Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 05 August-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۵؍ اگست ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شیوسینا کے دونوں گروپوں کی جانب سے داخل مقدموں کی سماعت پانچ رُکنی بینچ کو سونپنے سے متعلق پیر تک کیا جائیگا فیصلہ۔ سپریم کورٹ کی وضاحت۔
٭ عدالت کا فیصلہ آنے تک مرکزی انتخابی کمیشن کو سکوت اختیار کرنے کا سپریم کورٹ کا حکم۔
٭ شیوسیناکے رکنِ پارلیمنٹ سنجئے رائوت کی ED تحویل میں 8 اگست تک توسیع؛ اہلیہ ورشا رائوت کی آج ED کی جانب سے دوبارہ کی جائیگی تفتیش۔
٭ اورنگ آباد‘ ناندیڑ۔ واگھالہ، لاتور‘ پربھنی سمیت ریاست کی 9 میونسپل کارپوریشنز انتخابات کیلئے ریزرویشن قرعہ اندازی ملتوی۔
٭ ریاست کی 238 گرام پنچایتوں کے ووٹوں کی گنتی ہوگی آج۔
اور۔۔٭ کامن ویلتھ کھیلوں میں بھارت کو مزید ایک سونے اور ایک چاندی کا تمغہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
شیوسینا سربراہ اُدّھو ٹھاکرے اور وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی جانب سے دائر مقدمات کی سماعت پانچ رُکنی بینچ کو سونپنے سے متعلق آئندہ پیر تک فیصلہ کیا جائیگا۔ سپریم کورٹ نے کل یہ وضاحت کی۔ ان درخواستوں پر کل دوسرے دِن بھی فریقین کی جانب سے اپنا مقدمہ پیش کیا گیا۔ ساتھ ہی اس معاملے میں مرکزی انتخابی کمیشن کے وکیل نے بھی کل عدالت میں کمیشن کا رُخ واضح کیا۔ اس موقع پر عدالت نے انتخابی کمیشن کو اس معاملے کا فیصلہ کیے جانے تک سکوت اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
پتراچال گھپلہ معاملے میں شیوسینا کے رکنِ پا رلیمنٹ سنجئے رائوت کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کی تحویل میں مزید چار دِنوں کا اضافہ کیا گیا ہے جو آئندہ 8 اگست تک جاری رہے گی۔ انسدادِ بدعنوانی قانون کے تحت رائوت کو گذشتہ 31 جولائی کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ED کی تحویل ختم ہونے کے بعد کل انھیں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے ED کو اپنی تفتیش پیر تک مکمل کرنے کیلئے کہا ہے۔ اسی بیچ رائوت کی اہلیہ ورشا رائوت کو بھی پتراچال گھپلہ معاملے میں دوبارہ جانچ کیلئے سمن جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
نیشنل ہیرالڈ اخبار کے دفتر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ریڈ ڈالنے کے مسئلے پر کانگریس کے اراکین نے کل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوںمیں ہنگامہ آرائی کی۔ جس کے سبب دونوں ایوانوں کی کاروائی ابتداء میں دو مرتبہ اور اس کے بعد دِن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے نئے چیف جسٹس کے طور پر اُدئے اُمیش لڑیت کے نام کی سفارش کی ہے۔ چیف جسٹس این وی رمنا جاری مہینے میں خدمات سے سبکدوش ہورہے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے ممبئی میونسپل کارپوریشن اور مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن قوانین میں ترمیم کیے جانے کے پیشِ نظر آج ہونے والی 9 مجالسِ بلدیہ انتخابات کیلئے ریزرویشن قرعہ اندازی ملتوی کردی گئی ہے۔ ساتھ ہی دیگر 14 مجالس ِ بلدیہ انتخابات کیلئے حتمی ریزرویشن فہرست شائع کرنے کا حکم نامہ بھی ریاستی انتخابی کمیشن کی جانب سے ملتوی کردیا گیاہے۔ اورنگ آباد‘ ناندیڑ۔ واگھالہ، لاتور، پربھنی، چندرپور، بھیونڈی۔ نظام پور‘ مالیگائوں‘ پنویل اور میرا بھائندر مجالسِ بلدیہ انتخابات کیلئے آج کی جانے والی ریزرویشن قرعہ اندازی ملتوی کردی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے ایک ہزار 862 نئے مریض پائے گئے، جس کے بعد ریاست بھر میں اب تک اس وباء کے کُل متاثرین کی تعداد 80 لاکھ 53 ہزار 965 ہوچکی ہے۔ کل اس بیماری سے 7 مریضوں کی موت ہوگئی۔ ریاست میں اب تک اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 124 ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی کل 2 ہزار 99 کورونا مریض شفاء یاب ہوئے۔ ریاست میں اب تک 78 لاکھ 93 ہزار 764 کورونا مریض صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔ فی الحال 12 ہزار 77 کورونا مریضوں کا ریاست کے مختلف اسپتالوںمیں علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں بھی کل کورونا کے 39 نئے معاملے درج کیے گئے۔ جالنہ ضلع میں 12‘ ناندیڑ 11‘ اورنگ آباد اور بیڑ اضلاع میں کل فی کس 8 نئے کورونا مریض پائے گئے۔
***** ***** *****
ریاست کے 15 اضلاع کی 238 گرام پنچایتوں کے کل ہوئے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج کی جائیگی۔ ان انتخابات میں کل کم و بیش 78 فیصد رائے دہی کی گئی۔ مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد ضلع کی 16 گرام پنچایتوں کیلئے‘ بیڑ کی 13‘ پربھنی 2‘ عثمان آباد 9‘ جالنہ 27‘ اور لاتور کی 6 گرام پنچایتوں کیلئے کل ووٹ ڈالے گئے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کی 10 میونسپل کونسلز اور ایک نگر پنچایت کے انتخابات کیلئے کل ریزرویشن قرعہ اندازی کی گئی۔ دیگلور‘ مکھیڑ‘ کندھار‘ بلولی‘ کندل واڑی‘ دھرم آباد‘ عمری‘ بھوکر‘ مدکھیڑ اور حد گائوں میونسپل کونسلز اور حمایت نگر‘ نگر پنچایت میں OBC خواتین و حضرات اور عام زمرے کی خواتین کیلئے نشستیں محفوظ کی گئیں۔
***** ***** *****
ہرگھر ترنگا مہم کے تحت عثمان آباد تعلقے کے 2ہزار 50 ضلع پریشد اساتذہ نے کُل 11 ہزار 388 پرچم خریدے ہیں۔ ضلع پریشد CEO راہل گپتا کے ہاتھوں کل ان جھنڈوں کی علامتی تقسیم عمل میں آئی۔ CEO گپتا نے عوام سے یومِ آزادی کی مناسبت سے اپنے گھر پر پرچم لہرانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کلکٹر ڈاکٹر وجئے راٹھوڑ نے ضلع میں ہر گھر ترنگا مہم کیلئے مختلف ذرائع استعمال کرکے مؤثر عوامی بیداری پیدا کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے آئندہ دو دِنوں کے دوران تمام دیہاتوں تک پرچم کی تقسیم کیلئے مرکز قائم کرنے کا حکم د یا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف علاقوںمیں کل موسلادھار بارش ہوئی۔ مراٹھواڑہ کے ہنگولی‘ پربھنی‘ لاتور اور ناندیڑ اضلاع میں شدید برسات ہوئی۔ ہنگولی تعلقے کے ڈِگرس اور اطراف میں کل شام بادلوں کی گرج کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ اس برسات کے سبب پمپری کے اطراف سیلابی کیفیت سے پانچ دیہاتوں کا رابطہ ٹوٹ گیا۔
پربھنی ضلع میں کل ہوئی بارش کے سبب نمن دودھنا آبی منصوبے میں پانی کی آمد میں اضافہ درج کیا گیا۔ کل اس ڈیم کے 4 دروازے کھول دئیے گئے اور 4ہزار 714 گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا گیا۔
لاتور ضلع کے اوسہ تعلقے میں کل شدید بارش ہوئی۔ بھیٹا۔ آندورہ راستے پر واقع پُل زیرِ آب آگیا، جس کے سبب کچھ گھنٹوں کیلئے گاڑیوںکی آمدو رفت متاثر ہوئی۔ ناندیڑ ضلع میں پرسوں شب ہوئی زوردار بارش کے باعث 17 دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ اسی طرح عثمان آباد ضلع میں گذشتہ چند دِنوں سے جاری برسات کے سبب تلجا پور تعلقے کی بوری ندی پر واقع باندھ لبالب ہوچکا ہے۔
بلڈانہ ضلع کے چکھلی تعلقے میں کل بادل پھٹنے جیسی بارش کی وجہ سے فصلوں کا کافی نقصان ہوا ہے، جبکہ سندھ کھیڑ راجہ تعلقے کے ساٹھے گائوں میں بجلی گرنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ ناسک شہر اور اطراف میں بھی کل رحمت ِ باراں کا اچھا خاصا نزول ہوا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دِنوں کے دوران مراٹھواڑہ‘ ودربھ اور وسطی مہاراشٹر کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے‘ ساتھ ہی کوکن کے کچھ علاقوںمیں بھی شدید بارش ہونے کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
برطانیہ کے برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ کھیل مقابلوں میں کل بھارت کو مزید ایک سونے اور ایک چاندی کا تمغہ حاصل ہوا۔ ویٹ لفٹنگ میں سدھیر نے سونے کا تمغہ جیتا۔ مقابلے کے آخری دور میں اُس نے 217 کلو وزن اٹھاکر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ مردوں کی ایتھلیٹکس کے ہائی جمپ مقابلے میں مرلی شری شنکرن نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ خواتین کی دو سو میٹر دوڑ مقابلے میں ہِما داس نے اور مردوں کی ہاکی ٹیم نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔ ان مقابلوں میں بھارت کو اب تک 6 سونے‘ 7 چاندی اور 7 کانسے کے تمغے حاصل ہوئے۔ بھارت کُل 20 تمغے جیت کر میڈل فہرست میں ساتویں مقام پر ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ شیوسینا کے دونوں گروپوں کی جانب سے داخل مقدموں کی سماعت پانچ رُکنی بینچ کو سونپنے سے متعلق پیر تک کیا جائیگا فیصلہ۔ سپریم کورٹ کی وضاحت۔
٭ عدالت کا فیصلہ آنے تک مرکزی انتخابی کمیشن کو سکوت اختیار کرنے کا سپریم کورٹ کا حکم۔
٭ شیوسیناکے رکنِ پارلیمنٹ سنجئے رائوت کی ED تحویل میں 8 اگست تک توسیع؛ اہلیہ ورشا رائوت کی آج ED کی جانب سے دوبارہ کی جائیگی تفتیش۔
٭ اورنگ آباد‘ ناندیڑ۔ واگھالہ، لاتور‘ پربھنی سمیت ریاست کی 9 میونسپل کارپوریشنز انتخابات کیلئے ریزرویشن قرعہ اندازی ملتوی۔
٭ ریاست کی 238 گرام پنچایتوں کے ووٹوں کی گنتی ہوگی آج۔
اور۔۔٭ کامن ویلتھ کھیلوں میں بھارت کو مزید ایک سونے اور ایک چاندی کا تمغہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment