Thursday, 1 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 01 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ ریاست سے باہر جانے والے پروجیٹکس کے معاملے کی عدالت عالیہ کے ریٹائرڈ جج کی زیرِ قیادت سہ رُکنی کمیٹی تحقیقات کریگی۔

٭ باڑا صاحب ٹھاکرے سمردّھی ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا 11 دسمبر کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح۔

٭ ریاست کے تاریخی قلعوں کی ترقی کیلئے فورٹ اتھاریٹی قائم کی جائیگی؛ پرتاپ گڑھ قلعے کی ترقی کیلئے 25 کروڑ روپئے کی امداد کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ بزرگ ادیب و نقاد اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ناگناتھ کوتاپلّے چل بسے۔

٭ مندروں کی زمین پر قبضے کے معاملے میں بی جے پی رکنِ اسمبلی سریش دھس کے خلاف آشٹی پولس تھانے میں مقدمہ درج۔

اور۔۔٭ بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ بارش کے باعث منسوخ۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

ویدانتا فاکس کان اور ٹاٹا ایئربس جیسے پروجیکٹ ریاست سے باہر جانے کے معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیگی۔ یہ اعلان وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کیا۔ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں عدالت ِ عالیہ کے سبکدوش جج کی زیرِ صدارت ایک سہ رُکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائیگی۔ پروجیکٹس ریاست سے باہر جانے کے اسباب کا پتہ لگانے کے بعد کمیٹی اس کی ذمہ داری طئے کریگی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد سے اندرونِ 60 یوم کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

***** ***** *****

ہندو رہدیہ سمراٹ باڑا صاحب ٹھاکرے ناگپور- ممبئی سمردّھی ایکسپریس وے کے ناگپور تا شرڈی مرحلے کا افتتاح 11 دسمبر کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ناگپور میں عمل میں آئیگا۔ اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے نائب چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر رادھے شیام موپلوار نے کل یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس موقع پر ناگپور میٹرو کی دو راہداریوں کا بھی وزیرِ اعظم افتتاح کریں گے۔

***** ***** *****

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پرتاپ گڑھ قلعے کی مرمت و درستی کیلئے 25 کروڑ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ کل 336 ویں شیوپرتاپ دِن کی مناسبت سے ساتارا ضلع کے پرتاپ گڑھ قلعے میں منعقدہ ایک تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ تاریخی قلعوں کی بقاء اور ترقی کیلئے ایک فورٹ اتھاریٹی کے قیام کا بھی وزیرِ اعلیٰ نے اعلان کیا۔ وزیرِ سیاحت منگل پربھات لوڈھا‘ ساتارا ضلع کے رابطہ وزیر شمبھو راج دیسائی اور دیگر اہم شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔

***** ***** *****

دریں اثناء وزیرِ سیاحت منگل پربھات لوڈھا کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کا موازنہ شیواجی مہاراج سے کیے جانے کے مبینہ الزامات پر حزبِ اختلاف نے اُن کے خلاف سخت تنقید کی۔ قانون ساز اسمبلی میں قائد ِ حزبِ اختلاف اجیت پوار نے کہا کہ حکمراں محاذ کے قائدین کو بیانات دینے میں احتیاط کرنا چاہیے اور شیواجی مہاراج کا موازنہ کسی سے بھی نہیں کیا جاسکتا۔ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے اور سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے لوڈھا کے بیان پر سخت تنقید کی۔ آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ یہ مہاراشٹر کی توہین ہے۔ 

اس بیان پر ردّ عمل دیتے ہوئے لوڈھا نے وضاحت کی کہ انھوں نے شیواجی مہاراج کا موازنہ کسی سے بھی نہیں کیا۔ شیواجی مہاراج کی شخصیت ایک سورج کی مانند ہے اور ان کا کسی سے بھی موازنہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ اُن کے مبینہ بیان پر سیاست کی جارہی ہے۔

***** ***** *****

بی جے پی کے رکنِ پارلیمان اُدین راجے بھونسلے نے مطالبہ کیا ہے کہ چھترپتی شیواجی مہاراج سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو عہدے سے ہٹانا ضروری ہے۔ کل ساتارا میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ گورنر کو عہدے سے ہٹادیا جائیگا‘ تاہم اس سلسلے میں ضابطے کی کارروائی کیلئے وقت دیا جانا ضروری ہے۔

***** ***** *****

بزرگ ادیب و نقاد‘ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ناگناتھ کوتاپلے کل پونہ میں مختصر علالت کے بعد چل بسے۔ وہ 74 برس کے تھے۔ گذشتہ برس سرطان کے مرض سے جانبر ہونے کے بعد وائر ل انفیکشن سے متاثر کوتاپلّے گذشتہ 15 دِنوں سے پونا کے دینا ناتھ منگیشکر اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ انھیں مصنوعی آلۂ تنفس پر انتہائی نگہداشت اکائی میں رکھا گیا تھا۔ دورانِ علاج کل دوپہر وہ انتقال کرگئے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اُن کی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغام میں انھوں نے ناگناتھ کوتاپلّے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

***** ***** *****

ناگپور میں آئندہ 19 دسمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے پیشِ نظر مہا وِکاس آگھاڑی میں شامل جماعتوں کے رہنمائوں کا کل ممبئی میں ایک اجلاس منعقدہ ہوا۔ غیر موسمی بارش‘ کپاس‘ سویا بین اور اناج کے کاشتکاروں کے مسائل پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے مہنگائی سے پریشان حال عوام کے مسائل‘ بے روزگاری اور کھیتی کے موضوعات پر دورانِ اجلاس حکومت کو گھیرنے کی تیاری کی گئی۔ یہ اطلاع حزبِ اختلاف کے قائد اجیت پوار نے دی۔ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسمبلی اجلاس کم از کم تین ہفتے چلنا چاہیے۔

***** ***** *****

مندروں کی اراضی پر قبضہ کرنے کے معاملے میں بی جے پی کے رکنِ اسمبلی سریش دھس کے خلاف آشٹی پولس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ بیڑ ضلع میں وقف اراضی پر قبضے کی تحقیقات کے دوران مندروں کی زمینیںغیر قانونی طور پر حاصل کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس سلسلے میں خصوصی تحقیقاتی اسکواڈ کی رپورٹ پیش ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہونے پر ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ میں درخواست داخل کی گئی تھی، جس پر عدالت نے سریش دھس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم جاری کیا تھا۔ دھس نے اس فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں بھی چیلنج کیا تھا‘ عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے ان کی درخواست مسترد ہونے کے بعد دھس‘ اُن کی اہلیہ سمیت 7  افراد کے خلاف 8مندروں کی زمینوں پر قبضے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

***** ***** *****

اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں 3 تا 7 دسمبر کے دوران ہونے والے ریاستی اسپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں تلجاپور تا اورنگ آباد‘ مشعل ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ کل تلجا بھوانی مندر سے مشعل روشن کرکے اس ریلی کا افتتاح کیا گیا۔ 25 کلو میٹر فاصلہ طئے کرکے یہ ریلی عثمان آباد پہنچی۔ مختلف کالجوں کے طلبہ اور کھلاڑی اس ریلی میں شامل ہوئے۔ یہ ریلی بیڑ‘ گیورائی‘ شاہ گڑھ، عنبڑ، جالنہ، بدناپور کے راستے کل اورنگ آباد پہنچے گی۔

***** ***** *****

اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے گریجویٹس سینیٹ انتخابات کے کھلے زمرے کے نتائج کا کل اعلان کردیا گیا۔ اس میں پہلی پسند کے رائونڈ کیلئے ضروری 2 ہزار 746 کا ہدف شیخ ظہور خالد سیف الدین اور ڈاکٹر نریندر کاڑے نے حاصل کیا۔ بقیہ امیدوار پہلے رائونڈ میں کامیاب نہیں ہوسکے ‘ جسکے بعد 24 ویں رائونڈ کے بعد بھارت کھیرنار‘ یوگیتا ہوکے اور ہری داس سوم ونشی کو فاتح قرار دیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود ایولے کے ہاتھوں فاتح امیدواروں کو صداقت نامے تفویض کیے گئے۔

***** ***** *****

بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز نیوزی لینڈ نے ایک صفر سے جیت لی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل بارش کے باعث غیر فیصلہ کُن رہا۔ کل بھارت کی پوری ٹیم پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 219 رَن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 18 اووروں میں ہی صرف ایک وِکٹ کے نقصان پر 104 رن بنالیے تھے‘ لیکن بارش کے باعث یہ میچ مکمل نہیں ہوسکا۔ ڈک وَرتھ لوئس کے مطابق میچ کو فیصلہ کُن قرار دینے کیلئے 20  اووروں کا کھیل ہونا ضروری ہے۔ اس لیے اس میچ کو غیر فیصلہ کُن قرار دیا گیا۔ ٹام لیتھم کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ ریاست سے باہر جانے والے پروجیٹکس کے معاملے کی عدالت عالیہ کے ریٹائرڈ جج کی زیرِ قیادت سہ رُکنی کمیٹی تحقیقات کریگی۔

٭ باڑا صاحب ٹھاکرے سمردّھی ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا 11 دسمبر کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح۔

٭ ریاست کے تاریخی قلعوں کی ترقی کیلئے فورٹ اتھاریٹی قائم کی جائیگی؛ پرتاپ گڑھ قلعے کی ترقی کیلئے 25 کروڑ روپئے کی امداد کا وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ بزرگ ادیب و نقاد اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ناگناتھ کوتاپلّے چل بسے۔

٭ مندروں کی زمین پر قبضے کے معاملے میں بی جے پی رکنِ اسمبلی سریش دھس کے خلاف آشٹی پولس تھانے میں مقدمہ درج۔

اور۔۔٭ بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ بارش کے باعث منسوخ۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment