Thursday, 1 September 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں -بتاریخ: 01 ستمبر 2022' وقت: صبح 9:00-09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 01 September-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم ستمبر  ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
چند اہم خبروںکی سرخیاں سماعت کیجیے:
٭ ریاستوں کو سہولت کے نرخ میں چنا دال کی فراہمی کرنے کو مرکزی کابینہ کی معاشی کمیٹی کی منظوری۔
٭ ریاست کے تمام پرنسپلس اور پروفیسرس کے 2 ہزار 72 آسامیوں کیلئے بھرتی کا حکم جاری کیا گیا ہے:اعلیٰ اور تکنیکی تعلیمی وزیر چندر کانت پاٹل کی اطلاع۔
٭ گنیش فیسٹیول کا جوش و خروش سے آغاز؛ ڈھول تاشوں کی آوازوں میں استھاپنا۔
٭ پردھان منتری کسان سمّان یوجنا کے تحت کسانوں کو KYC کی توثیق کرنے کیلئے مہینے کے آخر تک اضافہ۔
٭ وقف بورڈ کا آفس اورنگ آباد شہر میں رہے گا: وقف بورڈ صدر رکنِ اسمبلی وجاہت مرزا کی وضاحت۔
٭ ایک کروڑ آٹھ لاکھ روپئے بقایہ جات کی وجہ سے عثمان آباد شہر پانی فراہمی کی برقی لائن منقطع کرنے کا مہاوِترن کا فیصلہ ملتوی۔
٭ ریاست میں کووِڈ وباء کے نئے ایک ہزار چھ مریض؛ مراٹھوا ڑہ میں 33 متاثرین؛ تاہم اورنگ آباد ضلع میں ایک مریض کی موت۔
اور۔۔٭ ایشیائی کپ کرکٹ مقابلے میں بھارت نے ہانگ کانگ سے 40 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی کابینہ کی معاشی کمیٹی نے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو سہولت کے نرخ پر چنا دال فراہم کرنے کیلئے منظوری دی ہے۔ یہ دال Mid Day Meal‘ راشن‘ انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ پروگرام سمیت مختلف فلاحی اسکیموں میں استعمال کی جائیگی۔ ریاستیں آٹھ روپئے فی کلو نرخ سے پندرہ لاکھ میٹرک ٹن چنا دال خرید سکتے ہیں۔ پہلے آنے والے کو پہلے فوقیت اس اُصول پر دال دی جائیگی۔ اس اسکیم پر صرف ایک مرتبہ عمل درآمد کیا جائیگا۔ ریاستیں اور مرکز کے زیرِ اہتمام علاقے اس اسکیم کا فائدہ بارہ ماہ کے اندر یا دال کا ذخیرہ ختم ہونے تک حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ بات جاری کردہ بیان میں کہی گئی ہے۔
***** ***** *****
بغیر پیکنگ کے مال پر اشیاء اور خدمات ٹیکس GST عائد نہیں کیا جاتا‘ صرف پیکنگ کی اشیاء پر ہی عائد کیا جاتا ہے۔ اس بات کی وضاحت مرکزی مملکتی وزیرِ مالیات بھاگوت کراڑ نے کی ہے۔ وہ کل ناسک مںے ایک کانفرنس سے مخاطب تھے۔ ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے تاہم امریکہ اور چین کے تناسب میں یہ کم ہے۔ یہ بات انھوں نے کہی۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دوبار تخفیف کی ہے۔ یہ بات وزیرِ موصوف نے کہی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام پرنسپلس اور پروفیسرس کے دو ہزار 72 آسامیاں پُر کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ یہ بات اعلیٰ اور تکنیکی تعلیمی وزیر چندر کانت پاٹل نے کہی ہے۔ وہ کولہا پور میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔
***** ***** *****
اساتذہ اہلیتی ٹیسٹ TET بدعنوانی کے سلسلے میں ریاست کے 7 ہزار 880 اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کے خلاف ہنگولی ضلع کے 3  اساتذہ نے ممبئی ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ میں عرضداشت داخل کی ہے۔ اس عرضداشت پر 20 ستمبر کو سماعت ہوگی۔
***** ***** *****
گنیش فیسٹیول کا کل سے جوش و خروش کے ساتھ آغاز ہوا۔ ڈھول تاشوں کی آوازوں میں گنیش کی مورتیوں کی استھاپنا کی گئی۔ اس سال یہ فیسٹیول کووِڈ کی پابندیاں مکمل ختم ہونے پر جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو اور نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے عوام کو گنیش فیسٹیول کی مبارکبادپیش کی ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی گنیش فیسٹیول کی مبارکباد پیش کی ہے۔
گورنر بھگت سنہہ کوشیاری اور وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی رہائش گاہوں پر گنیش کی مورتیاں بٹھائی گئی ۔ انھوں نے ریاست کے عوام کو گنیش فیسٹیول کی مبارکباد پیش کی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی اپنے گھر میں گنیش کی استھاپنا کی‘ پوجا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ حزبِ مخالف پارٹی رہنماء اجیت پوار نے بھی گنیش کی مورتی کی پوجا کی اور گنیش فیسٹیول کی مبارکباد پیش کی۔
اورنگ آباد میں ضلع گنیش مہا سنگھ اُتسو کمیٹی کے گنپتی کی استھاپنا روزگار ضمانت اسکیم کے وزیر سندیپان بھومرے کے ہاتھوں کی گئی۔
***** ***** *****
پردھان منتری کسان سنمان یوجنا کے تحت کسانوں کے (Know Your Customer )KYC کی توثیق کرنے کیلئے ستمبر 2022 تک مدت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ زراعت نریندر سنہہ تومر کی صدارت میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سے کل ہوئی میٹنگ میں ریاست کے زرعی وزیر عبدالستار نے زیادہ سے زیادہ کسان اس یوجنا کا فائدہ حاصل کریں‘ اس لیے مدت میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مرکزی وزیرِ زراعت نے اس مطالبے کو منظور کرلیا اور ستمبر کے آخر تک مدت میں اضافہ کیا۔
***** ***** *****
وقف بورڈ کا آفس اورنگ آباد شہر میں ہی رہے گا۔ یہ بات وقف بورڈ کے صدر رکنِ اسمبلی وجاہت مرزا نے کہی ہے۔ بورڈ کی تین روزہ میٹنگ کل اورنگ آباد میں شروع ہوئی۔ اس موقع پر وہ مخاطب تھے۔ 291  اداروں کے اندراج کو منظوری دینے سمیت کئی سال سے التواء میں پڑے متولّی کے تقررات بورڈ کے ریگولر چیف آفیسر کا تقرر وغیرہ تجاویز کل کی میٹنگ میں پیش کی گئی۔ اراضی مافیا پر قابو پاکر وقف اراضی کو کرایے پر دیکر محصول میں اضافہ کرنے کی تجویز بھی پاس کی گئی۔
***** ***** *****
عثمان آباد شہر پانی فراہمی کے بل کے ایک کروڑ آٹھ لاکھ روپئے بقایہ جات کی وجہ سے اُجنی ڈیم سے ہونے والے پانی فراہمی کی برقی لائن منقطع کرنے کے فیصلے کو مہا وِترن نے ملتوی کردیا ہے۔ اس کی وجہ سے گنیش فیسٹیول کے موقع پر شہر میں ہونے والی پانی کی قلّت کا بحران ٹل گیا ہے۔ شیوسینا شندے گروپ کے ضلع صدر سورج ساڑونکے نے اس سلسلے میں ریاست کے وزیرِ صحت ڈاکٹر تاناجی ساونت سے بات چیت کرکے اس سلسلے میں ہدایت دینے کی اپیل کی تھی۔ گفت و شنید کے بعد مہا وِترن نے برقی فراہمی منقطع نہیں کرنے کا فیصلہ کیا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کووِڈ وباء کے نئے ایک ہزار چھ سو مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ اسکی وجہ سے تمام ریاست میں کووِڈ متاثرین کی جملہ تعداد 81 لاکھ 338 ہوگئی ہے۔ اس وباء کی وجہ سے کل پانچ مریض فوت ہوگئے۔ ریاست میں اب تک اس وباء سے مرنے والے مریضوں کی جملہ تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 242 ہوگئی ہے۔ شرحِ اموات ایک اعشاریہ 83 فیصد ہے۔ کل ایک ہزار 864 مریض صحت یاب ہوگئے۔ ریاست میں اب تک 79 لاکھ 41 ہزار 458 مریض اس وباء سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ کووِڈ سے نجات کی شرح 98  اعشاریہ صفر دو فیصد ہے۔ ریاست میں فی الحال 10 ہزار 633 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
ایشیاء کپ کرکٹ مقابلے میں کل بھارت نے ہانگ کانگ سے 40 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارتیہ ٹیم نے وراٹ کوہلی اور سوریہ کمار یادو کے غیر مفتوح نصف سنچریوں کے بل بوتے پر 2 وکٹس کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔ اس سے قبل کے ایل راہل نے 36رنز اور روہت شرما نے 21 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 20  اوورس میں 5 وکٹس کے نقصان پر 152 رنز بناسکی۔ 6 چوکوں اور 6 چھکوں کے سنسنی خیز کھیل کا مظاہرہ کرنے والے سوریہ کمار کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کی وجہ سے بھارتیہ ٹیم ایشیائی کپ کرکٹ مقابلے کے سپر فور میں داخل ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
عالمی سینئر کشتی چمپئن شپ مقابلے کیلئے بھارتیہ ٹیم کا اعلان کل کردیا گیا۔ اس سال 10 ستمبر سے سربیا میں اس مقابلے کا آغاز ہوگا۔ 10  اراکین والے مردوں کی فری اسٹائل ٹیم کی قیادت قومی بورڈ کھیلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے بجرنگ پونیا کریں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں چند اہم خبروں کی سرخیاں دوبارہ سماعت کیجیے:
٭ ریاستوں کو سہولت کے نرخ میں چنا دال کی فراہمی کرنے کو مرکزی کابینہ کی معاشی کمیٹی کی منظوری۔
٭ ریاست کے تمام پرنسپلس اور پروفیسرس کے 2 ہزار 72 آسامیوں کیلئے بھرتی کا حکم جاری کیا گیا ہے:اعلیٰ اور تکنیکی تعلیمی وزیر چندر کانت پاٹل کی اطلاع۔
٭ گنیش فیسٹیول کا جوش و خروش سے آغاز؛ ڈھول تاشوں کی آوازوں میں استھاپنا۔
٭ پردھان منتری کسان سمّان یوجنا کے تحت کسانوں کو KYC کی توثیق کرنے کیلئے مہینے کے آخر تک اضافہ۔
٭ وقف بورڈ کا آفس اورنگ آباد شہر میں رہے گا: وقف بورڈ صدر رکنِ اسمبلی وجاہت مرزا کی وضاحت۔
٭ ایک کروڑ آٹھ لاکھ روپئے بقایہ جات کی وجہ سے عثمان آباد شہر پانی فراہمی کی برقی لائن منقطع کرنے کا مہاوِترن کا فیصلہ ملتوی۔
٭ ریاست میں کووِڈ وباء کے نئے ایک ہزار چھ مریض؛ مراٹھوا ڑہ میں 33 متاثرین؛ تاہم اورنگ آباد ضلع میں ایک مریض کی موت۔
اور۔۔٭ ایشیائی کپ کرکٹ مقابلے میں بھارت نے ہانگ کانگ سے 40 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
***** ***** *****

No comments:

Post a Comment