Saturday, 13 August 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں -بتاریخ: 13 اگست 2022' وقت: صبح 9:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 13 August-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۳؍ اگست  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کی 608 گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے ضابطۂ اخلاق کا نفاذ؛ 18 ستمبر کو رائے دہی۔
٭ پولس تفتیش میں بہترین کارکردگی انجام دینے والے اہلکاروں کیلئے مرکزی وزیرِ داخلہ میڈلس کا اعلان؛ 11 پولس اور 15 سی بی آئی افسران شامل۔
٭ باڑا صاحب ٹھاکرے سمردّھی ایکسپریس وے سے ملحق ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین سے متعلق گفتگو کا آغاز؛ ممبئی- ناگپور سفر تین گھنٹے میں ممکن ہوسکے گا:
مملکتی وزیرِ ریلوے رائو صاحب دانوے۔
٭ ریاست میں کورونا کے ایک ہزار 975 نئے مریض۔
٭ اگنی پتھ اسکیم کیلئے اورنگ آباد میں آج سے بھرتی کا آغاز۔
اور۔۔٭ سیلاب زدگان کو زیادہ سے زیادہ امداد کیلئے ایوان میں آواز اُٹھائیں گے: قانون ساز کونسل کے قائد ِ حزبِ اختلاف امبا داس دانوے کا اعلان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کے اُن 51 تعلقوں کی جہاں بارش کا تناسب نسبتاً کم ہے‘ 608 گرام پنچایتوں کے ارکان سمیت راست طور پر سرپنچ کے انتخابات 18 ستمبر کو ہوں گے۔ ریاستی انتخابی کمشنر یو پی ایس مدان نے کل ممبئی میں یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ان تمام مقامات پر 19 ستمبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئیگی۔ اس طرح اب ان حلقوں میں انتخابی ضابطۂ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ ان حلقوں میں مراٹھواڑہ کے ناندیڑ ضلع کے ماہور تعلقے کے 24‘ کنوٹ 47‘ اردھاپور ایک‘ مدکھیڑ 3‘ نائیگائوں 4‘ لوہا 5‘ کندھار 4‘ مکھیڑ 5‘ دیگلور ایک‘ ہنگولی ضلع میں اونڈھا ناگناتھ کی 6‘ پربھنی ضلع کے جنتور میں ایک اور پالم تعلقے کی 4 گرام پنچایتیں شامل ہیں۔
***** ***** *****
محکمۂ پولس میں تفتیشی معاملات میں بہترین کارکردگی سرانجام دینے پر دئیے جانے والے مرکزی وزیرِ داخلہ میڈلس کا کل اعلان کردیا گیا۔ ان میں ریاست کے 11 پولس اہلکار شامل ہیں۔ اس خصوص میں مرکزی وزارت داخلہ نے ایک مکتوب جاری کیا۔ ان ناموں میں مہاراشٹر کے ڈپٹی کمشنر کرشن کانت اُپادھیائے‘ پولس انسپکٹر پرمود توڈرمل‘ دلیپ پوار‘ دیپ شکھا وارے‘ سریش کمار رائوت‘ سمیر آہیر رائو‘ اسسٹنٹ پولس انسپکٹر منوج پوار‘ رانی کاڑے‘ سب ڈویژنل پولس افسر اشوک ویرکر اور اجیت پاٹل شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ہی ساتھ CBI کے 15  افسران کو بھی تفتیشی معاملات میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر مرکزی وزیرِ داخلہ تمغوں سے نوازا جائیگا۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکنِ اسمبلی چندر شیکھر باون کوڑے کو بی جے پی کے ریاستی صدر کے عہدے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈّا نے باون کوڑے کو پا رٹی کا ریاستی صدر اور آشیش شیلار کو ممبئی مہانگر کے صدر کی حیثیت سے نامزد کیا۔ اس ضمن میں پارٹی کے چیف سیکریٹری ارون سنگھ نے اعلامیہ جاری کیا۔
***** ***** *****
مرکزی مملکتی وزیر ریلوے رائو صاحب دانوے نے کہا ہے کہ ممبئی- ناگپور سمردّھی ایکسپریس وے سے ملحق ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین منصوبے سے متعلق گفتگو کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس ذریعے سے ممبئی تا ناگپور کا سفر تین گھنٹوں میں مکمل کیا جاسکے گا۔ کل ناسک میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے گفت و شنید ہوچکی ہے اور اب آئندہ ماہ اس منصوبے کے تعلق سے نئی دہلی میں اجلاس منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
اسی دوران آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت ہر گھر ترنگا مہم کے سلسلے میں وزارتِ ریل اور وزارت برائے ثقافتی اُمور کے مشترکہ تعاون سے ناسک ضلع کے بھگور میں ساورکر میمورئیل پر وزیرِ ریلوے دانوے کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ سواتنتر ویر ساورکر کے مجسّمے پر دانوے اور دیگر معززین نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس کے علاوہ ضلع کے مجاہدینِ آزادی اور ان کے ورثاء کا بھی وزیرِ موصوف کے ہاتھوں استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ہر گھر ترنگا مہم پورے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے اور اس مہم سے ملک بھر میں دیش بھکتی کی ایک بہت بڑی لہر چل پڑی ہے۔ ملک کے 75ویں یومِ آزادی کے استقبال کیلئے کل ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہر شہری کو قومی پرچم لہرانے کی خوشی کا احساس ہوسکے‘ یہی اس مہم کا مقصد ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 975 نئے مریض پائے گئے۔ جس کے بعد ریاست میں کورونا مریضوں کی کُل تعداد 80 لاکھ 68 ہزار 218 ہوگئی۔ کل اس وباء کے باعث 5 مریضوں کی موت واقع ہوئی۔ اس طرح ریاست میں اب تک کووِڈ کے سبب فوت ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 167 ہوگئی ہے۔ اب بھی ریاست کے مختلف اسپتالوں میں کورونا کے 11 ہزار 856 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 41 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جبکہ ایک نوجوان انتقال کرگیا۔ جس کا تعلق جالنہ سے ہے۔ نئے متاثرہ مریضوں میں لاتور ضلع کے 11‘ اورنگ آباد 16‘ جالنہ 6‘ اور بیڑ ضلع کے 8مریض شامل ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے تحت اورنگ آباد میں آج سے بھرتی کا آغاز ہورہا ہے۔ اورنگ آباد‘ جالنہ، پربھنی‘ ہنگولی‘ ناندیڑ‘ بلڈانہ اور جلگائوں اضلاع کے نوجوان اس بھرتی کے عمل میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اس کیلئے درخواست دہی کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے اور ویب سائٹ www.joinindianarmy.nic.in پر درخواست داخل کی جاسکتی ہے۔ بھرتی کے عمل کے تحت جسمانی جانچ اور دیگر اُمور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے میدان پر ہوں گے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امبا داس دانوے نے ناندیڑ ضلع کے نِڑا گائوں کا دورہ کرکے سیلاب کے باعث کھیتوں میں ہوئے نقصانات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے دانوے نے تیقن دیا کہ سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کا زیادہ سے زیادہ معاوضہ دلانے کی وہ کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس تعلق سے وہ ایوان میں بھی آواز اُٹھائیں گے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو فی ہیکٹر 50 ہزار روپئے معاوضہ دینے مرطوب قحط کا اعلان اور دیگر مطالبات پر کل ناندیڑ میں کُل ہند چھاوا تنظیم کی جانب سے ضلع کلکٹر دفتر پر بیل گاڑی مورچہ نکالا گیا۔ بعد ازاں مظاہرین کے ایک نمائندہ وفد نے ضلع کلکٹر کو ایک محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
او رنگ آباد ضلع کے گنگا پور تعلقے کے نیور گائوں سمیت تعلقے بھر میں زیادہ برسات کے باعث فصلوں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ متاثرہ کسانوں کو بلا شرط معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ ضلع پریشد رُکن مدھوکر والتورے نے مرکزی مملکتی وزیرِ مالیات ڈاکٹر بھاگوت کراڑ سے کیا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے وزیرِ موصوف کو ایک مکتوب ارسال کیا۔
***** ***** *****
آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت ریاست کے تمام اضلاع میں ’’جیون گانے گاتچ جاوے‘‘ کے عنوان سے پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس سلسلے میں تمام جیلوں میں تہذیبی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس طرح ثقافتی اُمور کے ڈائریکٹوریٹ نے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ ان پروگرامس میں پیشہ ور فنکاروں کے ساتھ ساتھ جیلوں کے قیدیوں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ گذشتہ ایک ماہ سے جاری ان پروگرامس میں ایک ہزار سے زائد فنکار حصہ لے چکے ہیں۔
***** ***** *****
آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ہر گھر ترنگا مہم کا ملک بھر میں آغاز ہوچکا ہے۔ اس مہم کے تحت آج سے 15  اگست تک اپنے گھروں پر ترنگا لہرانے کی ترغیب وزیرِ اعظم نریندر مودی نے شہریوں کو دی ہے۔ کل ڈاک خانوں سمیت دیگر ترنگا تقسیم مرکز پر عوام کا ہجوم دیکھنے کو ملا۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے زون آفیسیز پر بھی ترنگا تقسیم کیا جارہا ہے۔ کل شہر کے روشن گیٹ علاقے میں اس مرکز پر شہریوں کا ہجوم اُمڈ آیا۔
ڈویژنل کمشنر دفتر سے دی گئی اطلاعات کے مطابق ہر گھر ترنگا مہم کے تحت اورنگ آباد میں تقسیم کیلئے 6لاکھ 2 ہزار قومی پرچم مہیا کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کی 608 گرام پنچایتوں کے انتخابات کیلئے ضابطۂ اخلاق کا نفاذ؛ 18 ستمبر کو رائے دہی۔
٭ پولس تفتیش میں بہترین کارکردگی انجام دینے والے اہلکاروں کیلئے مرکزی وزیرِ داخلہ میڈلس کا اعلان؛ 11 پولس اور 15 سی بی آئی افسران شامل۔
٭ باڑا صاحب ٹھاکرے سمردّھی ایکسپریس وے سے ملحق ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین سے متعلق گفتگو کا آغاز؛ ممبئی- ناگپور سفر تین گھنٹے میں ممکن ہوسکے گا:
مملکتی وزیرِ ریلوے رائو صاحب دانوے۔
٭ ریاست میں کورونا کے ایک ہزار 975 نئے مریض۔
٭ اگنی پتھ اسکیم کیلئے اورنگ آباد میں آج سے بھرتی کا آغاز۔
اور۔۔٭ سیلاب زدگان کو زیادہ سے زیادہ امداد کیلئے ایوان میں آواز اُٹھائیں گے: قانون ساز کونسل کے قائد ِ حزبِ اختلاف امبا داس دانوے کا اعلان۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment