Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۵؍ جولائی ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سرپنچ اور صدورِ بلدیہ کا انتخاب اب براہِ راست عوام کریں گے‘ زرعی مارکیٹ فیڈریشن کے انتخابات کیلئے کسانوں کا حقِ رائے دہی بحال۔
٭ ریاست میں پیٹرول فی لیٹر 5 روپئے اور ڈیزل فی لیٹر 3 روپئے سستا؛ مرکزی حکومت کی امرت مہوتسو یوجنا ریاست کے تمام شہروں میں لاگو۔
٭ 92 نگر پریشدوں اور 4 نگر پنچایتوں کے انتخابات ملتوی کرنے کا ریاستی انتخابی کمیشن کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں کورونا کے 2 ہزار 229 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 88 متاثر۔
٭ مراٹھواڑہ میں کل بارش کا زور کم رہا۔
اور۔۔٭ دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بھارت کے خلاف انگلینڈ کی 100 رَنوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست میں سرپنچوں اور صدورِ بلدیہ کا انتخاب براہِ راست عوام کریں گے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل کابینی اجلاس کے بعد ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ ملک کی کثیر آبادی والی ریاستوں میں اس طرز پر انتخابات ہوتے ہیں‘ اب مہاراشٹر میں بھی ان ہی خطوط پر الیکشن ہوں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ زرعی مارکیٹنگ فیڈریشن کے انتخابات کیلئے کسانوں کے ووٹ ڈالنے کے حق کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اختیار سال 2020 میں ختم کردیا گیا تھا۔
***** ***** *****
ریاست میں پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپئے اور ڈیزل کے نرخ فی لیٹر 3 روپئے کم کرنے کا فیصلہ کل کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ کل درمیانی شب سے یہ نئی قیمتیں نافذ العمل ہوچکی ہیں۔ اس فیصلے کے باعث ریاستی خزانے پر 6 ہزار کروڑ روپئے کا بوجھ پڑے گا۔ تاہم یہ بوجھ عوام پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کم ہونے کی راحت ملے گی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم اشیاء پر ٹیکس میں تخفیف کے بعد وزیرِ اعظم کی درخواست پر ریاست میں یہ رعایت دی گئی ہے۔
مرکزی حکومت کی امرت یوجنا اب ریاست کے تمام شہری علاقوں میں بھی لاگو کرنے کا فیصلہ ریاستی مجلسِ وزراء نے کیا۔ ایمرجنسی کے دوران جیلیں کاٹنے والے افراد کو سنمان یوجنا دینے کے گذشتہ حکومت کے ملتوی شدہ فیصلے کو اب بحال کیا جائیگا۔ یہ اطلاع نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دی۔ اس اسکیم سے 3 ہزار 600 افراد مستفید ہوں گے اور مزید 800 افراد کی اس فہرست میں شامل کیا جائیگا۔
***** ***** *****
آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت ریاست میں 18 تا 59 برس کے شہریوں کو آئندہ 75 دِنوں میں کووِڈ بوسٹر ڈوز مفت دئیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ اس مہم کے تحت ایک دِن بھی ضائع کیے بغیر اہل افراد کو یہ خوراک ملنا چاہیے۔ اس کیلئے انھوں نے تمام عوامی نمائندوں‘ رضاکار تنظیموں اور طبّی اداروں کو مشترکہ طور پر عوامی بیداری پیدا کرنے کی ترغیب دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس خصوص میں ریاست کے محکمۂ صحت کو احکامات جاری کیے جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار نے کہا ہے کہ مہا وِکاس آگھاڑی کے دورِ حکومت میں پیٹرول اور ڈیزل کے ٹیکسیز میں 50 فیصد تخفیف کا مطالبہ کرنے والی اپوزیشن اب برسرِ اقتدار آنے پر پیٹرول پر 5 اور ڈیزل پر صرف 3 روپئے کم کرنے پر اکتفاء کررہی ہے۔ کل پونہ میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر اس وقت کی اپوزیشن کے مؤقف کے مطابق ٹیکسوں میں 50 فیصد کٹوتی کی جاتی تو پیٹرول پر 17 روپئے اور ڈیزل پر 11 روپئے کم ہوسکتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومتیں ٹیکسوں میں تخفیف کرتی ہیں تب بھی مرکزی حکومت مسلسل قیمتوں میں اضافہ کرتی رہتی ہے۔ اسی لیے ٹیکسوں میں کٹوتی کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچتا۔
***** ***** *****
مقامی خود مختار ادارو ںکے انتخابات سے متعلق عدالت ِ عظمیٰ میں ہوئی سماعت کی بنیاد پر92 نگر پریشدوں اور 4 نگر پنچایتوں کے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان ریاستی انتخابی کمیشن نے کیا ہے۔ دیگر پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کے سلسلے میں عدالتِ عظمیٰ میں 19جولائی کو سماعت مقرر ہے۔ اس سماعت کے بعد ہی انتخابی کمیشن حتمی فیصلہ کرے گا۔ انتخابات کے التواء کے اعلان کے ساتھ ہی متعلقہ علاقوں میں نافذ ضابطۂ اخلاق بھی ختم ہوگیا ہے۔ ریاست کے بیشتر سیاسی رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ OBC ریزرویشن کے بغیر انتخابات منعقد نہ کیے جائیں۔
***** ***** *****
NDA کی صدارتی اُمیدوار دروپدی مُرمو نے کل ممبئی کا دورہ کرکے اپنی حمایت کیلئے متعلقہ افراد سے ملاقات کی۔ ممبئی طیران گاہ پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ان کا استقبال کیا۔ بی جے پی اور شندے گروپ کے ارکانِ پارلیمان و اسمبلی نے مشترکہ طور پر مُرمو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر نتن گڈکری‘ پیوش گوئل‘ رام داس آٹھولے‘ نارائن رانے اور دیگر پارٹی رہنماء بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
ممبئی کے سابق پولس کمشنر سنجئے پانڈے کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے فردِ جرم عائد کردی ہے۔ قومی شیئر مارکیٹ میں بدعنوانیوں سے متعلق CBI کی جانب سے تفتیش اور تحقیقات کی بنیاد پر یہ فردِ جرم عائد کی گئی ۔
***** ***** *****
نیشنل اسٹاک ایکسچینج NSE کی سابق چیف ایگزیکٹیو چترا رام کرشنن کو کل غیر قانونی طور پر فون ٹیپنگ اور ملازمین کے ساتھ ہیراپھیری کے سلسلے میں کل گرفتار کرلیا گیا۔ دہلی عدالت سے اجازت ملنے کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے یہ کارروائی کی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 2 ہزار 229 نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست بھر میں اب تک کووِڈ سے متاثر ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 80 لاکھ 12 ہزار 452 ہوگئی۔ کل اس وباء کے باعث 4 مریض جانبر نہ ہوسکے۔ اس طرح ریاست بھر میں کورونا کے باعث کُل ایک لاکھ 48 ہزار 5 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 16 ہزار 553 مریض اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 88 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ ان میں اورنگ آباد کے 48‘ عثمان آباد 16‘ اور لاتور ضلع کے 14 نئے مریض شامل ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل بارش کا زور کسی حد تک کم رہا۔ تاہم ودربھ میں کل بھی زوردار بارش ہوئی۔ مراٹھواڑہ کے بیشتر علاقوں میں سیلاب کی صورتحال میں کمی آئی ہے لیکشن پشتوں میں پانی کی تیز آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اورنگ آباد کے پیٹھن کے جائیکواڑی آبی ذخیرے میں 47.97 گھن فٹ فی سکینڈ کی رفتار سے پانی داخل ہورہا ہے اور یہ آبی ذخیرہ تقریباً ساڑھے 57 فیصد بھرچکا ہے۔ بیڑ ضلع میں کل اوسطاً 31.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ضلع میں اب تک 150 ایم ایم بارش ہوچکی ہے۔ عثمان آباد ضلع میں سالانہ اوسط کا 46 فیصد بارش ریکارڈ ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی وسنت رائو نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر دہلی کے قومی زرعی تحقیقاتی ادارے کے محقق اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اندر منی کو نامزد کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے چانسلر بھگت سنگھ کوشیاری نے یہ اعلان کیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اشوک دھون کی مدتِ ملازمت گذشتہ 6 مئی کو ختم ہوچکی ہے۔
***** ***** *****
لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 100 رَنوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کی پوری ٹیم 246 رَن بناسکی۔ 247 رَنوں کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ روہت شرما اور رشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ شکھر دھون صرف 9 اور ویراٹ کوہلی 16 رَن بناسکے اور 39 اوور میں ہی پوری ٹیم 146 رَن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ تین میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک۔ ایک میچ جیت کر برابری پر ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی جانب سے ان برانڈیڈ اشیاء پر 5 فیصد GST عائد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف کل 16 تاریخ کو ملک بھر کے اناج فروشوں نے ایک روزہ بند منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیمبر آف اسوسی ایشن آف مہاراشٹر انڈسٹری ایڈ ٹریڈ اور اناج‘ تلہن اور چاول فروشوں کی تنظیم گروما نے یہ اعلان کیا۔ گروما کے سربراہ شرد مارو نے کل ممبئی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت کے اس فیصلے سے صارفین پر ایک تا 10 روپئے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سرپنچ اور صدورِ بلدیہ کا انتخاب اب براہِ راست عوام کریں گے‘ زرعی مارکیٹ فیڈریشن کے انتخابات کیلئے کسانوں کا حقِ رائے دہی بحال۔
٭ ریاست میں پیٹرول فی لیٹر 5 روپئے اور ڈیزل فی لیٹر 3 روپئے سستا؛ مرکزی حکومت کی امرت مہوتسو یوجنا ریاست کے تمام شہروں میں لاگو۔
٭ 92 نگر پریشدوں اور 4 نگر پنچایتوں کے انتخابات ملتوی کرنے کا ریاستی انتخابی کمیشن کا فیصلہ۔
٭ ریاست میں کورونا کے 2 ہزار 229 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 88 متاثر۔
٭ مراٹھواڑہ میں کل بارش کا زور کم رہا۔
اور۔۔٭ دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بھارت کے خلاف انگلینڈ کی 100 رَنوں سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment