Monday, 8 August 2022

Audio - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں - بتاریخ:08 اگست 2022' وقت: صبح 9:00-09:10

 ::::: سرخیاں::::::

               پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
               ٭             زراعت پر توجہ دینے کے ساتھ مویشی پروری اور فوڈ پروسیسنگ شعبوں میں خود انحصاری کے ساتھ بھارت زرعی میدان میں عالمی قیادت کرے: وزیرِ اعظم نریندر مودی۔
               ٭             ریاست کے مختلف منصوبوں کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے امداد ملے گی: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
               ٭             شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے گروپ کی جانب سے داخل کردہ درخواستوں پر عدالت ِ عظمیٰ میں اب جمعہ کو سماعت۔
               ٭             عدالت میں زیرِ سماعت مقدمات کا کابینی توسیع سے کوئی تعلق نہیں: دیویندر پھڑنویس۔
               ٭             ریاست میں کورونا کے ایک ہزار 812 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 124 متاثر۔
               ٭             دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارت کو مزید 5 طلائی‘ 4 نقرئی اور 7 کانسے کے تمغے۔
اور۔۔٭      پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 88 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****
               اب خبریں تفصیل سے:
               وزیرِ اعظم نریندر مودی نے توقع ظاہر کی ہے کہ بھارت جدید طرزِ زراعت پر توجہ دینے کے ساتھ ہی ساتھ مویشی پروری اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں خود انحصاری حاصل کرکے زرعی میدان میں عالمی قیادت کا دعویٰ ثابت کرے۔ نئی دہلی میں نیتی آیوگ کا ساتواں اجلاس کل وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس سے وزیرِ اعظم خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں مختلف فصلوں‘ تلہن اور دالوں سے متعلق نیز کاشتکاروں میں خود انحصاری‘ بلدی انتظامیہ‘ قومی تعلیمی پالیسی پر عمل درآمد اور دیگر موضوعات پر گفت و شنید کی گئی۔ نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جی ٹوئنٹی کی آئندہ برس گردشی قیادت بھارت کے پاس ہوگی اور یہ قومی طاقت کے اظہار کا ایک نادر موقع ہوگا۔
***** ***** *****
               اسی دوران نیتی آیوگ کے اجلاس کے بعد صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بتایا کہ ریاست کے مختلف منصوبوں کیلئے مرکز کی جانب سے مالی امداد موصول ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ آیوگ کے اجلاس میں زیرِ آبپاشی‘ اراضـی اور جل یکت شیوار مہم پر بھی گفتگو کی گئی‘ اس کے علاوہ ریاست میں ایک اُستاد والے اسکول نہ ہوں اور معیارِ تعلیم بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایکناتھ شندے نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کچھ نئی تجاویز مرکز کو روانہ کی گئی ہیں اور ان تجاویز کے تحت آنے والے منصوبوں کی تکمیل میں کوئی رُکاوٹ نہ آنے دینے کا تیقن مرکزی حکومت کی جانب سے دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
               مرکزی یونیورسٹیوں میں ڈگری کورسیز میں داخلے کیلئے امتحانات کا دوسرا مرحلہ اس ماہ کی 24 تا 28 تاریخ کے درمیان منعقد ہوگا۔ 4 تا 6 تاریخ کے درمیان ہوئے امتحانات تکنیکی وجوہات پر ردّ کردئیے گئے تھے۔ یہ اطلاع یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے سربراہ پروفیسر ایم جگدیش کمار نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ نئی تاریخوں میں مجوزہ امتحانات کے دوسرے مرحلے کیلئے طلبہ کو نئے ہال ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
               شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے اور وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے گروپوں کی جانب سے داخل کردہ درخواستوں پر اب عدالت ِ عظمیٰ میں جمعہ یعنی 12 اگست کو سماعت ہوگی۔ عدالت میں مقرر شدہ سماعت کی فہرست میں ان درخواستوں کی شنوائی جمعہ کو ظاہر کی گئی ہے۔
***** ***** *****
               دریں اثناء نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ عدالت میں زیرِ سماعت مقدمات اور ریاستی کابینہ میں توسیع کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔ کل نئی دہلی میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عدالت نے کابینی توسیع پر کوئی قدغن نہیں لگائی ‘ اور مجلس وزراء میں عنقریب توسیع کی جائیگی۔ پھڑنویس نے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات کے نتائج سے ایک بات ثابت ہوچکی ہے کہ عوامی مینڈیٹ بی جے پی۔ شیوسینا اتحاد کے ساتھ ہے۔ بی جے پی کو مزید مستحکم بنانے اور آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ موجود شیوسینا کے ارکانِ پارلیمان کو دوبارہ منتخب کرنے کیلئے پورا زور لگادیا جائیگا۔
***** ***** *****
               GST کے 48 کروڑ روپئے کے جعلی بل دینے والے ممبئی کے ویوانتا میٹل کارپوریشن کے مالک امتیاز عبدالرحمن سیّد کو کل گرفتار کرلیا گیا۔ مہاراشٹر GST شعبے کی جانب سے خصوصی تفتیش کے بعد یہ کاروائی کی گئی۔ فرضی کمپنیوں کے نام سے بل لیکر ٹیکس بچانے کی کوشش سے متعلق دفعات کے تحت ان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ عدالت نے امتیاز عبدالرحمن کو 14 دِن کیلئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
***** ***** *****
               ریاست میں کل کورونا کے مزید ایک ہزار 812 نئے مریض پائے گئے، جس کے بعد ریاست میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 80 لاکھ 59 ہزار 732 ہوگئی ہے۔ کل اس وباء سے ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔ ریاست میں اب تک کووِڈ کے باعث فوت ہونے والے مریضوں کی کُل تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 139 ہوگئی ۔ ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں اب بھی 11 ہزار سے زائد مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
               مراٹھواڑہ میں کُل 124 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی۔ ان میں لاتور اور ناندیڑ کے 34-34‘ عثمان آباد 31‘ ہنگولی 7‘ اور اورنگ آباد‘ جالنہ اور بیڑ اضلاع کے 5-5  اور پربھنی کے تین مریض شامل ہیں۔
***** ***** *****
               وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے آج ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع کا دورہ کررہے ہیں۔ وہ صبح ساڑھے گیارہ بجے ناندیڑ پہنچیں گے‘ گردوارہ حضوری صاحب سے وہ شمالی حلقے کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد ایک اجلاس میں شرکت کرکے دوپہر میں ہنگولی روانہ ہوجائیں گے‘ جہاں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد وہ رات میں ناندیڑ طیران گاہ سے واپس ممبئی کیلئے روانہ ہوں گے۔
***** ***** *****
               ہر گھر ترنگا مہم کے تحت عوامی بیداری پیدا کرنے کیلئے ناندیڑ شہر میں پھرتی گاڑیوں کے ذریعے تشہیر کی جارہی ہے۔ کل ضلع کلکٹر دیپک اِٹنکر کے ہاتھوں اس طرح کی ایک گاڑی کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس خصوص میں تعلقوں اور دیہاتوں میں گھر گھر جاکر مقامی باشندوں سے راست ملاقات کے ذریعے تشہیر کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
               دلّی۔ ممبئی صنعتی راہ داری DMIC کے بڑکن صنعتی علاقے میں کاسمو فلم پرائیویٹ لمیٹڈ اور پیرامل فارما سیوٹیکل دیڑھ ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کریں گی۔ ان دونوں کمپنیوں نے بالترتیب 178 ایکڑ اور 138 ایکڑ زمین اس علاقے میں خریدی ہے۔ یہ اعلان نیشنل انڈسٹرئیل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو افسر امرت لال مینا نے کیا۔
***** ***** *****
               برمنگھم میں جاری دولت مشترکہ کھیلوں میں بھارت نے مزید 5 طلائی‘ 4 نقرئی اور 7 کانسے کے تمغے حاصل کیے۔ ٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبلز میں بھارت کے اچنتا شرتھ کمل اور شریجا اکولہ کی جوڑی نے ملیشیاء کی جوڑی کو 4-1 سے شکست دیکر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ایتھلیٹکس میں ٹرپل جمپ میں ایلاوس پال نے طلائی تمغہ جیتا۔ باکسنگ کے 51 کلو گروپ میں امیت پاگھل نے اور خواتین کے 48 تا 50 کلو گرام کے زمرے میں نکہت زرین نے گولڈ میڈلس حاصل کیے۔ اس کے علاوہ نیتو گھن گھاس نے بھی باکسنگ میں طلائی تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
               آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
               ٭             زراعت پر توجہ دینے کے ساتھ مویشی پروری اور فوڈ پروسیسنگ شعبوں میں خود انحصاری کے ساتھ بھارت زرعی میدان میں عالمی قیادت کرے: وزیرِ اعظم نریندر مودی۔
               ٭             ریاست کے مختلف منصوبوں کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے امداد ملے گی: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
               ٭             شیوسینا کے اُدّھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے گروپ کی جانب سے داخل کردہ درخواستوں پر عدالت ِ عظمیٰ میں اب جمعہ کو سماعت۔
               ٭             عدالت میں زیرِ سماعت مقدمات کا کابینی توسیع سے کوئی تعلق نہیں: دیویندر پھڑنویس۔
               ٭             ریاست میں کورونا کے ایک ہزار 812 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں 124 متاثر۔
               ٭             دولت ِ مشترکہ کھیلوں میں بھارت کو مزید 5 طلائی‘ 4 نقرئی اور 7 کانسے کے تمغے۔
اور۔۔        ٭             پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 88 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment