجلی سے ریلوے چلانے کیلئے 229 کروڑ روپیوں کے فنڈ کی منظوری۔
٭ ریاست میں کل اومائیکرون کا ایک بھی نیا مریض نہیں‘ تاہم کورونا کے 15 ہزار 252 نئے مریضوں کا اضافہ۔ مراٹھواڑہ میں کورونا سے کل
12 افراد کی موت اور ایک ہزار 469 نئے کورونا متاثرین کی موجودگی کا انکشاف۔
اور۔۔٭ 19 برس سے کم عمر زمرے کے کرکٹ عالمی کپ میچ میں کل بھارت اور انگلینڈ کا مقابلہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment