Friday, 2 December 2022

Text - آکاشوانی اورنگ آباد‘ علاقائی اُردو خبریں-بتاریخ: 02 دسمبر 2022‘ وقت: صبح 09:00-09:10

 ::::: سرخیاں::::::

سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ ریاست کے تمام سرکاری دفاترمیں آئندہ یکم اپریل سے E-Office طریقۂ کار شروع کیا جائیگا: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ مرکزی وزارتِ زراعت کی جانب سے ریاست کے کچھ اضلاع میں کسانوں کو بیمے کے دعوئوں کی رقم کم ملنے کی خبر کی تردید۔

٭ خسرے کی روک تھام کیلئے 11 رُکنی ریاستی سطح کی ایکشن فورس کا قیام۔

٭ گرام پنچایت عام انتخابات میں امیدواروں کو آف لائن درخواست دینے کا اختیار۔

٭ 60 GSM موٹائی سے زائد کی پلاسٹک اشیاء اب پابندی سے باہر۔

٭ جعلی کاغذات کے ذریعے کروڑو ں کی دھوکہ دہی کرنے والے دو افراد اورنگ آباد میں گرفتار۔

اور۔۔٭ ممبئی عدالت ِ عالیہ نے سرکاری ملازمت کیلئے کھلے زمرے سے درخواست داخل کرنے والے 111  اُمیدواروں کو EWS زمرے سے تقرری خط دئیے جانے کو کیا منسوخ۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرز پر ریاست میں بھی آئندہ یکم اپریل 2023 سے تمام سرکاری دفتروں میں E-Office طریقۂ کار شروع کیا جائیگا۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ اس طریقۂ کار سے ریاست کے تمام دفاتر میں حکومتی کام کاج تیز رفتاری اور کاغذ کے بغیر ہوگا۔ E-Office کے شروع ہوتے ہی موبائل پر بھی کام کاج کی فائلیں اور دستاویزات دیکھے جاسکیں گے اور انھیں منظوری دی جاسکے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ فیصلے کیلئے اُن کے پاس آنے والی فائلیں آٹھ مختلف سطحوں سے گذرکر آتی ہیں جس کے سبب ان کی منظوری میں دیر لگتی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کاروائی کی رفتار میں اضافے کیلئے فائلوں کو صرف 4 سطحوں تک محدود کرنے کی ہدایت دی ہے۔

***** ***** *****

بھارت نے کل رسمی طور پر G-20 ملکوں کی صدارت سنبھالی۔ اس مناسبت سے ملک بھر کی 100 تاریخی عمارتوں پر آئندہ 7 تاریخ تک بھارت کی G-20 گروپ کے صدارتی Logo کا نشان روشنی کے ذریعے جھلکایا جائیگا اور ساتھ ہی مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا۔ اس صدارتی دور کی معیاد کے دوران ملک بھر کے مختلف مقامات پر 32 مختلف شعبۂ جات سے متعلق 200 سے زائد میٹنگس کا انعقاد کیا جائیگا۔ اس خصوص میں ممبئی کے ایلیفینٹا غار‘ پونے کا آغا خان پیلس‘ شنی وار واڑہ‘ شیونیری قلعہ، اورنگ آباد میں ایلورہ کے غاروں‘ دولت آباد قلعہ اور ناگپور میں ہائیکورٹ کی پرانی عمارت ان 7 مقامات کو روشنی سے منور کیا گیا ہے۔

***** ***** *****

مرکزی وزارتِ زراعت نے مہاراشٹر کے کچھ اضلاع میں کسانوں کو بیمے کے دعوئوں کی رقم کم ملنے کی TV چینلوں پر چلائی جارہی خبروں کی تردید کی ہے۔ وزارت نے بتایاکہ ایسی شکایتوں والے بہت سے دعوے ادھورے ہیں۔ اس سبب دعوئوں کی اصل رقم کسانوں کو نہیں مل پائی۔ حکومت کی جانب سے کل وزیرِ اعظم فصل بیمہ اسکیم کے تحت کسانوں کو قدرتی آفات کے سبب ہونے والے نقصان سے بچائو کیلئے بیمے کا تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ کا دوبارہ تذکرہ کیا گیا۔ زراعت کی مرکزی وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ اس برس اکتوبر تک کسانوں کو بیمہ کی رقم کے طورپر ایک لاکھ 25 ہزار 662 کروڑ روپئوں سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔

***** ***** *****

وزیرِ صحت تاناجی ساونت نے ریاست میں خسرے کی روک تھام کیلئے سابق ہیلتھ ڈائریکٹر سبھاش سالونکے کی صدارت میں 11 رُکنی ریاستی سطح کی ایکشن فورس بنانے کی ہدایت دی ہے۔ خسرے کی وباء کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے ممبئی اور متاثرہ علاقوں میں 9 ماہ تا 5 برس کے بچوںکو فوری طور پر ٹیکے لگوانے کی اپیل کی ہے۔ اسی بیچ ریاست میں خسرے سے اب تک 745 بچے متاثر ہوچکے ہیں‘ جن میں سے 18 کی موت واقع ہوچکی ہے۔

***** ***** *****

ریاستی انتخابی کمیشن نے مختلف اضلاع میں گرام پنچایت اراکین اور سرپنچ عہدوں کیلئے کیے جانے والے انتخابات کی خاطر آف لائن یعنی روایتی طریقے سے اُمیدواری درخواست دینے کی اجازت دی ہے‘ ساتھ ہی درخواست دہی کی مدت میں آج شام ساڑھے پانچ بجے تک توسیع کردی گئی ہے۔ یہ اطلاع ریاست کے انتخابی کمشنر UPS مدان نے دی۔ ریاست کے انتخابی کمیشن نے گذشتہ 9 نومبر کو ریاست کی 751 گرام پنچایتوں کے الیکشن کا اعلان کیا تھا۔

***** ***** *****

ریاستی حکومت نے ایک بار استعمال کرنے والے پلاسٹک اشیاء پر پابندی کے حکم سے 60 GSM سے زائد موٹی پلاسٹک کی اشیاء کو خارج کردیا ہے۔ اب 60 GSM فی مربع میٹر موٹی بیگز‘ پیپرکپ‘ پلیٹیں‘ Straw‘ پر سے پابندی ہٹالی گئی ہے۔ یہ اطلاع مہاراشٹر چیمبر آف کامرس کے صدر للت گاندھی نے دی۔ ماحول سے متعلق حکومتی محکمے نے 2018 سے 2022 تک اس پابندی کے حکم پر سختی سے عمل درآمد کیا تھا۔ یہ پابندی ہٹانے کے تعلق سے مہاراشٹر چیمبر آف کامرس نے گذشتہ جولائی میں وزیرِ اعلیٰ کی توجہ اس جانب مبذول کی تھی، جس پر انھوں نے اس خصوص میں اُصول و ضوابط میں ترمیم کا تیقن دیا تھا۔

***** ***** *****

اشیاء و خدمات ٹیکس محکمے کی اورنگ آباد شاخ نے جعلی کاغذات کی بنیاد پر کروڑوں روپئے کا Input Tax Credit لینے اور حکومت سے دھوکہ دہی کرنے کے معاملے میں دو افراد کو حراست میں لیا ہے۔ فرحت انٹرپرائز نامی کمپنی نے 35 سے زائد غیر موجود اداروں کے نام کے 500 کروڑ روپئوں سے زائد کے نقلی بل بناکر Input Tax Credit حاصل کیا۔ جس کی اطلاع ملنے پر GST دستے نے یہ کاروائی کی۔ فضل عبدالغفار میوا والا اور محمد عزیز محمد فقیر نامی ان ملزمین سے نقلی پین کارڈ‘ آدھار کارڈ اور دیگر سامان ضبط کیا گیا۔ ان دونوں کو 14 دِنوں کی عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے۔

***** ***** *****

سرکاری ملازمت کے حصول کیلئے کھلے زمرے کے تحت امیدواری درخواست داخل کرنے والے 111 شہریان کو EWS زمرے میں تقرری خطوط دینے کو ممبئی ہائیکورٹ نے منسوخ کردیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کل ان امیدواروں کو تقرری خطوط دئیے جانے والے تھے۔ تاہم EWS زمرے کے تین امیدواروں نے کھلے زمرے کے امیدواروں کو یہ تقرری خطوط دئیے جانے کے خلاف فوری طور پر ممبئی عدالت عالیہ سے رجوع کیا۔ چیف جسٹس دیپانکر دتا اور جسٹس ابھئے آہوجہ کی بینچ نے کل اس خصوص میں ہنگامی طور پر سنوائی کی اور مذکورہ تقررات کو منسوخ کردیا۔

***** ***** *****

عثمان آباد ضلعے کے سات ابتدائی صحت کے ذیلی مراکز اور 18ابتدائی صحت مراکز کیلئے 15 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔ یہ اطلاع مرکزی وزارتِ صحت کی مملکتی وزیر بھارتی پوار نے دی۔ وزیرِ موصوفہ نے کل عثمان آباد ضلع کے سرکاری اسپتال کا دوورہ کیا، جس کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے یہ اطلاع دی۔ اس موقع پر عثمان آباد کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر سچن اومباسے‘ ضلع صحت افسر ڈاکٹر کلدیپ مٹکری سمیت دیگر معزز شہریان موجود تھے۔

***** ***** *****

کسانوں کے مختلف مسائل کی یکسوئی کیلئے اورنگ آباد ضلع میں شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے کارکنان نے 8 مقامات پر چکا جام آندولن کیا۔ گنگاپور‘ ویجاپور‘ کنڑ، خلدآباد‘ سلوڑ‘ پھلمبری‘ پیٹھن اور کرماڑ علاقوں میں یہ احتجاج کیا گیا۔ قانون ساز کائونسل میں حزبِ مخالف کے لیڈر امبا داس دانوے نے اورنگ آباد -پونے شاہراہ پر گنگا پور کے ایسار واڑی پھاٹے پر آندولن کیا۔ وہیں سابق رکن پارلیمان چندر کانت کھیرے نے ویجا پور تعلقہ کے شیرور بنگلہ علاقے میں کسانوں کیلئے احتجاج کیا۔

***** ***** *****

مہاراشٹر نونرمان سینا کے راج ٹھاکرے نے کہا ہے کہ یکساں سیول کوڈ نافذ کیا جانا چاہیے تاہم یہ مرکزی حکومت کا اختیارہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی ریاست اس بارے میں فیصلے نہیں کرسکتی۔ راج ٹھاکرے نے کل سندھو دُرگ دورے کے درمیان کڈال میں صحافتی کانفرنس میں یہ رائے ظاہر کی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ آج ریاست میں جو ذات پات کی سیاست چل رہی ہے اس کا آغاز راشٹروادی کانگریس کی جانب سے ہوا ہے۔ اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکنِ اسمبلی نتیش رانے نے کڈال میں راج ٹھاکرے سے ملاقات کی ہے۔ 

***** ***** *****

قطر میں جاری فیفا عالمی کپ فٹ بال مقابلوں میں جرمنی کی ٹیم نے کوسٹاریکا کو 4-2 سے شکست دی‘ تاہم جرمنی آخری 16 میں اپنی جگہ نہیں بنا پایا۔ دوسرے مقابلے میں جاپان نے اسپین کو 2-1 سے ہراکر آخری 16 میں مقام حاصل کرلیا۔ اس کے ساتھ ہی بلجیم اور کینڈا کی ٹیمیں ان مقابلوں سے باہر ہوچکی ہیں۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ ریاست کے تمام سرکاری دفاترمیں آئندہ یکم اپریل سے E-Office طریقۂ کار شروع کیا جائیگا: وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔

٭ مرکزی وزارتِ زراعت کی جانب سے ریاست کے کچھ اضلاع میں کسانوں کو بیمے کے دعوئوں کی رقم کم ملنے کی خبر کی تردید۔

٭ خسرے کی روک تھام کیلئے 11 رُکنی ریاستی سطح کی ایکشن فورس کا قیام۔

٭ گرام پنچایت عام انتخابات میں امیدواروں کو آف لائن درخواست دینے کا اختیار۔

٭ 60 GSM موٹائی سے زائد کی پلاسٹک اشیاء اب پابندی سے باہر۔

اور۔۔٭ ممبئی عدالت ِ عالیہ نے سرکاری ملازمت کیلئے کھلے زمرے سے درخواست داخل کرنے والے 111  اُمیدواروں کو EWS زمرے سے تقرری خط دئیے جانے کو کیا منسوخ۔

***** ***** *****

No comments:

Post a Comment