Friday, 2 September 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘اُردو علاقائی خبریں -بتاریخ: 02 ستمبر 2022' وقت: صبح 9:00-09:10

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 September-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ ستمبر ۲۰۲۲ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

::::: سرخیاں::::::
چند اہم خبروںکی سرخیاں سماعت کیجیے:
٭ آئندہ تمام مقابلہ جاتی امتحان مراٹھی میں لینے کیلئے پالیسی تیار کرنے کی اورنگ آباد بینچ کی ریاستی حکومت کو ہدایت۔
٭ ’’ایک دِن میرا بلی راجہ کیلئے‘‘ اس عجیب و غریب ریاستی سطح کی اسکیم کا آغاز؛ قومی پوشن ماہ پروگرام کا بھی آغاز۔
٭ بدنام زمانہ مجرم دائود ابراہیم کی معلومات دینے والے کو 25 لاکھ روپئوں کا انعام دینے کا اعلان۔
٭ ملازمین کی سبکدوشی کی عمر 60 سال تک کرنے کا مہاراشٹر گزیٹیڈ افسران تنظیم کا ریاستی حکومت سے مطالبہ۔
٭ ریاست میں دیڑھ یوم کے گنپتی کا وسرجن۔
٭ اورنگ آباد‘ جالنہ، بیڑ اور ہنگولی اضلاع میں موسلادھار بارش، پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم کے اخراج میں مزید اضافہ۔
٭ ریاست میں کووِڈ وباء کے نئے 781 مریض؛ مراٹھوا ڑہ میں 17 متاثرین۔
اور۔۔٭ جاپان اوپن بیڈمنٹن مقابلے میں بھارت کے ایچ ایس پرنائے کوارٹر فائنل میں داخل۔اب خبریں تفصیل سے: آئندہ تمام مقابلہ جاتی امتحان مراٹھی زبان میں لینے کے سلسلے میں پالیسی ریاستی حکومت تیار کرے۔ ایسی ہدایت ممبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے دی ہے۔ مراٹھی میں تعلیم حاصل کیے ہوئے ایک درخواست گذار نے ریاستی پبلک سروس کمیشن کے امتحان صرف انگریزی میں لیے جاتے ہیں، اس کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کی ہے۔ اس پر کل ہوئی سماعت میں جسٹس رویندر گھوگے اور جسٹس ارون پیڈنیکر نے ریاستی حکومت کو اس ضمن میں حلف نامہ داخل کرنے کیلئے کہا ہے۔ اسی طرح مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کو بھی حکومت سے مشورہ کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ اس عرضداشت کو عوامی بھلائی کی عرضداشت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی اس موقع پر لیا گیا۔ اس عرضداشت پر آئندہ سماعت 3 اکتوبر کو ہوگی۔ریاست میں کل قومی پوشن ماہ کا آغاز ہوا۔ خواتین اور بہبودِ اطفال وزیر منگل پربھات لوڈھا کی موجودگی میں عمل میں آیا۔ تھانہ میں ہوئے ریاستی سطح کے پروگرام میں لوڈھا نے کہا آنگن واڑی خدمت گاروں کے اعزازی رقم میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں ریاستی حکومت کا مثبت رول ہے۔ اس ضمن میں جلد ہی فیصلہ لیا جائیگا۔ ناندیڑ میں قومی پوشن ماہ مہم کا آغاز ضلع پریشد کی چیف آفیسر نیز ایڈمنسٹریٹر ورشا ٹھاکر گھوگے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس مہم کی بیداری کیلئے مختلف پروگرامس منعقد کیے جائیں گئے‘ یہ بات انھوں نے کہی۔ واشم میں بھی بہبودِ اطفال پروجیکٹ کی آفیسر پرینکا گولی کی رہنمائی میں آنگن واڑی ورکرس کی پوشن ریلی نکالی گئی اور پوشن حلف لیا گیا۔زرعی شعبے کی ’’ایک دِن میرا بلی راجہ کیلئے‘‘ اس عجیب و غریب اسکیم کا ریاستی سطح کا آغاز دھارنی تعلقے کے سادرابادی میں کیا گیا۔ کسانوں کے مسائل معلوم کرنے کیلئے عہدیدار‘ افسران مکمل ایک دِن کسانوں کے ساتھ رہ کر بات چیت کرنا‘ ان کے مسائل معلوم کرنا اس کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ 30 نومبر تک یہ مہم جاری رہے گی۔ اس مہم کے تحت زرعی وزیر عبدالستار نے کسان دتاترے پاٹل کے مکان میں قیام کیا اور مسائل اور دشواریاں معلوم کیں۔قومی تفتیشی ایجنسی NIA نے بدنام زمانہ مجرم دائود ابراہیم کی معلومات دینے والے کو 25 لاکھ روپئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ دائود کے ساتھی چھوٹا شکیل پر 20 لاکھ روپئوں کا انعام اور ان کے دیگر تین ساتھیوں کی معلومات دینے والے کو فی کس 15 ہزار روپئے کے انعامات ظاہر کیے گئے ہیں۔ دائود اور ان کے ساتھی بین الاقوامی دہشت گردی کی کاروائیوں میں شامل ہیں۔ لشکرِ طیبہ، القاعدہ اور جیش محمد ان تنظیموںکیلئے وہ کام کرتے ہیں۔ ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے لیے گئے دسویں اور بارہویں کے سپلیمنٹری امتحانات کے آن لائن نتائج www.maharesult.nic.in اس ویب سائٹ پر آج دوپہر ایک بجے ظاہر کیے جائیں گے۔ پونا، ناگپور، اورنگ آباد‘ ممبئی، کولہاپور، امراوتی، ناسک، لاتور اور کوکن ان نو ڈویژنل بورڈس کی معرفت جولائی اور اگست میں یہ امتحانات لیے گئے تھے۔ مرکزی حکومت کے ملازمین کی طرح ریاستی ملازمین کی سبکدوشی کی عمر 60 سال کی جائے۔ ایسا مطالبہ ریاستی گزیٹیڈ افسران تنظیم نے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے کیا ہے۔ سن 1998 میں مرکزی حکومت نے ملازمین کے سبکدوشی کی عمر 60 سال کی تھی۔ اس کے پسِ منظر میں دیگر 25 ریاستوں میں بھی سبکدوشی کی عمر 60 سال کی گئی تھی۔ تاہم ریاست مہاراشٹر میں یہ حد 58 سال کی ہے۔ اس ضمن میں اعلیٰ چیف سیکریٹری کی صدارت میں ماہ جولائی میں ہوئی میٹنگ میں سبکدوشی کی عمر بڑھانے پر مثبت گفت و شنید ہوئی۔ اس سلسلے میں جلد از جلد فیصلہ لیا جائے۔ ایسا مطالبہ مکتوب میں کیا گیا ہے۔ریاست کے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل ممبئی میں نونرمان سینا کے چیف راج ٹھاکرے سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ شندے نے کہا کہ یہ ملاقات کسی بھی سیاسی بات چیت کیلئے نہیں تھی۔ گنپتی کے درشن کیلئے ہم راج ٹھاکرے کے پاس گئے تھے۔ یہ ایک خیر سگالی ملاقات تھی۔ یہ بات انھوں نے کہی۔ دریں اثناء دو یوم قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باون کوڑے نے بھی راج ٹھاکرے سے ملاقات کی تھی۔ریاست میں کل دیڑھ یوم کے گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا گیا۔ تھانے ضلع میں 42 ہزار گنپتیوں کو کل وداع کیا گیا۔ سانگلی ضلع میں بھی دیڑھ یوم کے گنپتیوں کا وسرجن کیا گیا۔اورنگ آباد ضلع کے مختلف مقامات پر کل مسلسل دوسرے دِن زوردار بارش ہوئی۔ اورنگ آباد شہر، خلدآباد‘ گلّے بور گائوں‘ پیٹھن وغیرہ مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔ ویجاپور تعلقے میں بارش اور تیز ہوائوں کی وجہ سے کئی دیہاتوں میں مکّا اور باجرہ کی فصلوں کا نقصان ہوا۔ جالنہ، بیڑ، ہنگولی اضلاع میں بھی کل زوردار بارش ہوئی۔ریاست میں آئندہ دو یوم میں مراٹھواڑہ، کوکن، وسطی مہاراشٹر اور ودربھ کے چند مقامات پر بادلوں کی گھن گرج اور بجلیوں کی کڑک کے ساتھ بارش ہونے کا قیاس پونا محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ کوکن اور وسطی مہاراشٹر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا قیاس محکمۂ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ اورنگ آباد ضلع کے پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم سے کیے جارہے آبی اخراج میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ ڈیم کے 18 دروازے دیڑھ فٹ سے دو فٹ کردئیے گئے ہیں۔ پانی کی آمد کے مدِنظر اخراج میں اضافہ یا تخفیف کی جائیگی۔ یہ بات محکمہ آبپاشی کے ذرائع نے کہی ہے۔ریاست میں کل کووِڈ وباء کے نئے 781 مریض پائے گئے۔ اس کی وجہ سے تمام ریاست میں کووِڈ متاثرین کی جملہ تعداد 81 لاکھ ایک ہزار 119 ہوگئی ہے۔ اس وباء کی وجہ سے کل 4 مریض چل بسے۔ ریاست میں اب تک اس وباء سے مرنے والوں کی جملہ تعداد ایک لاکھ 48ہزار 251 ہوگئی ہے۔ شرحِ اموات ایک اعشاریہ 83 فیصد ہے۔ کل ایک ہزار 523 مریض صحت یاب ہوگئے۔ ریاست میں اب تک 79 لاکھ 42 ہزار 981 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کووِڈ سے نجات کی شرح 98 اعشاریہ صفر پانچ فیصد ہوگئی ہے۔ ریاست میں فی الحال 9 ہزار 887 مریضوں کا علاج جاری ہے۔مراٹھواڑہ میں کل 17 کورونا وائرس مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ اس میں اورنگ آباد اور لاتور اضلاع میں فی کس 5‘ عثمان آباد 4‘ پربھنی 2‘ تاہم بیڑ ضلع میں ایک مریض پایا گیا۔جاپان میں جاری اوپن بیڈمنٹن مقابلے میں کل بھارت کے ایچ ایس پرنائے نے سابقہ چمپئن لو کیان ییو کو 21-19, 22-20 سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔

::::: سرخیاں::::::
آخرمیں چند اہم خبروں کی سرخیاں دوبارہ سماعت کیجیے:
٭ آئندہ تمام مقابلہ جاتی امتحان مراٹھی میں لینے کیلئے پالیسی تیار کرنے کی اورنگ آباد بینچ کی ریاستی حکومت کو ہدایت۔
٭ ’’ایک دِن میرا بلی راجہ کیلئے‘‘ اس عجیب و غریب ریاستی سطح کی اسکیم کا آغاز؛ قومی پوشن ماہ پروگرام کا بھی آغاز۔
٭ بدنام زمانہ مجرم دائود ابراہیم کی معلومات دینے والے کو 25 لاکھ روپئوں کا انعام دینے کا اعلان۔
٭ ملازمین کی سبکدوشی کی عمر 60 سال تک کرنے کا مہاراشٹر گزیٹیڈ افسران تنظیم کا ریاستی حکومت سے مطالبہ۔
٭ ریاست میں دیڑھ یوم کے گنپتی کا وسرجن۔
٭ اورنگ آباد‘ جالنہ، بیڑ اور ہنگولی اضلاع میں موسلادھار بارش‘ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم کے اخراج میں مزید اضافہ۔
٭ ریاست میں کووِڈ وباء کے نئے 781 مریض؛ مراٹھوا ڑہ میں 17 متاثرین۔
اور۔۔٭ جاپان اوپن بیڈمنٹن مقابلے میں بھارت کے ایچ ایس پرنائے کوارٹر فائنل میں داخل۔

No comments:

Post a Comment